Tag: پولیس مقابلہ

  • لاہور:فیصل ٹاؤن میں پولیس مقابلہ،2 ڈاکو ہلاک

    لاہور:فیصل ٹاؤن میں پولیس مقابلہ،2 ڈاکو ہلاک

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس مقابلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے میں فیصل ٹاؤن میں رات گئے ڈاکو واردات کے لیے منی ایکسچینج کے مالک کےگھر میں گھسے تھے، ڈاکوؤں نے مالک کے بیٹے کو یرغمال بنا لیاتھا۔

    پولیس نے بتایا کہ منی ایکسچینج کے مالک کی بیٹی کے واٹس ایپ گروپ پر میسیج پر اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    دوسری جانب لاہور کے علاقے قائداعظم انڈسڑیل اسٹیٹ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان مقتول کا موبائل فون،پرس اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 2 مئی کو لاہور کے علاقے کاہنہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں کانسٹیبل کے قتل میں ملوث 2 ملزمان ہلاک ہوگئے تھے۔

  • فرار کی کوشش میں ملزم چھت سے گر کر ہلاک

    فرار کی کوشش میں ملزم چھت سے گر کر ہلاک

    پشاور: خیبر پختون خوا میں پولیس چھاپے کے دوران ایک ملزم فرار کی کوشش کرتے ہوئے چھت سے گر کر ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ملک کے مختلف شہروں میں پولیس مقابلوں کے دوران 3 ملزمان ہلاک ہو گئے جب کہ 5 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے مرکزی شہر پشاور میں رات گئے تھانہ ہشنگری کی حدود میں ایک گھر پر چھاپا مارا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم فرار کی کوشش میں چھت سے گر کر ہلاک ہو گیا، ہلاک ملزم 10 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں باٹا پور میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے جب کہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت اعظم کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکو ننکانہ صاحب پولیس کو مطلوب تھا، 7 روز قبل ملزم نے فائرنگ کر کے کانسٹیبل اشرف کو شہید کر دیا تھا۔

    ادھر شہر قائد کراچی میں بھی سچل کے علاقے میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کی شناخت حمید بھٹی کے نام سے ہوئی ہے۔

    سچل پولیس کے مطابق 3 ملزمان لوٹ مار کر کے موٹر سائیکل پر فرار ہو رہے تھے، پولیس نے بروقت تعاقب شروع کر دیا، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جب کہ 2 فرار ہو گئے، ملزمان سے برآمد موٹر سائیکل کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ سمن آباد سے چھینی گئی تھی۔

  • پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے

    شیخوپورہ/ فیصل آباد: پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے آ گئے، جن میں پولیس فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک جب کہ 6 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں کھاریانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جب کہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم ہلاک، 3 فرار ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک ماہ قبل خاتون سمیت 9 افراد کو قتل کیا تھا، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    فیصل آباد کے بٹالہ کالونی میں بھی پولیس مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے شہری سے رقم اور موبائل چھینا، ڈولفن فورس کے تعاقب پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں دونوں ڈاکو مارے گئے، اسلحہ اور چھینا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

    بہاولنگر میں فورٹ عباس کے علاقے تھانہ کھچی والا میں پولیس کی کارروائی میں ڈکیت گینگ کے 5 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے 13 لاکھ مالیت کے چرائے گئے مویشی برآمد کیے گئے، ملزمان کے خلاف تھانہ کھچی والا میں مقدمہ بھی درج تھا۔

    ضلع خانیوال میں جہانیاں کے نواحی علاقے 141 دس آر میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو گرفتار کر لیا گیا جب کہ 3 فرار ہو گئے، پولیس کی فائرنگ سے زخمی ڈاکو 2 ساتھیوں سمیت فرار ہوا، پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کر کے کار قبضے میں لے لی۔

  • گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد ملزمان کا پولیس کے ساتھ 15 منٹ مقابلہ

    گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد ملزمان کا پولیس کے ساتھ 15 منٹ مقابلہ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان اور پولیس میں مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح 5 بجے گلستان جوہر بلاک 15 میں ملزمان ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، پولیس اور ملزمان میں 15 منٹ تک مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    گلستان جوہر پولیس ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے، دو موٹرسائیکلز پر چار اہل کاروں نے پیچھا کیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سامان سے بھرا رکشہ چھوڑ کر فرار ہوئے، اے آر وائی نیوز نے مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی، جس میں ملزمان کے پیچھے موٹر سائیکل سوار اہل کاروں کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ملزمان کے رکشے سے ملنے والی کھلونا پولیس کار اور ٹینک

    پولیس نے بتایا کہ آج صبح 4 ملزمان ایک بنگلے سے ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، ملزمان ایک رکشے اور ایک کار میں آئے تھے، اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان 15 منٹ تک مقابلہ چلا، شبہ ہے کہ فائرنگ سے رکشے میں سوار ملزمان زخمی ہوئے ہیں۔

