Tag: پنجگور

  • پنجگور : مسلح افراد کا ڈیم پر کام کرنیوالے اہلکاروں پر حملہ، 5 افراد جاں بحق

    پنجگور : مسلح افراد کا ڈیم پر کام کرنیوالے اہلکاروں پر حملہ، 5 افراد جاں بحق

    پنجگور : مسلح افراد کے ڈیم پر کام کرنیوالے اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کمپنی کی مشینری کو بھی آگ لگادی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے پروموم میں رات گئے ڈیم پر کام کرنیوالے اہلکاروں پر مسلح افراد نے حملہ کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور افراد پر فائرنگ کی گئی، لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ جاں بحق افراد تعمیراتی کمپنی کی سیکیورٹی پر مامور تھے، مسلح افراد نے کمپنی کی مشینری کو بھی آگ لگادی تاہم ضلعی انتظامیہ کےافسران موقع پرموجود ہیں اور تحقیقات جاری ہے۔

    وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے پروم میں فائرنگ کے واقعےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کاواقعہ قابل مذمت اورناقابل معافی ہے، دہشت گرد ترقی اورامن کےمخالف ملک دشمن عناصر کے پیروکار ہیں۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و ترقی دشمن کی آنکھ میں کھٹک رہی ہے، دہشت گردوں کومذموم مقاصد میں کبھی کامیابی نہیں مل سکتی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد بزدل ہیں رات کی تاریکی میں معصوم افراد کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں کونہیں چھوڑیں گے، ناحق خون کا حساب دینا ہوگا، ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجگورمیں دہشت گردحملےمیں قیمتی جانی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے واقعےمیں جاں بحق افرادکےلواحقین کےساتھ اظہارتعزیت کیا۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردملکی ترقی اورصوبےکی خوشحالی کےدشمن ہیں ، دہشت گردبلوچستان کوترقی کرتانہیں دیکھنا چاہتے۔

  • پنجگور  میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 7 مزدروں کی نماز جنازہ ادا، ہر آنکھ اشک بار

    پنجگور میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 7 مزدروں کی نماز جنازہ ادا، ہر آنکھ اشک بار

    پنجگور : دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مزدروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر ہرآنکھ اشک بار تھی اور لواحقین غم سے نڈھال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے پنجگور میں خداآبادان کے مقام پر میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے سات مزدوروں کی میتیں شجاع آباد پہنچائی گئیں تو علاقے میں کہرام مچا ہوا تھا، ہر آنکھ میں آنسو تھے، لواحقین غم سے نڈھال تھے

    دہشت گردوں کی سفاکیت کا نشانہ بننے والے مزدروں کی نماز جنازہ ادا کی گئی، چار مزدوروں فیاض حسین ، محمد سلمان، محمد ساجد اور محمد خالد کی نماز جنازہ بستی ملوک چڈھر موڑ عید گاہ، شجاع آباد میں ادا کی گئی جب کہ شہید محمد شفیق، محمد رمضان اور افتخار احمد کی نماز جنازہ الکوثر جنازہ گاہ شجاع آباد میں ادا کی گئی۔

    نماز جنازہ میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی ، شہداء کے لواحقین نے اس دہشت گردی کے واقعے پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا۔

    لواحقین نے حکومت سے دہشت گردوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا اور معصوم مزدوروں کے سفاکانہ قتل کی بھرپور مذمت کی اور کہا بلوچستان میں آئے روز مزدوروں کا قتل عام اور دہشت گردی کی جارہی ہے، جسے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

    یاد رہے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کیا، اور سات مزدوروں کو قتل کردیا، تمام افراد رشتے دار تھے اور اپنا گھر بار چلانے کیلئے پنجگور جاکرمزدوری کرتے تھے۔

