Tag: پولیس مقابلہ

  • کراچی میں پولیس مقابلہ‘ ملزم گرفتار

    کراچی میں پولیس مقابلہ‘ ملزم گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں ماڑی پور روڈ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ماڑی پور روڈ پر کراؤن سنیما کے قریب پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم حنیف عرف ڈگر کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    کراچی میں پولیس مقابلہ‘ 2 ٹارگٹ کلرہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پراسکاؤٹ کالونی کے قریب پولیس مقابلے میں دو ٹارگٹ کلر ہلاک ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقابلے میں ہلاک ایک ٹارگٹ کلرکی شناخت ریحان بنگالی جبکہ دوسرے کی معصوم کے نام سے ہوئی تھی۔

    کراچی: ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار، 6 افراد کے قتل کا اعتراف

    واضح رہے کہ رواں سال 3 ستمبرکو کراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ(لندن) سے تعلق رکھنے والے دو ٹارگٹ کلر کو گرفتارکیا تھا، ملزمان نے 6 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کیا تھا

    ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ بفرزون سے گرفتار ملزمان میں اویس عرف شاہ اور عابد عرف نانا شامل ہے، ملزمان نے سب انسپکٹر مجیدآغا، کانسٹیبل نذیر اور اے ایس آئی کو قتل کیا۔

  • وہاڑی میں پولیس مقابلہ، 3 ملزمان ہلاک، دو زخمی حالت میں فرار

    وہاڑی میں پولیس مقابلہ، 3 ملزمان ہلاک، دو زخمی حالت میں فرار

    کرمپور: پنجاب کے ضلع وہاڑی میں پولیس مقابلے کے نتیجے میں 3 ملزمان ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع وہاڑی کے علاقے کرمپور میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے باعث تین ملزمان کی ہلاکتیں سامنے آئیں، جبکہ دو زخمی حالت میں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 5 ڈاکو علاقے سے موٹرسائیکل چھین کرفرار ہورہے تھے، ناکے پر روکے جانے پر ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

    پولیس کے مطابق اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے 3 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ دو ڈاکو زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلہ‘ 4 ڈاکو ہلاک

    پولیس حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقابلے میں مارے گئے ڈاکوؤں کی شناخت کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب لاہور کے علاقے مناواں پولیس کی کارروائی سامنے آئی جس کے باعث تین ملزمان گرفتار ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان نے کارروائی کے دوران فائرنگ بھی کی تھی۔

    گرفتار ملزمان سے 2 کلاشنکوف، ایک اسٹین گن، 2پسٹل اور 200 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

    خیا رہے کہ رواں سال اگست میں پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلے کے دوران 4 ڈاکو ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو شہری بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • جنوبی کرولینا میں پولیس مقابلہ، ملزم گرفتار، سات اہلکار زخمی

    جنوبی کرولینا میں پولیس مقابلہ، ملزم گرفتار، سات اہلکار زخمی

    واشنگٹن : امریکا میں پولیس نے مقابلے کے بعد مسلح شخص کو گرفتار کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیرولینا کے جنوبی شہر فلورینس فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ فلورینس شہر کی پولیس ہیلپ لائن پر فون کال موصول ہوئی تھی، پولیس پارٹی جائے وقوعہ پر پہنچی تو مسلح ملزم نے بچوں کو یرغمال بنا رکھا تھا اور پولیس مقابلے کے دوران یرغمال بچوں کو ہی ڈھال لیا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلح شخص اور پولیس ٹیم کے درمیان دو گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، گولیوں کی زد میں آکر 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس اہلکار دو گھنٹے مقابلے کے بعد مسلح شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے تاہم ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی حملے کی وجوہات واضح ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیرولینا میں ہونے والے پولیس مقابلے کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’میری دعائیں فلورینس کاؤنٹی کے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ہیں‘۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا میں اب تک 23 ہزار 408 امریکی پولیس اہکار ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہوئے ہیں جس میں 112 اہلکار وں کو رواں برس فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق سنہ 2017 کے دوران متحدہ ہائے امریکا میں 15 ہزار افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں : امریکا: بینک ہیڈکوارٹر میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، دو زخمی


    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست اوہائیو کے شہر چنچناٹی میں قائم بینک ہیڈکوارٹر میں گھس کر حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے تین افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں امریکی ریاست ٹیکساس کےعلاقے رابزٹاؤن کے نرسنگ ہوم میں نامعلوم حملہ آور نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 15 فروری کو فلوریڈا کے ہائی اسکول میں 19 سالہ حملہ آور نے اسکول کے اندر گھستے ہی فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

  • گھوٹکی میں پولیس مقابلہ‘ اہلکار شہید

    گھوٹکی میں پولیس مقابلہ‘ اہلکار شہید

    گھوٹکی : صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں مرید شاخ رینی پل کے قریب ڈاکوؤں اورپولیس میں مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکارشہید ہوگیا۔

    ایس پی اسد اعجاز ملہی کے مطابق ملزمان 2 مغوی کاشت کاروں کولے کرموقع سے فرار ہوگئے، ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔

    کراچی میں پولیس مقابلہ‘ 2 ٹارگٹ کلرہلاک

    خیال رہے کہ دو روز قبل کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اسکاؤٹ کالونی کے قریب پولیس مقابلے میں دو ٹارگٹ کلر مارے گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقابلے میں ہلاک ایک ٹارگٹ کلرکی شناخت ریحان بنگالی جبکہ دوسرے کی معصوم کے نام سے ہوئی تھی۔

    حیدرآباد میں پولیس مقابلہ‘ 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حیدرآباد میں موسیٰ کھٹیان لنک روڈ پر پولیس نے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

  • امل ہلاکت کیس: سپریم کورٹ نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی

    امل ہلاکت کیس: سپریم کورٹ نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی

    اسلام آباد :چیف جسٹس نے امل ہلاکت کیس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی اور کہا ہنستی کھیلتی بچی والدین کے ہاتھوں سے چلی گئی، دنیا کا کوئی معاوضہ والدین کے دکھ کا مداوا نہیں کرسکتا، بغیرتربیت پولیس کوایس ایم جی پکڑائی گئی، لگتا ہے پورا برسٹ مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ امل ہلاکت از خود نوٹس کیس کی سماعت کررہا ہے ، سماعت شروع ہوئی تو امل کی والدہ نے بیان میں بتایا کہ امل زخمی ہوئی تو اسپتال لے جانے کیلئے کوئی ایمبولینس نہیں تھی ، اسپتال میں سہولیات نہیں تھی ، بر وقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث امل جانبر نہ ہوسکی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ انتہائی افسوس ناک اورچونکا دینے والا واقعہ ہے، اسپتال کا مالک کون ہے؟ کہاں ہے آج کیوں نہیں آیا؟ ہم واقعے کی تحقیقات کرائیں گے، پولیس نہیں بلکہ ایف آئی اے یا آئی بی سے تحقیقات کرائیں گے۔

    بر وقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث امل جانبر نہ ہوسکی، امل کی والدہ

    امل کی والدہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہم کراچی کے مرکزی علاقے سے گزر رہے تھے کہ  ڈکیت نے گاڑی کے شیشے  پردستک دے کر موبائل چھینا، سگنل کھلا توفائرنگ شروع ہوگئی اور گولی ونڈ اسکرین کو توڑ کر ہماری بیٹی امل کو لگی، 10 سال کی امل مبینہ طورپرپولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی۔

    امل کے خاندان کے وکیل  کا کہنا تھا کہ والدین کو معاوضے کی ادائیگی سے حل نہیں نکلے گا، پولیس کی طرف سے کلچربن گیا ہے، ان کی تربیت ناکافی ہے، پولیس کی غفلت سے دو نتائج نکلے ہیں اور اسپتال کی تربیت  بھی ناکافی ہے۔

    وکیل کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے سرکاری اسپتالوں کے لئے قواعد و ضوابط بنائے ہیں ، پرائیویٹ اسپتالوں میں زخمی کو طبی امداد دینے کے لیے کوئی ’ایس او پی‘ نہیں۔

    چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ علم نہیں ڈکیتوں پرفائرنگ کرنے والا پروفیشنل تھا یا نہیں، ایسے واقعات کے سدباب کے لیے اصول وضع کرنے ہوں گے۔

    جسٹس ثاقب نثار کا ریمارکس میں مزید کہنا تھا کئی اسپتالوں کے بارے میں لوگ شکایتیں کرتے ہیں، نجی اسپتالوں والے بے حس ہوچکےہیں، آج بھی اسپتال کا مالک نہیں آیا، تنخواہ دار ملازم بھیج دیا۔

