Tag: پولیس مقابلہ

  • کراچی میں رات گئے 2 پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک، 3 گرفتار

    کراچی میں رات گئے 2 پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک، 3 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں رات گئے 2 پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک اور 3 کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کی آخری رات کو تین پولیس مقابلوں کے بعد گزشتہ رات کو بھی کراچی میں دو پولیس مقابلے ہوئے ہیں، جن میں ایک ملزم ہلاک اور تین کو گرفتار کیا گیا۔

    ایک مقابلے میں نشتر روڈ کے ایم سی ورکشاپ کے قریب دوران چیکنگ پولیس نے مشتبہ افراد کو روکا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

    ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت واجد اور زبیر کے نام سے ہوئی، گرفتار زخمی ڈاکو زیبر اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا، جب کہ دوسرے ڈاکو کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، ڈاکوؤں سے پستول، مسروقہ موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    کراچی میں رات گئے 3 پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار

    ایف بی انڈسٹریل ایریا میں بھی پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار کیے گئے، گرفتار ڈاکوؤں میں عبداللہ اور عصمت خان شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے ایک پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

  • لوئر دیر میں پولیس مقابلہ  ، 2 دہشت گرد مارے گئے

    لوئر دیر میں پولیس مقابلہ ، 2 دہشت گرد مارے گئے

    لوئردیر: تالاش باجوڑو چوک میں پولیس مقابلہ میں دو دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لوئردیر کے علاقے تالاش باجوڑو چوک پر پولیس معمول کے مطابق گشت پر تھی کہ اس دوران دہشت گردوں نے ان پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کردیا۔

    ڈی پی او لویر دیر طارق خان نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد برہان الدین ولد جان ولی اور حفیظ اللہ عرف عمر ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق دونوں مطلوب دہشت گردوں حفیظ الدین عرف عمر اور برہان الدین کا تعلق ضلع ملاکنڈ سے ہے،ہلاک دہشت گردوں سے دو پستول اور گرنیڈ برآمد ہوئے، جس کے بعد لاشوں کو تالاش شمشی خان کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ دنوں اسی مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔

  • کراچی میں ایک اور پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا

    کراچی میں ایک اور پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا

    کراچی : نیو گولی مار چورنگی پر صبح ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا، پولیس نے دعوی کیا کہ ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک نوجوان زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا، نیوگولیمار چورنگی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈر پاس میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس پارٹی موقع پرپہنچی تو ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے ایک ملزم زخمی ہوا جسے اس کے ساتھی اپنے ساتھ لےکر فرار ہوگئے، مقابلے کے بعد انڈرپاس میں ایک نوجوان زخمی ملا، جسے اسپتال منتقل کردیاگیا، زخمی ایان کو کمر میں گولی لگی ہے۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ زخمی فائرنگ کے تبادلے میں زد میں آیا یا کوئی اورواقعہ ہوا ، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب پولیس کے دعویٰ کے برعکس زخمی ایان کے ساتھی کا کچھ اور ہی کہنا تھا، اویس کے مطابق سادہ لباس اہلکاروں نے روکا ، ساتھی نے بائیک گھمائی تو فائرنگ کردی۔

    زخمی ایان کے لواحقین کا اسٹیڈیم روڈپر پولیس کیخلاف احتجاج جاری ہے ، احتجاج ایس ایچ رضویہ اور ان کی سادہ لباس پولیس پارٹی کیخلاف کیا جا رہا ہے۔

    پندرہ سالہ آیان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں دوست سحری کا سامان لینے گھر سے نکلے تھے، ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    اہل خانے نے مزید کہا کہ گولی لگنے کے باعث ایان کا نچلا دھر مفلوج ہوگیا ہے، واقعہ کا مقدمہ اب تک درج نہیں کیا گیا، مطالبہ ہے کہ ایس ایچ اورضویہ اورپولیس پارٹی پرمقدمہ درج کیا جائے، جب تک ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہوگا،احتجاج جاری رکھیں گے۔

  • ایف نائن پارک زیادتی کیس کے ملزمان پولیس فائرنگ سے ہلاک

    ایف نائن پارک زیادتی کیس کے ملزمان پولیس فائرنگ سے ہلاک

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ایف نائن پارک زیادتی کیس کے ملزمان پولیس فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 میں پولیس مقابلہ ہوا، 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ناکے پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان ایف نائن پارک زیادتی کیس میں مطلوب تھے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ناکے پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی تھی کہ مسلح نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس اہل کار فائرنگ سے محفوظ رہے تاہم جوابی فائرنگ سے دونوں ہلاک ہو گئے۔

    دونوں ملزمان کی نعشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ایف نائن پارک زیادتی کیس میں ملوث تھے۔

    ایک ملزم صوابی اور ایک کا تعلق پشاور سے ہے، ملزمان گزشتہ 8 سال سے جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے، ایک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمہ میں اشتہاری بھی تھا۔

  • پولیس مقابلہ جعلی نکلا، افسران کیخلاف مقدمے کا حکم

    پولیس مقابلہ جعلی نکلا، افسران کیخلاف مقدمے کا حکم

    فیصل آباد : گزشتہ سال دسمبر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم احسان کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    عدالت نے جعلی پولیس مقابلے میں ملوث پولیس افسران سمیت نو اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    فیصل آباد کے ایڈیشنل سیشن جج اظفر خان نے مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم احسان عرف سانا کو قتل کرنے کے حوالے سے مقتول کے والد کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے حکم جاری کیا کہ کارروائی میں ملوث سی پی او سمیت9پولیس افسران اور اہلکاروں کیخلاف مقدمے درج کیا جائے۔

