Tag: پنشنرز

  • سعودی عرب میں پنشنرز کے لیے خصوصی منصوبے

    سعودی عرب میں پنشنرز کے لیے خصوصی منصوبے

    ریاض: سعودی عرب میں مقامی پنشنرز کے لیے خصوصی منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں جس سے انہیں مزید سہولیات حاصل ہوں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق تقدیر پروگرام ایک غیر منافع بخش اقدام ہے جسے گزشتہ سال جنوری میں جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس (جی او ایس آئی) نے شروع کیا تھا، سعودی پنشنرز کے لیے یہ پروگرام ملک کے لیے پنشنرز کی خدمات کی تعریف میں تیار کیا گیا ہے۔

    اس کے بنیادی اہداف میں ریٹائر ہونے والوں اور جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس سے مستفید ہونے والوں کو پورے ملک میں نجی اور سرکاری شعبوں کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر فوائد دینا شامل ہے۔

    یہ پروگرام اپنے مستفید کنندگان کو اپنے مخصوص آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے مملکت کی بہت سی کمپنیوں بشمول لی میریڈین ہوٹل، سعودیہ ایئر لائن اور عبداللطیف جمیل فنانسنگ کے ساتھ شراکت میں متعدد خدمات اور خصوصی پیشکشیں دیتا ہے۔

    سرکاری اور نجی شعبوں میں تمام ریٹائرڈ سعودی مرد و خواتین اور ان کے زیر کفالت افراد اس خصوصی پروگرام کے فوائد تک رسائی کے اہل ہیں۔

    تقدیر پروگرام کی ایک سروس ریٹائر ہونے والوں کو ان کے گذشتہ برسوں کے پیشہ ورانہ تجربے کے مطابق کام کے نئے مواقع بھی فراہم کرتی ہے، پنشنرز کے لیے دوسری سروس مملکت کے تمام خطوں میں ہوٹلوں، تعلیم، تفریح، ادویات اور نقل و حمل پر خصوصی رعایت فراہم کرتی ہے۔

    تمام پنشنرز تقدیر پروگرام کے اندر مختلف فنانسنگ اسکیموں کے ذریعے قرض حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں تاکہ اپنے ذاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں۔

  • نئی حکومت کے آتے ہی پنشنرز کو بڑی خوشخبری مل گئی

    نئی حکومت کے آتے ہی پنشنرز کو بڑی خوشخبری مل گئی

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کردیا ، اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی پنشن میں 10فیصداضافے کی منظوری دے دی ، اس حوالے سے وزارت خزانہ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا،ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا۔

    یاد رہے میاں شہبازشریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کم سےکم اجرت 25 ہزار اور ایک لاکھ تک تنخواہ والوں کیلئے 10 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنشن میں بھی 10فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

    بعد ازاں وفاقی حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے منتخب ہونے کے فوری بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • کرونا وائرس ، مراد سعید کا پنشنرز کے لئے بڑا اعلان

    کرونا وائرس ، مراد سعید کا پنشنرز کے لئے بڑا اعلان

    اسلام آباد : وزیر مواصلات مراد سعید نے پاکستان پوسٹ کے 13لاکھ پنشنرز کو ان کی پنشن گھرکی دہلیز تک پہنچانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا بزرگوں کو پنشن کی وصولی کیلئےخطرے میں نہیں ڈالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پوسٹ نے ضعیف شہریوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنےکیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے 13لاکھ پنشنرز کو واجبات گھروں کی دہلیز تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا ہے کہ بڑی عمر کے لوگوں کےلئےکوروناوائرس نہایت مہلک ہے، بزرگوں کو پنشن کی وصولی کیلئےخطرے میں نہیں ڈالیں گے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 13 لاکھ پنشنرز کو ان کی پنشن گھرکی دہلیزتک پہنچائیں گے، پنشن کی تقسیم کیلئےتمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

    خیال رہے پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    خیبرپختونخواہ میں دوہلاکت ہوئی جبکہ آج کراچی کے نجی اسپتال میں ایک مریض دم توڑگیا، کراچی میں انتقال کرنے جانے والے مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھیں، اس کی عمر ستتر سال تھی۔

    پنجاب میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد اٹھہتر، بلوچستان میں اکیاسی ، کے پی میں تئیس اور اسلام آباد میں سات ہوگئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بارہ اور آزاد کشمیرمیں ایک مریض قرنطینہ میں زیرعلاج ہے۔