Tag: پولیس مقابلہ

  • اورنگی ٹاؤن میں‌5 ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلہ، ویڈیو سامنے آ گئی

    اورنگی ٹاؤن میں‌5 ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلہ، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: اورنگی ٹاؤن میں‌5 ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں پانچ میں سے تین کو گرفتار کر کے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، اقبال مارکیٹ میں پولیس اور ڈکیت گینگ کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں گینگ کے 3 کارندے گرفتار، جب کہ 2 فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے۔

    پولیس اہل کار جب تین ڈاکوؤں کو پکڑ کر لے جانے لگے تو شہریوں نے ان پر تشدد کرنے کی کوشش کی، اہل کار روکتے رہے لیکن شہریوں نے ڈاکوؤں پر تھپڑ برسا دیے، جس پر اہل کار کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ مقابلہ مین اقبال مارکیٹ بازار میں ہوا، ملزمان واردات کے لیے بازار کی گلیوں میں موجود تھے، انھوں نے گشت پر مامور پولیس اہل کاروں کو دیکھا تو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم آگے جا کر ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔

    پولیس اہل کاروں نے تعاقب کے بعد گینگ کے تین ارکان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، ڈاکوؤں سے دو غیر قانونی پستول، مع گولیوں، چلے ہوئے خول، چھینا گیا موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے برآمد شدہ موٹر سائیکل چوری کی ہے، جس کی ایف آئی ار تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شاہ رخ، زبیر اور ارسلان کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ گینگ کے دو فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

  • کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں 3 افراد کی ہلاکت، ایس ایچ او گرفتار

    کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں 3 افراد کی ہلاکت، ایس ایچ او گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رات گئے ہونے والا مبینہ پولیس مقابلہ جعلی نکلا جس کے بعد ایس ایچ او کو گرفتار کرلیا گیا، مقابلے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس ٹاؤن میں رات گئے ہونے والا مبینہ مقابلہ جس میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جعلی نکلا۔

    ایس ایچ او جوہر آباد غیور سمیت پوری پولیس پارٹی گرفتار کرلی گئی، ایس ایچ او جوہر آباد کا نام نہاد انفارمر بھی پولیس کی گرفت میں آگیا۔

    ایس ایچ او بالا افسران کے علم میں لائے بغیر ویسٹ میں داخل ہوا، ایس ایچ او نے ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کو بھی آگاہ نہ کیا۔ ایس ایچ او مبینہ طور پر ایک زمین کے تنازعہ پر جوہر آباد گیا تھا۔

    ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے پوچھا گیا تو ایس ایچ او نے کہا کہ وہ ڈاکو کا پیچھا کر رہا تھا۔

    پولیس حکام کی جانب سے واقعے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

    واقعے کا پس منظر

    تھانہ پیر آباد کی جانب سے کہا گیا کہ بنارس میں جوہر آباد پولیس نے مکان پر مبینہ چھاپہ مارا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مکان کے تنازعے پر پیش آیا، زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات لے لیے گئے ہیں۔ ہلاک افراد کی شناخت شبیر، یار گل اور عبد اللہ کے ناموں سے ہوئی۔

    واقعے میں زخمی افتخار شاہ کے بھائی سلمان شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درجن سے زائد مسلح افراد نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی، مسلح افراد اسلحے کے زور پر مکان خالی کروانا چاہتے تھے۔

    سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ مسلح افراد میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل تھے، تصادم میں فائرنگ سے میرا بھائی زخمی ہوا جبکہ باہر سے آنے والے 3 افراد بھی فائرنگ میں ہلاک ہوئے۔

  • اسلام آباد میں  پولیس مقابلہ ،   2 ڈاکو ہلاک،  3 اہلکار زخمی

    اسلام آباد میں پولیس مقابلہ ، 2 ڈاکو ہلاک، 3 اہلکار زخمی

    اسلام آباد : پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں سہالا کے قریب ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث بلال گینگ اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور اے ٹی ایس کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکو ایک گھرمیں محصور ہوگئے، پولیس نے گھر کو گھیرے میں لے لیا، سینئرافسران بھی موقع پرموجود تھے ، جوابی فائرنگ میں 2 ڈاکو بھی ہلاک ہوئے۔

    پولیس کے مطابق بدنام زمانہ بلال گینگ کے ارکان اسلام آباد کے ایف 8 آئی سیکٹر میں ایک گھر میں ڈکیتی کی کوشش کے بعد فرار ہو رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تھانہ سہالا کے پوش علاقے میں ڈاکوؤں نے گھرکرائےپرلے رکھاتھا، ڈاکو وارداتوں کے بعد چھپنے کیلئےمکان استعمال کرتے تھے۔

