Tag: پوست کی کاشت

  • وزیرِ اعلیٰ کی بلوچستان بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بھرپور ایکشن کی ہدایت

    وزیرِ اعلیٰ کی بلوچستان بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بھرپور ایکشن کی ہدایت

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبے بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ایک انچ زمین پر بھی پوست کی کاشت اور پیداوار قابل قبول نہیں ہے۔

    انھوں نے دکی، لورالائی، قلعہ عبداللہ اور قلات انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ مل کر پوست کے خلاف کارروائی کرے۔

    جام کمال نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ زراعت کی دیگر پیداوار کے لیے لوگوں کو معاونت فراہم کی جائے، اور پوست کی کاشت کے علاقوں میں عوام کو متبادل روزگار کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

    وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے عزم کیا کہ بلوچستان کو منشیات سے پاک کر کے نوجوان نسل کو محفوظ بنایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  15 سو ایکڑ پر کاشت سبزیوں کو تلف کیا جائے، بلوچستان اسمبلی میں قرارداد

    دریں اثنا، جام کمال نے چینی کمپنی کے صدر ژوپنگ سے ملاقات کی جس میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، چینی کمپنی کے حکام نے وزیرِ اعلیٰ کو صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔

    وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان میں معدنی ترقی کی نئی پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے، معدنیات کے شعبے میں بہتری اور سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • افغانستان میں منشیات کی پیداوار ریکارڈ سطح‌ پر پہنچ گئی

    افغانستان میں منشیات کی پیداوار ریکارڈ سطح‌ پر پہنچ گئی

    کابل: افغانستان میں منشیات کی پیداوار 64 فیصد اضافے کے ساتھ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، 3 لاکھ 40 ہزار ہیکٹرز پر پوست کی فصل کاشت ہورہی ہے۔
    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں پوست کی کاشت میں یک دم بے پناہ اضافہ ہوگیا، رواں برس گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی پوست کاشت کی گئی۔


    افغان وزیر برائے انسداد منشیات سلامت عظیمی نے وائس آف ایشیا پشتو سروس کو بتایا کہ بدامنی کے سبب حکومت پوست (پوپی سیڈ) کی پیدوار کو روکنے کے پروگرام پر عمل درآمد نہیں کرسکی جس کے سبب پوست کے پودے کی کاشت یک دم 64 فیصد اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 40 ہزار ہیکٹرزیعنی 8 لاکھ 40 ہزار ایکڑ تک پہنچ گئی ہے۔
    ایک تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ بدعنوانی اور حکومتی کمزوریوں کے سبب ریاست کو منشیات کے سونامی کی تباہی کا سامنا ہے۔
    ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس پوست کی کاشت میں 2015ء کے مقابلے میں 46 فیصد اضافہ ہوا، یہ کاشت دولاکھ ایک ہزار ہیکٹر رقبے پر تھی جس سے چار ہزار 700 ٹن افیم حاصل کی گئی۔


    وائس آف ایشیا پشتو سروس کو ذرائع نے بتایا کہ رواں برس پوست کی کاشت کے ذریعے 10 ہزار ٹن سے زائد افیم حاصل کی گئی جسے ریفائن کرکے ہیروئن حاصل کی گئی۔
    اقوام متحدہ کے شعبہ جرائم اور منشیات کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس افغانستان کی مجموعی قومی پیداوار کا 16 فیصد پوست کی کاشت تھی جو کہ پورے ملک کی زراعت کا دو تہائی حصہ تھی (یعنی پورے ملک کی زراعت کے تین حصے کیے جائیں تو ایک حصہ دیگر فصلیں اور بقیہ دو حصے پوست کی کاشت کی گئی)
    اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں بدامنی، تشدد، بغاوت اور پوست کی کاشت کے عوامل کے سبب پرائیویٹ اینڈ پبلک انویسٹمنٹ کو خطرات کا سامنا ہے۔


    خیال رہے کہ سال 2001ء میں طالبان کی حکومت میں پوست کی کاشت پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم ان کی حکومت ختم ہونے اور امریکی و اتحادی افواج کی آمد سے یہ کاشت یک دم پہلے سے بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

    امریکا کی جانب سے پوست کی کاشت کے سوا دیگر فصلوں کی کاشت کے لیے کئی بار کسانوں کی حوصل افزائی کی مد میں اب تک اربوں روپے خرچ کیے گئے مگر نتیجہ کچھ خاص نہ نکلا۔