Tag: پولیس کی چیکنگ

  • وڈیرے کا بیٹا ہوں، اے ایس آئی کی اوقات کیا ہے؟ نوجوان نے پولیس کی دھجیاں اڑا دیں

    وڈیرے کا بیٹا ہوں، اے ایس آئی کی اوقات کیا ہے؟ نوجوان نے پولیس کی دھجیاں اڑا دیں

    چیکنگ کے دوران گاڑی روکنے پر نوجوان آگ بگولہ ہوگیا، بدتمیزی اور فحش کلامی کی انتہا کرتے ہوئے پولیس کے محکمے کی دھجیاں اڑادیں۔

    اے آر وائی کے رپورٹر جام فرید لاکھو کے مطابق حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے دوران چیکنگ گاڑی روکنے پر نوجوان آپے سے باہر ہوگیا، اہلکاروں کو کہا کہ میں وڈیرے کا بیٹا ہوں، نوجوان نے پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں، اہلکار خاموش کھڑے رہے۔

    اے ایس آئی اظہر نے نوجوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے ایس آئی ہوں تمیز سے بات کریں، اس پر نوجوان کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی کی اوقات کیا ہے ہمارا نوکر ہے ان کی آنکھیں نکال دونگا۔

    نوجوان نے مزید کہا کہ جانتے نہیں میں سلیم باجاری کا بیٹا ہوں، گاڑی کیسے روکی ہے، ایسے لوگ ہمیں روکیں گے، 4،4 اے ایس آئی گاڑی میں لےکر گھومتا ہوں۔

    پولیس اہلکار کی جانب سے نوجوان کو شناخت کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ آپ کا نام کیا ہے اپنی شناخت کرائیں، اس پر نوجوان نے کہا کہ سلیم باجاری کا بیٹا ہوں تمہیں نام بتانا لازمی نہیں سمجھتا۔

    اے ایس آئی اظہر نے نوجوان کو کہا کہ میں سلیم باجاری کے پاس آرہا ہوں آپ جائیں یہاں سے، نوجوان پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیتے ہوئے چلتا بنا، اہلکار دیکھتے رہے، پولیس نے بتایا کہ نوجوان وزیراعلیٰ سندھ کے پرائیویٹ سیکریٹری سلیم باجاری کا بیٹا ہے۔

  • دوران چیکنگ فیملی سے نکاح نامہ طلب کرنے والے پولیس افسران معطل

    دوران چیکنگ فیملی سے نکاح نامہ طلب کرنے والے پولیس افسران معطل

    پولیس کی جانب سے دوران چیکنگ فیملی سے غیرمناسب رویہ اپنانے اور نکاح نامہ طلب کرنے کے معاملے کا ڈی جی آپریشنز نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق 2 پولیس افسران نے چیکنگ کے دوران فیملی سے غیرشائستہ رویہ اختیار کرتے ہوئے نکاح نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ڈی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے معاملے کا سخت نوٹس لےلیا ہے۔

    واقعے میں ملوث 2 پولیس افسران کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ایس پی سواں کو واقعے کی انکوائری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    عوامی شکایات کا ازالہ نہ کرنے، ناقص تفتیش پر 5 پولیس افسران محکمے سے برخاست کیے جاچکے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم نے کہا کہ ایسے واقعات ہرگز قابل قبول نہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ تمام افسران کو بارہا تنبیہ کی گئی ہے کہ دوران چیکنگ نہ تو منہ سونگھنا ہے نہ نکاح نامہ مانگنا ہے، شہریوں کے ساتھ نامناسب رویہ ہرگزبرداشت نہیں کیا جائےگا۔