Tag: پولیس

  • کراچی: منشیات فروشی میں ملوث افغان ڈکیت گرفتار

    کراچی: منشیات فروشی میں ملوث افغان ڈکیت گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مختلف وارداتوں اور منشیات فروشی میں ملوث 2 افغان ڈکیت گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ میٹروول میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائی میں انتہائی مطلوب خیالو ڈکیت گروپ کے 2 کارندے گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزم خلیل احمد اور حیات اللہ کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزمان نے مختلف علاقوں میں وارداتوں اور منشیات فروشی کا اعتراف کیا ہے۔

    ملزمان نے 5 جون کو میٹروول میں موبائل شاپ پر واردات کی تھی، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈکیتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سونے کی ڈکیتی کرنے والے 2 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جمالی گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کی، کارروائی میں 2 مطلوب ملزم گرفتار کرلیے گئے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کھوکھرا پار میں سنار کی دکان میں واردات کا اعتراف کیا ہے، ملزمان 49 تولہ سونا اور 10 لاکھ 70 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • کراچی: بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ گرفتار

    کراچی: بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ ناصر گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے تاجر کو بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے اور بیٹے کو اغوا کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی جس میں بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ ناصر گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے 14 جون کو تیسر ٹاؤن کے تاجر سے بھتہ مانگا تھا، بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے اور بیٹے کو اغوا کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

    ترجمان کے مطابق تاجر نے رینجرز ہیلپ لائن پر اطلاع دی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • لکی مروت میں پولیس کارروائی: خواتین اور بچوں کا قاتل ہلاک

    لکی مروت میں پولیس کارروائی: خواتین اور بچوں کا قاتل ہلاک

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں خواتین اور بچوں کا قاتل ہلاک جبکہ ایک سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے علاقے جابو خیل میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں نوید نامی ملزم ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز 2 خواتین اور ایک بچے کے قتل میں ملوث تھا، ملزم نے دیرینہ دشمنی پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کی تھی۔ مقابلے میں سب انسپکٹر دمساز خان بھی زخمی ہوئے۔

    ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مارے گئے ملزم سے کلاشنکوف اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں، ہلاک ملزم نوید، بدنام زمانہ ماخو گروپ کا اہم کارندہ تھا۔

  • کیا آپ اس قتل کے مجرم کو پکڑنے میں امریکی پولیس کی مدد کرسکتے ہیں؟

    کیا آپ اس قتل کے مجرم کو پکڑنے میں امریکی پولیس کی مدد کرسکتے ہیں؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے دماغ کو جتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کریں گے اتنا ہی وہ فعال ہوتا جائے گا۔ کم کام کرنے والا دماغ آہستہ آہستہ سست اور غیر فعال ہوتا جاتا ہے جس کا نتیجہ غائب دماغی کی صورت میں نکلتا ہے۔

    دماغ کو فعال کرنے کے لیے ماہرین چھوٹی چھوٹی مشقیں بتاتے ہیں جن میں سب سے آسان مشق حساب کے سوالات حل کرنا یا کوئی پہیلی بوجھنا ہے۔

    اسی لیے ہم آپ کے دماغ کی ورزش کے لیے آج آپ کو ایک قتل کا کیس بتا رہے ہیں، جس میں قاتل کو پکڑنے کے لیے پولیس کی مدد کرنی ہے۔

    امریکا میں 4 دوست باقاعدگی سے سوانا (بھاپ) باتھ لینے کے لیے آتے ہیں، جب بھی وہ یہاں آتے ہیں ان کے ساتھ کچھ نہ کچھ سامان ضرور ہوتا ہے۔

    جیک ایک موسیقار ہے جو موسیقی سننے کے لیے اپنے ساتھ آئی پوڈ لاتا ہے۔ اسٹیو ایک بینکر ہے جو اپنے ساتھ صرف پانی یا جوس کا تھرماس لے کر آتا ہے۔ پیٹرک اور مائیکل وکیل ہیں جو اپنے ساتھ عدالتی دستاویزات لے کر آتے ہیں تاکہ انہیں پڑھا جائے۔

    ایک دن پولیس کو اطلاع ملتی ہے کہ ان میں سے ایک دوست پیٹرک قتل ہوچکا ہے، پولیس جائے وقوع پر پہنچ کر تینوں دوستوں کو زیر تفتیش لے لیتی ہے۔

    پیٹرک کا قتل ایک تیز دھار آلے سے کیا گیا ہے لیکن پولیس کو وہاں ایسی کوئی شے نہیں ملتی۔ کیا آپ اصل قاتل تک پہنچنے میں پولیس کی مدد کرسکتے ہیں؟

    اگر نہیں تو ہم آپ کی اور پولیس کی مدد کیے دیتے ہیں۔

    قاتل دراصل اسٹیو ہے جو اپنے تھرماس میں تیز دھار برف ڈال کر لے آیا اور قتل کے بعد واپس اس ٹکڑے کو تھرماس میں ڈال دیا، جب تک پولیس پہنچی برف کا تیز دھار ٹکڑا پانی میں پگھل چکا تھا۔

  • بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    نئی دہلی: بھارت میں پولیس نے اخلاقیات کی حدیں پار کردیں، ایک مقدمے میں نامزد مسلمان ملزم جب ہاتھ نہیں آیا تو اس کی حاملہ بیوی کو گرفتار کر کے جیل لے جایا گیا جہاں وہ اگلے دو روز تک بند رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر رامپور میں پیش آیا، نامزد ملزم کے بھائی دین محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بھائی کو کسی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    دین محمد کے مطابق گزشتہ روز پولیس جب اس کے بھائی کو گرفتار کرنے اس کے گھر پہنچی تو وہ موجود نہیں تھا جس کے بعد رامپور پولیس اس کی 7 ماہ کی حاملہ بھابھی آسیہ کو حراست میں لے کر تھانے پہنچ گئی۔

    معاملے کی خبریں میڈیا پر آئیں تو مقامی سیاسی رہنماؤں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا، عام آدمی پارٹی کے صوبائی نائب صدر فیصل خاں لالہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اس قسم کا رویہ قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ رامپور پولیس بتائے کہ وہ کس قانون کی بنیاد پر ملزم نہ ملنے پر اس کی اہلیہ کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ 7 ماہ کی حاملہ ہے اور پولیس اس کو گزشتہ شب سے اپنی حراست میں رکھے ہوئے ہے، وہ اس معاملے کو لے کر اعلیٰ افسران کے پاس جا رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رامپور میں پولیس کی جانب سے مسلمان خاتون کی اس قسم کی گرفتاری کا ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    کچھ دن قبل رامپور کے علاقے ڈونگر پور میں بھی پولیس جب ملزم کو پکڑنے میں ناکام رہی تو پولیس ٹیم ملزم کی اہلیہ اور اس کی 3 ماہ کی معصوم بیٹی کو اپنے ساتھ تھانے لے آئی اور دونوں کو رات بھر تھانے میں رکھا۔

  • کراچی: 200 وارداتیں کرنے والا انتہائی مطلوب ڈکیت گرفتار

    کراچی: 200 وارداتیں کرنے والا انتہائی مطلوب ڈکیت گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 200 وارداتیں کرنے والا انتہائی مطلوب ڈکیت گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں رینجرز نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی، کارروائی میں انتہائی مطلوب ڈکیت عقیل عرف کسوڑا گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، گرفتار ملزم سے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے اپریل میں پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں شہری سے لوٹ مار کی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • کراچی: 400 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث ملزمان گرفتار

    کراچی: 400 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے 4 کارندے گرفتار کرلیے گئے، ملزمان 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے گلشن معمار میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کی گئی، کارروائی میں انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے 4 کارندے گرفتار کیے گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان نے سنہ 2016 سے وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان دودھ کی رقم لے جانے والے ٹھیکیداروں کو لوٹتے تھے۔

    ملزمان نے نیو کراچی، گلشن معمار اور سپر ہائی وے پر وارداتیں کیں، ملزمان نت دیگر علاقوں میں ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز کا بھی اعتراف کیا جبکہ انہوں نے ایک سیلز مین کی 50 سے زائد گاڑیاں بھی لوٹیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، عوام ایسے عناصر سے متعلق فوری اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • عمران یعقوب منہاس نئے پولیس چیف مقرر

