Tag: پودا

  • شوگر کے مریضوں کے لیے قدرتی میٹھا

    شوگر کے مریضوں کے لیے قدرتی میٹھا

    ذیابیطس یا شوگر کا مرض زندگی کو نہایت پھیکا کردیتا ہے، لیکن قدرت نے ایک ایسی شے بھی رکھی ہے جو نقصان دہ چینی کا بہترین متبادل ثابت ہوسکتی ہے۔

    اسٹیویا میں یا جسے کینڈی لیف بھی کہا جاتا ہے، قدرت نے مٹھاس رکھی ہے اور اسے چینی کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ صفر کیلوری والا میٹھا ہے۔

    مناسب مقدار میں اسٹیویا کا استعمال بالکل محفوظ ہے۔

    مختلف تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اسٹیویا بلڈ پریشر کو کم کر سکتا ہے۔

    اسٹیویا ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو بھی کم کرتا ہے اور اس سے دل کی بیماریوں سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

    البتہ اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں لہٰذا طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شوگر کے مریض، یا وہ افراد جو احتیاطاً شوگر سے بچنا چاہتے ہیں وہ اسٹیویا کے استعمال سے قبل ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں۔

  • یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    اسلام آباد: پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس میں پودا لگایا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے شجر کاری کرنی ہے، عوام شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اور جنگلات کو محفوظ کریں۔

    سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران صرف اس موسم میں 30 کروڑ سے زائد پودے لگیں گے۔

    شیری رحمان کے مطابق موسم بہار کی مہم کے نتیجے میں 40 کروڑ کے قریب پودے لگائے جائیں گے، انھوں نے پیغام دیا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر مل کر پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کا عہد کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

  • شوگر کے مریضوں کے لیے نہایت مفید پودا

    شوگر کے مریضوں کے لیے نہایت مفید پودا

    شوگر کا شکار افراد تمام اقسام کا میٹھا کھانا چھوڑ دیتے ہیں علاوہ ازیں ایسے افراد جو اپنی صحت کے بارے میں فکر مند ہوتے ہیں وہ بھی میٹھا کھانا کم کردیتے ہیں۔

    تاہم اس وقت ایک ایسی چیز موجود ہے جو چینی کی متبادل ہے۔

    اسٹیویا نام کا ایک پودا انسانی صحت کے لیے نہایت مفید ہے جس کا پاؤڈر چینی کی جگہ استعمال ہوسکتا ہے۔

    جامعہ کراچی کے فوڈ سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر غفران سعید کا کہنا ہے کہ یہ پاؤڈر عام چینی سے 3 گنا میٹھی ہوتا ہے لہٰذا کمرشلی طور پر اسے مختلف اشیا کے ساتھ ملا کر فروخت کیا جاتا ہے۔

    چونکہ یہ ایک قدرتی چیز ہے لہٰذا یہ جسم کے لیے فائدہ مند بھی ہے اور چینی کی طرح نقصان بھی نہیں پہنچاتی۔

    اسٹیویا کے پتے خون میں شوگر کی مقدار کم کرتے ہیں جبکہ بلڈ پریشر کو بھی کنٹرول میں رکھتے ہیں۔

    ڈاکٹر غفران کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک میں اس کی فروخت عروج پر ہے، اس پودے کی کاشت معتدل موسم میں ہوتی ہے اور یہ ہمارے ملک میں ابھی بھی کئی مقامات پر اگایا جارہا ہے، اگر منظم طریقے سے اس کی کاشت میں اضافہ کیا جائے اور اس کی پراسیسنگ کی انڈسٹری لگائی جائے تو یہ ملکی معیشت کے لیے نہایت فائدہ مند ہوسکتی ہے۔

  • پرندے کی شکل جیسا پودا جس نے ماہرین کو پریشان کر رکھا ہے

    پرندے کی شکل جیسا پودا جس نے ماہرین کو پریشان کر رکھا ہے

    سڈنی: شمالی آسٹریلیا میں ایک پودا دنیا کے سب سے چھوٹے پرندے ہمنگ برڈ کے جیسا دکھائی دیتا ہے، ماہرین کے لیے پودا ایک معمہ ہے کیونکہ اس پورے علاقے میں ہمنگ برڈ کہیں نہیں پایا جاتا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق شمالی آسٹریلیا میں کروٹیلاریا کننگہامیائی نامی ایک پھلی دار پودا پایا جاتا ہے جسے مقامی لوگ سبز پرندے والا پھول بھی کہتے ہیں۔

    جب اس پودے پر پھول نکلتے ہیں تو ان کی رنگت سبز ہونے کے ساتھ ساتھ وہ دنیا کے سب سے چھوٹے پرندے ہمنگ برڈ جیسے دکھائی دیتے ہیں۔

    پھول اس پودے کے تنے اور شاخوں سے اس طرح جڑے ہوتے ہیں گویا ہمنگ برڈ نے اپنی چونچ پودے میں گاڑ رکھی ہو۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ شمالی آسٹریلیا میں ہمنگ برڈ بالکل بھی نہیں پائے جاتے لیکن پھر بھی پودے پر ہوبہو شکر خورے جیسی شکل کے پھول اگ آئے ہیں جو ماہرین کے لیے کسی معمے سے کم نہیں۔

    ارتقائی نظریے کو دیکھا جائے تو کوئی بھی جاندار اپنے ماحول میں بقا کے امکانات بہتر بنانے کے لیے اپنے اندر اس نوعیت کی تبدیلیاں لاتا ہے کہ دوسرے حملہ آور یا ضرر رساں جاندار اس سے دور رہیں یا پھر دھوکے میں مبتلا رہیں۔

    اگر یہ بات مان لی جائے تو پھر اس پودے پر اگنے والے پھولوں کی ظاہری شکل کسی اور جانور جیسی ہونی چاہیئے تھی جو حملہ آور جانوروں کو دھوکے میں رکھتا، لیکن ہمنگ برڈ اس پورے علاقے میں کہیں نہیں پایا جاتا۔

    اس پھول کی ظاہری شکل ماہرین کے لیے کسی معمے سے کم نہیں ہے۔

  • ایک ماہ تک روزانہ ادرک کھانے کے فوائد؟

    ایک ماہ تک روزانہ ادرک کھانے کے فوائد؟

    ادرک کے فوائد کے بارے میں آپ نے بہت کچھ پڑھا ہوگا، لیکن آج ہم یہ بتاتے ہیں کہ اگر آپ ایک ماہ تک روزانہ ادرک کھائیں گے، تو اس سے صحت کو کیا فوائد حاصل ہوں گے۔

    سائنس الرٹ ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ادرک کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے ہر روز ادرک کے بڑے ٹکڑے کھانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا جوس یا چائے میں شامل کرنے سے بھی جسم کو کئی فائدے پہنچ سکتے ہیں۔

    ایک ماہ تک روزانہ ادرک کے استعمال سے آپ کو مندرجہ ذیل فوائد حاصل ہوں گے:

    ادرک دافع سوزش ہے اور اس کے استعمال سے متلی دور ہوتی ہے، اگر آپ روزانہ ایک ماہ تک ادرک کا استعمال کریں تو جسم سے سوزش تیزی سے ختم ہو جائے گی۔

    ادرک کھانے سے صبح کی متلی کا احساس بھی کم ہونے میں بھی مدد ملتی ہے، خاص طور پر حاملہ خواتین اور کیموتھراپی سے گزرنے والے افراد کے لیے ادرک روزانہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

    ادرک پٹھوں کے درد میں کمی اور آنتوں کے لیے بھی مفید ہے، پٹھوں میں درد ہو تو ادرک معاون ہے، اسے روزانہ کھانے سے درد آہستہ آہستہ کم ہو جائے گا، روزانہ کی بنیاد پر ادرک کے استعمال سے آنتوں کی نقل وحرکت بھی بہتر ہو جائے گی، جو باقاعدہ قبض سے دوچار افراد کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہے۔

    ادرک سے کولیسٹرول میں کمی ہو سکتی ہے، ایک ماہ تک ادرک کے باقاعدگی سے استعمال سے جسم میں ’خراب‘ کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے، ادرک میں موجود مادوں سے خون میں ٹرانگلیسرائیڈ کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔

    کرونا وائرس کی وبا کی صورت حال میں ادرک کا ایک اور اہم فائدہ یہ ہے کہ اس سے مدافعتی نظام کو تقویت ملتی ہے، جس سے آپ کو نزلہ زکام یا وائرس سے جلد بحالی میں مدد مل سکتی ہے۔

