Tag: پولیس افسران

  • ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے والے پولیس افسران فارغ

    ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے والے پولیس افسران فارغ

    امریکی شہر لاس اینجلس کے محکمہ پولیس نے اپنے 2 افسران کو ملازمت سے برخاست کردیا جن پر یہ الزام ثابت ہوگیا کہ وہ ایک ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے ورچوئل رئیلٹی گیم پوکے مون گو کھیلتے رہے۔

    مذکورہ واقعہ سنہ 2017 میں پیش آیا تھا جب رات کے وقت پٹرول آفیسر نے ڈیوٹی پر موجود دونوں اہلکاروں کو ایک اسٹور میں ڈکیتی کی اطلاع دی اور انہیں موقع پر پہنچنے کا کہا۔

    تاہم دونوں اہلکار کال کو نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے میں مصروف رہے اور گیم کے خیالی کردار کو پکڑنے کے لیے شہر میں ادھر ادھر گھومتے رہے۔

    عدالت میں پیش کردہ دستاویز میں کہا گیا کہ دونوں افسران نے جان بوجھ کر ایمرجنسی کال نظر انداز کی اور دوران ڈیوٹی گیم کھیلتے رہے۔

    واقعے کے وقت دونوں نے بہانہ کیا کہ انہیں ریڈیو پر پٹرول سپروائزر کی آواز ٹھیک سے سنائی نہیں دی، تاہم کار میں موجود ریکارڈنگ سسٹم سے ان کا بھانڈا پھوٹ گیا جس میں ریڈیو کی آواز صاف سنائی دے رہی ہے۔

    ریکارڈنگ میں سنا جاسکتا ہے کہ دونوں افسران ایمرجنسی کال کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے کھیل کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے رہے۔

    دونوں افسران کو ان کی ملازمت سے برخاست کیا جاچکا ہے جبکہ ان کے خلاف مزید کارروائی بھی متوقع ہے۔

  • زیر تربیت پولیس افسران کو سمجھنا ہوگا آپ کا کام شہریوں کا تحفظ ہے: چیف جسٹس

    زیر تربیت پولیس افسران کو سمجھنا ہوگا آپ کا کام شہریوں کا تحفظ ہے: چیف جسٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے تاثر رہا ہے کہ پولیس تحفظ کے بجائے بنیادی حقوق سلب کرتی ہے، آئین اور قانون کی حکمرانی شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضامن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے تقریب میں شرکت خوش آئند اور باعث فخر ہے، معاشرے میں پولیس کا اہم کردار ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس کا کردار کلیدی ہے، پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں۔ میرے بھائی بھی پولیس میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 16 دسمبر ہمیں دو سانحات کی یاد دلاتا ہے، ایک سقوط ڈھاکہ اور دوسرا سانحہ اے پی ایس پشاور کی۔ سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس جیسے واقعات سوچ میں تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہر ریاست کا اولین فرض ہے، یہ ہمیں سقوط ڈھاکا سے سبق ملتا ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ بدقسمتی سے تاثر رہا ہے پولیس تحفظ کے بجائے بنیادی حقوق سلب کرتی ہے، آئین اور قانون کی حکمرانی شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضامن ہے۔ زیر تربیت افسران کو سمجھنا ہوگا آپ کا کام شہریوں کا تحفظ ہے، گورننس قانون کے مطابق ہونی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ریاست یقینی بنائے بنیادی حقوق عوام تک پہنچ رہے ہیں یا نہیں، وقت آئے گا جب پولیس کی مکمل اپروچ پر سوچنا ہوگا۔ پولیس کا کام عوام کی حفاظت ہے پراسیکیوشن نہیں۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اے پی ایس واقعہ نے ہمیں غور کرنے پر مجبور کیا۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد پوری قوم نے فیصلہ کیا کہ کچھ کرنا ہوگا۔ قوم نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کو سپورٹ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا اہم جزو کرمنل جسٹس سسٹم بھی ہے، کرمنل جسٹس میں ہم نے کچھ بہتری لانے کی کوشش کی۔ انصاف کے شعبے میں بہتری آرہی ہے، پولیس کی بہتری کے لیے بدقسمتی سے حکومتی سطح پر کام نہیں کیا گیا۔

