Tag: پولیس موبائل

  • شکارپور: ڈاکوؤں کا پولیس موبائل پر راکٹ حملہ

    شکارپور: ڈاکوؤں کا پولیس موبائل پر راکٹ حملہ

    شکارپور: کشمور انڈس ہائی وے شجرع لاڑو کے مقام پر ڈاکوؤں  نے پولیس موبائل پر جانب راکٹ لانچرز سے حملہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمور شکارپور انڈس ہائی وے ناپر کوٹ تھانے کی حدود پر گشت کے دوران پولیس موبائل پر ڈاکوؤں نے راکٹ سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شدید زخمی اور ملزمان فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے میں یوسف وحید، محسن جنسار، اور اختر شامل ہیں زخمیوں کو سول اسپتال شکار پور لایا گیا جبکہ دو پولیس اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہونے پر سکھر کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    حکام نے بےایا کہ پولیس موبائل انڈس ہائی وے پر معمول کا گشت کررہی تھی شجراع لاڑو کے مقام پر واردات کے ارادے سے کھڑے ڈاکوؤں نے پولیس موبائل کو دیکھ کر جدید اسلحے سے فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو فرار ہوگئے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر طلب کرلی گئی جو ڈاکوں کے تعاقب میں مصروف ہے۔

  • کراچی میں پولیس موبائل میں کوکنگ آئل لوٹنے والا گینگ دھر لیا گیا

    کراچی میں پولیس موبائل میں کوکنگ آئل لوٹنے والا گینگ دھر لیا گیا

    کراچی : پولیس موبائل میں کوکنگ آئل لوٹنے والا گینگ دھر لیا گیا، لوٹ مار میں انچارج سی ٹی ڈی سول لائینز ملوث نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس موبائل میں کوکنگ آئل لوٹنے والا گروہ پکڑا گیا،۔ پولیس حکام نے بتایا کہ گارڈن ہیڈ کوارٹرز کے قریب چھاپے میں پانچ سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں گودام کا مالک، ملازم اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    پولیس موبائل پر کوکنگ آئل لوٹنے والے میں انچارج سی ٹی ڈی سول لائینز ملوث نکلا ، انچارج سی ٹی ڈی سول لائنز انسپکٹر ظفر اقبال کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ ملزمان کئی ماہ سے کوکنگ آئل لوٹنے کی وارداتیں کرتے تھے، گزشتہ روز سیکٹر 5 جی نیوکراچی سے پولیس موبائل نےسوزوکی چھینی ، پولیس موبائل میں 6 مسلح پولیس اہلکار موجود تھے۔

    مقدمے میں کہا کہ سوزوکی میں ٹریکرکی مددسےگارڈن کےعلاقےمیں کارروائی کی گئی، دکان کے باہر سوزوکی مال سمیت موجود تھی، پولیس نے 4ملزمان عثمان،عبدالواحد،واصف ،سعد کو رنگےہاتھوں پکڑا، ملزم سعد نے بھاگنے والے شخص کا نام ارسلان بتایا، جس کے بعد ملزم ارسلان نے میرا رابطہ ظفر اقبال نامی انسپکٹر سے بھی کرایا تھا۔

    متن کے مطابق انسپکٹر ظفر اقبال نے بتایا تیل اور گھی چوری کی ہیں اور ظفراقبال نے گارنٹی دی مارکیٹ سے سستا تیل آپ کو فروخت کر رہے ہیں، مفرور ملزم ارسلان انسپکٹر ظفر اقبال کا گن مین اور رشتےدارہے جبکہ گینگ میں دیگر سی ٹی ڈی اہلکار بھی ملوث ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پولیس موبائل میں مسلح افراد کوکنگ آئل کی گاڑیاں لوٹتے تھے، گزشتہ ماہ درجنوں وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔۔ ملزمان پولیس موبائل میں کوکنگ آئل گودام میں لے جاتے تھے۔

  • لکی مروت : پولیس موبائل  پر دہشت گردوں کا حملہ ، سب انسپکٹر سمیت 6 پولیس اہلکار شہید

    لکی مروت : پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ ، سب انسپکٹر سمیت 6 پولیس اہلکار شہید

    لکی مروت : پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں سب انسپکٹرسمیت چھ پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقہ وانڈہ شہاب خیل میں گشت پر مامور عباسہ چوکی کی پولیس موبائل وین پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

    دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سب انسپکٹر سمیت 6 پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے۔

    تاہم فائرنگ کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ڈی پی او کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ محمود خان نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے کر آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نے شہید کے درجات بلندی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوناک ہے، شہداکی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

  • پولیس موبائل کے ساتھ گھروں کو لوٹنے والے سادہ لباس اہل کار پھر سرگرم

    پولیس موبائل کے ساتھ گھروں کو لوٹنے والے سادہ لباس اہل کار پھر سرگرم

    کراچی: شہر میں نامعلوم پولیس موبائل پھر سرگرم ہو گئی ہے، سادہ لباس اہل کار پولیس موبائل کے ساتھ گھروں کو لوٹنے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نامعلوم سادہ لباس اہل کار پولیس موبائل میں مختلف علاقوں میں گھوم پھر کر گھر والوں کو لوٹ لیتے ہیں، گزشتہ روز بھی اہل کاروں نے ایک ڈیری فارمر کے گھر سے 23 لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش کی لیکن اہل کار مشکل میں پڑ گئے، اور ان کی ‘واردات’ ناکام ہو گئی۔

