Tag: پنکھا گر گیا

  • اسپتال کی چھت سے نوزائیدہ بچی پر پنکھا گر گیا

    اسپتال کی چھت سے نوزائیدہ بچی پر پنکھا گر گیا

    بھارت کے تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کے اسپتال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اسپتال کی چھت سے پنکھا گرنے کے سبب ایک نوزائیدہ بچی زخمی ہو گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں ایک حاملہ خاتون پائل کو زچگی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس نے ایک بچی کو جنم دیا۔ زچگی کے بعد ماں اور بچی دو دن سے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح اچانک کمرے کی چھت سے پنکھا نوزائیدہ بچی کے قریب گر گیا، تاہم وہ معمولی زخمی ہو ئی۔ ارکان خاندان نے فوری طور پر 108 ایمبولینس کے ذریعہ نوزائیدہ کو بہتر علاج کے لیے عادل آباد کے دوسرے اسپتال میں منتقل کردیا۔

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپتال کی حالت اور بنیادی سہولیات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ عوام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سہولیات کو بہتر بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے ایک ریسٹورنٹ کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں دیوار گیر پنکھا پھٹ کر گاہک پر گرنے کا دہشت ناک منظر ریکارڈ ہوا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق ایک ریسٹورنٹ میں ایک فیملی کھانے کی میز پر بیٹھی کھانا کھا رہی تھی، اچانک دیوار پر لگا ہوا پنکھا دیوار سے الگ ہوا، اور پھٹ کر میز پر آ گرا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فیملی نے پہلے تو شکایت کی کہ پنکھے کا رخ ان کی طرف نہیں ہے، جب اس کا رخ درست کیا گیا تو اس دوران بچہ رونے لگا، جس پر والدہ نے اسے اسٹرالر میں ڈالا اور بیٹھنے سے پہلے پلیٹ درست کرنے لگی۔

    عین اسی لمحے پہلے تو پنکھے کا آگے والا کور اڑ کر اسے لگا، اور پھر پورا پنکھا دیوار سے اکھڑ کر نیچے میز پر آ گرا۔

    ویڈیو: کلاس روم میں پڑھائی کے دوران چھت کا پنکھا ٹیچر پر گر گیا

    خوش قسمتی سے پنکھا گرنے سے اس خاندان کو تو کوئی چوٹیں نہیں آئیں تاہم، دوسری میز پر بیٹھے ایک شخص کو پروپیلر لگنے سے گہری چوٹ آئی، جس پر اسے 4 ٹانکے لگانے پڑے۔

  • ویڈیو: کلاس روم میں پڑھائی کے دوران چھت کا پنکھا ٹیچر پر گر گیا

    ویڈیو: کلاس روم میں پڑھائی کے دوران چھت کا پنکھا ٹیچر پر گر گیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ایک گاؤں کے اسکول میں اُس وقت بچے شدید خوف زدہ ہو گئے جب پڑھائی کے دوران ہی اچانک چھت کا پنکھا نیچے آ گرا، اور اس کی زد میں ٹیچر آ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے چغل پورہ میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول میں کلاس روم کا چھت کا پنکھا اچانک گر گیا، جس کی زد میں آ کر ٹیچر شدید زخمی ہو گئیں۔

    زخمی ٹیچر کو واقعے کے فوراً بعد اسپتال منتقل کیا گیا، معلوم ہوا کہ پنکھا لگنے کی وجہ سے انھیں سر میں چوٹیں آئی ہیں اور کان بھی زخمی ہو گیا ہے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جو کلاس میں پڑھائی جاری تھی، پنکھا ٹیچر پر گرنے کے بعد بچیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ چیخنے چلانے لگی تھیں۔

    ایس ڈی ای او شمیم اختر نے واقعے پر کہا کہ اسکول بلڈنگ بھی خستہ حال ہے، جو 1916 میں تعمیر ہوئی، اس سلسلے میں ایک سمری محکمہ تعلیم کو ارسال کی ہوئی ہے لیکن کوئی سنوائی نہ ہونے کے سبب بچے ابھی بھی خستہ حال عمارت میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