    وکیل نے کہا کہ نیشنل میڈیکل سینٹرایک بڑا اسپتال ہے،مگرافسوس ان کے پاس ایمبولینس بھی نہیں تھی، جس پر چیف جسٹس نے کہا مجرمانہ غفلت پر کمیٹی بناتے ہیں، جو واقعے سے متعلق تفتیش کرے گی۔

    فیصل صدیقی نے مزید کہا سرکاری اسپتالوں کے لیے قوانین ہیں،نجی اسپتالوں کیلئے نہیں، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئی جی کلیم امام کے جاتے ہی ایسا واقعہ ہوگیا۔

    بغیر تربیت کے پولیس والے کو ایس ایم جی رائفل پکڑائی گئی، چیف جسٹس

    ازخودنوٹس پر سماعت میں پولیس نے بتایا کہ گولی سب سے پہلے پولیس والے کو لگی، جس پر جسٹس اعجازالحسن نے کہا مجرم پرگولی چلائی جائےتوکہیں بھی لگ سکتی ہے، ایک بارگولی چلائی گئی یا مسلسل فائرنگ کی گئی، جس پر پولیس کی جانب سے کہا گیا سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق پولیس اہلکار نے ہوائی فائرنگ کی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ایس ایم جی رائفل سےفائرنگ ہوئی، لگتا ہے پولیس نے پورا برسٹ مارا ہے، اسٹریٹ کرائم روکنے کیلئے اتنا بڑا ہتھیارنہیں دینا چاہئے، بغیرتربیت کے پولیس والے کو ایس ایم جی رائفل پکڑائی گئی۔

    والدہ امل نے کہا کہ پولیس نے خود تسلیم کیا کہ انہیں تربیت نہیں ملی، جس پر پولیس نے موقف اختیارکیا کہ تربیت کا فقدان پہلے ہوسکتا تھا، اب پولیس کوفوج تربیت دے رہی ہے، ہم مانتے ہیں کہ پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا، گولی سب سے پہلے ملزم کو لگی۔

    عدالت  کے روبرو اسپتال کے منتظم نے بتایا کہ بچی کو سر کے پچھلے حصے میں گولی لگی، جس کا دنیا میں کہیں علاج ممکن نہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کچھ تو ایسا کرتے کہ والدین کوتسلی ہوتی کہ بچی کا بروقت علاج ہوا، کچھ چیزیں اللہ کے اختیار میں ہوتی ہیں، اسپتال کوطبی امداد ہر صورت دینی چاہئے، آپ کے لیےاسپتال صرف کمانے کا ذریعہ ہے۔

     ہنستی کھیلتی بچی والدین کے ہاتھوں سےچلی گئی، دنیا کا کوئی معاوضہ والدین کے دکھ کا مداوا نہیں کرسکتا، چیف جسٹس

    جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے ایمبولینس والوں کا تو ایک مافیا ہے، جو پیسہ کماتے ہیں، گولی لگے شخص کے لیے ایک ایک سیکنڈ اہم ہوتا ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہنستی کھیلتی بچی والدین کے ہاتھوں سےچلی گئی، دنیا کا کوئی معاوضہ والدین کے دکھ کا مداوا نہیں کرسکتا، ہمارا مشن ہونا چاہیے کہ اس طرح مزید کسی کی جان نہ جائے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ جب تک سپریم کورٹ ایکشن نہ لے ملک میں کوئی کام نہیں ہوتا، چترال جانا تھا، میری آمد سے قبل صفائیاں شروع ہوگئیں، اسپتال میں 2 ڈاکٹر ادھار منگوائے گئے، کے پی کو ماڈل کہا جاتا ہے مگر میں اس بات کونہیں مانتا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے جوبورڈ ہم نے توڑے کے پی میں وہی پھر بنالیے گئے، لوگ ملک سے باہر رہتے ہیں، واپس آکربورڈ بحال کرلیتے ہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ امل واقعےکی تحقیقات کرائیں گے، سندھ پولیس کی رپورٹ مل گئی، واقعےکی تحقیقات کےلیے کمیٹی بنا رہےہیں، اٹارنی جنرل سے مل کر فریقین کمیٹی کا سربراہ مقرر کریں اور کمیٹی مل بیٹھ کر ہمیں سفارشات دے۔

