Tag: پنجاب

  • پنجاب کے دیہات میں 500 گراؤنڈز تیار کیے جائیں گے: عثمان بزدار

    پنجاب کے دیہات میں 500 گراؤنڈز تیار کیے جائیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنا رہی ہے، رواں برس دیہات کی سطح پر 500 پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنا رہی ہے، رواں برس دیہات کی سطح پر 500 پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گراؤنڈز میں کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کی سہولت بھی دی جائے گی، پنجاب میں کرکٹ کے 2 نئے ہائی پرفارمنس سینٹرز بنائے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی، کمیٹی کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

  • پنجاب میں ڈینگی سے مزید 2 اموات

    پنجاب میں ڈینگی سے مزید 2 اموات

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر پنجاب میں ڈینگی کے 81 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث مزید 2 اموات رپورٹ ہوئیں، اموات گجرات اور راولپنڈی سے رپورٹ ہوئیں۔

    ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث 145 اموات ہوچکی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر پنجاب میں ڈینگی کے 81 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، صرف لاہور سے ڈینگی کے 58 مریض رپورٹ ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق رواں سال پنجاب سے ڈینگی کیسز کی تعداد 25 ہزار 145 ہوچکی ہے، صوبے بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 808 مریض زیر علاج ہیں۔

  • لاہور میں ایک روز کے دوران ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں، 1 شخص قتل

    لاہور میں ایک روز کے دوران ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں، 1 شخص قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک روز کے دوران ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں پیش آئیں، ایک ڈکیتی کے دوران ایک شخص ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل بھی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ رائیونڈ کی حدود میں ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر 1 شہری قتل جبکہ 2 زخمی کردیے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اسلحہ بردار 2 ڈاکو طاہر افضل نامی شخص کے گھر داخل ہوئے، مزاحمت پر گھر کا ملازم پرویز گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا۔

    پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ سٹی کی حدود میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری زخمی بھی ہوا۔

    ڈکیتی کی وارداتیں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی پیش آئیں، تھانہ سندر کی حدود میں 4 ڈاکو گھر سے نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، ملت پارک میں ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سے نقدی اور سونا لوٹ لیا۔

    ویلنشیا ٹاؤن میں ڈاکو ایک فیملی سے 1 لاکھ 55 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے، تھانہ نشتر کی حدود میں 3 ڈاکوؤں نے شہری سے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا جبکہ تھانہ شاہدرہ اور سمن آباد کی حدود میں 2 شہری موٹر سائیکلوں سے محروم کردیے گئے۔

  • پنجاب میں پہلی بار ثقافتی پالیسی منظور

    پنجاب میں پہلی بار ثقافتی پالیسی منظور

    لاہور: صوبہ پنجاب میں تاریخ کی پہلی ثقافتی پالیسی منظور کرلی گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کی پہلی ثقافتی پالیسی منظور کرلی گئی۔

    اس حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو کی ملاقات ہوئی، خیال احمد نے عثمان بزدار کو پہلی ثقافتی پالیسی 2021 پیش کی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ثقافتی پالیسی پیش کرنے کا اعزاز ہماری حکومت کو حاصل ہوا، ثقافتی پالیسی کے تحت فنکاروں کو سوشل سیفٹی نیٹ ورک میں لایا جائے گا۔ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ثقافتی پالیسی کے تحت صوبے میں فلم اکانومی کو فروغ ملے گا، بیروزگار فنکاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پنجاب میں فلم کی بحالی کے لیے اقدامات ممکن ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی ثقافت دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن رہی ہے، قدیم ترین مستند 4 ثقافتی ورثے پنجاب میں شامل ہیں۔ ادب، ثقافت، تھیٹر اور لوک موسیقی پنجاب کی پہچان ہے۔

  • پنجاب میں درجنوں کارروائیاں، کئی مبینہ دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں درجنوں کارروائیاں، کئی مبینہ دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجنوں کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے، ملزمان کا تعلق مختلف کالعدم جماعتوں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 29 کارروائیاں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو صوبے کے مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کا تعلق مختلف کالعدم جماعتوں سے ہے۔

