Tag: پورا

  • سعودی دوشیزہ کا تیر سے بوتل کیپ چیلنج پورا کرنے کا شاندار مظاہرہ

    سعودی دوشیزہ کا تیر سے بوتل کیپ چیلنج پورا کرنے کا شاندار مظاہرہ

    ریاض : سعودی دوشیزہ نے تیرکے ڈھکن سے بوٹل کا ڈھکن کھولنے کا چیلنج پورا کرکے سوشل میڈیا صارفین کو حیرانگی میں مبتلا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ان دنوں فلائنگ کک کے ذریعے بوتل کے ڈھکن کھولنے کا چیلنجگردش کررہاہے، اس حوالے سے ایک سعودی دوشیزہ مشاعل العتیبی نے باٹل کیپ چیلنج کو کامیابی سے پورا کر کے خوب داد وصول کی ہے تاہم ان کا انداز سب سے انوکھا رہا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عام طور سے باٹل کیپ چیلنج کا مقصد فلائنگ کِک کے ذریعے بوتل کو گرائے بغیر بوتل کے ڈھکن کو اڑانا ہوتا ہے، البتہ مشاعل نے تیر اندازی کے ذریعے اس چیلنج کو پورا کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بوتل کا ڈھکن کھولنے کے چیلنج کا آغاز سب سے پہلے مکسڈ مارشل آرٹس کے ایتھلیٹس نے شروع کیا تھا، اس کے بعد ہالی وڈ اداکار جیسن اسٹیتھم نے اس چیلنج کو اپنایا اور اب یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔

    مشاعل نے بتایا کہ میں نے کتابوں اور وڈیو کلپوں کے ذریعے اس کھیل کے اسرار و رموز کی جان کاری حاصل کی، مملکت میں اس کھیل تک خواتین کو رسائی کچھ عرصہ پہلے حاصل ہوئی ہے، اس کے بعد میں نے کھیل کے تمام زاویوں سے مہارتوں کو جانا۔

    مشاعل کا کہنا تھا کہ "مملکت میں تیر اندازی کی چیمپین شپ جیتنے کے بعد اب میں بیرونی مقابلوں میں شرکت کرنے اور بین الاقوامی ایونٹس میں سعودی عرب کی نمائندگی کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں سعودی معاشرے میں خواتین کے لیے تیر اندازی کو فروغ دینے پر کام کرنا چاہتی ہوں۔ مملکت میں چیمپین شپ کے انعقاد کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ مقامی سطح پر تیر اندازی میں مہارت اور صلاحیت کی حامل خواتین موجود ہیں”۔

    مشاعل کے مطابق سعودی تیر اندازی فیڈریشن خواتین کے اس کھیل میں داخلے کے سلسلے میں تمام تر معاونت اور خدمات پیش ٍکر رہی ہے، اس طرح ویژن 2030 پروگرام کو تقویت ملے گی۔

    مشاعل نے کہا کہ اس کھیل میں زیادہ نقل و حرکت کی ضرورت نہیں اور سعودی خواتین یا نوجوان لڑکیاں اپنے پردے کے ساتھ اس میں بھرپور حصہ لے سکتی ہیں۔

  • سوڈان میں سول حکومت کے قیام کا وعدہ پورا کریں گے، جنرل زین العابدین

    سوڈان میں سول حکومت کے قیام کا وعدہ پورا کریں گے، جنرل زین العابدین

    خرطوم : افریقی ملک سوڈان کی ملٹری کونسل کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ نئی حکومت سویلین ہوگی اور عمر البشیر کی جماعت کو بھی اگلے انتخابات میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک بیان میں سوڈان کی ملٹری کونسل کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ عمر زین العابدین نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

    ملٹری کونسل کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ کا جاری بیان میں کہنا ہے کہ معزول صدر عمر البشیر کی سیاسی جماعت نیشنل کانگریس پارٹی کو آئندہ عام انتخابات میں شرکت کی اجازت ہو گی۔

    عمر زین العابدین کے مطابق فوجی کونسل کے سیاسی عزائم نہیں ہیں اور نہ ہی مستقبل کے لیے کوئی سیاسی حل یا نظریہ پیش کریں گے کیونکہ یہ معاملہ سوڈانی عوام نے طے کرنا ہے۔

    انہوں نے سابق صدر عمر البشیر کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے سپرد کرنے کو خارج از امکان قرار دیا۔

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