Tag: پوسٹ مارٹم

  • ایس بی سی اے کے مقتول اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا پوسٹ مارٹم مکمل ، اہم انکشاف

    ایس بی سی اے کے مقتول اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا پوسٹ مارٹم مکمل ، اہم انکشاف

    کراچی : ایس بی سی اے کے مقتول اسسٹنٹ ڈائریکٹر اظہرحسین کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ، جس میں ان کے سر، ہاتھوں اورگردن پر تشدد کے نشانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس بی سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اظہر حسین کے قتل کے معاملے پر مقتول کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

    جس میں بتایا گیا کہ اظہر حسین کے سر،ہاتھوں اور گردن پر تشدد کے نشانات ہیں تاہم وجہ موت کے تعین کیلئے نمونے کیمیائی تجزیئے کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت کا حتمی تعین ہوگا، مقتول کے ورثا کے ساتھ رابطے میں ہیں، ورثاء کے بیان اورحتمی رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر خان ملیر رفاہ عام سوسائٹی کا رہائشی اور 3 جون سے لاپتہ تھا، میت رکھوانے والے شخص نے سرد خانے کو غلط معلومات فراہم کیں۔

    اظہر خان ایس بی سی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے، ان کی ملیر میں پوسٹنگ تھی، متوفی جانوروں کے بیوپاری کے طور پر کام بھی کرتے تھے۔

    ایدھی فاونڈیشن کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میت سرد خانہ میں طاہر وہاب کے نام سے شناخت بتا کر رکھوائی گئی تھی، جس شخص نے گزشتہ روز میت رکھوائی وہ کال اٹینڈ نہیں کررہا۔

  • شہید ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے قائم میڈیکل بورڈ میں توسیع

    شہید ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے قائم میڈیکل بورڈ میں توسیع

    اسلام‌ آباد : سینیئر صحافی شہیدارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے قائم میڈیکل بورڈ میں مزید دو سینئر ڈاکٹرز شامل کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہیدارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے قائم میڈیکل بورڈمیں توسیع کردی گئی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ پمز اسپتال کے مزید 2سینئر ڈاکٹروں کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا گیا اور پوسٹ مارٹم کرنے والے بورڈ کے ارکان کی تعداد 6 سے بڑھاکر8 کر دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ میں شعبہ ناک، کان، گلہ کے سربراہ ڈاکٹر الطاف اور شعبہ اورو میگزیلو فیشل سرجری کے ڈاکٹر عمر فاروق کو شامل کیا گیا ہے۔

    شہید سینئر صحافی ارشد شریف کے پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے معاملے پر 6 رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔

    جس مین پمز کےشعبہ میڈیکولیگل کے 3ڈاکٹرز ، سینئرمیڈیکولیگل آفیسر ڈاکٹر فرخ کمال، ڈاکٹر نسرین بٹ،ڈاکٹرارشاد اور پروفیسرممتاز نیازی شامل تھے۔

    پمز اسپتال انتظامیہ نے میڈیا سے بات کرتےہوئے بتایا اہل خانہ کی جانب سے پوسٹ مارٹم کی درخواست آئی تھی، پوسٹ مارٹم جلد مکمل ہو جائے، پوسٹ مارٹم کیلئےکچھ ٹیسٹ ہوتے ہیں ان کی رپورٹ میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔

  • شہید ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے 6 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل

    شہید ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے 6 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل

    اسلام آباد : شہید ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے 6 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہید ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے پمز اسپتال کا 6 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔

    ترجمان پمز نے کہا کہ ڈاکٹر فرخ کمال کی سربراہی میں 6 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، میڈیکل بورڈ ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کرے گا۔

    شہید ارشد شریف کی میت کو پوسٹ مارٹم کیلئے قائداعظم اسپتال سے پمز اسپتال کے لئے روانہ کردیا گیا ہے، اس موقع پر ارشد شریف کے اہل خانہ موجود ہے۔

    ارشدشریف کے جسد خاکی کومنتقل کرنے کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال کے باہر تعینات ہیں۔

    خیال رہے صحافی ارشد شریف کا کینیا میں پوسٹ مارٹم ہوا تھا تاہم اہلخانہ نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ پوسٹمارٹم کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ رات ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچایا گیا تھا، ارشد شریف کی نماز جنازہ اور تدفین کل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگی۔

  • ڈاکٹرعامر لیاقت کی تدفین ہوگی یا  پوسٹ مارٹم؟ معاملہ الجھ گیا، عدالت کا بڑا حکم

