Tag: پولیس

  • عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    کراچی: صوبہ سندھ میں عید الفطر کے موقع پر 33 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں عید الفطر سے دوران پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں 33 ہزار 560 اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    آئی جی سندھ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں 9 ہزار 825 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، حیدر آباد میں 8 ہزار 222 اہلکار، لاڑکانہ میں 6 ہزار 811 اہلکار اور سکھر میں 4 ہزار اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    علاوہ ازیں میر پور خاص میں 1690 اور شہید بے نظیر آباد میں 313 اہلکار سیکیورٹی دیں گے۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور نماز عید کے کھلے مقامات پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور مختلف علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھایا جائے گا۔

    انہوں نے ٹریفک پولیس کو بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔

  • شارجہ میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں رعایت

    شارجہ میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں رعایت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کی پولیس نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے 60 روز میں ادا کرنے پر 35 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شارجہ پولیس نے ریاست میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر مستقل رعایت کے فیصلے کے نفاذ کا آغاز کیا ہے۔

    پولیس کی مجلس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے 60 روز میں ادا کرنے پر 35 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر محمد النقبی نے کہا کہ یہ رعایت مستقل دی جائے گی تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر کیے جانے والے جرمانے مستثنیٰ ہوں گے، سنگین خلاف ورزیوں میں حد سے زیادہ رفتار سے خطرناک شکل میں ڈرائیونگ پر مقرر جرمانہ شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رعایت ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب کی تاریخ سے 2 ماہ کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر لاگو ہوگی۔

    اگر کسی شخص نے ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب کے 60 دن بعد جرمانہ ادا کیا تو ایسی صورت میں اسے 25 فیصد رعایت دی جائے گی بشرطیکہ خلاف ورزی کے ارتکاب پر ایک سال کا عرصہ نہ گزرا ہو، سال پورا ہونے پر رعایت ختم ہوجائے گی۔

  • حسان نیازی کی گرفتاری پر پولیس کا مؤقف

    حسان نیازی کی گرفتاری پر پولیس کا مؤقف

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما اور وکیل حسان نیازی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے گرفتار  کرنے پر اسلام آباد پولیس کا مؤقف سامنے آگیا۔

    اسلام آباد پولیس نے حسان نیازی کی گرفتاری پر کہا کہ حسان نیازی کو پولیس ناکے پر مزاحمت اور بدتمیزی پرگرفتارکیا گیا ان کیخلاف پولیس سے مزاحمت پر مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

    ضمانت کے باوجود پی ٹی آئی رہنما اور وکیل حسان نیازی کو گرفتار کرلیا گیا

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ حسان نیازی کیخلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے جبکہ انہیں گرفتار کر کے نامعلوم جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بازیابی کی درخواست دائر کر دی ہے، درخواست وکیل فیصل چوہدری اور سلمان نیازی نے دائر کی، چیف جسٹس نے ہائیکورٹ کے وکلا سے مکالمہ میں کہا کہ آپ درخواست دائر کریں آج ہی اس کیس کو سنیں گے۔

    واضح رہے کہ حسان نیازی عمران خان کے بھانجے اور وکیل رہنما ہیں۔

  • قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ہاتھ توڑ دیں گے، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

    قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ہاتھ توڑ دیں گے، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوئی پولیس کو چیلنج کرے گا قانون ہاتھ میں لےگا تو وہ ہاتھ توڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دو دن قبل پولیس والوں نے کینال روڈکو کلیئر کرایا، پولیس اور رینجرز بھی وہاں پر موجود تھی، دونوں بار میں نے پولیس سے کہا آپ واپس آجائیں، ہماری کوشش ہے کوئی ایسی چیز نہ ہو جس سےماحول خراب یا نقصان ہو۔

    انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دروان پولیس آگے جاناچاہتی تھی انہیں پتا تھاکہ آگے اسلحہ بردارکھڑے ہیں، کینال روڈکھلنےکےبعدرات پولیس والا گھر جارہا تھا اسے تشدد کا نشانہ بنایاگیا انکا اسلحہ چھیناگیا وین کو توڑ کر نہر میں پھینک دیا۔

    نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس کو کہہ دیا ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے جو کرنا پڑے کریں، یہ نہیں ہوسکتا پولیس مار کھاتی رہے اور ہم چپ رہیں، کئی دنوں سے پولیس کو کہہ رہا تھا کہ آپ نے صبر سے کام لینا ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ میں نے آئی جی سے کہا انہیں ایک ڈیڈ لائن دے دیں، یہ عام سیاسی کارکن نہیں کرتا، آج صبح پولیس والوں کوکہہ دیا اب انہیں جو کرنا پڑا کرینگے،کوئی پولیس کو چیلنج کرےگا قانون ہاتھ میں لےگا تو وہ ہاتھ توڑیں گے، کل ایک تھریٹ لیٹر بھی آیاہے، جو کچھ نظر آرہا ہے وہاں پر دہشت گردی بھی ہوسکتی ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ زمان پارک میں دہشتگرد بھی ہیں تصاویر موجود ہیں، اس طرح کی سیاسی سرگرمیاں کوئی جماعت نہیں کرتی، میں پولیس،رینجرز اور اپنی فورس کیساتھ کھڑا ہوں، اب اگرکوئی ایسا کرے گا اسے بھر پور جواب دیا جائے گا۔

    ’زمان پارک میں موجود دہشت گرد پولیس والوں کو مار رہے ہیں گاڑیاں توڑ رہے ہیں، اب کوئی لحاظ نہیں ہوگا اگر کچھ کیا گیا تو اس کا جواب سخت ملےگا، پچھلے7 دن جو دہشتگردی ہوئی اس کی تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی بنارہے ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے جےآئی ٹی کا نوٹیفکیشن آج جاری کیاجائیگا‘۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آج الیکشن کمیشنکو خط لکھ رہی ہے، سیاسی سرگرمیوں سے ہٹ کر جو کچھ ہوا وہ تفصیل دینگے، تمام چیزوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کوبھی بھجوائے گے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے زمان پارک آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس کے لیے پیکچ کا اعلان کیا ہے، معمولی زخمی پولیس کیلئے ایک لاکھ، اور زیادہ زخمی کو 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

    محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو پولیس کو کھلے عام دھمکیاں دینے کی اجازت نہیں دینگے، عمران خان دھمکیاں دینا چاہتے ہیں تو  پولیس کی سیکیورٹی واپس دے دیں، انہوں نے کل بھی پولیس والوں کو تھریٹ کیا ہے۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آئی جی، سی سی پی او کبھی تیسرا تو کبھی چوتھا نام لیتے ہیں، انہیں پولیس چیف یاکسی پراعتمادنہیں توسیکیورٹی واپس کردیں، پولیس گالیاں کھاکر سیکیورٹی نہیں دے سکتی۔

  • کلفٹن کے فلیٹ سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملنے کا واقعہ ، پولیس نے اہم دعویٰ کردیا

    کلفٹن کے فلیٹ سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملنے کا واقعہ ، پولیس نے اہم دعویٰ کردیا

    کراچی : پولیس نے فلیٹ سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملنے کے واقعے پر دعویٰ کیا ہے کہ خاتون اور اس کا شوہر نشے کے عادی تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن کے فلیٹ سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملنے کے واقعے پر پولیس نے دعویٰ کیا کہ خاتون اور اس کا شوہر نشے کے عادی نکلے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں سرکارکی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقتولہ عطرت حسن کی قاسم انور سے دوسری شادی تھی۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کےجسم پر بدترین تشدد کے نشانات موجود ہیں ، پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا اور وجہ موت کے لیےسیمپل لیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق شوہر کو گرفتارکرلیا گیا، تاحال ملزم نے اعتراف جرم نہیں کیا،ابتدائی تفتیش میں شوہر نے بیان  دیا ہے کہ دونوں ساتھ آئس کا نشہ کرتے تھے۔

  • پولیس نے زمان پارک جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر  بند کردیا

    پولیس نے زمان پارک جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا

    لاہور : پولیس نے زمان پارک جانیوالے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کردیا تاہم پی ٹی آئی کارکن پولیس ایکشن کی صورت میں جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے زمان پارک جانیوالےراستوں کو کنٹینرز لگا کربلاک کردیا ، ڈیوس روڈ سے ٹھنڈی سڑک جانے والا راستہ بھی کنٹینرلگا کربند کیا گیا اور کنٹینر کے ساتھ پولیس کی نفری بھی لگا دی گئی ہے۔

    کارکن ڈیوس روڈ سے ٹھنڈی سڑک کا راستہ استعمال کرکےزمان پارک پہنچتے تھے تاہم پی ٹی آئی کارکن پولیس ایکشن کی صورت میں جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

    تحریک انصاف کے کارکن اینٹیں توڑ کر چھوٹے پتھر بنا رہے ہیں جبکہ کارکنان نے غلیلیں اور ڈنڈے بھی اٹھا رکھے ہیں۔

    دوسری جانب لاہور پولیس نے انسداددہشت گردی کی دفعات کے تحت زمان پارک کے باہر ہنگامہ آرائی کے چارمقدمات درج کرلیے ہیں۔

    مقدمات میں عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ایف آئی آرز کے مطابق کارکنوں کے پتھراؤ اور پیٹرول بم حملوں میں ڈی آئی جی آپریشنز سمیت ساٹھ اہلکار زخمی ہوئے۔

  • زمان پارک میں پولیس کی تمام نفری بغیر اسلحہ تھی، آئی جی پنجاب کا دعویٰ

    زمان پارک میں پولیس کی تمام نفری بغیر اسلحہ تھی، آئی جی پنجاب کا دعویٰ

    لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ زمان پارک آپریشن میں میں پولیس کی تمام نفری بغیر اسلحہ تھی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ایسا نہ سمجھا جائے کہ ایک پولیس دوسری پولیس سے لڑ رہی ہے جو بھی لوگ یونیفارم پہنتے ہیں وہ آپس میں نہیں لڑتے ہیں، جس نے پولیس یونیفارم پہن لیا پاکستان کا جھنڈا لگا لیا وہ کسی سے ڈرتا ہے نہ ہی ملک کی ایک انچ پر آنچ آنے دےگا، ایک وردی والا دوسرے وردی والے سے لڑے ایسی صورتحال نہیں پیدا ہوگی۔

    آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے مگر اسے کمزوری  نہ سمجھا جائے، عدالت نے کہا ہےکہ قانون کو پڑھ کر آنا ہے، عدالت نے کہا ہے کہ اتوار کے روز ریلی نہیں ہوگی، عدالت نے کہا قانون کے مطابق سسٹم میں آکر بات کریں۔

    آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا تھا کہ لاہور کے زمان پارک میں پولیس آپریشن نہیں تھا بلکہ عدالت کے وارنٹ کی تعمیل کامعاملہ ہے، پہلے بھی ایسی پلاننگ تھی کہ وارنٹ کیساتھ ڈی آئی جی کو بھیجاگیا تھا۔

    لاہور ہائی کورٹ کا زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کا حکم دے دیا

    انہوں نے کہا کہ کارکنان کی جانب سے غلیلوں کیساتھ پتھر مارے گئے ، پیٹرول بم پھینکے جائیں تو پولیس کو شیلنگ کرنا پڑتی ہے۔

    عثمان انور کا کہنا تھا کہ سیاسی جدوجہد میں کوئی بھی علاقہ نو گو ایریا نہیں ہونا چاہیے، لاہور ہائیکورٹ نے آج شام کو میٹنگ کا حکم دیا ہے، عدالتی حکم پر میٹنگ بھی قانون کے دائرے میں ہوگی، عدالت نے وارنٹ پر عملدرآمد سے متعلق کہا تو کارروائی قانون کے مطابق ہوگی۔

    آئی جی پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی تمام نفری بغیر اسلحہ تھی، یہ کلیئر کیاگیا تھا کہ کوئی بھی اہلکار اسلحہ کیساتھ نہیں جائے گا، نہ بھیجا گیا، جو مزاحمت کی گئی اس کی تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایس پی یا ڈی ایس پی کے پاس اسلحہ ہوتا تھا مگر وہ بھی نہیں لیے، پولیس اور رینجرز نے تحمل کا مظاہرہ کیا مگر اس کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور نہ یہ سمجھا جائے کہ پولیس بلاوجہ پیچھے ہٹ گئی۔

    آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ پی ایس ایل کا میچ تھا جسے دنیا میں کامیاب بنانا ہے، پولیس نے اپنی پیش قدمی کو روکا تاکہ میچ کی سیکیورٹی کو احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔

  • ویڈیو: پولیس نے زیبرے کو گولی مار دی

    ویڈیو: پولیس نے زیبرے کو گولی مار دی

    اوہائیو: امریکا میں ایک پالتو زیبرے نے اپنے مالک پر حملہ کردیا جس کے بعد پولیس نے گولی ماردی۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو میں ایک شخص اپنے ہی پالتو زیبرے کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال داخل کروایا گیا، بعدازاں حملہ کرنے والے زیبرے کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

    اطلاعات کے مطابق زیبرا کے حملے میں رونلڈ کلفٹن نامی 72 سالہ شخص کا بازو کٹ گیا، زیبرے کے حملے کے بعد پولیس اہکاروں نے سے پھرے زیبرے کو قابو کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

    موقعے پر موجود مقامہ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک بڑی جسامت کے سے پھرے نر زیبرے نے دوبارہ ہماری گاڑی پر حملہ کیا جس سے دائیں بازو کی کہنی کے نیچے خون جم گیا اور بازو ٹوٹ گیا  تاہم اب وہ خطرے سے باہر ہے۔

    ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار کو ڈنڈے کے ساتھ زیبرے کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد ایک اور پولیس اہلکار بھی زیبرے کو بھگانے میں ناکام رہا، تاہم آخر میں زیبرے کو پولیس اہلکار نے سر میں گولی مار دی۔

    کلفٹن حملہ کرنے والے زیبرے کا مالک ہے، زیبرا مبینہ طور پر پانچ سے چھ مادہ زیبروں کو بچانا چاہتا تھا جو گھر کی حویلی کے اندر دیکھی گئیں۔

    خیال رہے کہ ریاست اوہائیو میں زیبروں کو خطرناک جنگلی جانور نہیں مانا جاتا اور ریاست کے اندر انہیں پالتو جانور بنا کر پالنا قانونی عمل ہے۔

  • سیسیلین مافیا کے ڈان کو بہن نے 30 سال تک پولیس سے کیسے بچایا؟

    سیسیلین مافیا کے ڈان کو بہن نے 30 سال تک پولیس سے کیسے بچایا؟

    اٹلی کے شہر سسلی کی مافیا سے متعلق بہت سی کہانیاں مشہور ہیں اس کے علاوہ ان کے طرز زندگی پر ہالی وڈ کی فلمیں بھی بن چکی ہیں۔

    ان فلموں میں مافیا فیملیز کی خواتین کو ایک مخصوص انداز میں دکھایا گیا ہے جس میں ان کا کردار صرف گھر کے معاملات چلانے تک محدود ہے۔

    لیکن حال ہی میں سیسیلین مافیا ’کوسا نوسٹرا‘ کے ڈان میٹیو میسینا دینارو کی بہن روسالیا میسینا کی گرفتاری کے بعد ہونے والے انکشافات سے معلوام ہوتا ہے کہ حقیقت اس سے کئی گنا پیچیدہ ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انتہائی مطلوب مافیا ڈان میٹیو میسینا کی بہن کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اپنے مفرور بھائی کی غیر موجودگی میں مافیا کے تمام معاملات وہی چلا رہی تھیں۔

    رواں ماہ کے آغاز میں روسالیا کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 30 سالوں سے مفرور بھائی میٹیو میسینا کو پولیس 16 جنوری کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

    مافیا ڈان میٹیو میسینا کی غیر موجودگی میں تمام احکامات ان کی بہن جاری کرتی تھیں، مالی معاملات کو وہی دیکھ رہی تھیں اور بھائی کے لیے خفیہ پیغامات بھی ان کے ذریعے ہی پہنچائے جاتے تھے۔

    روسالیا میسینا کے وارنٹ گرفتاری میں پراسیکیوٹر الفریڈو نے لکھا کہ کئی دہائیوں سے وہ اپنے بھائی کے تمام معاملات چلا رہی تھیں اور انہی کی وجہ سے کوسا نوسٹرا کو ایک مضبوط لیڈر ملا ہوا تھا۔

    لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ روسالیا میسینا کی وجہ سے ہی اٹلی کے انتہائی مطلوب مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔

    دسمبر 2022 میں پولیس خفیہ طور پر روسالیا کے گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی، اس دوران جب پولیس مختلف جگہوں پر کیمرے اور مائیکرو فون نصب کر رہی تھی تو کرسی کے خفیہ کونے میں سے ایک کاغذ ملا جو دراصل ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام تھا۔

    اس پیغام میں کینسر کے مرض میں مبتلا ایک شخص کو طبی امداد فراہم کرنے کے حوالے سے ہدایات موجود تھیں،  یہ پیغام پڑھنے کے بعد پولیس کو یقین تھا کہ یہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ مافیا ڈان ہے جس کے بعد آپریشن لانچ کیا گیا اور ایک ماہ بعد ہی میٹیو میسینا کو ایک ہیلتھ سینٹر سے گرفتار کر لیا گیا۔

    سنہ 1992 میں میٹیو میسینا نے مافیا مخالف جج جیووانی فیلکون کو قتل کرنے کے احکامات ایک پیغام کے ذریعے جاری کیے تھے اور ساتھ ہی واضح ہدایت دی تھی کہ پڑھنے کے بعد فوری جلا دیا جائے۔ لیکن ان کی بہن کبھی کبھی ہاتھ سے لکھے ہوئے یہ پیغامات محفوظ کر لیتی تھیں جو بعد میں مافیا ڈان کی گرفتاری کا سبب بنے۔

    روسالیا جس نے اپنی نصف زندگی بھائی کو چھپانے میں گزار دی لیکن آخر میں غیردانستہ طور پر اس نے پی اپنے بھائی کو دھوکہ دے دیا۔

  • کراچی  سے اغواء ہونے والے کار شو روم مالک کو بازیاب کرالیا گیا

    کراچی سے اغواء ہونے والے کار شو روم مالک کو بازیاب کرالیا گیا

    کراچی: پولیس نے دارالسلام سوسائٹی سے اغواء ہونے والے کارشوروم مالک کو بازیاب کراتے ہوئے ملیر سکھن پولیس کے اہلکار کو ساتھی اغواء کاروں سمیت گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا  پولیس نے  کورنگی بند کے قریب اہم کارروائی کرتے ہوئے دارالسلام سوسائٹی سے اغواء ہونے والے کار شوروم کے مالک شہبازکو بازیاب کروالیا۔

    ایس ایس پی کورنگی ساجد امیر سدوزئینے بتایا کہ  کارروائی کے دوران ملیر سکھن پولیس کے اہلکار سمیت 3 اغواء کاروں کو گرفتارکرتے ہوئے اسلحہ اور گاڑیاں برآمد کرلی گئی ہے۔

    گرفتار ملزم سہیل حسن ملیر سکھن تھانے کا پولیس کانسٹیبل جبکہ بلال کار پی کیو آرکا اہلکار ہے اور  تیسرا اغواء کارشہزاد پرائیویٹ شخص ہے۔

    ساجد سدوزئی  کا کہنا تھا کہ  ملزمان نے شوروم مالک شہباز کو گذشتہ روز اغواء کیا تھا اور رہائی کے بدلے 20 لاکھ مانگے جبکہ 3 لاکھ روپے میں ڈیل فائنل ہوئی۔

    ملزمان اغواء کے بعد مغوی شہباز کو ملیر کے مختلف علاقوں میں گھماتے رہے اور کرنٹ لگاکر تشدد بھی کرتے رہے۔

    مغوی شہبازنے بتایا کہ ملزمان نے اس کے اے ٹی ایم کارڈ سے بھی رقم نکالی۔

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق تاوان وصولی کے لیے ملزمان نے تین مقامات تبدیل کیے لیکن پولیس نے حکمت عملی بناتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پوری چھاپہ مار کارروائی کے دوران مغوی کی امریکن نیشنل بیوی ساتھ رہی اور امریکن نیشنل خاتون کی جانب سے پولیس کی کامیابی کو سراہا گیا۔

    کورنگی پولیس کا گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