Tag: پولو

  • ایک قدیم کھیل میں پاکستانی گھڑ سوار ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب

    ایک قدیم کھیل میں پاکستانی گھڑ سوار ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب

    تلمبہ: پنجاب کے چھوٹے سے شہر تلمبہ میں روایتی ڈھول تاشے اور شہنائی کی آوازوں کی گونج میں پاکستانی گھڑ سوار قدیم کھیل ٹینٹ پیگنگ میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

    کھیل کے دوران مختلف رنگوں کے شوخ ویسکوٹ پہنے گھڑ سواروں نے اپنے نیزے زمین میں گڑے لکڑی کے کھونٹوں کو نشانہ بنا کر اپنی مہارت کا ثبوت دیا، کیوں کہ مٹی میں کھیلے جانے والے اس کھیل میں گرد میں چھپ جانے والے کھونٹے کو نشانہ بنانا آسان نہیں ہوتا۔

    گھڑ سواری کے اس کھیل کے لیے ایک مشاق گھڑ سوار کی ضرورت ہوتی ہے جسے سرپٹ دوڑتے گھوڑے کی پشت پر سے نیزہ زمین میں گڑے کھونٹے میں چھیدنا پڑتا ہے۔

    مقامی سیاست دان شوکت حیات بوسان کا کہنا ہے کہ یہ جوان شیروں کا کھیل ہے، جس کے لیے نہ صرف ایک اچھے گھوڑے کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ ایک اچھے سوار کی بھی۔

    کھیل کے آرگنائزر صاحب زادہ سلطان محمد علی کا کہنا ہے کہ ٹینٹ پیگنگ کے اس کھیل سے متعلق کوئی ریکارڈ گنیز بک میں نہیں تھا، لیکن اب ہم نے 120 گھوڑوں کے 166 سیکنڈز میں فنش لائن تک پہنچنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیگر عالمی ریکارڈز میں یہ ریکارڈ بھی شامل ہے کہ 90 کھونٹے ایک ساتھ نیزوں کے ذریعے نکالے گئے۔ انھوں نے بتایا کہ ریکارڈز بنائے جا چکے ہیں تاہم اب انھیں گنیز بک کے حکام کی طرف سے توثیق کا انتظار ہے۔

    خیال رہے کہ ٹینٹ پیگنگ کا کھیل برّ صغیر کا صدیوں پرانا ایک ایسا کھیل ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ختم ہو رہا ہے، جو صرف پنجاب میں زندہ ہے، تاہم عالمی ریکارڈز قائم ہونے کے بعد امید ہے کہ عالمی سطح پر اس کھیل کو توجہ میسر آئے گی۔

    کھیل میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کھیل کو وہ اپنے بل بوتے پر فروغ دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2018 میں پاکستان نے پہلی بار متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

  • چترال کے سالانہ پولو ٹورنامنٹ کا آغاز، رنگا رنگ افتتاحی تقریب

    چترال کے سالانہ پولو ٹورنامنٹ کا آغاز، رنگا رنگ افتتاحی تقریب

    چترال: پاکستان کے سب سے پرسکون علاقے  اور وادی میں ضلعی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے سالانہ پولو ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا جو 13 اپریل تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی کپ پولو ٹورنامنٹ  2018کے افتتاح کے موقع پر رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں اے ڈی سی چترال منہاس الدین، ڈی پی او چترال منصور امان، کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس اور پولو ایسوسی ایشن چترال کے صدر نے شرکت کی۔

    اس موقع پر فاتح ٹیم کو دی جانے والی ٹرافی کی بھی رونمائی ہوئی، تقریب میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور مہمانوں نے علاقائی موسیقی پر خوب رقص کیا اور میچ دیکھ کر خوب محظوظ ہوئے۔

    ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر  کمشنر نے پولو کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’دوسرے لوگوں کو دوسرے کھلیوں میں مصروف رہنے دیں، بادشاہوں کا کھیل آج بھی کھیلوں کا بادشاہ ہے‘۔ عوام کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب کے بعد پہلے روز مختلف ٹیموں کے مابین ہونے والے 6 مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کو خوب داد دی۔

    واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر نے علاقائی ثقافت اور تہواروں کی حفاظت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ’ملکی کپ پولو ٹورنامنٹ‘ کو اُس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے جو 1968 سے ممکن نہیں کیا جارہا تھا۔

    قبل ازیں چترال کی ضلعی انتظامیہ جشن چترال 2018 کو بھرپور انداز سے منانے کی تیاریاں شروع کی تھیں، فیسٹیول میں فری اسٹائل پولو، دوسرے علاقائی کھیلوں کے علاوہ کشتی، رسہ کشی، نیزہ بازی، تیراندازی، پمپوق بازی، چھت چھتو اولیک، آنتو دیک (پہاڑوں پر دوڑ) کے خصوصی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں جشن چترال فیسٹیول میں میوزیکل شو، علاقائی رقص، جیسے پستوک، کلاشی ڈانس، بروزی ڈانس کے علاوہ لوک موسیقی کو بھی شامل کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سن 1928 میں کپٹن کاب ریاست چترال کے پولٹیکل ایجنٹ مقرر ہوئے اور انہوں نے فری اسٹائل پولو کے علاوہ علاقائی کھیلوں کے مقابلے منظم انداز سے منعقد کرواتے ہوئے ان کی ترویج و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