  • لاکھوں روپے میں فروخت ہونے والے پودے کا راز جانیے

    لاکھوں روپے میں فروخت ہونے والے پودے کا راز جانیے

    ایڈنبرگ: نیوزی لینڈ میں چار پتوں والا چھوٹا پودا 8 ہزار 150 نیوزی لینڈ ڈالر یعنیٰ پاکستان 9 لاکھ 70 ہزار روپے میں فروخت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں فیلو ڈینڈرون منیما نامی پودا جس کے چاروں پتوں کے اطراف پیلا اور ہرا رنگ ہے اور اس کی رنگ ہی کی وجہ سے اس کی بولی ’ٹریڈ می‘ نام کی خرید وفروخت کرنے والی ویب سائٹ پر شروع ہوئی۔

    اس پودے کو فروخت کرنے والے شخص نے ٹریڈ می ویب سائٹ پر لکھا کہ اس وقت اس پودے میں چار پتے ہیں اور حیرت انگیز طور پر ان کا ان پتوں کا رنگ ہرا اور پیلا ہے۔

    نیوزی لینڈ میں گارڈینر نام کے جریدے کے ایڈیٹر جو مککیرل نے بتایا کہ پودوں میں ہریالی ان کی نمو کرتی ہے اور مکمل طور پر ہرا تنا رکھنے والا پودا ضروری نہیں ہے کہ بڑھنے کے بعد بھی نایاب رنگت رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اتنے پیسے خرچ کرنے والے کو پودوں کے بارے میں کافی علم ہوگا، شاید وہ اس سے اور پودے اُگا کر مستقبل میں انہیں فروخت کر کے پیسا کمانا چاہتا ہو۔

    ریڈیو نیوزی لینڈ کو پودے کے گمنام خریدار نے بتایا کہ وہ ایک گروپ کا حصہ ہے جو کہ ایک گارڈن کے درمیان ریستوران بنا رہا ہے اور اسی گارڈن کے لیے اس پودے کو خریدا گیا ہے۔

  • کیکٹس کے کانٹے شرارتی کتوں کے جسم میں پیوست ہوگئے

    کیکٹس کے کانٹے شرارتی کتوں کے جسم میں پیوست ہوگئے

    امریکی ریاست ایریزونا میں پالتو کتوں کو کیکر کے پودوں کے ساتھ چھیڑ خانی کرنا مہنگا پڑگیا، کیکر کے کانٹے کتوں کے جسم میں پیوست ہوگئے۔

    ریاست ایریزونا میں رہائش پذیر خاندان اس وقت سخت مشکل میں آگیا جب ان کے پالتو کتے موج مستی میں کانٹوں بھرے کیکٹس کے پودوں سے چھیڑ خانی کر بیٹھے۔

    نتیجہ یہ نکلا کہ درجنوں کانٹے کتوں کے جسم میں پیوست ہو گئے۔ اہلخانہ نے پہلے خود ہی فرسٹ ایڈ دینے کی کوشش کی لیکن جب مشکل حل نہ ہوئی تو میڈیکل ریسکیو ٹیم کو طلب کر لیا۔

    ریسکیو ٹیم نے صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے دونوں کتوں کو قریبی ویٹنری اسپتال منتقل کیا جہاں بے ہوش کرنے کے بعد کتوں کو ان کانٹوں سے آزاد کیا گیا۔

    دونوں کتے اب روبصحت ہیں اور یقیناً اب وہ کیکٹس کے پودوں کے قریب بھی نہیں جائیں گے۔

  • جادوئی ایلو ویرا کے پلک جھپکتے میں ملنے والے فوائد

    جادوئی ایلو ویرا کے پلک جھپکتے میں ملنے والے فوائد

    ایلو ویرا ایک ایسا جادوئی پودا ہے جو اپنے بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد اور بالوں کے لیے نہایت مفید ہے جبکہ اس کا پینا بھی فائدہ مند ہے۔

    آج ہم آپ کو ایلو ویرا کے چند فوائد بتا رہے ہیں جو صرف چند دن کے استعمال سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

    بالوں کی خشکی کے لیے

    ایلو ویرا کا گودا، کنڈیشنر، زیتون کا تیل اور کھوپرے کا تیل ملا کر گرینڈ کرلیں۔ اس آمیزے کو بالوں میں لگائیں اور ایک گھنٹے بعد سر دھو لیں۔ بال نہایت صاف ستھرے اور نرم ملائم ہوجائیں گے۔

    جلد کے لیے

    باقاعدگی سے ایلو ویرا چہرے پر لگانا جلد کو شفاف اور نرم کرتا ہے۔ اگر ایلو ویرا کو چاول کے آٹے میں مکس کر کے لگایا جائے تو یہ جھائیوں اور سیاہ حلقوں کا قدرتی علاج ہوگا۔

