Tag: پنجگور ایئر پورٹ

  • پنجگور ایئر پورٹ :کچے میں اترنے والے طیارے کو اڑنے کی اجازت نہ مل سکی

    پنجگور ایئر پورٹ :کچے میں اترنے والے طیارے کو اڑنے کی اجازت نہ مل سکی

    کراچی : پنجگور ایئر پورٹ پر بریک فیل ہونے کے باعث کچے میں اتر جانے والا اے ٹی آر طیارہ تاحال واپس کراچی نہ پہنچ سکا، پی آئی اے طیارہ ساز کمپنی کی اجازت کی منتظر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل پنجگور میں پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارہ کے کچے میں اترنے کا معاملہ ابھی تک انجام کو نہ پہنچ سکا، مرمت کے بعد اےٹی آر طیارہ دو روز گزرنے کے باوجود کراچی نہ پہنچ سکا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انجینئرز نے اے ٹی آر طیارے کو اڑان بھرنے کے قابل کردیا اور معائنے کے بعد سی اے اے نے بھی طیارے کو اڑان کی اجازت دے دی تاہم طیارہ ساز کمپنی نے تاحال پی آئی اے کو طیارہ اڑانے کی اجازت نہیں دی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد طیارہ ساز کمپنی کی اجازت سے ہی طیارہ منتقل کیا جاتا ہے، مرمت کے بعد پی آئی اے انتظامیہ طیارہ ساز کمپنی کی اجازت کی منتظر ہے، اجازت ملتے ہی منگل کو طیارہ کراچی کے لئےروانہ کردیا جائےگا۔

    مزید پڑھیں: پنجگور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوا

    واضح رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے517رن وے پر لینڈنگ کے دوران کچے میں اترگئی تھی، طیارہ حادثے کے بعد سی ای او نے واقعے کی تحقیقات کاحکم دیا تھا، سول ایوی ایشن اورپی آئی اے انتظامیہ طیارہ حادثے کی مشترکہ تحقیقات کررہی ہے۔

  • پنجگور ایئر پورٹ : مٹی میں پھنسنے والے پی آئی اے طیارے کو رسیوں سے باندھ کر نکالا گیا

    پنجگور ایئر پورٹ : مٹی میں پھنسنے والے پی آئی اے طیارے کو رسیوں سے باندھ کر نکالا گیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سنگین غفلت کا ارتکاب کرتے ہوئے پنجگور ایئرپورٹ پر پھنسے پی آئی اے کے طیارے کو رسیوں سے باندھ کر رن وے پر لایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجگور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ گزشتہ روز بریک فیل ہوجانے کی وجہ سے رن وے سے کچے میں اتر گیا تھا جس کی مرمت کیلئے موقع پر ریلیف آپریشن مشینری موجود ہی نہیں تھی۔

    قومی ادارے کے باکمال لوگوں نے لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اے ٹی آر طیارے کو رسیوں سے باندھ کر رن وے پر لایا گیا، جیسے کہ وہاں رسہ کشی کا مقابلہ ہورہا ہو۔

    ٹگ ماسٹر کے بجائے طیارے کو ٹریکٹرکے ذریعہ جائے حادثہ سے ہٹایا گیا، اس کام کیلئے شاول اورٹریکٹر مقامی ٹھیکیدارسے حاصل کیے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ عالمی ایوی ایشن قوانین کی روسے کسی بھی حادثے کی صورت میں سول ایوی ایشن اتھارٹی معاونت کرتی ہے، ایئرپورٹ پرلازمی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے طیارے کو چوبیس گھنٹوں بعد مٹی سے باہر نکالا گیا۔

    اب رن وے پر ہی طیارے کی مرمت کی جائے گی جس کے بعد اسے کراچی روانہ کردیا جائے گا۔ ہفتے کو پیش آنے واقعے میں طیارے کے تمام مسافر محفوظ رہے تھے۔

    اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں متعلقہ ایئرلائن خود مشینری کا بندوبست کرتی ہے، مشینری فراہم کرنا سی اے اے کی ذمہ داری نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں : پنجگور ایئرپورٹ پر  پی آئی اے کا طیارہ بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوا

    دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پنجگورایئرپورٹ پراس طرح کایہ پہلاواقعہ ہے دورافتادہ ایئرپورٹ ہونے کی وجہ سے مشینری کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی ہوگی۔ طیارے کی مرمت اور مکمل چیکنگ کے بعد اسے آپریشنل کیا جائے گا۔