  • اسلام آباد: درجہ حرارت گرنے پر ڈینگی کیسز میں کمی

    اسلام آباد: درجہ حرارت گرنے پر ڈینگی کیسز میں کمی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت گرنے پر ڈینگی کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی سے مزید 4 اموات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت گرنے پر ڈینگی کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 8 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں دیہات میں 6 اورشہری علاقوں میں 2 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے، رواں سیزن میں اب تک 4 ہزار 596 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    ڈی ایچ او کے مطابق رواں سیزن کے دوران ڈینگی سے اب تک 21 اموات ہو چکی ہیں۔

    دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی سے 4 اموات ہوئیں، پنجاب میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 137 ہوچکی ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب میں ڈینگی کے 108 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 82 صرف لاہور سے رپورٹ ہوئے۔

    سیکریٹری محکمہ صحت عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب میں تاحال ڈینگی کے 24 ہزار 744 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

  • پنجاب میں ڈینگی سے مزید 4 افراد جاں بحق

    پنجاب میں ڈینگی سے مزید 4 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث مزید 4 افراد انتقال کر گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 147 مریض رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی بخار کے باعث مزید 4 افراد انتقال کر گئے، رواں سال پنجاب میں ڈینگی سے 133 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

    ترجمان محکمہ صحت عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 147 مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 106 صرف لاہور سے رپورٹ کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 24 ہزار 6056 ہوچکی ہے، لاہور سے اب تک ڈینگی کے 17 ہزار 618 کیسز سامنے آئے۔

  • پنجاب میں ڈینگی کیسز میں کمی آنا شروع

    پنجاب میں ڈینگی کیسز میں کمی آنا شروع

    اسلام آباد / لاہور: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں ڈینگی کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 7 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر احمد جاوید کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کیسز میں واضح کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

    ڈاکٹر احمد جاوید کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے 2 ہزار 632 بیڈز مختص کیے گئے ہیں۔

    ان کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے مختص 11 سو 7 اور پرائیویٹ اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے مختص 671 بیڈز خالی ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 7 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ رورل ایریا سے 3 اور اربن ایریا سے 4 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں رواں سیزن میں اب تک 4 ہزار 542 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ڈینگی کے باعث 19 اموات ہوچکی ہیں۔

  • پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج

    پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پسرور میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، اقدام اسموگ سے نمٹنے کی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں۔ پسرور میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

    یاد رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسموگ میں کمی کے لیے اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم کیا جاچکا ہے، اسکواڈ صنعتوں کا معائنہ کرے گا اور صنعتی یونٹس کو جرمانہ یا سیل کر سکے گا۔

    کمشنر لاہور محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد اسموگ سے متعلق اجلاس میں زگ زیگ پر منتقل بھٹوں اور فیکٹریز کی از سر نو دوبارہ چیکنگ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن کے لیے بھی 2 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    صوبے میں کچرا جلانے پر بھی جرمانے اور سزائیں نافذ کی گئی ہیں۔

  • لاہور میں اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم

    لاہور میں اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ میں کمی کے لیے اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم کردیا گیا، اسکواڈ صنعتوں کا معائنہ کرے گا اور صنعتی یونٹس کو جرمانہ یا سیل کر سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم کردیا گیا، اینٹی اسموگ سکواڈ میں 5 ٹیمیں شامل ہیں، ہر ٹیم 5 افراد پر مشتمل ہے۔

    ٹیموں کی سربراہی محکمہ تحفظ ماحول کے افسران کریں گے، ٹیم میں پولیس، واسا، لیسکو اور میونسپل کارپوریشن کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

    اینٹی اسموگ اسکواڈ صنعتوں کا معائنہ کرے گا اور پلوشن کنٹرول ڈیوائس کو چیک کرے گا۔ اینٹی اسموگ صنعتی یونٹس کو جرمانہ یا سیل بھی کر سکے گا۔

    اس سے قبل کمشنر لاہور محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد اسموگ سے متعلق اجلاس میں اینٹی اسموگ اسکواڈ کے قیام کا فیصلہ ہوا تھا، کمشنر لاہور نے بتایا تھا کہ ہر اسکواڈ روزانہ 12 اور ایک ماہ میں 60 صنعتی یونٹس چیک کرے گا۔

    اجلاس میں زگ زیگ پر منتقل بھٹوں اور فیکٹریز کی از سر نو دوبارہ چیکنگ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن کے لیے بھی 2 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