    والدہ امل کا کہنا تھا کہ ہم عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا ’بیٹامجھےشرمندہ مت کریں، چھوٹی بیٹی کا بہت خیال رکھیں، وہ اپنی بہن کو یاد کرے گی‘۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ میں ازخودنوٹس پر سماعت میں نجی اسپتال کے مالک کو عدالت نے طلب کرتے ہوئے 2دن کے لیے ملتوی کردی۔

    امل کی والدہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات ہونے چاہئیں، ہمیں اسپتالوں اور دیگر انتظامات کو ٹھیک کرنا چاہیے، سپریم کورٹ نے واقعے سے متعلق کمیٹی بنانے کا کہا ہے، سپریم کورٹ میں کیس پر پرسوں مزید کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں : کراچی: دس سالہ بچی کی ہلاکت پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

    والدہ امل کا کہنا تھا کہ پبلک مقامات پر پولیس کو ہتھیار چلانےکی ٹریننگ دینی چاہیے، ہمارامؤقف ہے پولیس کی تربیت ہونی چاہیے، پولیس کو پتہ ہونا چاہیے کہ اسلحہ کس طرح استعمال کرناہے، ہمیں نہیں علم کہ پولیس کوکونسااسلحہ استعمال کرناچاہیے، چاہتے ہیں جو خامیاں ہیں انہیں دور کیا جائے۔

    والد نے کہا نوٹس لینے پر چیف جسٹس کے شکر گزار ہیں، امل تو چلی گئی اب واپس نہیں آئے گی ، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون بنایا جائے، چیف جسٹس نے انکوائری کمیٹی بنانے کا حکم دیا ہے۔

    یاد رہے 19 ستمبر کو شہر قائد میں فائرنگ سے دس سالہ بچی امل کی ہلاکت پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، آئی جی سندھ ، سیکریٹری ہیلتھ اور ایڈمنسٹریٹر نیشنل میڈیکل سینٹر کو نوٹس جاری کیا تھا۔

    واضح رہے گزشتہ ماہ 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر ایک مبینہ پولیس مقابلے ہوا تھا، مذکورہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پرموجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی۔

    بعد ازاں میڈیا کی جانب سے اس بچی کی ڈکیتی کے دوران زخمی ہونے کے بعد نجی اسپتال اورایمبولینس سروس کی غفلت اور لا پرواہی کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں‘ 5 ملزمان گرفتار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں‘ 5 ملزمان گرفتار

    کراچی : شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر 4 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان علاقے میں واقع بنگلے میں ڈکیتی کررہے تھے، ملزمان کے زیراستعمال بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

    ادھر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے علاقے سٹاگبول گوٹھ میں پولیس مقابلے ہوا جس کے نتیجے میں 3 ملزمان یعقوب، امجد اور شیر ولی کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، چھینا گیا پرس اورنقدی، شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز، مسروقہ موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔

    کراچی: پولیس کی کارروائی‘ 2 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

    یاد رہے کہ 3 روز قبل کراچی میں سائٹ سپرہائی وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

  • کراچی کے دو مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، دو ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی کے دو مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، دو ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: شہر قائد کے دو مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس اور محمود آباد میں پولیس مقابلے ہوئے جس کے باعث دو ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں پولیس مقابلے کے دوران اسٹریٹ کرمنل گرفتار ہوا۔

    پولیس کے مطابق ملزم طارق کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان بھی برآمد ہوا۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے محمودآباد میں پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم گرفتار ہوا، گرفتار ملزم کی شناخت باقر کے نام سے ہوئی جبکہ ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    کراچی: ناظم آباد میں ڈکیتی کی کوشش ناکام‘ 1 ڈاکو ہلاک

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان چنیسرگوٹھ میں شہری سے لوٹ مار کررہے تھے، گرفتار ملزم سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ اسی رات کراچی کے علاقے بفرزون میں رات گئے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (لندن) سے تعلق رکھنے والے دو ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا تھا۔

  • ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلہ‘ 4 ڈاکو ہلاک

    ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلہ‘ 4 ڈاکو ہلاک

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلے کے دوران 4 ڈاکو ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب کے علاقے سیدوالہ میں پولیس اور ڈاکوؤں میں ڈھائی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ اس دوران 4 ڈاکو ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر2 شہری بھی جان کی بازی ہارگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو قاسم عرف کاشی اور عمران کئی وارداتوں میں مطلوب تھے، کارروائی کے دوران دو ڈاکو فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

    فائرنگ کے تبادلے میں دو بے گناہ شہری بھی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

    فیصل آباد میں پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق

    یاد رہے کہ 9 اگست کو صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان نے روکنے پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔

    فیصل آباد میں پولیس مقابلہ‘ پولیس اہلکارشہید‘ 2 ڈاکو ہلاک

    واضح رہے کہ رواں سال 24 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہرفیصل آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اے ایس آئی شہید اورایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ڈاکو مارے گئے تھے۔

  • حیدرآباد میں پولیس مقابلہ‘ 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    حیدرآباد میں پولیس مقابلہ‘ 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    حیدرآباد : صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں موسیٰ کھٹیان لنک روڈ پر پولیس نے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم سلیم عرف چریا اور عبدالحکیم سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات میں ملوث ہیں۔

    دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 16 مشتبہ افراد کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    کراچی: کریم آباد پل کے قریب فائرنگ‘ پولیس اہلکارجاں بحق

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے کریم آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار عمران جاں بحق جبکہ شہری زخمی ہوگیا تھا۔

    ایس ایس پی عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ اہلکار عمران رہزنی کی واردات کو روکنے کی کوشش میں شہید ہوا۔

    کراچی: ناظم آباد میں فائرنگ، دوا ساز کمپنی کا مینیجر جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع انڈر بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دوا ساز کمپنی کا مینیجراصغر جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • فیصل آباد مبینہ پولیس مقابلہ : دونوں دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی

    فیصل آباد مبینہ پولیس مقابلہ : دونوں دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی

    فیصل آباد : مبینہ پولیس مقابلے میں دو دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی، گولی ارسلان کے جسم کو چیرتی ہوئی عثمان کو جا لگی، پولیس کے مطابق مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    والدہ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا فوجی بن کرشہید ہونا چاہتا تھا، ظالموں نے مار دیا، پولیس پانچوں نامزد پیٹی بھائی تاحال گرفتارنہ کرسکی۔
    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل فیصل آباد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو دوستوں ارسلان اور عثمان کو ایک ہی گولی نے موت کے منہ میں دھکیل دیا۔

    ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ارسلان اور عثمان کو بہت قریب سے گولی ماری گئی، ایک ہی گولی دونوں کی موت کی وجہ بنی۔ گولی موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے ارسلان کاجسم چیرتی عثمان کو لگی ارسلان موقع پر دم توڑ گیا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان کی موت زیادہ خون بہنے سے ہوئی،بروقت طبی امداد مل جاتی تو جان بچ سکتی تھی۔

    فیصل آباد میں جعلی مقابلے میں جاں بحق ارسلان کے والدین غم سے نڈھال ہیں، والد لیاقت کا کہنا ہے کہ ہم انصاف چاہتے ہیں۔ مبینہ مقابلے میں پولیس کی گولی کا شکار بننے والے ارسلان کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرا فوجی بننا چاہتا تھا، بیٹے کو بے گناہ مارا گیا قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔

    پولیس مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا،  آر پی او

    دوسری جانب آر پی او غلام محمودڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا، اطلاعات ہیں کہ دونوں نوجوانوں نے تین فائرکیے، آرپی او کے مطابق انکوائری رپورٹ آنے پر ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقدمے میں نامزد پولیس اہلکار معطل ہیں، ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، انکوائری رپورٹ کے مطابق متاثرین کو انصاف فراہم کریں گے۔

    مزید پڑھیں : فیصل آباد ، پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

    یاد رہے کہ فیصل آباد میں گزشتہ روز پولیس کی فائرنگ سے دو طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس ٹیم نے میٹرک کے طالب علموں کو ڈاکو قرار دیا جس کے خلاف ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے اکبر آباد چوک بلاک کردیا تھا۔ احتجاجی مظاہرین کی جانب سے تھانے پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

    دوسری جانب پولیس کی مدعیت میں مقتولین کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان نے روکنے پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