    ملزمان کا رکشہ جسے وہ فرار ہوتے وقت چھوڑ گئے

    پولیس کے مطابق ملزم رکشہ چھوڑ کر کار میں فرار ہوئے، رکشے میں موجود سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے، فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش میں پولیس کی چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں۔

  • پنجاب میں ایک اور پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پولیس اہل کار شہید

    پنجاب میں ایک اور پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پولیس اہل کار شہید

    قصور: پنجاب کے شہر قصور میں تھانہ صدر کی حدود میں پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک جب کہ ایک پولیس اہل کار شہید ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قصور میں تھانہ صدر کے علاقے پیر والا روڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل فیصل شہید جب کہ دو ڈاکو موقع ہی پر ہلاک ہو گئے۔

    مقابلے کے بعد ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ضلع بھر کی پولیس قصور پہنچ گئی، راستوں کی ناکہ بندی کر کے ڈاکوؤں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    پولیس مقابلے میں ہلاک 4 لڑکوں سے دو دو لاکھ رشوت مانگی گئی تھی

    پولیس حکام کے مطابق یہ مقابلہ پیر والا روڈ کے قریب پیش آیا، جب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان کو ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس سے ایک اہل کار شہید ہو گیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ڈاکو ہلاک اور ان کے ساتھی فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ رات ہی شیخو پورہ میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک کیے گئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ چٹی کوٹھی روڈ پر ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

    دوسری طرف دو دن قبل پنجاب کے شہر وہاڑی میں بورے والا کے چک 519 ای بی کے قریب ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا، مقتولین کے ورثا کا کہنا ہے لڑکے 7 دن سے پولیس حراست میں تھے، پولیس نے فی کس 2،2 لاکھ روپے رشوت مانگی تھی، رشوت نہ دینے پر لڑکوں کو مقابلہ ظاہر کر کے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد ہلاک

    ڈی آئی خان: خیبرپختونخوا میں پولیس مقابلے کے دوران تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی نے بگوانی گاؤں میں مکان پر چھاپہ مارا اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے 2دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں مقابلہ تاحال جاری ہے، بکتربند گاڑی اور مزید نفری روانہ کردی گئی، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت وقار اور نوید کے نام سے ہوئی۔

    ٹی ٹی پی خودکش اسکواڈ کا سربراہ افغانستان میں مارا گیا

    دہشت گردوں سے وائر لیس سیٹ، کلاشنکوف، دستی بم اور بارودی مواد برآمد ہوئی، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ سے تھا، مارے گئے دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث تھے۔

    آر پی او کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملے میں بھی مطلوب تھے۔

  • کراچی: منگھوپیر میں مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک، دو گرفتار

    کراچی: منگھوپیر میں مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک، دو گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح چھ بجے کراچی کے علاقے منگھوپیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے مابین مقابلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جس کی شناخت عبداللہ محسود کے نام سے ہوئی ہے۔

    ذرایع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مبینہ مقابلے میں دو ملزمان زخمی ہو کر گرفتار بھی ہو گئے ہیں جن میں ایک کا نام شیر اللہ اور دوسرے کا سہیل بتایا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    سندھ رینجرز کی تصدیق

    سندھ رینجرز کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کی گئی ہے، رینجرز کا کہنا ہے کہ پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے حساس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے منگھو پیر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی تھی۔ ملزمان نے رینجرز اور پولیس کی ٹیم کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کی، جوابی فائرنگ کے دوران تین ملزمان جن میں بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر عبد اللہ محسود، شیر اللہ عرف شینا اور محمد سہیل شامل ہیں، کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

    رینجرز کے مطابق تینوں زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ٹارگٹ کلر عبداللہ محسود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ دیگر ملزمان کا علاج جاری ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور ایمونیشن بھی قبضے میں لیا گیا ہے اور 2 عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی بر آمد کر لی گئی ہیں جو کہ 2 دن قبل منگھو پیر کے علاقے سے چھینی گئی تھیں۔

    رینجرز کا کہنا ہے کہ عبداللہ محسود کے 2 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کام یاب ہوئے۔ 10 ڈکیتوں پر مشتمل یہ ایک منظم گروہ تھا جو کہ شہریوں کو لوٹنے، اغوا برائے تاوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملو ث رہا ہے۔

    ملزمان نے مارچ 2019 سہراب گوٹھ پل کے نیچے بھتہ نہ دینے پر ایک مرد اور دو خواتین کو زخمی کیا۔ اپریل 2019 میں دو پولیس اہل کاروں کانسٹیبل عابد علی اور طارق کو زخمی کیا۔ جولائی 2019 میں انڈس پلازہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں 2 افراد سمیع اللہ اور گل آکاخیل کو قتل کیا۔ جولائی 2019 میں جنجار گوٹھ کے علاقے میں پولیس اہل کاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ منگھو پیر کے علاقے میں ڈکیتی پر رینجرز اہل کار کو زخمی کیا۔ 9 دسمبر 2019 کو تھانہ سچل کے علاقے میں فرانزک ڈیپارٹمنٹ کی موبائل پر فائرنگ کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