    سن برن کے لیے

    دھوپ سے جھلسی جلد کے لیے ایلو ویرا کا گودا آئس کیوبز ٹرے میں ڈال کر جما لیں۔ جمنے کے بعد برف بنے ایلو ویرا کی جلی ہوئی جلد پر ٹکور کریں۔

    ہاتھ پاؤں کی خشکی

    موسم سرما کے علاوہ موسم گرما میں بھی پانی کی کمی کی وجہ سے جلد خشک ہوجاتی ہے۔ اس کے لیے ایلو ویرا کا پتہ شہد کے ساتھ پیس لیں اور اسے ہاتھ پاؤں کی خشک جلد پر لگائیں۔ پہلی ہی بار میں واضح فرق نظر آئے گا۔

    قدرتی میک اپ ریموور

    بازار سے میک اپ ریموور خریدنے کے بجائے گھر میں ہی ایلو ویرا کا گودا، شہد اور گلیسرول ملا کر گرینڈ کر کے قدرتی میک اپ ریموور تیار کرلیں۔ یہ نہ صرف میک اپ صاف کرے گا بلکہ جلد کو بھی ترو تازہ کردے گا۔

  • شمالی کوریا نے پومپیو کو سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دے دیا

    شمالی کوریا نے پومپیو کو سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دے دیا

    پیانگ یانگ :شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو امریکی سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سے جنگ یا مذاکرات دونوں کےلیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نےایک انٹرویو میں مائیک پومپیو پر تنقید کرتے ہوئے انہیں امریکی سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دیا اور کہا کہ مائیک پومپیو دونوں ملکوں کے درمیان جوہری مزاکرات شروع ہونے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں۔

    شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کے مطابق ان کا ملک امریکا سے جنگ اور مزاکرات دونوں کے لیے تیار ہے۔

    ری یونگ ہو کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا امریکا کے فضول خواب توڑنے کے لیے تیار ہےاور شمالی کوریا کوشش کرے گا کہ وہ امریکا کے لیے سب سے بڑا خطرہ موجود رہے۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کچھ روز قبل ایک انٹرویو میں شمالی کوریا پر پابندیاں برقرار رکھے جانے سے متعلق بیان دیا ھا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان رواں برس فروری میں ہنوئی میں ہونے والی دوسری ملاقات بھی بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی تھی۔

  • معدوم قرار دیا گیا پودا ڈرون نے ڈھونڈ نکالا

    معدوم قرار دیا گیا پودا ڈرون نے ڈھونڈ نکالا

    امریکی سائنسدانوں کو معدوم قرار دیا گیا پودا دوبارہ مل گیا، ہوائی کے علاقے کا یہ مقامی پودا عالمی سطح پر معدوم قرار دیا جاچکا تھا۔

    امریکی جزیرہ نما خطے ہوائی کے ایک پہاڑی علاقے کوائی میں واقع نیشنل ٹراپیکل بوٹانیکل گارڈن میں تحقیق کے دوران یہ پودا نظر آیا۔ کوائی کا علاقہ نایاب درختوں، پودوں، جڑی بوٹیوں اور جانداروں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

    جس جگہ پر پودا دکھائی دیا وہ پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہے جس کا جائزہ لینے کے لیے ڈرون سے مدد لی گئی تھی۔ ماہرین نے جب اس کی ویڈیو دیکھی تو حیرت انگیز طور پر انہیں یہ پودا دکھائی دیا۔

    یہ پودا سنہ 1991 میں ایک ماہرِ نباتیات نے پہلی بار دیکھا تھا اور سنہ 1995 میں اسے ایک نئی قسم کے پودے کے طورپر شامل کرلیا گیا۔ اس کے بعد سنہ 2009 تک یہ دنیا میں کہیں نہیں ملا اور ماہرین نے بالآخر اسے معدوم قرار دے دیا تھا۔

    یہ پودا دراصل ایک بیل ہے جس پر پیلے رنگ کے پھول اگتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ جامنی مائل سرخ رنگ کے ہوجاتے ہیں۔

    ماہرین نے اس پودے کی افزائش کے لیے کئی جتن کیے تھے لیکن سب میں ناکامی ہوئی، اب دوبارہ اسے دیکھنے کے بعد ماہرین پر امید ہیں کہ نئی ٹیکنالوجی سے اس پودے کے تحفظ میں مدد ملے گی۔