Tag: پولیس کی خبریں

  • کلیم امام نے سندھ پولیس کے نئے آئی جی کا چارج سنبھال لیا

    کلیم امام نے سندھ پولیس کے نئے آئی جی کا چارج سنبھال لیا

    کراچی: کلیم امام نے سندھ پولیس کے 59 ویں انسپکٹر جنرل (آئی جی) کا چارج سنبھال لیا۔ کلیم امام گزشتہ 25 سال سے محکمہ پولیس سے وابستہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے آئی جی سندھ کلیم امام کا پولیس میں 25 سال کا تجربہ ہے۔ ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر کلیم کو جون 2018 میں آئی جی پنجاب بنایا گیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق اگست 2017 میں انہیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز کا آئی جی مقرر کیا گیا۔ اعلیٰ خدمات پر کلیم امام کو تمغہ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

    کلیم امام ایس پی سبی، ایس پی نصیر آباد، ایس ایس پی کوئٹہ، ایس ایس پی راولپنڈی اور ایس ایس پی اسلام آباد بھی تعینات رہے۔

    وہ آئی جی اسلام آباد اور ڈائریکٹر نیشنل پولیس بیورو کے عہدے پر بھی رہے علاوہ ازیں ایس ایس پی ایف آئی اے امیگریشن اور وزیر اعظم کے چیف سیکیورٹی آفیسر بھی رہ چکے ہیں۔

    کلیم امام سے قبل امجد جاوید سلیمی آئی جی سندھ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

    نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے نئے آئی جی کو سندھ میں امن و امان بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑی جدوجہد کے بعد امن و امان بحال کیا، امن و امان کو مزید بہتر اور دیرپا بنانا ہے۔

  • ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے لیے پیسوں کی لین دین، حساس ادارے کا چھاپہ

    ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے لیے پیسوں کی لین دین، حساس ادارے کا چھاپہ

    اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے لیے ٹکٹ دلوانے کے نام پر پیسوں کی لین دین کے موقع پرحساس ادارے نے چھاپہ مار دیا۔ کارروائی میں 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے عوض پیسے لینے کا بھانڈا حساس ادارے کے چھاپے نے پھوڑ دیا۔ حلقہ پی پی 20 راولپنڈی 15 میں ٹکٹ کے عوض پیسے لیے جارہے تھے جب حساس ادارے نے چھاپہ مارا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت اہم حکومتی شخصیت کارشتہ دار بھی موقع پر موجود تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکٹ کے ساتھ بیورو کریسی کے تبادلوں کے لیے بھی پیسے لیے جا رہے تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ جواد نامی شخص اہم حکومتی وزیر کے رشتہ دار کے ذریعے کام کر رہا تھا۔ حکومتی شخصیت کے رشتہ دار سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    ٹکٹ دلوانے کے نام پر ڈھائی کروڑ کا تقاضہ کرنے والے 3 ملزم گرفتار ہوئے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ شالیمار میں فراڈ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔ ضمنی انتخاب کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ قومی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

    صوبائی اسمبلیوں میں سے پنجاب اسمبلی کے 13، خیبر پختونخواہ کے 9 اور سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2، 2 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

  • کراچی: موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہوں کے گرد گھیرا تنگ

    کراچی: موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہوں کے گرد گھیرا تنگ

    کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کراچی میں موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث گروہوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے ، 100 انتہائی مطلوب ملزمان کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے سی ایل سی ان دنوں موٹر سائیکل چھیننے اور چرانے والے منظم نیٹ ورک کی سرکوبی کے لیے سرگرم ہے ، گزشتہ چند ماہ میں اس سلسلے میں سینکڑوں کاروائیاں عمل میں لائی گئیں ہیں جن میں 400 کاریں اور ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں بازیاب کرکے مالکان کے حوالے کی گئی ہیں۔

    ایس ایس پی ( سی پی ایل سی ) اسد رضا کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری سے آج تک مختلف کارروائیوں میں 300 سے زائد ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے 100 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں اے سی ایل سی اور ملزمان کے گروہوں کے درمیان 10 مقابلے بھی ہوئے اور پولیس نے انتہائی کامیابی سے موٹر سائیکل لفٹر ز کے 51 گروپس کو کامیابی کے ساتھ ختم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملزم سہولت کاروں کی مدد سے کارروائی کرتے تھے ، زیادہ تر کا تعلق کراچی اور بلوچستان سے ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان سے تفتیش کرکے سہولت کاروں کو بھی اب حراست میں لیا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی اسد رضا کے مطابق اے سی ایل سی اب سہولت کاروں کی سرکوبی میں مشغول ہے جس کے لیےکراچی کے تمام تھانوں ، اداروں اور پبلک مقامات پر موسٹ وانٹڈ افراد کی تصاویر آویزاں کردیں گئی ہیں۔ یہ افراد موٹر لفٹنگ میں پولیس کو مطلوب ہیں۔

    دوسری جانب اے سی ایل سی کی جانب سے ایک لسٹ اور شائع کی گئی ہے جس میں شہریوں کو اپنی موٹرسائیکل کی حفاظت کے لیے ممکنہ احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا ہے۔ لسٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل یا گاڑی چوری ہونے یا چھن جانے کی صورت میں کون سے اقدامات ہیں جو کہ شہریوں کو ان کی املاک واپس دلانے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں