Tag: پولیس اہلکاروں

  • نیویارک :‌ پولیس اہلکاروں کا قتل اور ٹائمز اسکوائر حملے کی منصوبہ بندی، ملزم گرفتار

    نیویارک :‌ پولیس اہلکاروں کا قتل اور ٹائمز اسکوائر حملے کی منصوبہ بندی، ملزم گرفتار

    واشنگٹن : پولیس نے نیویارک میں دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کرنے والے بنگلادیشی شہری کو گرفتار کرکے بروکلین کی عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک کے ٹائم سکوائر پر دہشت گردی کی نیت سے فائرنگ کرنے کے ایک منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا اورملزم کو گرفتارکرلیاگیا، بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان ملزم عاشق العالم کو گرفتار کرکے بروکلین کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

    امریکی ٹی وی چینلز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ گرین کارڈ ہولڈر ملزم داعش کا ہمدرد اور نائن الیون حملہ کرنے پر القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا مداح تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے انتہا پسند نظریات کی بناءپر اس کی ایک سال سے نگرانی کی جا رہی تھی اور ایک انڈرکور ایجنٹ نے اسے پستول اور اسلحہ فروخت کیا۔ اس نے ایجنٹ کو بھی ہمدرد سمجھ کر بتایا کہ وہ اپنے مشن کی خاطر جان قربان کرنے کو تیار ہے۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ اس نے اسلحہ خرید کر اس پر سے تمام بخر مٹا دئیے اور مخبری پر پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق نیویارک کے علاقہ کوئنز کے رہائشی اس نوجوان پر فی الحال اسلحہ رکھنے سے متعلق الزامات لگائے گئے ہیں، وہ دہشت گردوں کا حامی ضرور ہے لیکن فی الحال اکیلے بھیڑئیے کے طور پر کام کر رہا تھا اور ابھی اس پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد جمع کئے جا رہے ہیں۔

  • جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

    جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

    کراچی : پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا اور تنبیہہ کی کہ سیر و تفریح کرنے والوں سےکوئی نکاح نامہ نہ مانگے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے پولیس اہلکاروں کو وارننگ دی ہے کہ کراچی میں سیر و تفریح کرنے والوں سےکوئی نکاح نامہ نہ مانگے، شہر میں جوڑوں سے نکاح نامہ طلب کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    ڈاکٹر امیر شیخ نے کراچی کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو خط لکھا، جس میں ایسے اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے عام شکایت ہے کہ پولیس والے جگہ جگہ اور خاص طورپر پارکوں اورسی ویو پر نکاح نامہ طلب کرکے ہراساں کرتے ہیں۔

    عوامی شکایات پر کراچی پولیس چیف نے پولیس اہلکاروں کو تنبیہہ کی کہ جوڑوں سے میاں بیوی ہونے کا ثبوت مانگنے کی شکایت نہیں ملنی چاہیے، ساحل سمندر، کلفٹن، ڈیفنس یا دیگر تفریحی مقامات پر بلاوجہ شہریوں کو تنگ کیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے شہر بھر کے تفریحی مقامات پر جوڑوں کو یہی خوف رہتا تھا کہ ابھی کوئی اہلکار آئے گا اور نکاح نامہ مانگ کر ہراساں کرے گا۔