    ڈاکٹرعامر لیاقت کی تدفین ہوگی یا پوسٹ مارٹم؟ معاملہ الجھ گیا، عدالت کا بڑا حکم

    کراچی : رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا معاملہ الجھ گیا، عدالت نے پولیس سرجن کو میت کا جائزہ لینےکی ہدایت کردی، جس کے بعد عدالت پوسٹ مارٹم کا فیصلہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرعامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کے معاملے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس سرجن کو میت کا جائزہ لینےکی ہدایت کردی۔

    وکیل اہلخانہ خورشیدخان نے کہا کہ عدالت نے میت کی جانچ کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، پولیس سرجن نےتاحال میت کا معائنہ نہیں کیاتھا۔

    عدالتی حکم پر پولیس سرجن، ایم ایل او اور مجسٹریٹ سردخانےپہنچ گئے ، مجسٹریٹ اورپولیس سرجن نےلاش کامعائنہ شروع کردیا ہے ، میت کا جائزہ لیکررپورٹ مرتب کریں گے۔

    مزید پڑھیں : ڈاکٹر عامر لیاقت کے ورثا کی لاش حوالگی کیلئے درخواست دائر

    جس کے بعد رپورٹ عدالت پیش کی جائے گی ، عدالت پولیس سرجن کی رپورٹ کی روشنی میں پوسٹ مارٹم سے کا فیصلہ کرے گی۔

    یاد رہے ڈاکٹر عامر لیاقت کے بیٹے نے پوسٹ مارٹم نہ کرنے اور میت حوالگی کی درخواست کی تھی ، جس میں کہا کہ اہل خانہ پوسٹ مارٹم نہیں کرواناچاہتے، جس کے بعد بیٹے کی درخواست پرعدالت نے سماعت مکمل کی۔

    مزید پڑھیں : ڈاکٹرعامر لیاقت کا قتل ہوا یا طبی موت ہے؟

    دوسری جانب پولیس نے بھی ڈاکٹر عامر لیاقت کی وجہ موت کی جانچ کیلئے پوسٹ مارٹم کی درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا تھا کہ ڈاکٹرعامرلیاقت کاقتل ہوایاطبی موت ہے پتہ کرناہے، پوسٹ مارٹم کی اجازت دی جائے۔

  • کراچی میں خواتین ایم ایل اوز کا معاملہ، سیکریٹری ہیلتھ سندھ کو آگاہ کر دیا گیا

    کراچی میں خواتین ایم ایل اوز کا معاملہ، سیکریٹری ہیلتھ سندھ کو آگاہ کر دیا گیا

    کراچی: خواتین ایم ایل اوز کی تعداد میں اضافے پر پولیس سرجن ڈاکٹر افتخار نے سیکریٹری ہیلتھ سے رابطہ کر کے انھیں تمام صورت حال سے آگاہ کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نےگزشتہ شب کی صورت حال پر پولیس سرجن ڈاکٹر افتخار سے رابطہ کیا تھا، اور مطالبہ کیا تھا کہ جناح اسپتال میں فی الفور مزید 4 خواتین ایم ایل اوز کی تعیناتی عمل میں‌ لائی جائے۔

    ذرائع میڈیکو لیگل کا کہنا ہے کہ خواتین ایم ایل اوز کی تعیناتی اور اضافے کے لیے انتظامیہ کو کئی بار خط لکھے جا چکے ہیں، لیکن اس سلسلے میں 20 اسامیاں عرصہ دراز سے خالی ہیں۔

    ذرائع میڈیکو لیگل کے مطابق جناح اسپتال میں یومیہ میڈیکو لیگل کے لیے 100 سے زائد مردوں اور 20 سے 30 خواتین کیسز آتے ہیں، جب کہ یومیہ 7 مردوں اور 3 خواتین کے پوسٹ مارٹم کیے جاتے ہیں۔

    کراچی میں کتنی خاتون ایم ایل او ہیں؟ چشم کشا انکشاف

    ادھر پولیس سرجن ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ ایم ایل اوز کو روزانہ کیسز سے متعلق عدالتوں میں بھی پیش ہونا پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ یہ صورت حال ایک بار پھر اُس وقت نمایاں ہو کر سامنے آئی جب گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سیکیورٹی گارڈز اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک تین سالہ بچی حرمین کی موت واقع ہوئی، اور جناح اسپتال میں اس کے پوسٹ مارٹم میں غیر معمولی تاخیر کا سامنا ہوا۔

    میڈیکو لیگل ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں محض 5 خواتین ایم ایل اوز تعینات ہیں، جن میں سے 3 عباسی شہید اسپتال میں اور 2 جناح اسپتال میں تعینات ہیں، جب کہ سول اسپتال میں کوئی لیڈی ایم ایل او موجود نہیں۔