    واقعے کا مقدمہ سکھن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں پولیس موبائل اور ایک آلٹو گاڑی کو علاقے میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    مدعی کا کہنا تھا کہ پولیس موبائل میں سادہ لباس اہل کار آئے اور گھر کی تلاشی لینے لگے، تلاشی کے دوران اہل کاروں نے گھر سے 23 لاکھ روپے لوٹے۔ پولیس اہل کاروں نے میرے بیٹے کو بھی ساتھ لے جانے کی کوشش کی تو ہم نے شور شرابہ کیا جس پر لوگ اکٹھے ہو گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ہجوم جمع ہونے پر مبینہ اہل کاروں کی جان پر بن آئی، عوام کے ہاتھوں پکڑے جانے پر اہل کاروں نے اسلحہ موجودگی کا الزام لگایا، تاہم بھیڑ کے سامنے اہل کاروں نے ہار مان کر لوٹے ہوئے 23 لاکھ واپس کر دیے۔

    دریں اثنا، لوٹ مار کرنے والے اہل کار 15 موبائل آنے سے قبل ہی فرار ہو گئے۔ خیال رہے کہ پولیس موبائل کے ساتھ سادہ لباس اہل کار پہلے بھی اس طرح کی وارداتیں کرتے رہے ہیں۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان  میں  پولیس موبائل پر بم حملہ، ایک اہلکار شہید ، 2  زخمی

    ڈیرہ اسماعیل خان  میں  پولیس موبائل پر بم حملہ، ایک اہلکار شہید ، 2 زخمی

    ڈی آئی خان :  صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان  میں  پولیس موبائل پر بم دھماکے کے نتیجے میں  ایک اہلکار شہید جبکہ 2 اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان  کی تحصیل کلاچی میں پولیس موبائل پر بم حملہ کیا گیا ، حملے کے نتیجے میں ایک اہلکارشہید اور 2زخمی ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو پولیوٹیموں کی سیکورٹی پر بھیجاجارہاتھا۔

    پولیس کاکہناہے کہ شہید اہلکار کی شناخت ریاض کے نام سے ہوئی ہے جبکہ شکیل اورعطااللہ زخمی ہیں ، دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    گذشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں‌ ڈسٹرکٹ کورٹ کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں خودکش دھماکا، 7 افراد جاں‌ بحق

    یاد رہے چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی نے بگوانی گاؤں میں مکان پر چھاپہ مارا تو  دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے 2دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    دہشت گردوں سے وائر لیس سیٹ، کلاشنکوف، دستی بم اور بارودی مواد برآمد ہوئی تھی، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ سے تھا، مارے گئے دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث تھے۔

  • راجن پور میں پولیس موبائل پر فائرنگ،2 اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق

    راجن پور میں پولیس موبائل پر فائرنگ،2 اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق

    راجن پور: پنجاب کے شہر راجن پور میں پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ روجھان کےعلاقےعربی ٹبہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔

    پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ اس دوران گھات لگائے مسلح افراد نے وین پر گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں وین میں سوار 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ گولیوں کی زد میں آکر 3 افراد بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈی جی خان ؛ پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزم ہلاک، اہلکار شہید

    واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں مکمل کرلی ہیں۔

    ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے لاشوں کو ایمبولنس میں ڈال کر مقامی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں مقتولین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    قبل ازیں ڈیرہ غازی خان میں پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزم ہلاک جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب آج پولیس موبائل خدمت مرکزوین کا افتتاح کریں گے

    وزیراعلیٰ پنجاب آج پولیس موبائل خدمت مرکزوین کا افتتاح کریں گے

    ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارآج پولیس موبائل خدمت مرکز وین کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آج اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    سردارعثمان بزدار پولیس موبائل خدمت مرکزوین کا افتتاح بھی کریں گے، سرکٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں آرپی او وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیں گے۔

    یاد ریے کہ 4 روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شعبہ زراعت کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی ہمارا مشن ہے۔

    کسان خوشحال ہوگا توملک ترقی کرے گا‘ وزیراعلیٰ پنجاب

    سردار عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ معیشت کی مضبوطی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کسان خوشحال ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی کسان کی خوشحالی سے وابستہ ہے، زرعی شعبے کے لیے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جعلی زرعی ادویات تیاروفروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، جعلی زرعی ادویات کے ناسورکو ختم کریں گے۔

  • ڈھائی سالہ بچے پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ درج، دہشت گردی کی نو دفعات شامل

    ڈھائی سالہ بچے پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ درج، دہشت گردی کی نو دفعات شامل

