Tag: پولیس مقابلے

  • کٹی پہاڑی: خواتین سے زیورات اور پرس چھیننے والے لٹیرے پولیس مقابلے میں گرفتار

    کٹی پہاڑی: خواتین سے زیورات اور پرس چھیننے والے لٹیرے پولیس مقابلے میں گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کٹی پہاڑی سے گزشتہ شب پولیس مقابلے میں گرفتار ہونے والے لٹیروں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خواتین سے زیورات اور پرس چھیننے کی وارداتیں کیا کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کٹی پہاڑی نارتھ ناظم آباد بلاک آر میں پولیس مقابلہ ہوا تھا، جس میں شاہراہِ نور جہاں پولیس نے 2 ملزمان عبداللہ اور ہمایوں شعور کو گرفتار کر لیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈسٹرکٹ سٹی، سینٹرل اور ایسٹ میں درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان نے بتایا ہے کہ ان کا ٹارگٹ خواتین ہوتی ہیں، جن سے وہ زیورات اور پرس وغیرہ چھینتے ہیں۔

    ملزمان نے زیادہ تر خواتین سے وارداتیں گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں کیں، پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ یہ ملزمان ڈاکس تھانہ، بلال کالونی، شاہراہِ نور جہاں، حیدری مارکیٹ سے پہلے بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو تھانہ جوہر آباد اور شریف آباد تھانہ پولیس بھی گرفتار کر چکی ہے، ان کی گرفتاری ڈکیتی، مقابلے، موٹر سائیکل لفٹنگ، اسلحہ اور منشیات کے مقدمات میں عمل میں آئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے ساتھیوں کی معلومات حاصل کر لی ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • کراچی پولیس مقابلے میں زخمی 5 ملزمان انتہائی مطلوب ڈاکو نکلے

    کراچی پولیس مقابلے میں زخمی 5 ملزمان انتہائی مطلوب ڈاکو نکلے

    کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقوں گلبرگ اور عزیز آباد میں پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے 5 ملزمان انتہائی مطلوب ڈاکو نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ روز پولیس مقابلے میں گرفتار ہونے والے زخمی ڈاکو انتہائی مطلوب ملزمان نکلے ہیں، ڈاکوؤں کا یہ گروہ بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کو راستے میں لوٹ لیتا تھا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 5 ماہ قبل عزیز آباد کے علاقے میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری سے 5 لاکھ 60 ہزار رو پے چھینے تھے۔

    گرفتار زخمی ڈاکوؤں نے دوسری واردات 3 ماہ قبل فیڈرل بی ایریا کے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے 13 لاکھ رو پے چھین کر کی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں نے گارڈن اور گارڈن ایسٹ میں بھی بینک سے رقم لے کر نکلنے والے درجنوں شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔

    گینگ کا ایک رکن شاہزیب پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے، جس کی لوٹ مار کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔

  • کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات بھی 3 پولیس مقابلے ہوئے، ایک مقابلے میں وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈی چوک کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ہلاک ڈاکو کا تعلق افغان گینگ سے ہے، انھوں نے واقعے سے متعلق تفصیل بتائی کہ 2 ڈاکو گھر کے اندر لوٹ مار کر رہے تھے، تیسرا ڈاکو باہر گلی میں پہرہ دے رہا تھا، اطلاع پر پولیس پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو مارا گیا، اور 2 ساتھی فرار ہو گئے۔

    ڈاکوؤں نے گزشتہ ہفتے بھی 2 گھروں میں وارداتیں کی تھیں، جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، مارے گئے ڈاکو کے قبضے سے وائٹ کرولا اور اسلحہ برآمد ہوا، یہ گینگ سفید کار میں وارداتیں کرنے آتا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اور کرائم سین کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    ادھر کراچی کے علاقے منگھو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت مجاہد کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ پر بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، اور اس سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے۔

  • کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران 4 پولیس مقابلے، ایک ہلاک، 7 زخمی

    کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران 4 پولیس مقابلے، ایک ہلاک، 7 زخمی

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران 4 مبینہ پولیس مقابلے ہوئے ہیں، جن میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک، 7 زخمی اور 10 گرفتار ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق چند دنوں سے تواتر کے ساتھ کراچی شہر میں راتوں کو مبینہ پولیس مقابلے ہو رہے ہیں، گزشتہ رات بھی چار مقابلے ہوئے، جن میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلا مقابلہ کورنگی صنعتی ایریا اللہ والا ٹاؤن سیکٹر 31 جی میں 5 رکنی ڈکیت گینگ سے ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، 3 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزمان شہری سے واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے، واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تعاقب کیا تو مقابلہ ہو گیا، زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال روانہ کر دیا۔

