شندور : دنیا کے سب سے اونچے پولو گراونڈ شندور میں پولو فیسٹیول دوسرے روز بھی جاری ہے، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد فیسٹیول میں شریک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے اونچے پولو گراونڈ شندور میں پولو فیسٹول کا آغاز ہوگیا ، کےپی میں 3 روزہ فیسٹیول کے رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہوا، شندور پولو فیسٹیول 9 جولائی تک جاری رہے گا۔
12 ہزار 500 فٹ بلندی پر پولو گراونڈ میں کھیلا جانے والا اپنی نوعیت کا منفرد فیسٹول ہے ، افتتاحی تقریب میں چترال اورگلگت بلتستان کی پولو کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ بینڈز نے مختلف دھنوں پر مشتمل قومی نغمے پیش کئے۔
مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ وزیرستانی، کالاش،چترال اورخٹک ڈانس پیش کیا ، کےپی حکومت اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے تقریب منعقدکی گئی
افتتاحی تقریب میں پیرا گلائیڈرز نے شائقین سے خصوصی داد وصول کی ، شندور پولو فیسٹول کے پہلے دن مختلف ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے گئے۔
خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، پا ک فوج، ضلعی انتظامیہ اور چترال سکاؤٹس کے اشتراک سے دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور پر گلگت اور چترال کی مختلف ٹیموں کے درمیان آج دوسرے روز بھی مقابلے جاری ہیں۔3
تین روزہ فیسٹیول کل اختتام پذیر ہوگا، سیاحوں کیلئے آتشبازی اور گلگت و خیبرپختونخوا کی روایتی موسیقی پر مشتمل محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا جائے گا، گزشتہ سال فیسٹیول میں چترال کی ٹیم فاتح قرار پائی تھی