Tag: پولیس کے ٹارچر سیل

  • وہاڑی : پولیس کے ٹارچر سیل کا انکشاف، خاتون پر بہیمانہ تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس

    وہاڑی : پولیس کے ٹارچر سیل کا انکشاف، خاتون پر بہیمانہ تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس

    وہاڑی : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وہاڑی تھانے میں خاتون پر ہونے والے تشدد کا سختی سے نوٹس لے لیا، واقعہ میں ملوث انچارج سی آئی اے سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بار پھر پنجاب پولیس کا نجی ٹارچر سیل برآمد ہوگیا پھر ایک کمزور پر تشدد کیا گیا، وہاڑی میں اہلکاروں نے چوری کے الزام میں غریب خاتون کو حراست میں لیا.

    وہاڑی کے تھانہ لڈن میں پولیس نے چوری کے الزام میں ظہوراں بی بی نامی خاتون کو نجی ٹارچر سیل میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں زخمی حالت میں گھر کے باہر پھینک گئے تھے.

    مذکورہ خاتون کو اس نجی ٹارچر سیل میں صرف مار پیٹ اور شدید تشدد کا نشانہ ہی نہیں بنایا گیا بلکہ بجلی کے تاروں سے جھٹکے بھی دیئے گئے۔

    خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اہلکاروں نے اسے برہنہ کرکے بھی تشدد کیا۔ متاثرہ عورت کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاع ملنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے واقعے ک اسختی سے نوٹس لیا اور آر پی او ملتان سے اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

    انہوں نے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا۔۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کو اپنا قبلہ درست کرنا پڑے گا۔

    پولیس حکام نے انچارج سی آئی اے امجد خان، سب انسپکٹر طاہر چوہان، اے ایس آئی حاجی یونس اور ایک پولیس اہلکار کو معطل کردیا ہے۔

  • پولیس کے ٹارچر سیل سے نوجوان بازیاب، اندھے قتل میں ملوث چار ملزمان گرفتار

    پولیس کے ٹارچر سیل سے نوجوان بازیاب، اندھے قتل میں ملوث چار ملزمان گرفتار

    پاکپتن / گوجرہ : پولیس کے مبینہ ٹارچر سیل سے زنجیروں میں جکڑا نوجوان بازیاب ہوا ہے جبکہ گوجرہ میں پولیس نے اندھے قتل کیس کے ملزمان کاسراغ لگا کر چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں پولیس کے مبینہ ٹارچرسیل سے زنجیروں میں جکڑا نوجوان بازیاب ہوا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سٹی عارف والا نے نوجوان ارسلان کے ورثا کو دھمکیاں بھی دیں۔

    ارسلان کے والد زاہد فاروق کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، ارسلان کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کیس واپس لینے اور زبردستی صلح کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس میرے بیٹے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنارہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار واقعےکا فوری نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں، اس سلسلے میں آر پی او ساہیوال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے اہلکار کو کل طلب کرلیا ہے۔

    علاوہ ازیں گوجرہ کے علاقے سٹی پولیس اسٹیشن نے اندھے قتل کیس کے ملزمان کا سراغ لگا لیا، پولیس کے مطابق محلہ نا ظم آباد کے فخرامام کو ایک ماہ قبل قتل کیا گیا تھا، ایک لڑکی سے مراسم پر فخرامام کو رشتہ داروں نے قتل کیا تھا، سٹی پولیس نے ٹھوس شواہد کی مدد سے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