  • پنجگور : مسلح افراد کی فائرنگ،7 افراد جاں بحق

    پنجگور : مسلح افراد کی فائرنگ،7 افراد جاں بحق

    پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 7افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ایک کوارٹر پر کی جانے والی فائرنگ سے 7افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    پنجگور پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے، جاں بحق افراد کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے متعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ہلاک شدگان کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان سمیت دیگر علاقوں سے تھا یہ تمام مزدور ایک کوارٹر میں مقیم تھے۔

    مسلح افراد نے کوارٹر میں گھس کر تمام مزدوروں پر گولیاں برسا دیں مقتولین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پنجگور کے علاقے میں مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی کا 7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام ترہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

  • ضلع پنجگور میں آپریشن، مطلوب دہشت گرد اسد عرف حسرت سمیت 2 ہلاک

    ضلع پنجگور میں آپریشن، مطلوب دہشت گرد اسد عرف حسرت سمیت 2 ہلاک

    پنجگور: صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مطلوب دہشت گرد اسد عرف حسرت سمیت 2 ہلاک ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آج پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب دہشت گرد اسد عرف حسرت سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ اس سے قبل آج ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ کے آخر میں ڈی آئی خان میں ہی سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

  • پنجگور میں سیکورٹی فورسزکے قافلے پر فائرنگ، 3 جوان شہید

    پنجگور میں سیکورٹی فورسزکے قافلے پر فائرنگ، 3 جوان شہید

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ سے 3 جوان شہید جبکہ افسر سمیت 8 زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے پنجگور کی وادی کاہان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 جوان شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے افسر سمیت 8 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے۔زخمی جوانوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیاگیا۔

    شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 4 جوان شہید،4 دہشت گرد ہلاک

    اس سے قبل 12 جولائی کو شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

    شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ، کیپٹن سمیت 2 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ سے کیپٹن سمیت 2 جوان شہیداور 2 زخمی ہوگئے تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

  • پنجگورایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ دوران لینڈنگ رن وے سے اتر گیا

    پنجگورایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ دوران لینڈنگ رن وے سے اتر گیا

    پنجگور: پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی پرواز کو پنجگور ایئرپورٹ پر حادثہ پیش آیا، طیارہ دوران لینڈنگ رن وے سے اتر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی کراچی سے جانے والی پرواز پی کے 517 نے جیسے ہی پنجگور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تو طیارہ رن وے سے بے قابو ہوکر کچی زمین پراترگیا۔

    حادثے کے باعث طیارے کے ٹائروں کونقصان پہنچا تاہم طیارے میں سوارتمام مسافرمحفوظ رہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے517 کوپنجگورمیں رن وے سے ہٹ کرلینڈنگ کرنا پڑی جس کے باعث طیارے کے ٹائروں کو معمولی نقصان پہنچا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے اور گھروں کو جا چکے ہیں، ٹائروں کونقصان کے باعث واپسی کی پرواز میں تاخیرمتوقع ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 9 مئی کو ڈیرہ غازی خان سے کراچی جانے والے اے ٹی آر طیارے کے انجن میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی تھی، پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت ڈی جی خان ایئرپورٹ پراتار لیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 21 اکتوبر کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ ایندھن فراہم کرنے والی گاڑی سے ٹکرا گیا تھا، حادثے میں طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

  • پنجگور: کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے اسلحہ برآمد

    پنجگور: کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے اسلحہ برآمد

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر پنجگور کے پہاڑی علاقے سے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق گچک کے پہاڑی سلسلے میں حساس ادارے کی معاونت سے کارروائی کی گئی۔ ٹارگٹڈ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے اسلحہ کا ذخیرہ برآمد ہوا۔

    ترجمان ایف سی کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اسلحے میں 3 ایس ایم جیز، 1 آر پی جی سیون، 6 راکٹس اور 3 فیوز شامل ہیں۔

    اس سے چند روز قبل بلوچستان ہی کے ضلع سبی میں ایف سی اور حساس ادارے نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی۔ کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کی 3 کمین گاہیں مسمار کردی گئیں۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، دیسی ساختہ بم، بارودی سرنگیں اور بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔

  • بلوچستان میں فائرنگ،6افراد جاں بحق

    بلوچستان میں فائرنگ،6افراد جاں بحق

    پنجگور: صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک ایران سرحد کے قریب علاقے پروم سے لیویز اہلکاروں کو چھ افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق لیویز تمام لاشیں پروم علاقے کے ایک گھر سے ملیں،جبکہ تمام افراد کو قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتولین میں قبائلی رہنما عبدالمالک،ان کے 3 بیٹے اور 2 مہمان شامل ہیں۔تمام لاشوں کو شناخت کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرک ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں:بلوچستان کے علاقے حب میں فائرنگ،3افراد جاں بحق

    لیویز نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم اب تک قتل کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے اور نہ ہی کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع قلات کے علاقے نیمرغ سے گولیوں سے چھلنی 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

    مزید پڑھیں:بلوچستان میں فائرنگ،3سیکورٹی اہلکار جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں تین سکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • اقتصادی راہداری منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائے گا،آرمی چیف

    اقتصادی راہداری منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائے گا،آرمی چیف

    پنجگور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کیخلاف دشمنوں کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ گوادر پورٹ اور اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔ پاک فوج راہداری منصوبےکےخواب کی تکمیل ہرصورت میں کریگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پنجگور کے دورے کے موقع پر کیا، تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے راہداری منصوبے کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو خبردار کردیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کا دورہ کیا۔اس موقع پر اُنہوں نے اقتصادی راہداری منصوبےکےتحت زیرتعمیرسڑکوں کامعائنہ کیا آرمی چیف کوایف ڈبلیواوکی شاہراہوں سےمتعلق بریفنگ دی گئی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بلوچستان کی عوام کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ سو ستر میں سے پانچ سو دو کلومیٹرسڑک کی تعمیرڈیڑھ سال سےکم عرصےمیں کرلی گئی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ منصوبوں کی تعمیر کیلئے بلوچستان میں سیکورٹی اور پرامن ماحول ضروری تھا۔

    آرمی چیف نے صوبے کی سیکورٹی صورتحال میں بہتری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی امداد پر کام کرنے والے دہشتگردوں کیخلاف ایف سی اور پولیس کے کامیاب آپریشن قابل ستائش ہیں۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بلوچستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے بلوچستان کی عوام کی غیر مشروط حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا گوادرپورٹ کیخلاف دشمن کےعزائم سےآگاہ ہیں گوادرپورٹ اوراقتصادی راہداری کامنصوبہ ہرحال میں مکمل کیاجائیگا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری خطے کی خوشحالی کیلئے بہت اہم ہے ۔آرمی چیف نےمنصوبےپرفرنٹیئرورکس آرگنائزیشن کےکام کوسراہتے ہوئے قومی منصوبےکی تکمیل میں جانیں قربان کرنیوالوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔

  • قلات اور پنجگور میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی میں 8 شدت پسند ہلاک

    قلات اور پنجگور میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی میں 8 شدت پسند ہلاک

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ قلات اور پنجگور میں شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں میں آٹھ شدت پسند مارے گئے اور پندرہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے ایف سی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف مضبوط حکمت عملی اپنائی گئی ہے، دہشتگردی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،ان کا کہنا تھا قلات اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرکے آٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا اور پندرہ کو گرفتار کرلیا ہے اور شدت پسندوں کے دو ٹھکانے بھی مسمار کردئیے ہیں۔

    صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا ژوب اور قلعہ سیف اللہ سے اغوا کیئے جانے والے مسافروں کی بازیابی کے لئے کارروائیاں جاری ہیں ۔وزیرداخلہ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے کابینہ کی منظوری سے کارروائی کی جائے گی ،دہشتگردی میں ملوث کسی بھی دہشتگردکو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