    احسان عرف سانا کو گزشتہ سال 16دسمبر کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا، جس پر ہلاک ملزم کے والد اصغر علی نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    گزشتہ سال 16دسمبر کو پولیس حکام نے بتایا تھا کہ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے میں پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ ملزم کا ایک ساتھی فرار ہوبٓنے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہورہے تھے انہیں ناکے پر روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔

    ہلاک ڈاکو کی شناخت خطرناک اشتہاری ملزم احسان عرف سانا بٹ کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکو پولیس کو ڈکیتی، چوری سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا۔

  • شہری کی فائرنگ سے ڈاکو کی ہلاکت : پولیس نے مقابلہ ظاہر کردیا

    کراچی پولیس نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے واقعے کو پولیس مقابلہ ظاہر کردیا۔

    کراچی کے علاقے ڈیفنس کی خیابان بخاری کے قریب ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ ایک شہری نے فائرنگ کرکے ایک ڈکیت کو ہلاک کردیا۔

    بعد ازاں پولیس نے کارکردگی دکھانے کے لئے ڈکیت کی ہلاکت کو پولیس مقابلہ ظاہر کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس وقت پولیس موقع پر موجود ہی نہیں تھی۔

    واقعے کے کافی دیر بعد پولیس جائے وقوعہ موقع پر پہنچی تو ڈاکو کی ہلاکت کو اپنا کارنامہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس مقابلہ قرار دے ڈالا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ اور کئی چھینے ہوئے موبائل فون ملے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت موقع پر موجود شہری نے ذاتی ہتھیار سے فائرنگ کا اعتراف کیا تھا تاہم پولیس کو دیکھنے کے بعد عینی شاہد نے بھی بیانا تبدیل کرلیا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مارے گئے ڈکیت سے5موبائل فون اور ہتھیار برآمد ہوا ہے، ہلاک ڈاکو کا ایک ساتھی موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث نہایت مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

    ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث نہایت مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کلفٹن بلاک 2 میں پولیس مقابلہ ہوا۔

    دو طرفہ فائرنگ کے بعد 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 3 پستول، 3 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق پکڑے گئے تینوں ملزمان رضا، عبد المنان اور تاج انتہائی مطلوب تھے، ملزمان گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں، ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہوا جس کی تلاش جاری ہے۔

  • کٹی پہاڑی پر شاہین فورس کے اہل کاروں کا اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ

    کٹی پہاڑی پر شاہین فورس کے اہل کاروں کا اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ

    کراچی: شہر قائد کے مشہور علاقے کٹی پہاڑی پر پولیس اہل کاروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلے کے بعد شاہین فورس نے 2 افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق شاہراہِ نور جہاں کی حدود کٹی پہاڑی پر شاہین فورس کے اہل کاروں کا اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مقابلہ ہوا۔

    اہل کاروں اور ملزمان کا سامنا عین اس وقت ہوا جب 3 مسلح ملزمان ایک شہری سے کٹی پہاڑی پر لوٹ مار کر رہے تھے۔

    شاہین فورس کے اہل کار گشت کرتے ہوئے موقع پر پہنچے تو ایک شہری نے انھیں واردات کے سلسلے میں اشارہ کر دیا، جس پر فورس کے اہل کار اسٹریٹ کرمنلز کے گرد گھیرا ڈالنے کی کوشش کرنے لگے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان نے اہل کاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے حفاظتِ اختیاری جوابی فائرنگ کی، جس سے دو ملزمان موقع پر زخمی ہو گئے، جب کہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت انعام ولد شعیب اور ہاشم ولد مغرب کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان سے موقع پر ایک عدد ٹی ٹی پستول، 30 بور لوڈ میگزین اور 4 عدد موبائل فون برآمد ہوئے، جن میں موقع پر موجود ایک شہری سے چھینا گیا موبائل فون بھی شامل تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کیا گیا، بعد ازاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • مقابلے میں نادر مگسی کی ہلاکت پر ایس ایچ او پیرآباد کے خلاف مقدمہ درج

    مقابلے میں نادر مگسی کی ہلاکت پر ایس ایچ او پیرآباد کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پیر آباد میں سیاسی کارکن کو مقابلے میں مارنے پر پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران سیاسی کارکن نادر مگسی کی ہلاکت پر تھانہ پیر آباد میں پولیس افسران و اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ ایس ایچ او پیر آباد سمیت پولیس پارٹی کے خلاف درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق سیاسی کارکن نادر مگسی 4 مقدمات میں نامزد اور 2 کیسز میں مفرور تھا، ایس ایچ او پیر آباد پر الزام ہے کہ انھوں نے ملزم کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کیا۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک، 3 فرار

    کراچی: پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک، 3 فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک جب کہ تین فرار ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں اسٹیل ٹاؤن میں سی آئی اے پولیس کا اغوا کاروں سے مبینہ مقابلہ ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اغوا کار ہلاک اور ان کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔

    ایس ایس پی امجد حیات نے بتایا کہ اغوا کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تھا، اے وی سی سی اور اے وی ایل سی نے مشترکہ آپریشن کیا، ہلاک ملزمان کا تعلق بین الصوبائی اغوا کار گروپ سے تھا، جن کی شناخت شہباز، نذیر اور منصور کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان سے کار بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے کچھ روز قبل شہری کو کراچی سے اغوا کر کے تاوان طلب کیا تھا، ملزمان نے خانیوال میں بھی اغوا برائے تاوان کی واردات کی تھی اور وہ خانیوال سمیت ملتان میں بھی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ادھر کراچی کے علاقے جہانگیر آباد میں بھی ایک پولیس مقابلے میں ایک زخمی سمیت 6 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان میں دانش، سرفراز، سمیر، محمد، زوہیب اور عمیر شامل ہیں، ملزمان نے کیش وین لوٹنے کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے، یہ ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