Tag: پورٹ قاسم

  • فیصل واوڈا نے پورٹ قاسم کی قیمتی زمین کی بندر بانٹ ناکام بنادی، 60 ارب قومی خزانے میں واپس

    فیصل واوڈا نے پورٹ قاسم کی قیمتی زمین کی بندر بانٹ ناکام بنادی، 60 ارب قومی خزانے میں واپس

    اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا نے پورٹ قاسم کی قیمتی زمین کی بندر بانٹ ناکام بنادی اور بہتر گھنٹے میں قومی خزانے میں 60 ارب واپس آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم کا اجلاس ہوا۔

    جس میں سینیٹر واوڈا نے کہا آرمی چیف نے اپنے ادارے کا احتساب سب سے پہلے کیا ہے، آرمی چیف نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان سب سے پہلے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرے نوٹس کے بعد پورٹ قاسم کی 500 ایکڑ زمین واپس ہوگئی اور پاکستان کا خزانہ 60 ارب کے نقصان سے بچ گیا۔

    سینیٹر واوڈا نے مزید بتایا کہ سیکریٹری میری ٹائم نے ساٹھ ارب کی چوری بچانے میں کردارادا کیا، ہم نے ساٹھ ارب روپے کی کرپشن روک لیا۔

    انھوں نے کہا میری ٹائم میں کرپشن کے پلندے لے کر آیا ہوں، ایسے ایسے ثبوت دوں گا کہ حیران رہ جائیں گے، وہ ثبوت دے رہا ہوں جو ایف آئی اے کو سالوں نہیں ملتے۔

    واوڈا کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم کی 500 ایکڑ کی زمین دس لاکھ میں دینے کا فیصلہ ستمبردوہزارچوبیس میں ہوا، پورٹ قاسم کی 365 ایکڑ کی زمین کی رقم کے بدلے پانچ سو ایکڑ زمین دینےکافیصلہ کیا گیا جبکہ پورٹ قاسم کی زمین صرف آٹھ فیصد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا میری ٹائم میں آٹھ ماہ تک ثبوت اکٹھے کیے اور مطالعہ کیا، میں نہ بولتا تو ملک کے ساٹھ ارب چلے جاتے۔

  • پورٹ قاسم میں نجی کمپنی میں گیس لائن پھٹ گئی، 2 افراد جاں بحق

    پورٹ قاسم میں نجی کمپنی میں گیس لائن پھٹ گئی، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: پورٹ قاسم کے قریب کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ قاسم کے قریب ایک نجی کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے دو افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، چار افراد زخمی ہیں جب کہ 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق اور دو متاثرین کی شناخت ہو گئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں ناظم ولد پٹھان خان عمر 40 سال، اور کامران ولد نامعلوم عمر 45 سال شامل ہیں، جب کہ متاثرہ افراد میں 30 سالہ تنویر ولد ممتاز اور 40 سالہ خالد ولد نامعلوم شامل ہیں، تاہم دو افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جن کی عمریں 38 اور 35 سال ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے حالت غیر ہونے والے افراد کو پہلے جناح اسپتال لے جایا گیا، پھر وہاں سے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے انھیں سول برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

  • ریلوے لائن کے قریب تیل چوروں کی کھودی سرنگ بڑے حادثے سے قبل پکڑی گئی

    ریلوے لائن کے قریب تیل چوروں کی کھودی سرنگ بڑے حادثے سے قبل پکڑی گئی

    کراچی: تیل چوروں نے ریلوے لائن کے قریب لمبی سرنگ کھود دی، تاہم کسی بڑے حادثے سے قبل کوشش پکڑی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تیل چوروں کی بنائی سرنگ بڑے ٹرین حادثے کی وجہ بنتے بنتے رہ گئی، کراچی میں سرکاری لائنوں سے تیل چوری کرنے والے منظم گروہ کی کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن کے قریب تیل چوری کی کوشش پکڑی گئی۔

    تیل چوروں نے ریلوے لائن کے قریب ایک لمبی سرنگ کھود دی تھی، ریلوے ملازم نعیم نے اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن لانڈھی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا لیا۔

    بروقت اطلاع ملنے پر کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن بن قاسم پورٹ قاسم اسٹیشن کے قریب بڑا ٹرین حادثہ ہونے سے بچا لیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم افراد نے ریلوے اسٹیشن بن قاسم پورٹ قاسم اسٹیشن درمیان کوئلہ لوڈنگ اسٹیشن پر ٹریک کے قریب کھدائی کی۔

    تیل چوروں نے ریلوے ٹریک کے قریب گودام کی دیوار کے 20 فٹ اندر سے ریلوے زمین کے نیچے 10 فٹ گہری، ڈھائی فٙٹ چوڑی اور 61 فٹ لمبی سرنگ کھودی تھی جو ریلوے ٹریک کے سلیپروں کے شولڈر تک گئی ہوئی تھی۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق اگر سرنگ مکمل ہو جاتی تو ریلوے ٹریک بیٹھنے کا خدشہ تھا، جس سے ریلوے کی مال ٹرینوں اور اسٹاف کو بھاری جانی و مالی نقصان کا اندیشہ تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • پورٹ قاسم کے قریب ٹریلر  نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو کچل دیا

    پورٹ قاسم کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو کچل دیا

    کراچی: پورٹ قاسم کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں موٹرسائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہوئے، لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ظہور اور فہد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے، ٹریلر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    اس سے قبل کشمور میں پولیس چوکی گنڈیر پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمور کے علاقے بڈانی میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پرحملہ کردیا، اس دوران ڈاکوؤں نے جدید اسلحہ سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    کوئٹہ : پکنک پوائنٹ سے 10 افراد کو اغوا کرلیا گیا

    زخمیوں اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج ایک اہلکار غلام مصطفیٰ راجپر دم توڑ گیا جبکہ دیگر دو زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے۔

  • پورٹ قاسم: کوکنگ آئل لے جانے والے ٹینکروں سے تیل کی چوری جاری

    پورٹ قاسم: کوکنگ آئل لے جانے والے ٹینکروں سے تیل کی چوری جاری

    کراچی: پورٹ قاسم سے کوکنگ آئل لے جانے والے ٹینکروں سے تیل کی چوری جاری ہے، لنک روڈ پر چوری کی واردات کی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطچابق پورٹ قاسم سے کوکنگ آئل لے جانے والے ٹینکروں سے ملزمان دھڑلے سے تیل چوری کررہے ہیں، ٹینکروں سے آئل نکال کر بیچنے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    فوٹیج میں ٹینکروں کے عملے کو آئل نکال کر بیچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، پورٹ قاسم روڈ اور دیگر لنک روڈز پر ٹینکروں سے آئل چوری کیا جاتا ہے۔

    حکام کی جانب سے اس پر اب تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا نہ ہی چوری روکنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کچھ ہفتوں قبل بھی بن قاسم میں منظم تیل چوری کا انکشاف ہوا تھا، کراچی سمیت سندھ بھر میں جہاں سے آئل کی لائنیں گذرتی ہیں وہاں تیل چوری کے واقعات پیش آتے ہیں۔

    مجموعی طور پر کراچی میں اب تک 7 کے قریب مقدمات بھی درج ہوئے لیکن تیل چوری کا منظم سلسلہ نہیں رک سکا، ذرائع کے مطابق جب تک پارکو ملازمین، پولیس اور منظم تیل چوری کرنے والے عناصر کا گٹھ جوڑ نہ ہو تیل چوری ہو ہی نہیں سکتا۔

  • کراچی: پورٹ قاسم کے قریب 2 خاکروب گٹر میں ہلاک

    کراچی: پورٹ قاسم کے قریب 2 خاکروب گٹر میں ہلاک

    کراچی کے علاقے پورٹ قاسم کے قریب دو خاکروب گٹر میں ہلاک ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے پورٹ قاسم کے قریب گٹر میں گیس بھرنے سے دو خاکروب بھائی ہلاک ہوگئے، خاکروبوں کو حفاظتی سامان کے بغیر گٹر میں اترنا پڑا تھا۔

    ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ دونوں خاکروب بھائیوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ نجی کمپنی کی جانب سے خاکروبوں کو گٹر میں صفائی کے لیے اتارا گیا تھا جن کے پاس کوئی حفاظتی سامان نہیں تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گٹر میں گیس بھر جانے سے خاکروب دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین نے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا اگر ورثا کسی کے خلاف مقدمہ درج کروانا چاہیں گے تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پورٹ قاسم پر ہزاروں کنٹینر پھنس گئے، اندر موجود لاکھوں ڈالر کا سامان ایکسپائر

    پورٹ قاسم پر ہزاروں کنٹینر پھنس گئے، اندر موجود لاکھوں ڈالر کا سامان ایکسپائر

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پورٹ قاسم پر 3 ہزار کے قریب کنٹینر کلیئرنس نہ ملنے کے باعث پھنس گئے، 600 سے زائد کنٹینرز میں موجود سامان ایکسپائر ہوگیا جبکہ محصولات کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی غیر واضح پالیسیاں تاجروں کا نقصان کرنے لگیں، پورٹ قاسم کراچی پر 2 ہزار 860 کنٹینر کلیئرنس کے منتظر ہیں۔

    پورٹ پر موجود 640 کنٹینرز کا سامان ایکسپائر ہوگیا، ان کنٹینرز میں فوڈ آئٹمز اور کاسمیٹکس کا سامان موجود تھا، دیگر کنٹینرز میں گاڑیاں، موبائل فونز، ہوم اپلائنسز اور فرنیچر موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینر امپورٹ پالیسی آرڈر اور مس ڈکلیئریشن کے باعث رکے ہوئے ہیں۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین عاصم احمد کا کہنا ہے کہ کنٹینرز رکنے سے محصولات کا نقصان بھی ہوا ہے، 23 ونٹیج گاڑیاں امپورٹ پالیسی آرڈر کی خلاف ورزی کے باعث کھڑی ہیں۔