    آئی جی یونس نے کہا کہ "بلال گینگ اسلام آباد کے پوش علاقوں میں کئی ڈکیتیوں میں ملوث رہا ہے، جہاں سے انہوں نے لاکھوں کی نقدی، زیورات اور مہنگی گاڑیاں لوٹی ہیں۔

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے راولپنڈی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سینے میں گولی لگنے والے ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں متعقد ہونے والی او آئی سی سمٹ 2021 کی وجہ سے دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

  • اوکاڑہ  میں  پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک  ،2 اہلکار زخمی

    اوکاڑہ میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک ،2 اہلکار زخمی

    اوکاڑہ : پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلے دوران دو ڈاکو ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس  نے  جائے وقوعہ سے چھینی گِئی موٹر سائیکل ، کلاشنکوف سمیت ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں رحمت پورہ کے قریب 4 ڈاکو شہری سے لوٹ مار کے بعد فرارہو رہے تھے کہ پولیس موقع پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کا پیچھا شروع کر دیا۔

    اجس پر ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے وسیم اور سہیل نامی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں 2ڈاکومارےگئے اور 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے چھینی گِئی موٹر سائیکل ، کلاشنکوف سمیت ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں‌ گرفتار 5 ملزمان میں سے ایک ہلاک

    کراچی: پولیس مقابلے میں‌ گرفتار 5 ملزمان میں سے ایک ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے الفلاح میں پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے 5 ملزمان میں سے ایک زخمی ملزم دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الفلاح کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا تھا، جس میں ایک ملزم ہلاک جب کہ ایک زخمی ملزم سمیت 4 گرفتار ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے الفلاح میں لوٹ مار کے بعد فرار ہوتے ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

    پولیس اہل کاروں نے 2 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں‌ سے ایک ملزم نے بعد میں دم توڑ دیا، ہلاک ملزم کی شناخت اللہ ڈنو کے نام سے ہوئی ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی شاہ جہان خان کے مطابق دیگر ملزمان میں انور، علی محمد، گلزارِ اور بشیر شامل ہیں، ملزم انور بھی زخمی ہے، جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    ملزمان شرافی گوٹھ، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کا مختلف تھانوں میں کریمنل ریکارڈ بھی پڑا ہے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہیں۔

    پولیس اہل کاروں نے ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کورنگی عوامی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    کورنگی عوامی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی عوامی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز سامنے آ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی میں گزشتہ روز ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈکیتی کے وقت عوامی کالونی کی گلی میں کس طرح ماحول دیر تک تناؤ کا شکار ہو گیا تھا، اور محلے والے بڑی تعداد میں جمع ہو کر علاقے کو گھیرے ہوئے تھے۔

    ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو گلی میں فائرنگ کرتے ہوئے ایک گھر میں گھس گئے، آدھےگھنٹے تک پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا، ڈاکو گھروں میں چھپ کر پولیس پر فائرنگ کرتے رہے۔

    واقعے سے متعلق ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران ایک کانسٹیبل نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کر کے ڈاکوؤں کا راستہ روکا، انھوں نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل رانا تسلیم نے موقع پر پہنچ کر ملزمان سے مقابلہ کیا تھا، جس کی وجہ سے وہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوا، رانا اس وقت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق اس کارروائی میں پولیس نے 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا، جب کہ ڈاکوؤں کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، گرفتار ڈاکوؤں نے اپنے ساتھیوں کے نام بھی اگل دیے ہیں، جب کہ گرفتار ڈاکوؤں کے نام عزیز، شفیق اور اظہر ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اس مقابلے کے بعد اسٹریٹ کرائم سے تنگ آئے عوام نے بھی ڈاکوؤں پر خوب ہاتھ صاف کیا تھا، اور ڈاکوؤں پر تشدد کیا، ایس ایس پی نے بھی بتایا کہ موقع پر پکڑے گئے ڈاکوؤں کو علاقہ مکینوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ایس ایس پی کے مطابق ڈاکوؤں سے نائن ایم ایم ہتھیار اور 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد رقم برآمد کی گئی ہے، اسلحہ فرانزک کے لیے بھیجا جا چکا ہے، جب کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا تھا لیکن وہ نہیں ملے، یہ گروپ مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف کر چکا ہے۔

  • ٹھٹھہ: 14 سالہ بچی کی لاش کی بے حرمتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    ٹھٹھہ: 14 سالہ بچی کی لاش کی بے حرمتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں 14 سالہ بچی کی لاش کی بے حرمتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، بااثر افراد بچی کے والد کو کارروائی سے روک رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق علاقے غلام اللہ کے قریبی گاؤں میں 14 سالہ بچی کی لاش کی بے حرمتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس مقابلہ بابڑا موری کے مقام پر ہوا، ملزم علاقہ مکینوں کے لیے دہشت کی علامت تھا۔

