Tag: پولیس

  • میرانشاہ: بھائی نے فائرنگ کر کے بھائی، بھابھی اور 2 بھتیجوں کو قتل کر دیا

    میرانشاہ: بھائی نے فائرنگ کر کے بھائی، بھابھی اور 2 بھتیجوں کو قتل کر دیا

    میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں بھائی نے فائرنگ کر کے بھائی، بھابھی اور 2 بھتیجوں‌ کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق میرانشاہ میں میر علی کے علاقے ایپی میں زمین کے تنازع پردونوں بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس دوران بھائی نے فائرنگ کر دی جس سے ایک بھائی اور اس کی بیوی اور دو بچے جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک شخص اور خاتون زخمی ہوئی جنہیں طبی امداد کے لیے میر علی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں طاہر،اس کی بیوی اور 2 بچے شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان زمین کا تنازع چلا آ رہا ہے۔

    دیربالا:جائیداد کے تنازع پر فائرنگ،9 افراد قتل،2زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 30 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے دیربالا میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی اغوا، 2 سیکورٹی گارڈ زیر حراست

    فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی اغوا، 2 سیکورٹی گارڈ زیر حراست

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں اسپتال سے نومولود بچی کے اغوا کی تفتیش کے لیے دو سیکورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے 4 روز قبل اغوا کی جانے والی نومولو بچی کی پوچھ گچھ کے لیے پولیس نے دو سیکورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گیٹ پر تعینات سیکورٹی گارڈز کو اغوا کار خاتون سے بات کرتے دیکھا گیا۔

    دوسری جانب سیکورٹی گارڈز کی گرفتاری پر درجہ چہارم کے ملازمین نے احتجاج کیا اور اسپتال میں کام بند کر دیا۔

    فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی پراسرار طور پر لاپتہ

    یاد رہے کہ 18 اگست کو فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے پیدائش کے چند گھنٹے بعد ہی نومولود بچی کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ مغوی بچی کی پھوپھی نےخفیہ کیمرے کی ریکارڈنگ میں ملزمہ کو پہچان لیا تھا۔

    اسپتال انتظامیہ کو ملنے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ اغوا کار خاتون چادر پہنی ہوئی تھی جس نے لیبر روم سے بچی کو گود میں اٹھایا اور پھر وہ اسپتال سے فرار ہوگئی۔

  • کراچی: پولیس نے3 بچوں اور ماں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا

    کراچی: پولیس نے3 بچوں اور ماں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں 3 بچوں کے قتل اور ماں کی مبینہ خودکشی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 3 بچوں کے قتل اور ماں کی مبینہ خودکشی کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں اسٹیل ٹاؤن تھانے میں قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ متوفی خاتون اسمہ کے شوہر عابد کو شامل تفتیش کر لیاگیا۔کمرے سے 3 ٹائفون کی بولتیں بھی ملی ہیں، دکان داروں کے بیانات بھی قلم بند کیے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق تاحال خاتون اسمہ کا موبائل فون نہیں ملا،بچوں کی میڈیکل رپورٹ سے مزید تفتیش آگے بڑھےگی۔

    کراچی میں خاتون نے 3 بچوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی

    یاد رہے کہ 11 اگست کو کراچی کے علاقے گلشن حدید فیز ون میں گھر سے ماں اور تین بچوں 8 سالہ جویریہ، 5 سالہ اریشا، 3 سالہ باقر کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

    پولیس نے 3 بچوں اور ماں کی ہلاکت کے واقعے پر شکوک و شبہات کا اظہار کر کے تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا تھا۔

  • دن دہاڑے بچے کو اغوا کرنے والی خاتون گرفتار

    دن دہاڑے بچے کو اغوا کرنے والی خاتون گرفتار

    چین میں دن دہاڑے بچے کو اغوا کرنے والی خاتون پولیس کی گرفت میں آگئی، پولیس نے صرف 3 گھنٹے کے اندر اغوا شدہ بچے کو بازیاب کروا لیا۔

    مذکورہ واقعہ چین کے جنوبی صوبے میں پیش آیا جہاں ایک خاتون دن دہاڑے ایک بچے کو اٹھا کر آرام سے چلتی بنی۔

    بچے کے والدین کے مطابق بچہ اور اس کا چھوٹا بھائی اپنے دادا کے ساتھ کھیلنے کے لیے باہر نکلے تھے، دادا چھوٹے بچے کو دیکھ رہے تھے جب بڑا بچہ ان کی نظر سے دور ہوگیا اور سڑک پر چلنے لگا۔

    بچے کی گمشدگی کے بعد والدین نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس فوراً حرکت میں آئی، سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ سڑک پر ایک خاتون نے بچے سے نہایت مشفقانہ انداز میں بات کی جس کے بعد بچہ ان کے پیچھے پیچھے چلنے لگا۔

    بعد ازاں خاتون نے بچے کو گود میں اٹھایا اور کچھ دور چلنے کے بعد بس میں سوار ہوگئیں۔ بس میں وہ بچے کے گھر سے 139 کلو میٹر دور دوسرے علاقے میں پہنچیں۔

    پولیس یہ تمام تفتیش کرنے کے بعد صرف 3 گھنٹے کے اندر اس گھر تک پہنچ گئی جہاں وہ خاتون اس بچے کو لے کر پہنچی تھی، پولیس کو شبہ ہے کہ مذکورہ خاتون بچوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہوسکتی ہیں۔

    بچے کو بحفاظت والدین تک پہنچا دیا گیا جبکہ خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • دھوم دھام سے شادی کرنے پر دولہا، دلہن اور باراتی گرفتار

