Tag: پولیس

  • پہیلی بوجھیں: چوری کے بعد پولیس نے گھر کی مالکن کو کیوں گرفتار کیا؟

    پہیلی بوجھیں: چوری کے بعد پولیس نے گھر کی مالکن کو کیوں گرفتار کیا؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے دماغ کو جتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کریں گے اتنا ہی وہ فعال ہوتا جائے گا۔ کم کام کرنے والا دماغ آہستہ آہستہ سست اور غیر فعال ہوتا جاتا ہے جس کا نتیجہ غائب دماغی کی صورت میں نکلتا ہے۔

    دماغ کو فعال کرنے کے لیے ماہرین چھوٹی چھوٹی مشقیں بتاتے ہیں جن میں سب سے آسان مشق حساب کے سوالات حل کرنا یا کوئی پہیلی بوجھنا ہے۔

    اسی لیے ہم آپ کے دماغ کی ورزش کے لیے آج آپ کو ایک ملزم کی گرفتاری کا معاملہ بتا رہے ہیں جس میں آپ کو بتانا ہے کہ پولیس نے ملزم کو کیسے پکڑا۔

    امریکا میں چوری کی ایک واردات میں پولیس نے ان خاتون کو دھر لیا جو اپنے گھر سے آرہی تھیں۔

    ایک سرد صبح جب ہر شے برف سے ڈھکی ہوئی تھی، پولیس کو چوری کی اطلاع ملی اور وہ جائے وقوع پر پہنچی تو انہیں وہاں ایک خاتون دکھائی دیں۔

    خاتون نے ایک گھر کی طرف اشارہ کر کے بتایا کہ وہ ان کا گھر ہے اور وہ کچھ ضروری سامان لینے باہر نکلی ہیں۔

    لیکن جب پولیس نے غور کیا تو انہی خاتون کو مجرم پایا اور انہیں گرفتار کرلیا، کیا آپ تصویر دیکھ کر بتا سکتے ہیں کہ پولیس نے ان خاتون کو کس بنیاد پر گرفتار کیا؟

    دراصل پولیس نے جب برف پر قدموں کے نشانات کا جائزہ لیا تو انہوں نے دیکھا کہ خاتون کے قدموں کے نشانات دروازے کے بجائے کھڑکی سے شروع ہورہے ہیں۔

    اس کا واضح مطلب یہ تھا کہ خاتون کھڑکی کے راستے باہر آئیں، اور اس کی ضرورت انہیں اس لیے پڑی کیونکہ انہوں نے کھڑکی کے راستے اس گھر میں نقب لگائی اور چوری کر کے اسی راستے سے واپس آگئیں، جبکہ پولیس کو دھوکا دینے کے لیے انہوں نے اس گھر کو اپنا گھر بتایا۔

  • اسلام آباد میں ڈیلیوری کمپنیوں کو نوٹسز جاری

    اسلام آباد میں ڈیلیوری کمپنیوں کو نوٹسز جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈیلیوری کمپنیوں کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ڈیلیوری بوائز ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس متحرک ہوگئی، مختلف ڈیلیوری کمپنیوں کو قوانین پر عملدر آمد کے نوٹسز جاری کردیے گئے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنیوں کے ڈیلیوری بوائز کے پاس ڈرائیونگ لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    نوٹس کے مطابق ڈیلیوری بوائز لائن وائلیشن اور ریڈ سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہیں، اگر ڈیلیوری بوائز نے رویہ نہ بدلا تو متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • کراچی: گرفتاری کے خوف سے ٹارگٹ کلر نے خودکشی کرلی

    کراچی: گرفتاری کے خوف سے ٹارگٹ کلر نے خودکشی کرلی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے خوف سے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے خودکشی کرلی، ملزم کے ساتھی کو چند روز قبل گرفتار کیا جا چکا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن منصور نگر میں پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے خوف سے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے خودکشی کرلی، شاہین بہاری نے ساتھی آصف بھایا کے ساتھ پولیس افسر کو شہید کیا تھا۔

    شہید اے ایس آئی اکرم خان کی ٹارگٹ کلنگ 28 اگست کو کی گئی تھی، ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کی جانب سے ملزم کی تلاش جاری تھی، پولیس مسلسل ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی تھی۔

    ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو چند روز قبل رینجرز اور پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں شاہین بہاری کو دیکھا جا سکتا ہے۔

  • گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    ٹھٹھہ: صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں 2 گروپوں میں کشیدگی کے مقدمے میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے گئی جس کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

    ترجمان ٹھٹھہ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی سخی محمد بخش اور علی نواز چنڑ شامل ہیں، فائرنگ میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران بھی گھارو پہنچ گئے ہیں، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