    عمران یعقوب منہاس نئے پولیس چیف مقرر

    کراچی: کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ عمران یعقوب منہاس نئے پولیس چیف مقرر کردئیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کو عہدے سے ہٹاکر اے آئی جی اسپیشل برانچ تعینات کردیا گیا ہے جب کہ عمران یعقوب منہاس نئے پولیس چیف کراچی تعینات کردیےے گئے ہیں، نئے پولیس چیف کی تعیناتی سے متعلق نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    عمران یعقوب منہاس اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ تعینات تھے,اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمران یعقوب منہاس کے تقرر کی منظوری دی تھی۔

    دوسری جانب سندھ پولیس نے تقرری و تبادلے بھی کئے گئے ہیں، ایس ایس پی عمر کوٹ شاہجہاں کو ایس ایس پی کورنگی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ایس پی مختار خاصخیلی ایس پی عمرکوٹ تعینات کئے گئے ہیں۔

  • اربوں روپے مالیت کی پینٹنگز چرانے والا گرفتار

    اربوں روپے مالیت کی پینٹنگز چرانے والا گرفتار

    نیدر لینڈز میں معروف مصوروں کے کروڑوں یورو مالیت کے فن پارے چرانے والے چور کو گرفتار کرلیا گیا، تاحال اس سے فن پاروں کی برآمدگی نہیں ہوسکی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم سے گرفتار ہونے والے مشتبہ چور کی عمر 58 برس ہے اور اس پر شبہ ہے کہ اس نے گزشتہ برس لاک ڈاؤن کے دوران وین گوف اور فرانز ہالز کے 2 فن پارے چرائے ہیں۔

    یہ دونوں فن پارے گزشتہ برس اس وقت چوری کیے گئے جب نیدر لینڈز میں تمام میوزیمز کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بند کیے جا چکے تھے۔

    ونسنٹ وین گوف کے چوری شدہ فن پارے کا نام اسپرنگ گارڈن ہے جسے سنہ 1884 میں بنایا گیا۔

    گزشتہ برس 30 مارچ کو علیٰ الصبح ایمسٹر ڈیم سے کچھ دور سنگر لارین میوزیم سے اس فن پارے کو چرا لیا گیا، چوری کے لیے اس میوزیم کا شیشے کا مرکزی دروازہ توڑ دیا گیا تھا اور الارم بجنے کے بعد جب پولیس وہاں پہنچی، تب تک چور یہ فن پارہ لے کر فرار ہوچکے تھے۔

    دوسری پینٹنگ فرانز ہالز کی ہے جس کا نام 2 لافنگ بوائز ہے، مصوری کے سنہری دور کے ماسٹر پینٹر قرار دیے جانے والے اس مصور کا یہ فن پارہ بھی گزشتہ برس چرایا گیا تھا۔

    فرانز ہالز کا فن پارہ

    اس فن پارے کو سنہ 1626 میں تخلیق کیا گیا تھا۔

    ہالز کا یہ شاہکار بھی اس طرح چرایا گیا تھا کہ اس جرم کے لیے ڈچ دارالحکومت سے 60 کلو میٹر جنوب کی طرف واقع لیئرڈم کے ایک چھوٹے سے میوزیم کا دروازہ توڑ دیا گیا تھا۔

    ان دونوں فن پاروں کی مجموعی مالیت کروڑوں یورو بنتی ہے۔ پولیس کے مطابق شواہد کی بنیاد پر مشتبہ چور کو گرفتار تو کر لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے، تاہم ابھی تک دونوں چوری شدہ شاہکاروں میں سے کوئی ایک بھی برآمد نہیں ہوا۔

    پولیس نے مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر صرف یہ تصدیق کی کہ ملزم کو ایمسٹرڈیم کے مضافات میں اس کے فلیٹ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی رہائشگاہ اس سنگر لارین میوزیم سے زیادہ دور نہیں، جہاں سے وین گوف کا فن پارہ چرایا گیا۔