  • پنجاب کے 11 پولیس افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری

    پنجاب کے 11 پولیس افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری

    لاہور: پنجاب کے 11 پولیس افسران کا تقرر اور تبادلہ کر دیا گیا ہے، آئی جی پنجاب عارف نواز نے افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عارف نواز نے پنجاب پولیس کے گیارہ افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم مظفر گڑھ ریحان رسول کو اے ڈی آئی جی ڈیرہ غازی خان مقرر کر دیا ہے، جب کہ اے ڈی آئی جی ڈی جی خان فاروق احمد ڈی ایس پی لیگل ڈی جی خان تعینات کر دیا گیا۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی منصور ناجی کی خدمات ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے سپرد کر دی گئیں، تقرر کے منتظر ڈی ایس پی سلیم حیدر شاہ ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم شیخو پورہ تعینات کر دیے گئے۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی محمد افسر کو ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم راولپنڈی تعینات کر دیا گیا، جب کہ ڈی ایس پی اعجاز حسین شاہ ڈی ایس پی سیکورٹی وی وی آئی پی مقرر کیا گیا۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی غضنفر عباس ایس ڈی پی او میاں چنوں خانیوال جب کہ ڈی ایس پی محمد اشرف کی خدمات ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کے سپرد کر دی گئیں۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی رضا کار حسین شاہ ڈی ایس پی سیکورٹی گورنر ہاؤس، ڈی ایس پی سیکورٹی گورنر ہاؤس نعیم عزیز ایس ڈی پی او صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ جب کہ ڈی ایس پی کینٹ، سٹی ٹریفک پولیس ندیم بٹ کو سی پی او میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

  • سانحہ ساہیوال : وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم سے رابطہ: پولیس افسران کی برطرفی کا فیصلہ

    سانحہ ساہیوال : وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم سے رابطہ: پولیس افسران کی برطرفی کا فیصلہ

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال واقعے میں ایڈیشنل آئی جی اور سی ٹی ڈی سربراہ کو عہدے سے ہٹا دیا، آپریشن کی قیادت کرنے والے ایس ایس پی کی معطلی کے احکامات جاری کردیئے، عثمان بزدار نے وزیر اعظم کو فون کرکے جے آئی ٹی رپورٹ پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں موجود وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے حساس اداروں، جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ اور دیگر اقدامات سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ کے بعد سردار عثمان بزدار نے آپریشن کی قیادت کرنے والے ایس ایس پی کو معطل کردیا۔

    اس کے علاوہ ڈی آئی جی باقرالقا، ایڈیشنل آئی جی اظہرحمید کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا اور واقعے میں ملوث تمام اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، واقعے میں ملوث تمام اہلکاروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: سانحہ ساہیوال ، جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ پیش ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہارعدم اطمینان

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی سربراہ رائے طاہر نے وقوعہ تبدیل کرنے کی کوشش کی دیگر پولیس افسران بھی واقعے کو توڑ مروڑ کرپیش کررہے تھے، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے کرائم سین کو بھی تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

    اس کے علاوہ حقائق کو مسخ کرنے کیلئے واقعے کے بعد گاڑی میں خودکش جیکٹس اور اسلحہ بعد میں ڈالا گیا۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن، پولیس افسران کی برطرفی: امید ہے بڑوں کے خلاف بھی اقدامات ہوں گے، طاہرالقادری

    سانحہ ماڈل ٹاؤن، پولیس افسران کی برطرفی: امید ہے بڑوں کے خلاف بھی اقدامات ہوں گے، طاہرالقادری

    لاہور: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پولیس افسران کو او ایس ڈی بنادیا گیا، امید ہے بڑوں کے ساتھ بھی ایسا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے قیام کے38سال مکمل ہونے کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج تحریک منہاج القرآن کے قیام کے38سال مکمل ہوگئے ہیں،37سال میں13جون2014جیسا مشکل وقت نہیں آیا،ہمارے کارکن شہید و زخمی ہوئے ان ہی کو قاتل بنا کر جیل میں ڈالا گیا،کارکنوں پر56ایف آئی آرز کاٹی گئیں 300سے زائد پیشیاں بھگتیں، کل56کارکنان راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے باعزت بری ہوئے ہیں۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں116پولیس اہلکار و افسران کو ہٹانے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ پولیس افسران کو او ایس ڈی بنایا گیا، امید ہے بڑوں کے ساتھ بھی ایسا ہوگا، پنجاب حکومت کے اس اقدام کی تعریف کرتا ہوں، وزیر اعظم عمران خان نے مجھ سے انصاف کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بیان پربات کرنا گوارہ نہیں کرتا، شہبازشریف اس سے بدترسلوک کے حقدارہیں، وہ اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔

    طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے زینب قتل کیس کا نوٹس لیا، اس کیس میں تیزی سے انصاف ہوا اور آج وہ وحشی درندہ اپنے انجام کو پہنچا، میں چیف جسٹس سے ماڈل ٹاؤن واقعے میں ہونے والی درندگی کا نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہوں۔

    مزید پڑھیں: لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث116پولیس اہلکاروں کوعہدوں سے ہٹا دیا گیا

    طاہرالقادری نے کہا کہ مہنگائی کے مسائل ہیں تو قو م خود لانگ مارچ کرے، قوم اپنے حق کیلئے اٹھے گی تو اس کے مسائل حل ہوں گے،ہمارے کارکنوں نے قوم کا ٹھیکہ نہیں اٹھا رکھا کہ ہر بار وہ ہی قربانی دیں۔

  • مارکٹائی کرکے ترقیاں لینے والے پولیس افسران کل عدالت میں پیش ہوں، چیف جسٹس

    مارکٹائی کرکے ترقیاں لینے والے پولیس افسران کل عدالت میں پیش ہوں، چیف جسٹس

    لاہور: پولیس افسران کی جانب سے اپنے دفتر میں عدالت لگا کر کاروبار کی تقسیم کے حوالے سے زبردستی معاہدہ کرانے کے معاملے کی سماعت میں چیف جسٹس نے کہا مارکٹائی کرکے ترقیاں لینے والے پولیس افسران کل عدالت میں پیش ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پولیس افسران کی جانب سے اپنے دفتر میں عدالت لگا کر کاروبار کی تقسیم کے حوالے سے زبردستی معاہدہ کرانے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔

    ایڈیشنل آئی جی ابوبکر خدا بخش نے عدالت کو آگاہ کیا کہ امین وینس نے مرحوم شہری کے اسی کروڑ مالیت کے کاروبار کو چالیس کروڑ میں فروخت کرنے کا زبردستی معاہدہ کرایا۔

    ابوبکر خدا بخش نے کہا امین وینس نے سی سی پی او آفس میں بیٹھ کر بھتہ خوری کی، قانون کے تحت عدالت لگانا پولیس کا کام نہیں اور سابق ایس ایس پی عمر ورک نے اس سارے عمل میں معاونت فراہم کی۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے قرار دیا کہ یہ وہی سی سی پی او ہے، جس کی زمینوں سے گزرنے والے نالے کا معاملہ بھی عدالت میں آیا تھا، سرکاری وکیل نے جواب دیا جی بدو نالے والے معاملے میں بھی سابق سی سی پی او سے متعلق عدالت نے حکم دیا تھا۔

    نیب کے وکیل نے بتایا کہ سابق سی سی پی او امین وینس کا معاملہ نیب میں بھی ہے۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ یہ تو سیدھا سادھا نیب کا معاملہ ہے، مارکٹائی کر کے ترقیاں لینے والے پولیس افسران کل عدالت میں پیش ہوں۔ مقدمہ بھی درج کرائیں گے اور معاملے کو منطقی انجام کی طرف بھی بڑھائیں گے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے سابق سی سی پی او امین وینس اور پولیس افسر عمر ورک کو ذاتی حیثیت سے اور آئی جی پنجاب کو بھی طلب کر لیا۔

  • کراچی : آٹھ سالہ کائنات کا زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل، مزید تین ملزمان گرفتار

    کراچی : آٹھ سالہ کائنات کا زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل، مزید تین ملزمان گرفتار

    کراچی : پولیس نے آٹھ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے میں ملوث مزید تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، مقتولہ کائنات کی بڑی بہن سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے بھٹائی آباد میں آٹھ سالہ بچی کائنات کو زیادتی کے بعد قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد مزید تین ملزمان کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا ہے۔

     واقعے کے بعد ایس ایس پی ملیر، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کائنات کے گھربھٹائی آباد پہنچے۔ پولیس افسران نے نے کائنات کی بڑی بہن سے بھی واقعے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

    پولیس کے مطابق زیرحراست ملزمان الطاف اور عارف کے بیانات کو مچنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جارہی ہے، اس کے علاوہ پولیس نے قتل کیس میں مزید3مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے گئےافراد مقتولہ کائنات کے رشتہ دارہیں۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ کائنات کا بھائی جیکب آباد سےکراچی نہیں پہنچا، مقتولہ کے بھائی کے نہ پہنچنے کی وجہ سے تاحال مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گلستان جوہر کے علاقے بھٹائی آباد سے آٹھ سالہ بچی کائنات کی لاش برآمد ہوئی تھی جسے زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ سات سالہ کائنات کو مختلف طریقوں سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے شواہد ملے ہیں، بچی کو پیٹ پر وزنی چیز ماری گئی جبکہ گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسلام آباد: موٹے پیٹ والے پولیس افسران کو وزن کم کرنے کا حکم

    اسلام آباد: موٹے پیٹ والے پولیس افسران کو وزن کم کرنے کا حکم

    اسلام آباد : موٹے پیٹ والے تھانیداروں کو ایک ماہ میں اپنی کمر اور وزن کم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، آئی جی اسلام آباد نے وزیر داخلہ کی ہدایت پر تمام ایس ایچ اوزکو متنبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد کے تھانیداروں کی توندوں کا سختی سے نوٹس لے لیا، انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو کو موٹے پیٹ والے ایس ایچ اوز کےخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

    آئی جی اسلام آباد نے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ کمر اور وزن والے شہر اقتدار کے تمام ایس ایچ اوز کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایک ماہ میں اپنی کمراور وزن کو کم کریں۔

    ان کا کہنا ہے کہ زیادہ وزن سے ایس ایچ اوز اپنے فرائض چستی سے ادا نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ 38کمرنہ رکھنے والے تھانیداروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

    آئی جی کا مزید کہنا ہے کہ تھانوں میں کم ازکم گریجویٹ لیول کےحامل محررتعینات کیے جائیں، پڑھےلکھے محرروں کی تعیناتی سے عوام کو مسائل بتانے میں آسانی ہوگی۔


    مزید پڑھیں: موٹاپا آپ کی زندگی کے آٹھ سال گھٹا دیتا ہے


    ایس ایس پیز فوری گریجویٹ لیول کےحامل نئے محرر تعینات کریں، آئی جی اسلام آباد نے شہر کے تمام تھانوں سے بدتمیز اور بداخلاق محرر ہٹانے کا حکم بھی دیا ہے۔