  • پولیس اہلکار نے ٹرین آنے سے پہلے جان پر کھیل کر شہری کو بچا لیا

    پولیس اہلکار نے ٹرین آنے سے پہلے جان پر کھیل کر شہری کو بچا لیا

    واشنگٹن: امریکی شہر نیویارک میں ایک پولیس افسر نے جان پر کھیل کر ایک بوڑھے شخص کی جان بچا لی جو چکرا کر ٹرین کے ٹریک پر گر گیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص زیر زمین ٹرین کے ٹریک پر گرا ہوا ہے۔ اس موقع پر پلیٹ فارم پر کھڑے لوگ پریشان ہو کر اسے آوازیں دیتے ہیں لیکن وہ بے حس و حرکت پڑا ہے۔

    اسی لمحے یونیفارم میں ملبوس پولیس اہلکار جان کی بازی لگا کر ٹریک پر اترتا ہے، اس دوران دور سے ٹرین کی لائٹس بھی جلتی بجھتی دکھائی دیتی ہیں۔

    پولیس اہلکار مذکورہ شخص کو اٹھا کر پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کرتا ہے، اس دوران ایک اور شخص ٹریک پر کود کر پولیس اہلکار کی مدد کرتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by NYPD (@nypd)

    جب وہ تینوں پلیٹ فارم کے قریب پہنچتے ہیں تو اوپر کھڑے افراد انہیں جلدی سے اوپر کھینچ لیتے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی شناخت جیسی برانچ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 60 سال ہے، وہ سب وے اسٹیشن پر اچانک طبیعت خرابی کے باعث چکرا کر پٹریوں پر جا گرا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر لوگوں نے پولیس اہلکار کی فرض شناسی پر اسے بے حد سراہا۔

  • مینار پاکستان واقعہ: لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے

    مینار پاکستان واقعہ: لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مینار پاکستان پر ہجوم کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے کے واقعے کے بعد پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اب تک متعدد افراد کو گرفتار اور متعدد سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے روز مینار پاکستان پر ہجوم کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے کے دہشت ناک واقعے کے بعد رات گئے پولیس نے راوی روڈ، بادامی باغ، لاری اڈا اور شفیق آباد کے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔

    لاہور پولیس نے 15 افراد کو حراست میں لے کر تھانہ لاری اڈا منتقل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے زیر حراست افراد کے موبائل نمبرز کی 14 اگست کو لوکیشن ٹریس کی جائے گی اور زیر حراست افراد کو ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزمان سے میچ کیا جائے گا۔

    بعد ازاں پولیس نے مزید 20 کے قریب مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی، تاہم پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد کی ویڈیو سے شناخت کرنے کی کوشش کی گئی۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے متاثرہ لڑکی سے ملاقات کی۔ ساجد کیانی نے متاثرہ لڑکی کو فوری انصاف کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    یاد رہے کہ 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر موجود خاتون کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد، جنسی حملے اور لوٹ مار کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب سے رابطہ کر کے ہدایت دی ہے کہ خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

  • جوڈیشل انکوائری سے متعلق اہم عدالتی فیصلہ جاری

    جوڈیشل انکوائری سے متعلق اہم عدالتی فیصلہ جاری

    لاہور: ہائی کورٹ نے پولیس افسران کی درخواست پر پولیس مقابلوں کی جوڈیشل انکوائری مجسٹریٹس سے کروانے کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس سہیل ناصر نے شاہدہ چودھری کی درخواست پر 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، درخواست گزار نے اپنے خاوند زاہد محمود اور بھائی شاہد انجم کو مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

    لاہور ہائی کورٹ نے فیصلے میں تحریر کیا کہ حکومت کو ہی جوڈیشل انکوائری کی درخواست دینے کا اختیار حاصل ہے اور پولیس افسران حکومت کی تعریف میں نہیں آتے، پولیس کو جوڈیشل انکوائری کروانے کی از خود درخواست دینے کا کوئی اختیار نہیں، پولیس مقابلوں کی جوڈیشل انکوائری کروانے کی درخواستیں دے کر پولیس افسران اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے رہے ہیں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ سیشن ججوں کو بھی سی پی او کی درخواست پر پولیس مقابلے کی جوڈیشل انکوائری کی منظوری دینے کا اختیار نہیں۔

    فیصلے میں قرار دیا گیا کہ مجسٹریٹ قتل، حادثاتی موت یا خود کشی کیس میں صرف موت کے سبب کی انکوائری کر سکتا ہے، مجسٹریٹ یہ نہیں کہہ سکتا کہ وقوعہ کا ذمہ دار کون ہے، مجسٹریٹ کو حقائق تلاش کرنے کا بھی اختیار نہیں، مجسٹریٹ انکوائری رپورٹ میں کسی کو ذمہ دار بھی نہیں ٹھہرا سکتا۔

    فیصلے میں قرار دیا گیا کہ مفاد عامہ کے وقوعہ کے حقائق کی تحقیقات محض پنجاب ٹربیونلز آف انکوائریز ایکٹ کے تحت قائم جوڈیشل کمیشن ہی کر سکتا ہے۔

    فیصلے کے مطابق سی پی او یا آر پی او حکومت کو ہی پولیس مقابلے کی جوڈیشل انکوائری کی درخواست دے سکتے ہیں، حکومت کا اختیار ہے کہ سی پی او کی جوڈیشل انکوائری کروانے کی درخواست پر انکوائری ٹربیونل بنائے یا نہ بنائے۔

    جسٹس سہیل ناصر نے عدالتی فیصلہ پنجاب کے تمام سیشن ججز کو مکمل عمل درآمد کے لیے بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔

  • بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان نے پولیس کے جرمانوں سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی موٹر سائیکل کو ہی آگ لگا دی، نوجوان کو ہزاروں روپے کے چالان ادا کرنے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست گجرات میں پیش آیا، اتوار کی شام موضع گوتاپور کے قریب پولیس گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی جہاں اس نے سنگپا نامی نوجوان کو روکا۔

    پولیس نے نوجوان کی موٹر سائیکل روک کر دستاویزات دیکھے اور زیر التوا چالانات کی بھی جانچ کی۔ پولیس کے مطابق نوجوان پر پہلے سے 5 ہزار روپے کے چالان بقایا تھے۔

    پولیس نے زیر التوا چالانات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نوجوان کو وہاں سے روانہ کردیا۔

    تاہم مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے تصاویر لینے اور جرمانے عائد کرنے سے دلبرداشتہ اور جرمانوں کی رقم ادا کرنے سے قاصر سنگپا گھر پہنچا تو سخت غصے میں تھا، گھر پہنچتے ہی اس نے موٹر سائیکل پر پیٹرول چھڑکا اور اسے آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور چالان کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔

  • سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، افغانستان سے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو آگ لگائی جبکہ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ گرفتار ملزمان میں سیف اللہ عرف محسن عرف صدام اور حضرت بلال عرف بلال شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے سنہ 2013 میں ٹی ٹی پی سجناں گروپ میں شمولیت اختیار کی، دونوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں، ملزمان سے شارٹ مشین گن، دستی بم، ایمونیشن اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے منگھو پیر سے بھتہ لے کر کمانڈر فخرالدین عرف ملنگ کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار دہشت گرد سیف اللہ نے سنہ 2013 میں نیٹو کنیٹنر کو بھی آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے، واردات کے بعد سیف اللہ شوال کے علاقے میں چلا گیا تھا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے کیے، گرفتارملزمان بھتہ خوری سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

  • ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    مریکا میں ایک ڈینٹل کلینک پر ڈکیتی کے لیے آنے والی خاتون کو جب کچھ نہ ملا تو انہوں نے مریض کی دانتوں کی سرجری کر ڈالی اور اس کے 13 دانت نکال دیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست نواڈا میں پیش آیا، لورل ایچ نامی خاتون اس سے قبل ایک ڈینٹل کلینک میں کام کرچکی تھیں لیکن ان کے پاس اس کا لائسنس نہیں تھا۔

    جب وہ مذکورہ کلینک میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئیں تو انہیں پتہ چلا کہ کلینک میں پہلے ہی نقب لگ چکی ہے اور تمام نقد رقم غائب ہے، انہیں اور کچھ نہ سوجھا تو انہوں نے وہاں موجود مریض پر ہاتھ صاف کر ڈالے اور اس کے دانتوں کی سرجری کر کے 13 دانت نکال دیے۔

    بعد ازاں پولیس کلینک میں ڈکیتی کی تفتیش کرنے پہنچی۔ نامعلوم چور 32 ہزار ڈالرز کی رقم اور چیکس لے کر فرار ہوچکا تھا۔ کلینک کی ایک کھڑکی کا شیشہ اور لاکرز ٹوٹے ہوئے تھے۔

    پولیس کی تفتیش نے انہیں لورل ایچ تک پہنچایا جو وہاں ڈکیتی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی لیکن اپنے منصوبے میں ناکام رہی۔

    پولیس نے ڈکیتی کرنے والے چور کی تلاش شروع کردی جبکہ ایچ پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی اور بغیر لائسنس سرجری کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