لاہور (10 اگست 2025): چوہنگ واقعے کے بعد پنجاب کے شہر لاہور میں پولیس نے اجتماعی زیادتی کے ایک اور کیس میں ملزمان کا انکاؤنٹر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سی سی ڈی پولیس کا اجتماعی زیادتی کے ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے، جن کی شناخت شعیب اور زبیر کے نام سے ہوئی ہے۔
سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزمان نے 2 روز قبل مانگا منڈی سے 13 سالہ لڑکی کو اغوا کیا تھا، اور مغوی لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر شبیر زخمی ہوا، جب کہ انسپکٹر عمران یوسف کی بلٹ پروف جیکٹ پر گولیاں لگیں۔
قبل ازیں، لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک واقعہ شہ سرخیوں کی زینت بنا تھا جس میں 4 ملزمان نے شوہر کے سامنے اس کی بیوی سے اجتماعی زیادتی کی تھی، سی سی ڈی پولیس نے ملزمان سے آمنا سامنا ہونے کے کئی واقعات میں یکے بعد دیگر چاروں ملزمان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
لاہور : شوہر کے سامنے بیوی سے گینگ ریپ کا چوتھا ملزم بھی انجام کو پہنچ گیا
ادھر نارووال میں 2 خطرناک ملزمان سی سی ڈی حراست سے فرار ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قتل، ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں ملوث میں تھے، دوران ریکوری ملزمان کے 4 ساتھیوں نے کریل پل پر فائرنگ کی، اس دوران دونوں خطرناک ملزمان ساتھیوں سمیت فرار ہو گئے، جب کہ ایک اہلکار فائرنگ سے زخمی ہوا۔