Tag: پولیس مقابلے

  • پنجاب میں ایک اور پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پولیس اہل کار شہید

    پنجاب میں ایک اور پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پولیس اہل کار شہید

    قصور: پنجاب کے شہر قصور میں تھانہ صدر کی حدود میں پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک جب کہ ایک پولیس اہل کار شہید ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قصور میں تھانہ صدر کے علاقے پیر والا روڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل فیصل شہید جب کہ دو ڈاکو موقع ہی پر ہلاک ہو گئے۔

    مقابلے کے بعد ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ضلع بھر کی پولیس قصور پہنچ گئی، راستوں کی ناکہ بندی کر کے ڈاکوؤں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    پولیس مقابلے میں ہلاک 4 لڑکوں سے دو دو لاکھ رشوت مانگی گئی تھی

    پولیس حکام کے مطابق یہ مقابلہ پیر والا روڈ کے قریب پیش آیا، جب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان کو ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس سے ایک اہل کار شہید ہو گیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ڈاکو ہلاک اور ان کے ساتھی فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ رات ہی شیخو پورہ میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک کیے گئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ چٹی کوٹھی روڈ پر ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

    دوسری طرف دو دن قبل پنجاب کے شہر وہاڑی میں بورے والا کے چک 519 ای بی کے قریب ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا، مقتولین کے ورثا کا کہنا ہے لڑکے 7 دن سے پولیس حراست میں تھے، پولیس نے فی کس 2،2 لاکھ روپے رشوت مانگی تھی، رشوت نہ دینے پر لڑکوں کو مقابلہ ظاہر کر کے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

  • پولیس مقابلے میں ہلاک 4 لڑکوں سے دو دو لاکھ رشوت مانگی گئی تھی

    پولیس مقابلے میں ہلاک 4 لڑکوں سے دو دو لاکھ رشوت مانگی گئی تھی

    وہاڑی: گزشتہ رات وہاڑی میں ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا، مقتولین کے ورثا نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے فی کس 2،2 لاکھ روپے رشوت مانگی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی میں بورے والا کے چک 519 ای بی کے قریب گزشتہ رات پولیس مقابلے میں 4 لڑکے مارے گئے تھے، ورثا کا کہنا ہے لڑکے 7 دن سے پولیس حراست میں تھے۔

    ورثا نے الزام لگایا کہ سی آئی اے پولیس نے 2 لاکھ فی کس رشوت مانگی تھی، رشوت نہ دینے پر لڑکوں کو مقابلہ ظاہر کر کے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ورثا نے لڑکوں کو مارنے پر احتجاج کرتے ہوئے وہاڑی روڈ بلاک کر دی اور شدید نعرے بازی کی، مشتعل مظاہرین نے پولیس اہل کاروں پر پتھراؤ بھی کیا، اور ڈنڈوں سے مارنے کی کوشش کی، ڈی ایس پی صدر خالد جاوید نے بہ مشکل مشتعل مظاہرین سے جان بچائی۔

    پنجاب پولیس کے مبینہ مقابلے، 5 ملزمان ہلاک

    ورثا نے واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف جسٹس پاکستان سے جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ پولیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہاڑی میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ملزمان ہلاک کیے گئے ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ 4 لڑکوں کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کی گئیں، ہلاک ملزمان کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔

  • پنجاب پولیس کے مبینہ مقابلے، 5 ملزمان ہلاک

    پنجاب پولیس کے مبینہ مقابلے، 5 ملزمان ہلاک

    راولپنڈی: پنجاب پولیس کے دو مختلف مقامات پر مقابلوں میں 5 ملزمان ہلاک ہو گئے، ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں سرفراز روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، دوسرا زخمی ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کی زد میں اپنے ہی ساتھی آ گئے۔

    راولپنڈی پولیس کے مطابق 5 ڈکیت فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو رہے تھے، کہ پولیس کے ساتھ مڈ بھیڑ ہو گئی، ملزمان علاقہ وارث خان میں وارداتوں میں ملوث ہیں، پولیس نے خفیہ اطلاع پر ریڈ کیا تو ڈکیتوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے 2 ڈکیت زخمی جب کہ باقی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ہلاک ہوا۔

    راولپنڈی پولیس مقابلے میں زخمی اور ہلاک ہونے والے ڈکیت

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس ڈکیت گینگ کی وارداتوں کی متعدد فوٹیجز بھی موجود ہیں۔ ہلاک ڈکیت کی شناخت ولایت شاہ اور زخمی کی شناخت نور خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی راول ڈویژن رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ ڈکیتوں کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک چیلنج تھی۔

    پولیس مقابلے سے قبل راولپنڈی میں وارث خان کے علاقے میں ڈکیتی کرتے ہوئے

    پنجاب کے ضلع وہاڑی میں بورے والا کے چک 519 ای بی کے قریب بھی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، ہلاک ملزمان کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ ڈی پی او وہاڑی کا کہنا تھا کہ علاقے کو کرائم فری بنا کر دم لیں گے۔

    وہاڑی میں پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے ملزمان
  • کراچی : ایک اور بے گناہ شہری پولیس کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا، ویڈیو منظرعام پر

    کراچی : ایک اور بے گناہ شہری پولیس کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا، ویڈیو منظرعام پر

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر بے گناہ شہری پولیس کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا، موٹر سائیکل سوار عدیل نے موقع پر جان دے دی، موت سر پر گولی لگنے سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی روش نہ بدلی ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور شہری قتل ہوگیا۔ کراچی کے علاقے پیرآباد میں پولیس مقابلے کی ویڈیو سامنے آگئی.