  • پورٹ قاسم پر ڈیزل سے بھرا  جہاز ریت میں پھنس گیا

    پورٹ قاسم پر ڈیزل سے بھرا جہاز ریت میں پھنس گیا

    کراچی : پورٹ قاسم پر ڈیزل کا بھرا جہاز ریت میں پھنس گیا تاہم پھنسے جہاز کو بنڈل جزیرے کے قریب سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پورٹ قاسم پر کروڑوں لیٹرزسے لدا ڈیزل کا جہاز ریت میں پھنس گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پھنسے جہاز کو بنڈل جزیرے کے قریب سے نکالنے کی کوشش جاری ہے ، جہاز سے تیل کے رساؤ کا امکان ہے۔

    ترجمان پورٹ قاسم کا کہنا تھا کہ جہاز صبح ساڑھے 7بجےپھنسا، جس کے باعث جہاز کی برتھنگ متاثر ہوئی، جہاز پھنسنے کی وجوہات معلوم کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے معاون خصوصی محمودمولوی نے بتایا کہ آج صبح 2جہازوں کےانجنوں میں خرابیاں پیداہوئیں، نیوی گیشنل چینل میں داخل ہونےکےدوران جہازوں میں مسئلہ ہوا۔

    ،محمودمولوی کا کہنا تھا کہ بنڈل جزیرے کےقریب دونوں جہازوں کے انجن میں خرابی تھی، دونوں جہازوں کوویٹنگ ایریا میں لنگر انداز کردیا گیاہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دونوں جہازوں کوجلدبرتھوں پربھیج دیا جائے گا ، نیوی گیشن چینل صاف ہےاورپائلٹ اسٹینڈ بائی پرہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل سی ویو کے ساحل پر بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 پھنس گیا تھا، جسے ڈیڑھ ماہ بعد آپریشن کے ذریعے نکالا گیا تھا۔

  • ایکسپورٹرز کے لیے بڑا فیصلہ

    ایکسپورٹرز کے لیے بڑا فیصلہ

    کراچی: پورٹ قاسم اتھارٹی نے پورٹ چارجز میں 50 فی صد کمی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے پورٹ قاسم اتھارٹی نے پورٹ چارجز میں 50 فی صد کمی کر دی ہے۔

    پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویٹ اور ڈرائی پورٹ چارجز میں پچاس فی صد کمی سے پورٹ آمدنی میں 24 کروڑ روپے کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ پورٹ قاسم نے گزشتہ سال ٹیکس نکالے جانے کے بعد 18 ارب روپے منافع جاری کیا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سلسلے میں آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کے سربراہی میں کبیٹ کمیٹی ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک کا اجلاس منعقد ہوا۔

    پاکستان کے امپورٹرز، ایکسپورٹرز کے لیے اچھی خبر

    اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) سے بھی پورٹ چارجز میں کمی کے لیے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔

    مارچ کے آخر میں حکومت نے درآمد اور برآمد کنندگان کو فائدہ دینے کے لیے ملک کے بندرگاہوں کے چارجز کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، وفاقی حکومت کی طرف سے ہدایت تھی کہ بندرگاہوں کے نرخ ریشنلائز کیے جائیں۔

  • پورٹ قاسم پر فیکٹری میں گیس لیکج، 100 متاثر، متعدد بے ہوش

    پورٹ قاسم پر فیکٹری میں گیس لیکج، 100 متاثر، متعدد بے ہوش

    کراچی: پورٹ قاسم کے قریب فیکٹری میں گیس اخراج کے باعث 100 ملازمین کی طبیعت بگڑ گئی، متعدد بے ہوش ہو گئے، جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پورٹ قاسم کراچی پر واقعی کمپنی میں گیس لیکج کے باعث درجنوں افراد متاثر ہو کر اسپتال پہنچ گئے، فیکٹری ذرایع کا کہنا ہے کہ واقعے میں بے ہوش ہونے والے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ جناح اسپتال میں ہر ایمبولینس میں 5،5 متاثرین کو لایا جا رہا تھا، کیمیکل کا اخراج پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث ہوا، ٹوٹنے والے پائپ کی مرمت کر دی گئی ہے۔

    کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی میں گیس لیکج پر فوری قابو پا لیا گیا ہے، حادثے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، اینگرو کا عملہ متاثرین کی مناسب دیکھ بھال کے لیے اسپتال میں موجود ہے۔

    سویا بین سے لدا ہرکولیس جہاز پورٹ قاسم پر برتھ ہو گیا

    ترجمان نے بتایا کہ اینگرو کمپنی واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی، کمپنی تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی تفصیلات سے آگاہ رکھے گی۔ قبل ازیں کمپنی میں ملازمین کے اچانک بے ہوش ہونے کا سلسلہ شروع ہونے پر 50 سے زائد ایمبولینسز طلب کی گئیں، بتایا گیا کہ گیس کا اخراج پائپ لائن ٹوٹنے سے ہوا، جس کی مرمت کر دی گئی ہے۔