Tag: پولیس کی وردی

  • کراچی: پولیس کی وردی میں شہریوں کو لوٹنے والے 4 ڈاکو گرفتار

    کراچی: پولیس کی وردی میں شہریوں کو لوٹنے والے 4 ڈاکو گرفتار

    کراچی میں پولیس کی وردی میں لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کے چار کارندے لیاقت آباد فلائی اوور پر مقابلہ کے بعد پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے مقابلے کے بعد پولیس کی وردی پہن کر لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کے چار کارندہ کر گرفتار کرلیا، گرفتاری کے وقت کار میں سوار دو ڈاکوپولیس یونیفارم میں ملبوس تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان سے پولیس کے دو جعلی کارڈ، کیپ، بیلٹ، ہتھیار، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کی شناخت نجم، حمزہ، سفیان اور ثاقب کے نام سے ہوئی، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

  • پولیس کی وردی پہن کر خواتین کے پرس چھیننے والا ملزم گرفتار

    پولیس کی وردی پہن کر خواتین کے پرس چھیننے والا ملزم گرفتار

    کراچی: پولیس کی وردی میں ملبوس ہوکر راہ چلتی خواتین کے پرس چھیننے والا ملزم گرفتار ہوگیا، ملزم نے گزشتہ روز بھی واردات کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق تیموریہ پولیس نے خواتین کے پرس چھیننے والے ملزم کو پکڑلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس کی وردی پہن کر یہ وارداتیں کرتا تھا، اس نے گزشتہ روز بفرزون کے علاقے میں بھی خاتون سے پرس چھینا تھا۔

    گرفتارملزم کی شناخت نادرعلی ولد قادر بخش کے نام سے ہوئی ہے، ملزم سے چھینا ہوا پرس، پولیس وردی اور پولیس نمبر پلیٹ والی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ ملزمان کی جانب سے کراچی میں پرس چھیننے کی کئی وارداتیں سامنے آئی ہیں، کچھ عرصہ قبل بھی ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے راہ چلتی خاتون پرس چھینتے ہوئے گرادیا اور فرار ہوگئے تھے۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، خاتون سڑک پر چل رہی تھیں اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان تیزی سے آئے اور پرس چھیننے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر انہیں گرا کر رفو چکر ہوگئے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن اکثر کیسز میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

  • بچی کے علاج نے باپ کو پولیس کی وردی پہننے پر مجبور کردیا

    بچی کے علاج نے باپ کو پولیس کی وردی پہننے پر مجبور کردیا

    کراچی: بچی کے علاج کے غرض سے باپ نے پولیس کی وردی پہن لی، عبداللہ کو عباسی شہید اسپتال سے حراست میں لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق باپ نے اپنی بچی کو اسپتال میں ایڈمٹ نہ کرنے کے ڈر سے پولیس کی وردی پہنی تھی۔ جعلی پولیس اہلکار بننے والے عبداللہ نامی شخص کوعباسی شہید اسپتال سے پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    اپنے ویڈیو بیان میں ملزم نے بتایا کہ میں ناظم آباد کاٹھیاواری محلے کا رہائشی ہوں جبکہ پلمبر اور الیکٹریشن کا کام کرتا ہوں۔

    اس نے مزید بتایا کہ بچی کے علاج کے لیے پولیس کی وردی پہنی تھی۔ اسپتال میں ڈاکٹر بچی کو ایڈمٹ نہیں کررہے تھے اس لیےوردی پہنی۔

    ملزم نے کہا کہ 5 دن اسپتال میں وردی پہن کر بچی کا علاج کرانے آتا رہا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ تفتیش کے بعد شہری عبداللہ کو تنبیہ کرکے چھوڑ دیا گیا ہے۔

  • تخریب کار کارروائیوں کے لیے پولیس کی وردی جگہ جگہ دستیاب

    تخریب کار کارروائیوں کے لیے پولیس کی وردی جگہ جگہ دستیاب

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں چند روز قبل ہونے والے خودکش دھماکے میں حملہ آوروں نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں جنہیں دیکھ کر سیکیورٹی پر موجود اہلکار دھوکا کھا گئے اور پورا ملک المیے کا شکار ہوگیا۔

    اس واقعے کے بعد ایک بار پھر بازاروں میں جگہ جگہ ملنے والی پولیس کی وردیوں سے متعلق سوال اٹھ کھڑے ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں سابق آئی جی پولیس طاہر عالم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے دوران پابندی عائد کی گئی تھی کہ بغیر شناختی کارڈ کے کوئی شخص پولیس کی وردی فروخت نہیں کرسکتا لیکن اب کھلے عام اس پابندی کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

    طاہر عالم کا کہنا تھا کہ جس طرح مسلح افواج نے اپنی وردی کی فراہمی کا ایک سسٹم بنا رکھا ہے ایسا ہی سسٹم پولیس وردی کے لیے بھی ہونا چاہیئے۔

    مسلح افواج کے جوانوں کو وردی ادارے کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے یا پھر منتخب کردہ کنٹریکٹرز ہی یہ کام کرتے ہیں۔

    جب بھی کوئی شخص ان اسٹورز سے وردی یا اس پر لگانے والی اشیا خریدتا ہے تو ایسے شخص کا فوج میں ملازمتی کارڈ، نام اور ٹیلی فون نمبر درج کیا جاتا ہے۔

    انٹیلی جنس باقاعدگی سے ان اسٹورز سے رابطے میں رہتی ہے اور معلومات رکھتی ہے کہ کن کن افراد نے وردی خریدی ہے۔

    طاہر عالم کا کہنا تھا کہ پولیس کی وردی فراہم کرنے کے لیے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ سیکیورٹی خدشات کم ہوسکیں۔

  • فیصل آباد: بھکاری عورت ایلیٹ فورس کی وردی میں

    فیصل آباد: بھکاری عورت ایلیٹ فورس کی وردی میں

    فیصل آباد: سڑکوں پر ایلیٹ فورس کی وردی پہنے ایک معذور خاتون کو بھیک مانگتے ہوئے دیکھا گیا ہے، ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلا ت کے مطابق فیصل آباد کے علاقے کنال روڈ پر پولیس ایلیٹ فورس کی وردی پہنے ہوئے ایک خاتون دکھائی اکثر دیتی ہے جو لوگوں سے بھیک مانگتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے اس کی فوٹیج حاصل کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک معذور خاتون دو بے ساکھیوں کے ذریعے تیزی سے کہیں جارہی ہے اس نے ایلیٹ فورس کی وردی پہن رکھی ہے اورکمر پر پولیس بھی واضح طور پر لکھا ہوا ہے۔

    اس ضمن میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے قمر زمان نے بتایا کہ یہ خاتون فیصل آباد کے مصروف روڈ کنال روڈ سے گزرتی ہے، عینی شاہدین کے مطابق یہ وہاں اکثر بھیک مانگتی ہے، آج بھی یہ وہاں سے گزری جس کی ویڈیو بنالی گئی، پولیس کی وردی میں بھیک مانگنے کے باوجود پولیس نے اسے کبھی پکڑںے کی کوشش نہیں کی۔

    رپورٹر کے مطابق جیسے ہی اس کی فوٹیج بنائی گئی وہ تیزی سے وہاں سے فرار ہوگئی اس کے بارے میں مزید معلومات کی کوشش کی جارہی ہیں۔