    پیرآباد نیو میانوالی کالونی میں عید کے روز پولیس مقابلے کے بعد کی ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ پولیس کی مبینہ فائرنگ سےجاں بحق ہونے والے عدیل کی لاش موٹرسائیکل کے ساتھ موقع پر پڑی ہے۔

    اس کے کچھ فاصلے پر پانی میں گرے زخمی ڈاکو کو پولیس اہلکار گرفتاری کے بعد گھسیٹتے ہوئے لے کر جارہے ہیں۔ اتحاد ٹاؤن کا رہائشی مقتول عدیل اپنے بھائی کے ساتھ اس کی سسرال آیا ہوا تھا۔

    عدیل کی موت سر پر پولیس فائر لگنے سے ہوئی۔ شہری کی ہلاکت کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے فائرنگ کرنے والے اہلکارکو پکڑ بھی لیا تھا۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر اہلکار ذمہ دار پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں ہونے والے پولیس کے کئی مقابلوں کے دوران اندھا دھند فائرنگ کے واقعات میں اب تک کئی بیگناہ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    آئی جی سندھ نے واضح ہدایت دے رکھی ہیں کہ گنجان علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران اسٹیٹ فائرنگ نہ کی جائے۔

  • کراچی پولیس نے مقابلوں کے معیاری طریقۂ کار پر عمل شروع کر دیا

    کراچی پولیس نے مقابلوں کے معیاری طریقۂ کار پر عمل شروع کر دیا

    کراچی:  پولیس دورانِ مقابلہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے لگی، گلشن اقبال پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے بعد مطلوب ڈکیت گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے مقابلوں کے معیاری طریقۂ کار پر عمل شروع کر دیا، گلشن اقبال میں پولیس نے ایک مقابلے کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ایک ڈکیت کو گرفتار کیا۔

    اے آر وائی نیوز نے مقابلے کی فوٹیجز بھی حاصل کر لیں، ملزم گلشن اقبال شاپنگ مارکیٹ سے شہری کو لوٹ کر فرار ہو رہا تھا کہ گشت پر مامور پولیس اہل کاروں کے فوری رسپانس پر ملزم بھاگ کھڑا ہوا۔

    ملزم نے 3 پولیس اہل کاروں پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی تاہم جواب میں ایس او پی کے تحت پولیس اہل کاروں نے چھوٹے ہتھیار استعمال کیے اور کسی اہل کار نے مقابلے کے دوران براہ راست فائرنگ کی کوشش نہیں کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ گرفتار

    پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے ملزم زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    خیال رہے کہ آج ہی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے اورنگی ٹاؤن کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ گرفتار کر لیا ہے۔

  • کراچی: پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ

    کراچی: پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ پولیس نے کراچی میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ ہوا ہے، اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز نے نوٹیفکیشن کی کاپی حاصل کر لی، نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس مقابلوں کی تفتیش ڈی آئی جی سی آئی اے کی سربراہی میں ہوگی، پولیس مقابلوں کے مقدمے از خود سی آئی اے منتقل ہو جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کے ماتحت 3 یونٹ تمام مقابلوں کی تفتیش کریں گے، ایسٹ زون میں تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کرے گا، ویسٹ زون کے مقابلوں کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کرے گا، جب کہ ساؤتھ زون میں پولیس مقابلوں کی تفتیش اینٹی کار لفٹنگ سیل کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں یونٹس کے ایس ایس پیز تفتیش کے لیے ٹیمیں مقرر کریں گے، گرفتار ملزمان سے تفتیش اور شواہد اکٹھے کیے جائیں گے، اور اس سلسلے میں پیش رفت رپورٹ محکمے کو ہفتہ وار بنیاد پر ارسال کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ ابھی حال ہی میں شہر قائد کے علاقے انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کی زد میں آ کر ایک طالبہ نمرہ جاں بحق ہو گئی تھی۔

  • کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی

    کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی

    کراچی : نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والی لڑکی دم توڑ گئی، یو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیریاں جاری ہیں، کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں انڈا موڑ پر ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والی لڑکی دوران علاج دم توڑ گئی۔

    مبینہ مقابلے کے عینی شاہد نیازعالم کا کہنا ہے کہ دو ملزمان ایک لڑکی سے لوٹ مار کررہے تھے کہ لڑکی کے شورمچانے پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    اس دوران شاہراہ نورجہاں پولیس پہنچی اور ملزمان پر فائرنگ کردی، جس سے زخمی ہوکر دونوں ڈکیت گرگئے عینی شاہد کے مطابق پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑا اور موبائل میں ڈال کر لے گئے۔