    کوئٹہ : پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ ڈھائی سالہ بچے کیخلاف درج کرلیا گیا، ملزم بلال پردہشت گردی کی نو دفعات درج کی گئیں،  بلوچستان پولیس نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی، بچے کا باپ بیٹے کے مستقبل سے پریشان ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں میں ڈھائی سالہ بچے پر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا، ذرائع کے مطابق مقدمے میں بلال پردہشت گردی کی9دفعات درج کر دی گئیں ہیں،۔

    پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ تھانہ نیو سریاب میں مقدمہ درج کیا گیا، ننھے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے جس کے بعد بلال کی گرفتاری کیلیے اب تک3چھاپے بھی مارے جاچکے ہیں۔

    اس حوالے سے بلال کے والد کا کہنا ہے کہ ڈھائی سال کا بچہ پولیس پر فائرنگ کیسے کرسکتا ہے؟ بلال تو اب تک چپس کھاتا اور جوس پیتا ہے، ہم نے بلال کے نام پر اسکول کھولا جس پر پولیس نے اسے بڑا آدمی سمجھ کر مقدمہ درج کردیا۔

    کیس کو ختم کرنے کیلئے کئی بار پولیس سے رابطہ کیا ہے مگراب تک معاملہ حل نہیں ہوسکا، مقدمہ درج ہونے پر بچے کے مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہوں۔

    اعلی پولیس حکام نے بچے پر ایف آئی آر کا نوٹس لے لیا

    اس حوالےسے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق میڈیا میں خبر نشر ہونے پر بلوچستان پولیس نے ڈھائی سالہ بچے پرایف آئی آرکا نوٹس لے لیا ہے، متعلقہ حکام سے ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ والدین نے ہم سے رابطہ نہیں کیا ،حقائق کے مطابق کارروائی ہوگی، مقدمہ کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کےحکام کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

  • پولیس کی غیر قانونی کارروائیوں کی نشاندہی کے لیے اہم فیصلہ

    پولیس کی غیر قانونی کارروائیوں کی نشاندہی کے لیے اہم فیصلہ

    کراچی: پولیس کی غیر قانونی کارروائیوں کی نشاندہی کے لیے چیف ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے چیف ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پولیس موبائل پر 12 جگہ محکمے کا نام واضح طور پر لکھا جائے گا۔

    امیر شیخ کے مطابق موبائل کے دائیں جانب اردو اور بائیں جانب انگریزی میں نام لکھا جائے گا، کراچی پولیس کی تمام موبائلوں پر نام واضح طور پر لکھے جائیں گے۔ نام ایسے اسٹیکرز سے لکھے جائیں گے کہ روشنی پڑتے ہی نظر آئیں گے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ نام لکھنے کے لیے ریفلیکٹر اسٹیکرز استعمال کیے جائیں گے، تمام تھانے، تینوں خصوصی یونٹ اور سی ٹی ڈی اس کے پابند ہوں گے جبکہ پولیس کے دیگر تمام شعبے بھی موبائلوں پر نام لکھوائیں گے۔

    ڈاکٹر امیر شیخ نے اس اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو دوسرے تھانوں کی حدود سے لا کر لاک اپ کر دیا جاتا ہے، پتہ نہیں چلتا جو موبائل آئی وہ کس تھانے یا ادارے کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ متعدد شکایات اور واقعات کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس میں کالی بھیڑیں شارٹ ٹرم اغوا اور غیر قاونی گرفتاریوں میں ملوث رہیں، پولیس موبائلز کو بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں میں بھی استعمال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق غیر قانونی کارروائیوں کے وقت موبائل کا نمبر چھپا دیا جاتا تھا لہٰذا یہ اہم قدم اٹھایا جارہا ہے۔

  • پشاورمیں پولیس موبائل کےقریب دھماکہ‘4افراد زخمی

    پشاورمیں پولیس موبائل کےقریب دھماکہ‘4افراد زخمی

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس موبائل کےقریب دھماکےکے نتیجےمیں3اہلکاروں سمیت4افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق پشاور میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کےنتیجے میں 3سیکیورٹی اہلکاراور 1راہگیرزخمی ہوگئےجبکہ ایک اسکول کےباہر نصب بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔

    ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پشاور میں شمشتو کے نواحی علاقے خٹک پل کے نزدیک محکمہ انسداد دہشت گردی کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم کا نشانہ بنایا گیا جس میں 3 سیکیورٹی اہلکاراور1راہگیر زخمی ہوئے۔

    دھماکے کے بعد علاقے کو کلیئر کرالیا گیا جبکہ سرچ آپریشن کا عمل جاری ہے۔


    اسکول کے باہر نصب بم ناکارہ بنادیا گیا


    دوسری جانب صبح سویرے پشاور کےعلاقےارمڑ میں واقع ایک پرائمری اسکول کی عمارت کےقریب تین کلو وزنی بارودی مواد برآمد ہواتھا۔

    خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق بارودی مواد کی نشاندہی پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بم کو بغیر کسی جانی نقصان کے ناکارہ بنادیا گیا تاہم اس عمل میں اسکول کی عمارت کا کچھ حصہ متاثر ہوا۔


    پشاور میں خود کش حملہ‘ 1شہید‘ 4 زخمی


    واضح رہےکہ رواں سال فروری میں پشاور میں ججز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں