Tag: پوسٹل سروس

  • بھارت نے امریکا کے لیے اہم سروس معطل کر دی

    بھارت نے امریکا کے لیے اہم سروس معطل کر دی

    نئی دہلی (24 اگست 2025): بھارت نے امریکا کے لیے پوسٹل سروس معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز انڈین وزارت مواصلات کے تحت محکمہ ڈاک نے اعلان کیا ہے کہ 25 اگست سے امریکا جانے والی تمام پوسٹل اشیا کی بکنگ عارضی طور پر معطل کر دی جائے گی۔

    اس فیصلے کے تحت صرف خطوط، دستاویزات اور 100 امریکی ڈالر تک مالیت کے تحائف کی بکنگ جاری رہے گی، یہ اقدام امریکی کسٹمز قوانین میں تبدیلی کے بعد کیا گیا ہے، جو اس ماہ کے آخر سے نافذ العمل ہوں گے۔

    محکمہ ڈاک کا کہنا ہے کہ امریکی قوانین کی وجہ سے اسے عملی مشکلات کا سامنا ہے، محکمے نے وضاحت کی کہ یہ معطلی براہِ راست ان نئے قواعد کے نفاذ کا نتیجہ ہے جو انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ (IEEPA) کے تحت نافذ ہونے جا رہے ہیں۔

    بھارت کو روسی تیل پر ٹرمپ کی بات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، نکی ہیلی

    واضح رہے کہ پوسٹل سروسز کی معطلی تجارتی کشیدگی میں اضافے کے پس منظر میں سامنے آئی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ہندوستان پر 25 فی صد ٹیرف عائد کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ روسی تیل کی خریداری پر اضافی 25 فی صد جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جس سے ٹیرف کا مجموعی بوجھ مؤثر طریقے سے 50 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔

    امریکا کے نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت اب وہ تمام ٹرانسپورٹ کیریئرز، جو بین الاقوامی ڈاک سسٹم یا امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) کی جانب سے منظور شدہ ’’اہل فریقین‘‘ کے ذریعے سامان پہنچاتے ہیں، ان پر لازم ہوگا کہ وہ کسٹمز ڈیوٹی وصول کریں اور جمع کرائیں۔

  • پاکستان کے لیے بڑی خبر، پوسٹل سروس کے عالمی ادارے نے نئی رینکنگ جاری کر دی

    پاکستان کے لیے بڑی خبر، پوسٹل سروس کے عالمی ادارے نے نئی رینکنگ جاری کر دی

    اسلام آباد: پوسٹل سروس کے عالمی ادارے کی جانب سے 170 ممالک کی نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے، یونی ورسل پوسٹل یونین کی 2020 رینکنگ میں پاکستان کو 27 درجے ترقی مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اداروں کی بہتری کی حکومتی کوششیں رنگ لا رہی ہیں، پاکستان پوسٹ کی عالمی سطح پر رینکنگ میں بہتری اس کا ثبوت ہے۔

    پاکستان پوسٹ 2016 میں 29 پوائنٹس کے ساتھ 94 نمبر پر تھا، 2020 میں 27 درجے ترقی کے ساتھ 94 سے 67 نمبر پر آ گیا، خیال رہے کہ اس رینکنگ میں دنیا میں وہ ممالک سر فہرست ہیں جو صنعتی شعبے میں عالمی رینکنگ میں بھی ٹاپ پر ہیں۔

    یہ رینکنگ پاکستان پوسٹ پر اعتماد، محنت، لگن کے ساتھ بہترین سروس کے حوالے سے ہے، پاکستان پوسٹ میں حالیہ جاری ڈیجیٹائزیشن ہونے سے پاکستان کئی درجے مزید اوپر آ جائے گا، پاکستان پوسٹ کا کہنا ہے کہ نظام میں جدت سے پاکستان پوسٹ عالمی سطح پر پاکستان کا فخر بنے گا۔

    جاری رپورٹ میں کرونا وبا سے پوسٹل سیکٹر کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ذکر کیا گیا ہے، عالمگیر وبا میں پاکستان پوسٹ کا گھرگھر پنشن پہنچانے کے اقدام کو خاص طور پر سراہاگیا ہے۔

    پاکستان پوسٹ بھی جدت کی جانب گامزن

    پاکستان پوسٹ کا کہنا ہے کہ 2023 تک وہ ٹاپ 20 میں شامل ہونے کی بھر پور کوشش کر رہا ہے، ادارے میں جاری ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو پورا کر کے ای کامرس میں بھی داخل ہونے جا رہا ہے۔

    رینکنگ کی بہتری سے پاکستان پوسٹ کے بزنس میں مزید اضافہ اور لوگوں کا اعتماد حاصل ہوگا، ڈیجیٹائزیشن کے عمل کی تکمیل سے پوری دنیا میں پاکستان کے پروڈکٹس کو فروغ ملے گا۔