Tag: پولیس شہدا

  • علی امین گنڈاپور کا پولیس شہدا کے خاندانوں کو پلاٹ دینے کا اعلان

    علی امین گنڈاپور کا پولیس شہدا کے خاندانوں کو پلاٹ دینے کا اعلان

    پشاور (4 اگست 2025): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے شہید پولیس افسران واہلکاروں کی فیملیز کو پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں یوم شہدا پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کے پولیس شہدا کی فیملیز کو پلاٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے شہدا اور زخمیوں کی فیملیز کو جشن آزادی منانے کے لیے 50، 50 ہزار روپے بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شہدا کی فیملی کو ایک ایک پلاٹ دوں۔ اس حوالے سے کام مکمل ہو چکا، پولیس شہدا کے علاوہ صوبے سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے شہدا کی فیملیز کو بھی پلاٹ دیں گے۔ ان شہدا نے ہمارے اور ہمارے بچوں کے مستقبل کیلیے جان کا نذرانہ دیا۔ شہادت کا درجہ بہت بڑا ہے، ہم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری پولیس کوئی عام دہشتگردوں، اسٹریٹ فائٹرز یا جیب کتروں سے مقابلہ نہیں کر رہی بلکہ ہمارا مقابلہ ایسے دہشتگردوں سے ہے، جس نے سپر پاور کو شکست دی۔ ہمیں طاقتور فوج اور پولیس چاہیے۔ ہم سب نے مل کر یہ جنگ لڑنی اور دشمن کا مقابلہ کرنا ہے۔ چیک پوسٹ اور دیگر کاموں کیلیے 7 ارب روپے دیے ہیں۔

    وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کے پی میں شہدا پیکیج میں اضافہ کیا اور اس سال شہدا کے ویلفیئر فنڈ میں ایک ارب روپے بڑھائے ہیں۔ اب کسی شہدا کے لواحقین کو کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں۔ پولیس کے پاس شہدا پیکج کا فنڈ پڑا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سمیت تمام سرکاری افسر شہدا کے اہلخانہ کو کھڑے ہو کر ملیں گے۔

    علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ ہم نے پولیس کی تنخواہ بڑھائی۔ ہم پولیس میں مزید بھرتیاں کرنے لگے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ ہر علاقے میں مقامی لوگ بھرتی کیے جائیں۔ اب تک 284 شہدا کے بچے بھی بھرتی کر چکے ہیں۔

     

    انہوں نے فورسز پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے سے پہلے ان شہدا کی فیملی کا سوچ لیا کریں۔ اپنی فورسز کا مورال ہائی کریں اور انہیں سپورٹ کریں۔ کسی ایک کی کوتاہی پر سب کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