    دوسرا پولیس مقابلہ کریم آباد میں گرلز کالج کے قریب ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے اسلحہ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    تیسرا مقابلہ عزیز آباد بلاک 8 میں ہوا، جس میں 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، ڈاکوؤں سے 2 پستول، موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، گرفتار زخمی ڈاکوؤں کی شناخت وقار، مشتاق، محمد عیسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوتھا مبینہ مقابلہ صفورا میں ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، ہلاک ڈاکو سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

  • کراچی میں رات گئے 3 پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار

    کراچی میں رات گئے 3 پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں رات گئے 3 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، ڈاکو کی شناخت فی الوقت نہیں ہو سکی ہے۔

    کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد، کٹی پہاڑی کے قریب بھی پولیس کی کارروائی میں ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن سے اسلحہ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا، جب کہ ان کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔

    کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ اور شہریوں سے چھینے ہوئے 2 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔

    ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے، ملزمان شہریوں کو رات میں رکشے کی آڑ میں واردات کا نشانہ بناتے تھے، گرفتار زخمی ملزم کی شناخت ظفر کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں گرفتار زخمی ملزم کے بارے میں انکشاف

    کراچی: پولیس مقابلے میں گرفتار زخمی ملزم کے بارے میں انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد سجاد نامی ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ پولیس اہل کار محمد شاہد کے قتل میں ملوچ تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہل کاروں نے گلستان جوہر میں مشتبہ افراد کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو انھوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، جس کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کے 2 ساتھی فرار ہو گئے، ملزم نے گلستان جوہر تھانے کی حدود میں مقابلے میں اہلکار شاہد کو قتل کیا تھا، پولیس مقابلے کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج تھا۔

    ملزم کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، گرفتار ملزم سے ایک پستول برآمد ہوا، اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • 12 دنوں میں سندھ پولیس نے 122 مقابلوں میں 106 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کر دیا

    12 دنوں میں سندھ پولیس نے 122 مقابلوں میں 106 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کر دیا

    کراچی: سندھ پولیس نے 12 دنوں میں 122 مقابلوں میں 106 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کو 20 تا 31 مارچ پولیس کی جرائم کے خلاف کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس دوران سندھ بھر کے مختلف تھانوں کی حدود میں 122 پولیس مقابلے ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق ان مقابلوں میں 13 ڈاکو ہلاک جب کہ 106 کرمنلز گینگز کا خاتمہ ہوا، پولیس مقابلوں میں زخمی ہونے والے 95 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا، جب کہ مجموعی طور پر 442 ڈاکو گرفتار ہوئے، ایک اشتہاری ڈکیت بھی گرفتار کیا گیا۔

    ساؤتھ زون میں 6 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 11 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کیا گیا، 1 ڈکیت ہلاک، 26 گرفتار ہوئے، جن میں 7 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے تھے۔

    ایسٹ زون میں 31 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 35 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کیا گیا، اور 6 ڈکیت ہلاک، 191 گرفتار ہوئے، جن میں 41 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ ویسٹ زون میں 15 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 12 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کیا گیا، 95 ڈکیت گرفتار کیے گئے، جن میں 15 زخمی حالت میں پکڑے گئے۔

    حیدرآباد رینج میں میں 17 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 21 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کیا گہا، 1 ڈکیت ہلاک، 47 گرفتار ہوئے، جن میں 12 زخمی حالت میں تھے۔

    میرپور خاص رینج میں 2 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 4 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کیا گیا، اور 14 ڈکیت گرفتار کیے گئے، ایس بی اے رینج میں 2 پولیس مقابلے ہوئے، ایک کرمنل گینگ کا خاتمہ ہوا اور 8 ڈکیت گرفتار کیے گئے۔

    سکھر رینج میں 25 پولیس مقابلے ہوئے، 11 کرمنلز گینگز کا خاتمہ کیا گیا، 3 ڈکیت ہلاک، 26 ڈکیت گرفتار ہوئے، جن میں 11 زخمی حالت میں تھے، لاڑکانہ رینج میں 24 پولیس مقابلوں میں 11 کرمنلز گینگز کا ختمہ کیا گیا، 2 ڈکیت ہلاک، 35 ڈکیت گرفتار ہوئے، جن میں 9 زخمی حالت میں تھے۔

  • ڈیفنس میں مبینہ مقابلے سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آ گئے

    ڈیفنس میں مبینہ مقابلے سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آ گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزری پولیس نے آج صبح ڈیفنس فیز 4 کمرشل ایونیو یثرب امام بارگاہ کے سامنے ایک گھر میں مبینہ مقابلے میں 5 ملزمان کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گاڑی برآمد کیے تھے، تاہم گھر اور گاڑی کے مالک وکیل علی حسنین نے واقعے کو جعلی پولیس مقابلہ قرار دے دیا۔

    علی حسنین نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس رات 4 بجےگھر میں گھسی، اور اہل کاروں نے میری والدہ اور مہمانوں کو یرغمال بنا لیا، اس کے بعد پولیس میرے ڈرائیور عباس اور گاڑی ساتھ لےگئی، بعد میں چھیپا کی تصاویر سے پتا چلا کہ ڈرائیور عباس کو مار دیاگیا ہے۔

    علی حسنین کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے ان کے ڈرائیور عباس کو ناحق قتل کیا، انھوں نے بتایا ڈرائیور عباس 5 سال سے میرا ملازم ہے۔ علی حسنین نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ میں اپنی اہلیہ کے ساتھ اسلام آباد میں موجود ہوں، میں سندھ ہائی کورٹ کا سینئر وکیل ہوں۔

    ڈیفنس: ڈکیت گروپ کا عبرت ناک انجام

    وکیل نے مزید بتایا کہ وہ پولیس مقابلے میں مارے گئے دیگر افراد کو نہیں جانتے، تاہم جو گاڑی پولیس نے قبضے میں لی وہ میرے استعمال میں رہتی ہے جب کہ عباس زیادہ تر چھوٹی گاڑی چلاتا تھا۔

    علی حسنین کے مطابق ان کا ڈرائیور ان کی والدہ کو اسپتال لے جاتا تھا اور سار ادن ان کے ساتھ رہتا تھا۔

    واضح رہے کہ آج ایس ایس پی ساؤتھ نے پولیس مقابلے کے بعد کہا تھا کہ مارے جانے والے ملزمان سے ایک ڈبل کیبن گاڑی برآمد کی گئی ہے، ملزمان کا گروپ سرائیکی گینگ کے نام سے جانا جاتا تھا جو کافی عرصے سے ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے میں وارداتیں کر رہا تھا۔ جس بنگلے میں مقابلہ ہوا وہ بنگلہ بند تھا جب کہ ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ملزمان اسی بند بنگلے میں رہائش پذیر تھے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ ہلاک 3 ملزمان پہلے بھی گرفتار ہو چکے ہیں، اس سے قبل ساؤتھ زون پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جیل سے آنے کے بعد ملزمان نے دوبارہ سے گروپ منظم کیا، 10روز پہلے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

    مارے جانے والے 3 ڈاکوؤں کی شناخت محمد ریاض ولد اللہ بخش، محمد عابد ولد عبد الرحمٰن اور غلام مصطفیٰ ولد محمد صادق کے نام سے ہوئی۔

  • فرار کی کوشش میں ملزم چھت سے گر کر ہلاک

    فرار کی کوشش میں ملزم چھت سے گر کر ہلاک

    پشاور: خیبر پختون خوا میں پولیس چھاپے کے دوران ایک ملزم فرار کی کوشش کرتے ہوئے چھت سے گر کر ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ملک کے مختلف شہروں میں پولیس مقابلوں کے دوران 3 ملزمان ہلاک ہو گئے جب کہ 5 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے مرکزی شہر پشاور میں رات گئے تھانہ ہشنگری کی حدود میں ایک گھر پر چھاپا مارا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم فرار کی کوشش میں چھت سے گر کر ہلاک ہو گیا، ہلاک ملزم 10 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں باٹا پور میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے جب کہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت اعظم کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکو ننکانہ صاحب پولیس کو مطلوب تھا، 7 روز قبل ملزم نے فائرنگ کر کے کانسٹیبل اشرف کو شہید کر دیا تھا۔

    ادھر شہر قائد کراچی میں بھی سچل کے علاقے میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کی شناخت حمید بھٹی کے نام سے ہوئی ہے۔

    سچل پولیس کے مطابق 3 ملزمان لوٹ مار کر کے موٹر سائیکل پر فرار ہو رہے تھے، پولیس نے بروقت تعاقب شروع کر دیا، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جب کہ 2 فرار ہو گئے، ملزمان سے برآمد موٹر سائیکل کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ سمن آباد سے چھینی گئی تھی۔

  • پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے

    شیخوپورہ/ فیصل آباد: پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے آ گئے، جن میں پولیس فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک جب کہ 6 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں کھاریانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جب کہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم ہلاک، 3 فرار ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک ماہ قبل خاتون سمیت 9 افراد کو قتل کیا تھا، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    فیصل آباد کے بٹالہ کالونی میں بھی پولیس مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے شہری سے رقم اور موبائل چھینا، ڈولفن فورس کے تعاقب پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں دونوں ڈاکو مارے گئے، اسلحہ اور چھینا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

    بہاولنگر میں فورٹ عباس کے علاقے تھانہ کھچی والا میں پولیس کی کارروائی میں ڈکیت گینگ کے 5 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے 13 لاکھ مالیت کے چرائے گئے مویشی برآمد کیے گئے، ملزمان کے خلاف تھانہ کھچی والا میں مقدمہ بھی درج تھا۔

    ضلع خانیوال میں جہانیاں کے نواحی علاقے 141 دس آر میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو گرفتار کر لیا گیا جب کہ 3 فرار ہو گئے، پولیس کی فائرنگ سے زخمی ڈاکو 2 ساتھیوں سمیت فرار ہوا، پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کر کے کار قبضے میں لے لی۔