    موقع پر موجود لوگوں نے زخمی لڑکی کو رکشے میں ڈال کرقریبی اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں طبی امداد کے دوران مذکورہ لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

    علاوہ ازیں یو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں، جاں بحق افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا، دونوں مقتولین کی میتیں ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ روانہ کر دی گئیں۔

  • پولیس مقابلے اور چھاپوں میں ڈاکو سمیت13ملزمان گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ مال برآمد

    پولیس مقابلے اور چھاپوں میں ڈاکو سمیت13ملزمان گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ مال برآمد

    کراچی : پولیس نے کراچی میں مقابلے اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران تیرہ ملزمان گرفتار کرلیے ، ملزمان سے مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے, کراچی کے علاقے ملیر کینٹ سے ملزم منشیات سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

    گلستان جوہر حسین ہزارہ گوٹھ کے قریب پولیس مقابلہ میں ایک زخمی ڈکیت گرفتار جبکہ دو ڈکیت ساتھی فرار ہوگئے، زخمی ڈاکو سے اسلحہ، موبائل فونز، پرس اورموٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

    نیپئر پولیس نے کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ لیاقت آباد سپر مارکیٹ پولیس نے تین ہٹی بلوچ گوٹھ میں کارروائی کرکے تین رکنی ڈکیت گینگ گرفتار کیا جن سے تین پستول اور لوٹا گیا سامان برآمد کیا ۔

    کورنگی صنعتی ایریا سے پانچ ملزمان گرفتار کیے جن سےموٹرسائیکل اور شراب کو بوتلیں برآمد کیں، ملزمان میں موٹر سائیکل لفٹر بھی شامل ہے، کورنگی پولیس کی کارروائی کے دوران افغانی ڈکیت اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

    ملزم بہادرآباد اور دیگر علاقوں میں وارداتیں کرنے میں ملوث رہا ہے۔ لانڈھی پولیس نے گٹکا ماوا مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے آٹھ کلو گٹکا ماوا برآمد ہوا ہے۔

  • کراچی میں ڈاکو بے قابو، پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ملزم کو گرفتار کرلیا

    کراچی میں ڈاکو بے قابو، پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ملزم کو گرفتار کرلیا

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکو مافیا ایک بار پھر سرگرم ہوگیا، بفرزون میں مسلح افراد نے دکان لوٹ لی جبکہ فیروز آباد پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیروز آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ڈاکو گرفتار کرلیا گیا، پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو عمر عرف ڈینی شہر میں ہونے والی لوٹ مار کی سو سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔ عمر نامی ڈاکو نے گزشتہ ماہ نرسری فرنیچرمارکیٹ میں ڈکیتی کی واردات کی تھی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی شناخت ہوئی۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے بفرزون میں اسٹریٹ کرائم کی واردات ہوئی ہے جس میں ڈاکو شہریوں سے نقدی اور قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق بفرزون سیکٹر پندرہ بی میں مسلح ملزمان نے شہریوں کے ساتھ دکان کے کیش کاؤنٹر سے بھی رقم لوٹ لی۔ واردات صبح چھ بجے کے بعد رپورٹ ہوئی۔

    دکان میں نصب دو سی سی ٹی وی کیمروں میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح نظر آ رہے ہیں۔ پولیس واردات کی رپورٹ درج کرکے ڈاکوؤں کو تلاش کر رہی ہے تاہم کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

  • مقابلے میں بچی کی ہلاکت پولیس کی گولی سے ہوئی، ڈی آئی جی کا اعتراف

    مقابلے میں بچی کی ہلاکت پولیس کی گولی سے ہوئی، ڈی آئی جی کا اعتراف

    کراچی : پولیس نے اختر کالونی میں بدھ کے روز پولیس مقابلے کے دوران بچی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے بچی پولیس اہلکار کی گولی سے جاں بحق ہوئی، ذمے دار اہلکارکے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اخترکالونی کے قریب گزشتہ روز ہونے والے  پولیس مقابلے میں معصوم بچی کی موت کی ذمے دار پولیس نکلی، ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو نے بچی کی موت کا ذمہ دار پولیس کو ٹھہرادیا۔

    ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے بچی کی ہلاکت کو ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نتیجہ قرار دیا تھاتاہم اب یہ اعتراف کر لیا گیا ہے کہ بچی کو لگنے والی گولی پولیس اہلکار نے چلائی تھی۔

    واقعے کی تحقیقات ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کے سپرد کی گئی تھی، جاوید عالم کا کہنا ہے گولی چلانے والی اہلکارکے خلاف کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ پندرہ اگست کو اختر کالونی کے قریب ڈیفنس ٹریفک سگنل پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں راستے سے گزرتی بچی اور ایک ڈاکو زخمی ہوئے تھے ،جواسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوگئے تھے۔