Tag: پولیس مقابلہ

  • کراچی: مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: زمان ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن پولیس نے سیکٹر 51 سی میں گھی فیکٹری پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا، ملزمان صبح سویرے فیکٹری ورکرز کو واردات کا نشانہ بناتے تھے اور آج بھی لوٹ مار کی غرض سے گھات لگا کر بیٹھے تھے۔

    پولیس کے مطابق زخمی ملزم حیدر عرف شوٹر پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، گرفتار ملزم سے پستول، کیش اور موبائل فون برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اس سے پہلے بھی دوبار پولیس مقابلے میں گرفتار ہو کر بند ہوچکا ہے، گرفتار ملزم کیخلاف کورنگی زمان ٹاؤن عوامی کالونی میں مقدمات ہیں۔

  • خالہ زاد بھائی کو وحشیانہ انداز میں قتل کرنے والا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

    خالہ زاد بھائی کو وحشیانہ انداز میں قتل کرنے والا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

    راولپنڈی: خالہ زاد بھائی کو پیسوں لالچ میں قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کر کے کڑائی میں جلانے والا گرفتار ملزم پولیس حراست سے فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق 4 جنوری کو راجہ بازار راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں تاجر محسن اشرف کو 45 لاکھ چھیننے کیلئے خالہ زاد مہر علی نے قتل کر کے لاش جلا دی تھی۔

    ملزم نے مقتول کو45 لاکھ مالیت کے پرائز بانڈ فروخت کرنے کیلئے اپنے گھر واقع ثمرزار کالونی اڈیالہ روڈ بلایا تھا، ملزم نے نقدی چھیننے کے بعد اسے اپنے گھر میں قتل کر دیا اور قتل کے بعد لاش کو چربی پگھلانے والے کڑاہ میں پھینک کر جلا دیا تھا۔

    راولپنڈی : خالہ زاد بھائی کو گھر بلا کر قتل کرنے والا ملزم گرفتار، اعترافِ جرم کرلیا

    جس کے بعد پولیس نے معاملہ کا سراغ لگا کر ملزم کو مہر ولی کو گرفتار کر لیا تھا اور ابتدائی تفتیش میں اُس نے اعتراف جرم بھی کر لیا تھا۔

    تاہم اب سفاک ملزم مہر علی تھانہ پیر ودھائی کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران مبینہ طور پر ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

     پولیس ذرائع کے مطابق ملزم جسمانی ریمانڈ پر تھا تاہم پولیس حراست سے فرار ہونے کے دوارن مبینہ مقابلے میں مارا گیا، ملزم کی لاش ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دی گئی او۳ر پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی۔

  • اورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 نوجوانوں کی ہلاکت، ایس ایس پی انکوائری کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں

    اورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 نوجوانوں کی ہلاکت، ایس ایس پی انکوائری کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں

    کراچی: اورنگی ٹاؤن، پیر آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ مشکوک قرار دے دیا گیا ہے، واقعے میں دو نوجوانوں کی جان لی گئی تھی۔

    اورنگی کے علاقے پیر آباد میں مبینہ مقابلے میں 2 مبینہ ملزمان کی ہلاکت پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنائی تھی، جس نے انکوائری مکمل کرنے کے بعد مقابلے کو مشکوک قرار دے دیا ہے اور کیس کی مکمل تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کر دی ہے۔

    12 صفحات پر مبنی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ارسال کی گئی ہے، جس کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مدعی مقدمہ سمیت 15 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے، تحقیقاتی افسر نے ملنے والے تمام شواہد، ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے کیس کے بارے میں کہا کہ ابھی فارنزک اور کیمیائی تجزیاتی رپورٹیں زیر التوا ہیں، اور اہم ڈیجیٹل اور جسمانی شواہد کے مزید تجزیے کی ضرورت ہے، اس لیے اس اسٹیج پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے، لیکن ابتدائی تحقیقات کے دوران کچھ نتائج سامنے آئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق چھت پر بنائی گئی ویڈیو میں لڑکی کو یرغمال بتایا گیا تھا، لیکن ویڈیو کی جانچ کے بعد یرغمال بنانے جیسے شواہد نہیں ملے، ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ 16 گولیاں پولیس نے اور 3 ملزمان نے چلائیں، لیکن اتنی تنگ سی جگہ پر 19 گولیاں چلائے جانے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، جب کہ گولیاں چھت، دیواروں یا دروازوں پر لگنی چاہیے تھیں، صرف ایک گولی واش روم کے دروازے پر لگی جس کی ڈائریکشن مشتبہ ہے، اس صورت حال پر کئی سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔

    بلاول اور نقاش

    رپورٹ کے مطابق میڈیکل سے پتا چلے گا کہ مبینہ ملزمان کو کتنی دوری سے گولیاں لگیں، پولیس اہلکار تنویر کے پیر پر اعشاریہ 3 ضرب اعشاریہ 5 کا زخم ہے، گولی اگر لگی تو دوسری طرف سے نکلنے کا نشان موجود نہیں ہے، اس کی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید واضح ہو سکے گا، بتایا گیا کہ ملزمان نے پہلی منزل پر پہنچتے ہی ڈی وی آر توڑ دیا تھا، سوال یہ ہے کہ ملزمان ڈی وی آر کے محل وقوع سے کیسے واقف تھے؟

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عام طور پر ملزمان واردات کے بعد ڈی وی آر تباہ کرتے ہیں، ڈی وی آر توڑنا معاملے کو مشکوک بناتا ہے، ڈی وی آرسے تمام واقعات کا پتا چل سکتا تھا، ایف آئی آر میں کئی جگہ پر بے ضابطگیاں کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ غیر ضروری طور پر شامل کیا گیا، تحقیقات کے دوران دہشت گردی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    رپورٹ کے مطابق ایف آئی آر میں مقابلے کا وقت اور دیگر کئی باتیں غلط بتائی گئیں، تحقیقات میں پتا چلا کہ مبینہ ملزمان کے گھر میں داخل ہونے کے 1 گھنٹے بعد مبینہ مقابلہ ہوا، کیس میں تفتیش کے دوران ڈیجیٹل فارنزک سے 3 خواتین منزہ، لائبہ اور صابرہ کے بارے میں پتا چلا جن سے تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی، مبینہ ہلاک ملزم بلاول کا لائبہ سے 3 سال سے تعلق تھا، رپورٹ کے مطابق لائبہ نے بتایا کہ بلاول نے مالی پریشانیوں کا ذکر کیا تھا۔

    لائبہ کے مطابق بلاول کو 2 برقعے ٹک ٹاک بنانے کے لیے دیے تھے، جو بعد میں واردات میں استعمال ہوئے، لائبہ کی بہن منزہ مدعی مبارک شاہ کے بھائی کے بچوں کی ٹیوٹر ہے، واقعے سے قبل منزہ اور بلاول میں کئی مرتبہ کالز کا تبادلہ ہوا، واردات کے مقام پر بلاول نے کزن تیمور کو فون کر کے مشکل میں پھنسنے کا بتایا، رپورٹ کے مطابق منزہ اور لائبہ نے نہ صرف فون چھپایا بلکہ ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کر دیا۔

    تیسری خاتون صابرہ مبارک شاہ کی بھتیجی اور اسی عمارت کی رہائش پذیر تھی، منزہ اور صابرہ کا صبح 11 سے دوپہر ڈھائی بجے تک رابطہ رہا، منزہ بلاول اور صابرہ دونوں سے مسلسل رابطے میں تھی، رپورٹ کے مطابق صابرہ کی لوکیشن بھی مسلسل جائے وقوعہ کی آ رہی تھی، سی ڈی آر کے بعد بلاول اور تین خواتین کے رابطوں کا انکشاف ہوا۔

    تحقیقاتی افسر نے متعلقہ ایس ایس پی انویسٹگیشن کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنانے کے ساتھ مشورے بھی دیے ہیں کہ ہتھیاروں کی فارنزک کے ساتھ کرائم سین کا دوبارہ دورہ کیا جائے، میڈیکل رپورٹ سے تعین ہوگا کہ گولیاں کتنی دوری سے ماری گئیں، ڈی وی آر کو فارنزک کے لیے لیبارٹری بھجوایا جائے، جس سے چھیڑ چھاڑ کا پتا چلے گا اور اہم شواہد مل سکیں گے، مبینہ ملزم بلاول کے موبائل فون کا جامع فارنزک کروایا جائے، جے آئی ٹی بلاول سے رابطے میں رہنے والے افراد کو شامل تفتیش کرے، تضاد دور کرنے کے لیے تمام شواہد کا فارنزک کروایا جائے، اور ایف آئِی آر اور سیزر میمو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

  • قصبہ کالونی پولیس مقابلے میں مارے گئے 2 نوجوان ڈاکو تھے یا نہیں؟ ہلاکت معمہ بن گئی

    قصبہ کالونی پولیس مقابلے میں مارے گئے 2 نوجوان ڈاکو تھے یا نہیں؟ ہلاکت معمہ بن گئی

    کراچی : اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں گزشتہ روز ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں 2 نوجوانوں کی ہلاکت کیخلاف لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کی بہت بڑی تعداد نے اورنگی ٹاؤن 5نمبر پر واقع ایس پی اورنگی کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے لڑکوں کے حوالے سے پولیس کا مؤقف ہے کہ ملزمان بلاول اور نقاش ڈکیتی کی نیت سے ایک گھر میں گھسے اور بعد ازاں مقابلے میں مارے گئے۔

    دوسری جانب ہلاک ہونے والے بلاول کے کزن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ڈاکو نہیں تھے ہم اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہیں، وقوعہ کے روز بلاول کمپنی سے دوپہر کا کھانا کھانے گھر آیا تھا کہ اس دوران اس کا دوست ملنے آیا۔

    کچھ دیر بعد اس کی کال آئی کہ وہ منگھوپیر تھانے میں ہے لیکن پھر اطلاع ملی کہ بلاول اور نقاش قصبہ کے علاقے میں پولیس مقابلے میں مارے گئے۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے دونوں لڑکوں کو گرفتار کیا تھا، جنہیں بعد میں مبینہ مقابلے میں مار دیا گیا، اہلخانہ کے مطابق دونوں لڑکوں کے جسموں پر تشدد، جلانے اور چاقو کے وار کے نشانات ہیں۔

    اہل خانہ کا مزید کہنا ہے کہ منگھوپیر پولیس نے نہ تو ان سے کوئی اسلحہ برآمد کیا اور نہ ہی ان کا کوئی کرمنل ریکارڈ ہے۔

    اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں احتجاجی دھرنے کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا، اہل خانہ اور مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کراچی : اورنگی پیر آباد میں  پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا

    کراچی : اورنگی پیر آباد میں پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا

    کراچی : اورنگی پیر آباد میں پولیس مقابلے میں ہلاک مبینہ ملزمان کے اہلخانہ نے مقابلہ جعلی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اورنگی پیر آباد میں گزشتہ روز مقابلہ مشکوک ہوگیا ، ہلاک مبینہ ملزمان کے اہلخانہ نے مقابلہ جعلی قرار دیدیا

    مبینہ مقابلے میں مارے گئے دونوں ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں، دونوں مبینہ ملزمان کمپنی میں ملازمت کرتے تھے، بلاول کے والد کا ٹرانسپورٹ کا کام تھا۔

    بلاول نے مبینہ جعلی مقابلے سے قبل دوست سے بات کی تھی، گزشتہ روز مقابلے کی ویڈیو میں بھی ملزمان کے پاس پستول نہیں تھے تاہم دونوں ملزمان کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔

    اہلخانہ نے بتایا کہ پہلے دونوں کسی اور مقام پر تھے بعد میں پیر آباد لیجا کر مارا گیا۔

    اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد ایس پی دفتر کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ کل بھی ہم نے ایس پی دفتر کے باہر احتجاج کیا تھا ، ہمیں انصاف نہ ملا تو ہم دوبارہ احتجاج کریں گے، آئی جی سندھ ڈی جی رینجرز معاملے پر تحقیقات کرائیں۔

  • کراچی: منگھو پیر میں  پولیس مقابلہ، 5 ڈاکو ہلاک

    کراچی: منگھو پیر میں پولیس مقابلہ، 5 ڈاکو ہلاک

    کراچی : منگھو پیر خیرآباد گلشن توحید میں مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے میں پانچ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر خیرآباد میں پولیس نے کارروائی کی، جب ڈاکوؤں کی اطلاع ملی تو ناکہ بند کرکے ملزمان نے نکلنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کردی۔

    پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلےمیں پانچ ملزمان شدید زخمی ہو گئے تھے، جو بعد میں دم توڑ گئے جبکہ ملزمان کے قبضے سے بڑے ہتھیار ملے ہیں۔

    ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی نے بتایا کہ علاقے میں کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن جاری تھا، ٹیم میں پولیس افسران اور جوان شریک تھے، اس وقت علاقے کی سرچنگ کا عمل کر رہے ہیں۔

  • خاتون سے لوٹ مار کے بعد فرار ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ، فوٹیج سامنے آ گئی

    خاتون سے لوٹ مار کے بعد فرار ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: لانڈھی بابر مارکیٹ میں مقابلے کے بعد ڈاکوؤں کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بابر مارکیٹ میں 2 ڈکیت ڈکیتی کے بعد فرار ہورہے تھے کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دھر لیا جس کی فوٹیج سامنےآگئی۔

    فوٹیج میں 2 ملزمان کو خاتون سے لوٹ مار کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، مبینہ پولیس مقابلے کے بعد پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈاکو پولیس کی جوابی فائرنگ سے شدید زخمی حالت میں گرفتار ہوا، دوسرا ڈاکو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو سے 9 ایم ایم پستول اور چھینا ہوا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔

  • راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے میں دو ملزمان زخمی ہوئے تھے، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو ملزمان کے پیچھے بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مسلح ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

    جائے وقوعہ پر موجود عوام نے بھی ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، عزیز بھٹی پولیس نے مسلح ملزمان کو گرفتار کر کے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا۔ ملزمان کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • کراچی : مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، 13 گرفتار

    کراچی : مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، 13 گرفتار

    کراچی: شہر میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈکیٹ ہلاک جبکہ زخمیوں سمیت 13 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس نے مبینہ مقابلے میں ڈاکو ہلاک جبکہ 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق اے وی سی سی پولیس نے بروہی گوٹھ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکوؤں کاشف، کامران اور شاہ رخ کو گرفتار کرلیا، گلشن معمار جنجال گوٹھ میں فائرنگ کے تبادلے میں افغان شہری ملزم ہلاک اور راگیر زخمی ہوگیا۔

    کارساز روڈ کے قریب پولیس نے ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، بلدیہ ٹاؤن اور سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے پاکستان کانٹا کے قریب مبینہ مقابلہ کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے پستول اور موبائل فون برآمد کیا۔

    نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی ٹنکی گراؤنڈکے قریب مقابلہ کے بعد ایک ڈاکو نذر محمد زخمی حالت میں پکڑا گیا، ملزم سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ نارتھ کراچی سیکٹر ٹو میں مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد دو ڈاکو اسامہ اور ذیشان زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

     کورنگی صنعتی علاقہ میں پولیس نے شہری کو لوٹنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزم گرفتار کر کے  ہتھیار برآمد کر لئے جبکہ نیو کراچی سیکٹر سکس بی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کرلیا، ملزم سے اسلحہ، موبائل فون، موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

  • کراچی میں ایک اور پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا

    کراچی میں ایک اور پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا

    کراچی: بنارس پل پرپیرآباد پولیس کا مقابلہ مشکوک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنارس پل پر مبینہ مقابلے میں زخمی ہونے والے نوجوان اظہار کے اہل خانہ نے پولیس پر الزام عائد کردیا، اہل خانہ نے کہا کہ اظہار کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں، وہ سپر اسٹور پر ملازمت کرتا ہے۔

    نوجوان اظہار کے والد نے کہا کہ ملازمت سے رات کو اورنگی ٹاؤن میں اپنے گھر واپس آرہا تھا، بنارس پل کے قریب پولیس نے فائرنگ کر کے زخمی کردیا، اظہار جناح اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔

    اہل خانہ نے مزید کہا کہ اظہار کو سر اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں ماری گئیں، ساتھ پکڑے جانے والےملزم نے بھی اظہار کو شناخت نہیں کیا۔

    پولیس کا موقف ہے کہ زخمی ملزم اظہار اور اس کے 2 ساتھی شہری سے واردات کررہے تھے، تینوں ملزمان ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    پولیس نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد اظہار اور آریان کو گرفتار کیا، ایک ساتھی فرار ہوگیا، زخمی اظہار سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    اس سے قبل سائٹ پولیس نے 4 جنوری کو میٹروویل پٹھان کالونی شہید قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے میں زخمی سمیت 2 ملزمان کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    زخمی حالت میں گرفتار ایک نوجوان سیکنڈ ائیر کا طالب ہے، زخمی نوجوان کے والد نے پولیس مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے آئی جی سندھ اورایڈیشنل آئی جی سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