Tag: پودا

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈی جی خان میں غازی میڈیکل کالج کا دورہ

    وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈی جی خان میں غازی میڈیکل کالج کا دورہ

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں غازی میڈیکل کالج کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کالج میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ضروری ہے، پودا لگانے کا مقصد طلبا میں شجرکاری کی اہمیت بیدار کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کے منصوبے تحت وزیراعظم عمران خان نے بلوکی میں پودا لگا کر “پلانٹ فار پاکستان مہم” کا افتتاح کیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے بلوکی میں پودا لگا کر “پلانٹ فار پاکستان مہم” کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میانوالی کا جنگل ختم ہوگیا، چھانگامانگا جنگل کے کیا حالات ہیں؟ ہمارے ہاں ویسے ہی جنگلات کی کمی ہے، جنگلات کی زمینیں لیزپرکیسے دی جاسکتی ہیں، پنجاب میں لیزپردی گئی جنگلات کی زمین فوری واپس لی جائیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ کے نام سے ایک روزہ شجرکاری مہم کا چلائی گئی تھی، جس کے تحت ملک بھر میں 15 لاکھ پودے لگائے گئے تھے، جس کے بعد اے آر وائی نیوز نے بھی درخت اُگاؤ مہم شروع کیا، اور پاک فوج کی جانب سے بھی ایک مہم چلائی گئی تھی۔

  • چھوئی موئی کا پودا انوکھی خصوصیات کا حامل

    چھوئی موئی کا پودا انوکھی خصوصیات کا حامل

    کیا آپ چھوئی موئی کے پودے کے بارے میں جانتے ہیں؟ ذرا سا چھونے پر اپنے پتے بند کردینے والا یہ پودا نہایت انوکھی خصوصیت کا حامل ہے۔

    چھوئی موئی یا حساس پھول کے نام سے مشہور اس پودے کا اصل نام مموسا پڈیکا ہے۔ اس کا اصل علاقہ لاطینی امریکا ہے۔

    جنگل اور درختوں کے درمیان اگنے پر اس پودے کی لمبائی 1 میٹر طویل ہوسکتی ہے۔

    ان پودوں کی سب سے اہم خصوصیت ان کے پتوں کا بند ہوجانا ہے۔ رات کے وقت اور اس وقت جب ان پودوں کو چھوا جائے تو ان کے پتے بند ہوجاتے ہیں۔

    یہ دراصل ان پودوں کا دفاعی نظام ہے، یہ عمل ان خلیات کی وجہ سے ہوتا ہے جو چھونے پر اپنا جمع شدہ پانی تیزی سے خارج کرتے ہیں۔

    یہ پتے اس وقت بند نہیں ہوتے جب تیز ہوا چلے یا پانی کا کوئی قطرہ ان پر گرجائے، صرف چھونے پر ہی یہ پتے بند ہوجاتے ہیں۔ ان پودوں کا یہ دفاعی نظام ہمارے اعصابی نظام سے مماثل ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پودے یادداشت بھی رکھتے ہیں، باوجود اس کے کہ ان میں نیورونز نہیں پائے جاتے۔ یہ اس لمس کو یاد رکھتے ہیں جو ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا، اور دوبارہ اس لمس کے چھونے پر پتے بند نہیں ہوتے۔

    یہ یاداشت صرف ایک ماہ تک کارآمد رہتی ہے۔ یادداشت کے معاملے میں یہ شہد کی مکھیوں سے بھی بہتر ہیں۔

    ان کی جڑوں سے ایک ناخوشگوار بو بھی آتی ہے جو زیر زمین انہیں کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

  • ایک درخت پاکستان کے لیے: 2 ستمبر کو خصوصی دن منانے کا فیصلہ

    ایک درخت پاکستان کے لیے: 2 ستمبر کو خصوصی دن منانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 2 ستمبر کو پلانٹ فار پاکستان ڈے منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں پودے لگائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نئی حکومت نے پختونخواہ میں شروع کی گئی بلین ٹری سونامی مہم کو ملک بھر میں پھیلاتے ہوئے 2 ستمبر کو پلانٹ فار پاکستان ڈے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وزارت موسمیاتی تبدیلی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ خصوصی دن کی ’جوائن پرائم منسٹر پاکستان عمران خان‘ کے نام سے تشہیر ہوگی۔ پروگرام کے تحت ہر شہر میں پودے لگانے کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    شہریوں کو پودوں کی فراہمی کے لیے خصوصی پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے۔ پروگرامز کو حتمی شکل دینے کے لیے منگل کو اجلاس طلب کرلیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے موسیماتی تبدیلی ملک امین اسلم اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    پختونخواہ کے بلین ٹری منصوبے کو قومی سطح تک پھیلانے کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت خیبر پختونخواہ میں ایک ارب پودے کامیابی سے لگائے گئے تھے۔ منصوبے کی کامیابی کا اعتراف بین الاقوامی ادارے بھی کر چکے ہیں۔