  • انگریزوں کے طے کردہ اوقات کار میں تبدیلی، اب رات میں بھی پوسٹ مارٹم ہوسکے گا

    انگریزوں کے طے کردہ اوقات کار میں تبدیلی، اب رات میں بھی پوسٹ مارٹم ہوسکے گا

    بھارت میں مرکزی حکومت نے پوسٹ مارٹم کے لیے انگریزوں کے وقت کے نظام میں تبدیلی کرتے ہوئے رات میں بھی پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جن اسپتالوں میں مناسب بنیادی ڈھانچہ موجود ہے وہاں رات میں بھی پوسٹ مارٹم کیا جاسکتا ہے، رات میں پوسٹ مارٹم کے دوران پورے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھی جائے گی۔

    اس کا استعمال قانونی مقاصد اور شبہے کی صورت میں کیا جاسکے گا حالانکہ قتل، خودکشی، عصمت دری، کٹی پھٹی لاش اور مشتبہ حالات کی صورت میں رات کے وقت پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

    اس اجازت سے حادثے میں مارے گئے شخص کی لاش کو اس کے گھر والوں کو سونپنے کا عمل آسان ہوگا، علاوہ ازیں جو لوگ اعضا عطیہ کرنا چاہتے ہیں انہیں بھی سہولت ہوگی۔ یہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ ہوچکا ہے۔

    خاندانی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا کا کہنا ہے کہ اجازت دینے سے قبل صحت خدمات کے ڈائریکٹوریٹ کی تکنیکی کمیٹی نے تفصیلی طور پر جائزہ لیا۔ اب اس سلسلے میں تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مطلع کردیا گیا ہے۔

  • سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، وجہ موت سامنے آ گئی

    سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، وجہ موت سامنے آ گئی

    کراچی: سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی لاش کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں مکمل ہونے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں کیے گئے عثمان کاکڑ کی لاش کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں وجہ موت طبعی قرار دے دی گئی۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاش پر کسی تشدد یا جسمانی زخم کے نشانات نہیں ہیں، سابق سینیٹر کی موت کی وجہ برین ہیمبرج سے ہوئی، اور وجہ موت طبعی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم سے پہلے آغا خان لے جایا گیا تھا، جہاں کرانیوٹومی سرجری ہوئی، جب کہ مکمل رپوٹ کیمیکل، پیتھولوجیکل معائنے کے بعد کچھ دنوں میں آئے گی۔

    پوسٹ مارٹم کے بعد پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی میت ورثا کے حوالے کی گئی، جو نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے شہر قائد کے باغ جناح پہنچائی گئی، نماز جنازہ کے لیے جے یو آئی کے راشد سومرو، قاری شیر افضل، جماعت اسلامی کے عبدالرزاق، اور اے این پی کے شاہی سید و دیگر پہنچے۔

    خیال رہے کہ عثمان کاکڑ کی میت قانونی کارروائی کے لیے نجی اسپتال سے جناح اسپتال منتقل کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ مرحوم عثمان کاکڑ کے بیٹے نے والد کے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا ہے، بیٹے خوش حال خان نے دعویٰ کیا ہے کہ میرے والد کو قتل کیا گیا ہے، واقعے کے وقت والدگھر میں اکیلے تھے، لگتا ہے ان پر ایک سے زیادہ افراد نے حملہ کیا ہے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ عثمان کاکڑ تین روز قبل سر پر چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہوئے تھے، اور آج کراچی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، انھیں تین روز قبل بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تھا، عثمان خان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اور صوبائی صدر تھے۔

  • نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 2 ہفتوں میں جاری ہوگی: پولیس سرجن

    نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 2 ہفتوں میں جاری ہوگی: پولیس سرجن

    کراچی: پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے کہا ہے کہ انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی بچی نشوا کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ دو ہفتوں میں جاری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے نشوا کے پوسٹ مارٹم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوسٹ مارٹم کی تجویز دی تھی، جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور سیکریٹری ہیلتھ کے کہنے پر میڈیکل بورڈ بنایا گیا۔

    پولیس سرجن نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ محفوظ کر لی گئی ہے جسے 2 ہفتوں میں جاری کیا جائے گا۔

    قرار عباسی نے بتایا کہ تمام اجزا کا کیمیکل ایگزامن ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی سے کرایا جائے گا، ضرورت ہوئی تو چائلڈ اسپیشلسٹ کو بہ طور میڈیکل بورڈ ممبر شامل کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی

    پولیس سرجن نے کہا کہ بچی کے علاج پر مشتمل تمام ریکارڈ مانگا گیا ہے، تفتیشی افسر سے دارالصحت اور لیاقت نیشنل اسپتال سے علاج کے ریکارڈ کی فراہمی کے لیے کہہ دیا ہے، مکمل رپورٹ دینے سے قبل اسپتالوں کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔

    خیال رہے کہ ننھی بچی نشوا کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر بعد جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی، جب کہ تدفین پہلوان گوٹھ قبرستان میں ہوگی، نشوا کی نماز جنازہ کا وقت پوسٹ مارٹم کی وجہ سے تبدیل کر دیا گیا تھا۔

  • گوجرہ: فائرنگ سے جاں بحق عمیرکا پوسٹ مارٹم مکمل

    گوجرہ: فائرنگ سے جاں بحق عمیرکا پوسٹ مارٹم مکمل

    گوجرہ: تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی بلال اصغروڑائچ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے میں مقتول عمیر کو11 گولیاں لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرہ میں جھنگ روڈ پرپی ٹی آئی ایم پی اے بلال اصغرکے گھرپرفائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عمیر کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوگیا۔

    ایم ایس ڈاکٹرشہباب عالم کے مطابق مقتول عمیر کے جسم پر11 گولیاں لگیں، عمیرپر3 سے 4 فٹ کے فاصلے سے فائرنگ کی گئی۔

    اےایس پی شعیب کا کہنا ہے کہ پولیس قتل کے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے، ایم پی اے نے مخالفین کی طرف سے دھمکیاں ملنے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم حیدر گجرقتل کے مقدمے میں ملوث ہے، ملزم کا ایم پی اے بلال اصغر کے ڈیرے آنا جانا رہتا تھا۔

    اےایس پی شعیب نے کہا کہ ملزم آج حسب معمول ایم پی اے کے ڈیرے پرآیا تھا، ملزم نے موقع پا کر عمیرکو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

    پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی بلال اصغر وڑائچ کے گھر پر فائرنگ سے ان کا دوست جاں بحق ہوگیا تھا، قاتلانہ حملے میں پی ٹی آئی رکن اسمبلی بال بال بچ گئے تھے۔

  • زینب کے پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق، ڈی این اے پروفائلنگ مکمل

    زینب کے پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق، ڈی این اے پروفائلنگ مکمل

    قصور : سات سالہ زینب کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے دوسری جانب فرانزک لیب میں ڈی این اے پروفائلنگ کا عمل بھی مکمل ہو گیا ہے،کل ننھی کلی کا سوئم بھی تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ننھی زینب کی لاش کی پوسٹ مارٹم کرنے والی ایم ایل او کی جانب سے مکمل طبی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں سفاک ملزمان کی کم سن بچی کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سات سالہ زینب کو زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا جب کہ زینب کی نازک کلائیوں کو بھی تیز دھار آلے سے کاٹنے کی کوشش کی گئی اور بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی نمایاں تھے۔

    علاوہ ازیں فرانزک لیب سے ڈی این اے پروفائلنگ کی رپورٹ بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے جس کے بعد دس سے زائد زیر حراست ملزمان کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب زیادتی اور قتل کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے نئے سربراہ محمد ادریس اور آئی جی پنجاب عارف نواز آج زینب کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


     یہ بھی پڑھیں : قصور، زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی پری زینب سپرد خاک


    اس موقع پر آئی جی پنجاب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تھوڑا وقت لگے گا لیکن ہم ملزم تک ضرور پہنچ جائیں گے، جے آئی ٹی نے بھی اپنے کام کا آغاز کردیا ہے اور دیگر تمام ادارے بھی تعاون کر رہے ہیں، امید ہے کیس جلد نمٹالیں گے۔

    آئی جی پنجاب عارف نواز نے مزید بتایا کہ زینب کے گھر والوں کے بیان اور اب تک کے حاصل شواہد کی روشنی میں کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن کی ڈی این اے میچنگ کا عمل جاری ہے اگر کسی کا ڈی این اے میچ کرجاتا ہے تو ملزم کے نام کا اعلان کردیں گے.

    خیال رہے کہ گزشتہ روزمعصوم زینب کا سوئم تھا جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ مختلف سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے نمائندوں نے بھی خصوصی طور پر سوئم میں شرکت کی اور سارا دن لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا.

    یاد رہے کہ قصور میں 7 سالہ زینب 5 جنوری کی شام ٹیوشن پڑھنے کے لیے گھر سے نکلی تھی اور پانچ دن بعد اس کی لاش کچرا کنڈی سے ملی تھی جب کہ زینب کے والدین عمرے کے لیے گئے ہوئے تھے، بچی کی لاش ملنے پر قصور میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے.