Tag: پولیس

  • بچے نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے خود کو اغوا ہونے سے بچا لیا، ویڈیو وائرل

    بچے نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے خود کو اغوا ہونے سے بچا لیا، ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک بچے نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے خود کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، بچے نے قریبی دکان کی کیشیئر خاتون سے مدد لی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست پینسلوینیا میں پیش آیا، 10 سالہ سیمی گرین اسکول سے گھر جارہا تھا جب ایک خاتون نے اس کا پیچھا شروع کردیا۔

    بچے کا کہنا ہے کہ خاتون اس کے قریب آگئیں اور اس سے اس کے گھر اور فیملی کے بارے میں پوچھنے لگیں۔

    بچہ انہیں نہیں جانتا تھا لیکن ان کا اصرار تھا کہ وہ اس کے گھر والوں کو جانتی ہیں اور ان سے ملنے آئی ہیں، اس کے بعد انہوں نے بچے سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ قریبی اسٹور تک چلے وہ اسے اس کی پسند کی چیزیں دلائیں گی۔

    بچہ ان کے ساتھ گھر کے قریب ایک اسٹور میں چلا گیا جہاں وہ اکثر جاتا رہتا تھا۔

    اسٹور میں لگے سیکیورٹی کیمرے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ سیدھا خاتون کیشیئر کے پاس گیا اور سرگوشی میں کہا، ’ایسا ظاہر کریں جیسے آپ میری والدہ ہیں، وہ عورت میرا پیچھا کر رہی ہے‘۔

    بچے کی سرگوشی سننے کے بعد کیشیئر اٹھی اور بچے کو اپنے پیچھے کرلیا، اس کے بعد اس نے اسٹور کا دروازہ اندر سے بند کرلیا، مشکوک خاتون باہر ہی کھڑی رہ گئیں۔

    واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس نے تھوڑی ہی دیر میں خاتون کو ٹریک کرلیا، خاتون ذہنی مریضہ کے طور پر شناخت کی گئیں۔

    بچے کے والدین نے خاتون کیشیئر کا بے حد شکریہ ادا کیا، دکان کے مالک نے بھی بچے اور کیشیئر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچے نے نہایت حاضر دماغی سے اپنا بچاؤ کیا، کیشیئر بھی صرف 17 سالہ نوجوان ہے لیکن اس نے بھرپور احساس ذمہ داری ادا کرتے ہوئے بچے کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچایا۔

  • وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لوئر وزیرستان میں شدت پسندوں نے تھانے پر حملہ کیا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوئر وزیرستان کی تحصیل برمل کے تھانہ راغزائی پر رات گئے شدت پسندوں نے حملہ کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تھانے کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی، ملزمان سرکاری اسلحہ اور ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی لے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔

    شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا، اس دوران فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

  • چمگادڑ کے نام سے مشہور خطرناک مجرم دبئی پولیس نے کیسے پکڑا؟

    چمگادڑ کے نام سے مشہور خطرناک مجرم دبئی پولیس نے کیسے پکڑا؟

    ابو ظہبی: دبئی پولیس نے منشیات کے خطرناک ڈیلر کو گرفتار کرلیا جو دبئی میں دی بیٹ (چمگادڑ) کے نام سے مشہور تھا، ملزم دبئی میں بھیس بدل کر کام کر رہا تھا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے منشیات کے خطرناک ڈیلر کو گرفتار کیا ہے جو دبئی میں دی بیٹ (چمگادڑ) کے نام سے مشہور تھا۔

    دبئی پولیس کے ماتحت انسداد منشیات کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈئیر خالد بن مویزہ نے بتایا کہ الخفاش کی گرفتاری پولیس کی بڑی کامیابی ہے، اس کے لیے خصوصی آپریشن کیا گیا جو مسلسل 10 روز تک جاری رہا۔

    دی بیٹ کا تعلق منشیات کے بین الاقوامی گروہ سے ہے اور وہ دبئی میں بھیس بدل کر کام کر رہا تھا اور پکڑا نہیں جا سکا تھا، اس کے قبضے سے 200 کلو گرام نشہ آور اشیا برآمد ہوئی ہیں۔

    انسداد منشیات کے قائم مقام ڈائریکٹر نے بتایا کہ گزشتہ دنوں منشیات کا کاروبار کرنے والے کئی ایشیائی باشندے پکڑے گئے تھے، ان کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگایا گیا جہاں وہ ممنوعہ اشیا زیر زمین چھپا کر رکھتے تھے۔

    تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزمان کو ایک شخص منشیات سپلائی کرتا ہے جو دی بیٹ کے نام سے مشہور ہے، تاہم اس کی شکل و صورت سے کوئی واقف نہیں تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ منشیات کا اصل سرغنہ امارات سے باہر مقیم ہے اور دی بیٹ اس کا نائب ہے اور وہ سوشل میڈیا کی مدد سے منشیات کا دھندا چلا رہا تھا۔

    دبئی پولیس نے سرغنہ کی نشاندہی اور اس تک رسائی کا منصوبہ بنایا، اس دوران ایک شخص کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔

    ابتدا میں اس نے خود کو نشئی ظاہر کر کے چکمہ دینے کی کوشش کی، اسی دوران پولیس کے سراغ رسانوں نے معلوم کرلیا کہ زیر حراست شخص ہی الخفاش ہے۔

    دی بیٹ نے دو گاڑیاں رکھی ہوئی تھیں، ایک سے وہ سفر کرتا تھا جبکہ رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو وہ منشیات کے گودام کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔

  • ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

    ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سرسید ٹاؤن میں پولیس نے 4 اسٹریٹ کرمنل گرفتار کرلیے، ملزمان ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سرسید ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے 8 رکنی اسٹریٹ کرمنل گینگ کے 4 کارندے گرفتار کرلیے۔

    گرفتار ملزمان میں نوید، ساگر عباسی، آصف اور رضا عباس شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فون، 4 پستولیں، 8 راؤنڈ، پرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قیوم آباد اور سرجانی ٹاؤن کے رہائشی ہیں اور قیوم آباد سے سرجانی کے روٹ پر وارداتیں کرتے ہیں۔

    ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ بلوچ کالونی پل، حسن اسکوائر برِج، لیاقت آباد برج اور ناگن چورنگی برِج پر ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

    ملزمان کا 8 رکنی گروہ ہے جس کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔

    ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ موٹر سائیکلوں پر سوار چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے ہوئے شہریوں کو بھی لوٹتے تھے۔

    گینگ کے بقیہ ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے اور انہیں بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی سرسید پولیس سے ایک ہفتہ قبل بھی مڈ بھیڑ ہوئی تھی جس پر ملزمان پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں پر رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے پہلی فرصت میں جمع کرانے والوں کے لیے رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    60 دن کے اندرجرمانہ جمع کروانے پر 35 فیصد اور 60 دن سے ایک سال کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر 25 فیصد رعایت ملے گی۔

    ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے کا کہنا تھا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے کسی منافع کے بغیر مقررہ بینکوں کے ذریعے قسطوں میں بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

    ابو ظہبی نیشنل بینک، الامارات الاسلامی، المشرق، ابو ظہبی کمرشل اورابو ظہبی اسلامی بینکوں میں سے کسی ایک بینک میں ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ قسطوں میں ادا کیا جاسکتا ہے۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ جرمانوں کی ادائیگی 4 چینلز کے ذریعے کی جا سکتی ہے، ان میں ابو ظہبی پولیس کی ویب سائٹ، سمارٹ ایپ (تم، شرطہ ابو ظہبی)، اسعاد سروس سینٹر اور براہ راست ادائیگی شامل ہیں۔

    ابو ظہبی پولیس کی جنرل کمانڈ نے آگے بڑھو اور فائدہ اٹھاؤ کے سلوگن کے تحت آگہی مہم شروع کی ہے، اس کے ذریعے عوام کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے چالان جلد جمع کروانے پر مختلف سہولتوں اور رعایتوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

  • بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    جرم کرنے والے کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پولیس سے دور رہے، لیکن ایک مجرم ایسا بھی ہے جو ملازمت کے لیے خود چل کر پولیس کے پاس پہنچ گیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    ایک 40 سالہ شخص کو جنوبی افریقہ کا بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے جو مطلوب ملزمان کی فہرست میں ہونے کے باوجود ملازمت کی تلاش میں تھانے چلا گیا۔

    تھامس نکوبو پچھلے 7 سال سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا، ملزم نے 2015 کے دوران ڈلیوری بوائے کے طور پر کام کرتے ہوئے 1200 ڈالر سے زائد کی اشیا چرائی تھیں۔

    ملزم نے اصل کے بجائے غلط پتوں پر سامان پہنچایا اور مینیجر کو اطلاع نہیں کی۔

    جیسے ہی کمپنی کو معلوم ہوا کہ سامان درست مقام پر نہیں پہنچا اور کافی سامان غائب ہے، نکوبو فرار ہوگیا اور اس کا نام پولیس نے مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا۔

    پولیس ترجمان بریگیڈیئر سلوی موہالا نے میڈیا کو بتایا کہ 15 اگست کو ملزم تھانے آیا اور کہا کہ اسے ملازمت کے لیے بھیجی گئی درخواست پر اب تک جواب نہیں ملا ہے۔

    ملزم کو تھانے میں ہی 7 سال قبل کیے گئے فراڈ پر گرفتار کرلیا گیا، تب سے جنوبی افریقہ کے اخبارات میں اسے بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے۔

  • پولیس نے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 19 افراد کو جیل بھیج دیا، عدالت برہم

    پولیس نے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 19 افراد کو جیل بھیج دیا، عدالت برہم

    کراچی : پولیس نے 3بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 19 افراد کو جیل بھیج دیا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جاتے ہو منشیات کے جھوٹے مقدمات درج کردیتے ہو۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے 3بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 19 افراد کو جیل بھیجنے پر ایس ایس پی ٹھٹھہ پر برہمی کا اظہار کیا۔

    عدالت نے ایس ایس پی عدیل چانڈیو کی سرزنش کرتے ہوئے کہا جہاں جاتےہو منشیات کے جھوٹے مقدمات درج کردیتےہو، بغیر مقدمے کے بچوں اور خاتون کو بھی جیل بھیج دیاگیا۔

    جسٹس ذوالفقار سانگی نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیسے ممکن ہے خاندان کے ہر فرد کے پاس سے 900گرام اور ہزار گرام منشیات برآمدہو، جہاں تعینات ہوتے ہو شہریوں کے خلاف منشیات رکھنے کے مقدمات کی بھر مار کردیتے ہو۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ایک ہی خاندان کے 10،10افراد کے خلاف منشیات رکھنے کے مقدمات درج کرلئےگئے۔

    دوران سماعت خاتون نے ہراساں کرنے والے ایس ایس پی ٹھٹھہ اور دیگر پولیس اہلکاروں کی نشاندہی کردی، جس پر عدالت نے پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کو 11دن تک جیل میں کیسے رکھا گیا؟

    عدالت نے کہا کہ پہلے خواتین اور بچوں کو حراست میں لیا گیا بعد میں مقدمہ درج کیا گیا، یہ کیسے ہوسکتا ہے شوہر، بیوی اور خاندان کے ہر فرد سے چرس برآمد ہوئی ہو؟

    جسٹس ذوالفقار سانگی نے ریمارکس دیئے کہ وڈیروں کی کتنی غلامی کرو گے؟ غریب لوگوں پر اور کتنا ظلم کرو گے؟ جس پر ایس ایس پی عدیل چانڈیو نے کہا خاندان جرائم پیشہ ہے مختلف مقدمات میں پولیس کومطلوب ہے۔

    عدالت نےپولیس درخواست گزار ثمینہ سمیت دیگر کیخلاف شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے دو خواتین سمیت تین افراد کی گمشدگی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

    عدالت نے ایس ایس پی، محکمہ داخلہ ودیگر سے 11 اکتوبر کو تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

  • کراچی میں پولیس بھی ڈاکوؤں سے محفوظ نہیں

    کراچی میں پولیس بھی ڈاکوؤں سے محفوظ نہیں

    کراچی : پنجاب چورنگی انڈر پاس میں اے ایس آئی کو لوٹ لیا گیا ،ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نےاےایس آئی کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکو راج ہے اور پولیس اہلکار بھی محفوظ نہیں ، گزری تھانے کی حدود میں انڈرپاس میں چوکی انچارج زمان ٹاؤن اے ایس آئی راشد علی کو لوٹ لیا گیا۔

    چھینا جھپٹی کےدوران ملزمان اے ایس آئی کا ذاتی نائن ایم ایم پستول چھین کر لے گئے۔

    ڈکیتی میں مزاحمت پر اے ایس آئی راشد علی کونامعلوم موٹرسائیکل ڈاکوؤں نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    خیال رہے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہری جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر آگئے، رواں سال کے 8 ماہ کے دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں مزاحمت پر 350 افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔

  • سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی: پولیس سے ہتھیار چھین کر فائرنگ کی گئی

    سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی: پولیس سے ہتھیار چھین کر فائرنگ کی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سپر ہائی وے پر گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار لوٹنے اور اسی سے فائرنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپر ہائی وے پر ہونے والے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار اور ایمونیشن لوٹنے کا انکشاف ہوا ہے، شرپسند عناصر نے سرکاری افسر کا نائن ایم ایم پستول اور موبائل بھی چھین لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران مسلح ملزمان نے ایس ایم جی کی 750 گولیاں اور نائن ایم ایم کی 600 گولیاں لوٹیں، ملزمان نے پولیس سے چھینے گئے ہتھیاروں سے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی۔

    پولیس کے مطابق سپر ہائی وے اور سروس روڈ پر کار سواروں اور پیدل افراد سے لوٹ مار بھی کی گئی، شرپسند عناصر نے سرکاری دفاتر اور پرائیوٹ املاک کو نقصان پہنچایا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے 4 راہگیر زخمی ہوئے، 2 زخمی دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی میں ملوث 190 سے زائد افراد کو پکڑا گیا ہے جبکہ 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ تھانے میں 2 اور مبینہ ٹاؤن تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، سہراب گوٹھ تھانے میں درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ حیدر آباد کے ایک ہوٹل میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے بلال کاکا نامی شخص کے قتل کے بعد سندھ بھر میں حالات کشیدہ ہیں اور لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے کے خلاف کارروائی کی جائے، شہر میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سڑکیں بند کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے، تمام فریقین اس قسم کی حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