    پولیس کے مطابق کچھ سیاسی لوگ بچی کے ورثا اور پولیس پر دباؤ ڈال رہے تھے جبکہ با اثر افراد بچی کے والد کو بھی کارروائی سے روک رہے تھے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ اندوہناک واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا، ٹھٹھہ کے علاقے غلام اللہ میں 14 سالہ بچی کی لاش کو قبر سے نکال کر بے حرمتی ‏کی گئی تھی۔

    ملزم بچی کی لاش نکال کر جھاڑیوں میں لے گیا اور بے حرمتی کر کے فرار ہوگیا۔ گاؤں اشرف چانڈیو ‏کی رہائشی بچی کو ایک روز قبل مقامی قبرستان میں دفنایا گیا تھا۔

  • کراچی میں پولیس مقابلہ، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس مقابلہ، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، ایک اور کارروائی میں چوری و ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ کراچی کے حیدری پریمیئر کالج کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے پکوان سینٹر میں ڈکیتی کی تھی، ملزمان نے جاتے جاتے دکاندار کو گولی مار کر قتل کردیا تھا، واردات میں استعمال شدہ پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

    پولیس کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، گرفتار ملزمان کی شناخت نبی بخش اور علی کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے 2 ساتھی مفرور بھی ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے تین ہٹی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1 ملزم گرفتار کرلیا۔ ملزم حیدر علی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم نے چوری اور ڈکیتی کی 150 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا، ملزم نے خاتون سے موبائل فون چھینا جس کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارہے جارہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان شہید

    اوکاڑہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان شہید

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید ہو گیا، جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ تھانہ صدر کے علاقے کورٹ باری کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان اسد جمیل شہید، جب کہ 2 ڈاکو ایلیٹ فورس اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

    کورٹ باری کے قریب ڈکیتی کی واردات کے بعد ڈاکو فرار ہو رہے تھے کہ پولیس اہل کار پہنچ گئے، ایلیٹ فورس کے جوانوں نے فرار ہوتے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا، جس پر ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی، جس سے ایک جوان موقع پر شہید ہو گیا۔

    جوانوں کی جوابی فائرنگ سے فرار ہونے والے دونوں ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

    اوکاڑہ واقعہ: جاں بحق بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

    واضح رہے کہ ان دنوں اوکاڑہ میں دو بچوں کے لرزہ خیز قتل کا معاملہ بھی سرخیوں میں ہے، گزشتہ ہفتے اوکاڑہ کی رحمان کالونی میں دو معصوم بچوں کو پڑوسیوں نے اغوا کرنے کے بعد زیادتی کر کے قتل کر دیا تھا، اور ان کی لاشیں نہر میں پھینک دی تھیں۔

  • گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس جوانوں نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا، لوگ جمع ہو گئے (ویڈیو)

    گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس جوانوں نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا، لوگ جمع ہو گئے (ویڈیو)

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایک علاقے میں ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس کے جوانوں نے ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا، علاقہ دو طرفہ فائرنگ سے گونج اٹھا، لوگ بھی جانوں سے لاپروائی برتتے ہوئے جمع ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ رمنا کے علاقے جی الیون وَن میں ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے میں 2 اہل کار زخمی ہو گئے، جب کہ دو ڈاکو گرفتار کر لیے گئے، موقع پر موجود لوگوں نے جمع ہو کر ویڈیو بھی بنانا شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ڈاکو آج جی الیون 1 میں واقع ایک گھر میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئے تھے، اطلاع ملنے پر پولیس جوانوں کے بر وقت ریسپانس نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، پولیس اہل کاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان کچھ دیر مقابلہ بھی ہوا، دو طرفہ فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا، پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو موقع سے گرفتار کر لیے گئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس جوان بھی زخمی ہو گئے، جنھیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔

    زخمی حالت میں فرار ہونے والے تیسرے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں سرچ آپریشن کر رہی ہیں، پولیس حکام نے اس سلسلے میں بتایا کہ 3 ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، اطلاع پر گشت پر مامور اہل کاروں نے انھیں روکنے کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

    واقعے کے بعد آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، اور ایس ایس پی آپریشنز نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، آئی جی اسلام آباد نے پولیس جوانوں کی جواں مردی پر انھیں شاباش بھی دی اور جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔

    آئی جی اسلام آباد نے پمز اسپتال کا بھی دورہ کیا، اور زخمی جوانوں کی عیادت کی۔