    یہ گروہ عبد اللہ محسود کی سربراہی میں کراچی کے علاقے خصوصاً سہراب گوٹھ، جنجار گوٹھ، گلشن معمار، نیو کراچی، منگھو پیر، سپر ہائی وے اور سبزی منڈی کے علاقوں میں سنگین وارداتوں میں ملوث تھا اور خوف اور دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ درج بالا ملزمان کے خلاف متعدد ایف آئی آر ز بھی درج ہیں اور تفتیش میں بھی مطلوب تھے۔ ملزما ن کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • شیخوپورہ میں پولیس انکاؤنٹر، 2 ملزمان ہلاک

    شیخوپورہ میں پولیس انکاؤنٹر، 2 ملزمان ہلاک

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے سیکھم کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے سیکھم میں مبینہ پولیس انکاؤنٹر میں دو ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں، موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ناکے پر پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشکو ک افراد موٹر سائیکل پر جوئیا نوالہ موڑ کی طرف جا رہے تھے کہ روکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور فائرنگ کے نتیجہ میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جب کہ باقی فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے۔

    ملزمان کے قبضے سے 2 پسٹل، موٹر سائیکل اور نمبر پلیٹس کا سامان برآمد ہوا، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں نے گزشتہ رات ہیڈ کانسٹیبل اعجاز کو شہید کیا تھا، جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے کا سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    ڈی پی او غازی صلاح الدین کا کہنا تھا کہ قانون کے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب پولیس شہریوں کے جان و مال کے تخفظ کے لیے اپنی حکمت عملی جاری رکھے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملتان: پولیس انکاؤنٹر میں 4 ڈاکو مار دیے گئے

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ملتان کے علاقے جلالپور پیروالا میں حاجی پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران بھی پولیس نے 4 ملزمان کو ہلاک کر دیا تھا، ڈاکو روڈ پر ناکا لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر انکاؤنٹر میں چار ڈاکو مار دیے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ انھیں 15 پر اطلاع ملی تھی کہ ڈاکو ناکا لگا کر لوٹ مار کر رہے ہیں، جس پر پولیس اہل کار موقع پر پہنچے، فائرنگ کے تبادلے میں 4 ڈاکو ہلاک جب کہ دیگر فرار ہو گئے۔

  • ملتان: پولیس انکاؤنٹر میں 4 ڈاکو مار دیے گئے

    ملتان: پولیس انکاؤنٹر میں 4 ڈاکو مار دیے گئے

    ملتان: جلالپور پیروالا میں حاجی پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے 4 ملزمان کو ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں حاجی پل کے قریب ڈاکو روڈ پر ناکا لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر انکاؤنٹر میں چار ڈاکو مار دیے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں 15 پر اطلاع ملی تھی کہ ڈاکو ناکا لگا کر لوٹ مار کر رہے ہیں، جس پر پولیس اہل کار موقع پر پہنچے، فائرنگ کے تبادلے میں 4 ڈاکو ہلاک جب کہ دیگر فرار ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق جلالپور پیروالا میں ہلاک ڈکیتوں سے کلاشنکوف، موٹر سائیکل اور نقدی برآمد ہوئی، ہلاک ہونے والے ایک ڈاکو کی شناخت شوکت عرف شوکی کلال کے نام سے ہوئی ہے جب کہ باقی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد چھ تھی، جن میں سے دو فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ صدر بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ کارروائی کے دوران ایک پولیس گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی تھی، فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا تھا۔ ڈاکوؤں کی لاشیں نشتر اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں، جب کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو بھی پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • کراچی: ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ کی ایک اور بڑی واردات

    کراچی: ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ کی ایک اور بڑی واردات

    کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ نے ایک اور بڑی واردات کر لی ہے، چوروں نے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ریگل ٹریڈ سینٹر میں 6 ملزمان گاہک بن کر مارکیٹ میں داخل ہوئے اور الیکٹرونک سامان کے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر کے فرار ہو گئے۔

    ملزمان نے مزدوروں جیسا حلیہ بنا رکھا تھا، انھوں نے مارکیٹ میں گھوم پھر دکانوں اور گوداموں کا جائزہ لیا، اور بہت کم وقت میں واردات کی، ملزمان نے آسان ہدف بھانپ کر گودام سے لیپ ٹاپ چوری کیے اور فرار ہو گئے۔

    یاد رہے کہ ریگل ٹریڈ سینیٹر مارکیٹ میں اپنی نوعیت کی یہ پانچویں واردات ہے، متاثرہ شہری نے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔

    تازہ ترین:  کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی کے علاقے گلبہار میں ہونے والی ایک اور واردات میں پولیس کے ہاتھوں دو ڈاکو ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوا، اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو پاک کالونی میں واردات کے دوران زمین پر گرے ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز صبح پیش آئی تھی، ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکو بھائی ہیں، ملزمان کو ایک سال قبل گرفتار کیا گیا تھا، اور تینوں بھائی ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوئے تھے، پولیس نے تینوں ڈکیت بھائیوں کے ساتھیوں کی بھی تلاش شروع کر دی ہے۔