  • سندھ: وزراء کو مزید قلمدان عطا، پولیس میں‌ تقرری و تبادلے

    سندھ: وزراء کو مزید قلمدان عطا، پولیس میں‌ تقرری و تبادلے

    کراچی : سندھ حکومت نے صوبائی وزرا کو مزید قلم دان عطا کردیے اور سندھ پولیس افسران کے تقرری و تبادلے کردئیے گئے، علاوہ ازیں کئی ڈپٹی کمشنرز کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ کے وزراء کو مزید قلمدان سونپ دیئےگئے  جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    حکم نامے میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ کو محکمہ مذہبی امور کا قلمدان سونپ دیا گیا جبکہ سہیل انور سیال کو محکمہ معدنیات کا اضافی قلمدان دیا گیا،  ممتاز جاکھرانی کو محکمہ بحالیات کا اضافی قلمدان دیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں سردارشاہ کو محکمہ آرکائیو کا اضافی قلمدان دےدیا گیا،نوٹی فکیشن کے مطابق محمد علی ملکانی کو محکمہ ماحولیات اور ساحلی ترقی کا اضافی قلمدان اور معاون خصوصی ریحانہ لغاری کو خصوصی تعلیم کا اضافی قلمدان سونپا گیا ہے۔

    سندھ پولیس میں کئے گئے تقرریوں اور تبادلوں میں سی ٹی ڈی کے ایس پی پرویز چانڈیو ڈی پی او نوشہرو فیروز تعینات کیے گئے ہیں، میر احمد شیخ ٹنڈومحمدخان کےایس پی آپریشن سی ٹی ڈی ون اور فیض اللہ کوریجو ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ون جبکہ عدیل چانڈیو کو ایس ایس پی سٹی تعینات کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اعجازاحمد ڈی پی او ٹنڈومحمدخان، فداحسین جانوری ڈی پی اوکشمور، امداد علی شاہ ڈی پی اوسجاول، سمیع اللہ ڈی پی او کشمور، سرفراز نواز ڈپی او جیکب آباد، اور امین مگسی کو ڈپی اوتھرپارکر تعینات کیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں سندھ حکومت میں اتتظامی امور کیلئے تبادلےاورتقرریاں کی گئیں ہیں جس میں کئی ڈپٹی کمشنرز کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے۔

    گزشتہ دنوں تعینات ڈپٹی کمشنرایسٹ اسد ضامن کا تبادلہ کرکے ان کو سیکریٹری سندھ ریونیوبو بورڈ تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرحیدرآباد معتصم عباسی کا تبادلہ کرکے انہیں ڈپٹی سیکریٹری محکمہ داخلہ تعینات کیا گیا ہے۔

    انورعلی شرکو ڈپٹی کمشنرحیدرآباد تعینات کردیا گیا، اس کے علاوہ ندیم احمد ابڑو ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ تعینات کئے گئے ہیں۔

  • برازیل میں پرتشددمظاہرے‘122افراد ہلاک

    برازیل میں پرتشددمظاہرے‘122افراد ہلاک

    برازیلیا: برازیل میں ایک ہفتے سے جاری پرتشدد مظاہروں میں122افراد ہلاک ہوگئے ہیں،جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہاہے۔

    تفصیلات کےمطابق برازیل کی ریاست ایسپیریٹو سانٹومیں حکومت نے ڈیوٹی نہ کرنے والےپولیس افسران کوخبردارکیاہےکہ ان کے خلاف بغاوت کےالزامات کے تحت مقدمات چلائے جاسکتے ہیں۔

    ایسپیریٹو سانٹو میں تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے پولیس افسران گزشتہ ایک ہفتے سےہڑتال پرہیں،جس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں سیکورٹی خلا پیدا ہوگئی ہے۔

    ایسپیریٹو سانٹو کی مقامی پولیس یونین کے ترجمان نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 122 ہوگئی ہے۔

    برازیل کے صدر مچل ٹیمر کی حکومت کا کہنا تھا کہ موجودہ افراتفری کو روکنے میں مدد کے لیے وفاقی پولیس اور فوج کے سینکڑوں مزید اہلکار ریاست کے میٹروپولیٹن علاقے ویٹوریا بھیجے جائیں گے۔

    واضح رہےکہ اس سے قبل وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ بدامنی کی صورت حال کے آغاز میں ایک ہزار 200 دستے تعینات کیے گئے تھے،جن کی تعداد بڑھا کر3 ہزار کی جائے گی۔