Tag: پنڈدادن خان

  • لائن آف کنٹرول پر شہید فوجی جوان آبائی علاقوں میں سپرد خاک

    لائن آف کنٹرول پر شہید فوجی جوان آبائی علاقوں میں سپرد خاک

    پنو عاقل: لائن آف کنٹرول پر گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے باعث جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے دو اہل کاروں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

    نائب صوبیدار کندیرو کی تدفین صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل میں عمل میں آئی، جب کہ سپاہی محمد احسان کو پنجاب کے ضلع جہلم کے شہر پنڈدادن خان میں سپرد خاک کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    شہید فوجیوں کی نماز جنازہ میں فوجی اور سول حکام، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    یاد رہے کہ دونوں جوان بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے گزشتہ روز شہید ہوئے تھے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں تین بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے، اور دشمن کی ایک چوکی تباہ ہو گئی تھی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چیک پوسٹ تباہ ہو گئی، اور 3 بھارتی فوجی مارے گئے، جن میں ایک صوبیدار بھی شامل تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان دیوا سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی سے شہید ہوئے تھے۔

  • وزیراعظم آج پنڈدادن خان میں جلال پور کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعظم آج پنڈدادن خان میں جلال پور کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    جہلم : وزیراعظم عمران خان آج پنڈدادن خان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ جلال پور کینال منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، منصوبے پر 32 ارب 72 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنڈدادن خان میں جلالپور کینال منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب آج ہوگی۔ وزیراعظم 117 کلو میٹرطویل جلالپور ایری گیشن کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    جلال پورایری گیشن کینال منصوبے پر 32ارب72کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت 30 رابطہ نہروں او ر 16 برساتی نالوں کی تعمیر بھی ہوگی، منصوبے سے 1 لاکھ 70 ہزار ایکڑ بارانی رقبے کو نہری پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔ منصوبے سے جہلم، خوشاب کے 80 سے زائد دیہات کے 4 لاکھ کاشتکارمستفید ہوں گے۔

    منصوبہ سنہ 2024 تک مکمل ہوگا جس پر 48 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 274 ملین ڈالر ایشین ڈیولپمنٹ بینک فراہم کرے گا۔

    مذکورہ منصوبہ سنہ 1898 میں شروع کیا جانا تھا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کام شروع نہ ہو سکا۔ سابق صدر پرویز مشرف نے سنہ 2007 میں منصوبے پر کام شروع کروایا تاہم 2008 میں منصوبہ پھر رک گیا۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے جلسہ گاہ کا معائنہ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ پنڈال میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، لوگوں کی آمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے اطراف غیرمتعلقہ گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔

    اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد تقریب میں پہنچیں گے پنڈدادن خان کےعوام آج اپنے لیڈرکا بھرپوراستقبال کریں گے

  • پنڈدادن خان: ٹریلر اور بس میں تصادم، 5 افراد جاں بحق

    پنڈدادن خان: ٹریلر اور بس میں تصادم، 5 افراد جاں بحق

    جہلم : صوبہ پنجاب کے علاقے پنڈدادن خان میں ٹریلر اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادن خان میں موٹروے سالٹ رینج پر ٹریلر اور بس میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق زائرین کی بس سرگودھا سے کلرکہارجا رہی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے بابوسرٹاپ کے قریب گٹی داس کے مقام پر پہاڑ سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت پہنچایا گیا تھا جبکہ 26 افراد کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئی تھیں۔

    سکھیکی کے قریب بس الٹ گئی، 2 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں صوبہ پنجاب کے علاقے سکھیکی کے قریب موٹروے ایم ٹو کوٹ سرور انٹرچینج کے قریب بس الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق 15 زخمی ہوگئے تھے۔