    دھوم دھام سے شادی کرنے پر دولہا، دلہن اور باراتی گرفتار

    رباط: مراکش میں کرونا وائرس کے خلاف عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کرنے والے دولہا، دلہن اور بارات کے شرکا کو گرفتار کر لیا گیا، ملک بھر میں شادیوں کی تقاریب منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مراکشی پولیس نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر پابندیوں کی خلاف ورزی پر دولہا، دلہن اور باراتیوں کو گرفتار کر لیا، شادی ملک کے شمالی شہر تطوان میں منعقد کی گئی تھی۔

    میڈیا کے مطابق دولہا دلہن نے شادی کے موقع پر باقاعدہ بارات کا انتظام کیا، شہر کے مرکزی علاقے میں ایک مشہور سیاحتی مقام تک بارات لے گئے تاکہ وہاں یادگاری تصاویر بنوا سکیں۔

    تاہم جلد ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، مراکشی پولیس نے دولہا، دلہن کے ساتھ بارات میں شامل تمام مہمانوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ پوری بارات کو علاقے کے تھانے لے جایا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ دولہا دلہن نے شادی خاموشی سے کی تھی تاہم تصویر بنانے کے شوق نے سارا معاملہ خراب کردیا۔

    مقامی حکام نے دولہا اور دلہن سمیت تمام باراتیوں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

    خیال رہے کہ مراکشی شہر تطوان سمیت 8 بڑے شہروں میں جولائی کے آخر میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا جہاں کرونا وائرس کے مریض کثیر تعداد میں سامنے آئے تھے۔

    حکام نے کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں شادیوں کی تقاریب منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

  • سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    ریاض: سعودی عرب میں تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار ہوگئے، ان کی گاڑی پر چٹان گر پڑی جس سے چاروں جاں بحق ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے جازان ریجن کی العارضہ کمشنری میں سعودی شہری دفاع کے اہلکاروں نے چٹان کے نیچے سے لاپتہ 4 سعودی نوجوانوں کی لاشیں نکال لیں، حادثہ گاڑی پر چٹان گر جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

    جائے وقوع سے لاشیں نکالنے کا منظر دل دہلا دینے والا تھا، شہری دفاع کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی نوجوان اور مقیم غیر ملکی بھی مدد کے لیے پہنچے ہوئے تھے۔

    چاروں نوجوان گزشتہ ہفتے کو العارضہ پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے جہاں وہ لاپتہ ہوگئے تھے، مختلف ادارے ان کی تلاش میں تھے۔

    2 نوجوانوں کے چچا ماجد جابر الجزمی نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ وہ لوگ جائے وقوعہ سے متصل علاقے اور قریب کی وادیوں میں انہیں تلاش کرتے رہے، اسپتالوں اور ایسے تمام مقامات کو چیک کرلیا گیا تھا جہاں جہاں ان کے ملنے کی توقع کی جا سکتی تھی۔

    چچا کے مطابق ان کے بھتیجے اپنے دوستوں کے ہمراہ العبادل پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے تاہم ان کی تاخیر پر گھر والے تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ موبائل پر رابطے کی کوشش کی گئی تو فون بند پائے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم لوگ ان کی تلاش میں اس جگہ پہنچے جہاں سے وہ لاپتہ ہوئے تھے، 4 نوجوانوں میں سے 2 کی گاڑیاں مل گئیں، اس دوران پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی۔

    چچا کے مطابق بعض شہریوں نے اطلاع دی کہ انہیں العارضہ کے کوہستانی علاقے کی ایک وادی میں چٹانوں کے درمیان ایک ٹوٹی پھوٹی گاڑی نظر آرہی ہے اور خوفناک طریقے سے حادثے سے دوچار لگتی ہے۔

    بعد ازاں یہ گمشدہ نوجوانوں کی گاڑی نکلی جو تفریح گاہ سے 3 کلو میٹر کے فاصلے پر تھی، حادثے کے بعد پورا علاقہ سوگوار ہے۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد پولیس نے جرمانے کیے، سینکڑوں افراد پر فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں عوامی مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی بے شمار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جازان اور قصیم میں ماسک کی پابندی نہ کرنے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

    قصیم پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والے 85 افراد پر 85 ہزار ریال کے جرمانے کر دیے، فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مہم کے دوران 85 افراد پبلک مقامات پر بغیر ماسک کے گھومتے ہوئے پائے گئے۔ اان میں سے ہر ایک پر 1 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا، خلاف ورزیاں قصیم ریجن کی مختلف کمشنریوں میں مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئیں۔

    جازان میں بھی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں، جازان میں 152خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اور 1 ہزار ریال فی کس جرمانہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔

    عوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

  • امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا میں ایک شخص نے ریستوران میں ایک چھوٹے بچے کو ماسک اتارنے کا کہا اور نہایت قریب جا کر اس سے کہا کہ تم کرونا وائرس کا شکار ہوجاؤ گے، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں 47 سالہ جیسن کوپن ہیور نامی شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جیسن ریستوران میں موجود ایک بچے کے پاس گیا اور اس سے فیس ماسک اتارنے کا کہا، جب بچے نے ماسک اتارا تو جیسن نے اس کا سر زور سے پکڑا اور اس کے منہ کے نہایت قریب جا کر کہا کہ اب تمہیں کوویڈ ہوجائے گا۔

    پولیس کے مطابق وہ بچے کے اتنا قریب تھا کہ اس کے لعاب کے چھینٹے بھی بچے کے چہرے پر پڑے۔

    ریستوران عملے کے مطابق جیسن نشے میں لگ رہا تھا، اس نے ریستوران کے ایک ملازم سے ہاتھا پائی بھی کی۔

    پولیس نے جیسن کو گرفتار کر کے اس پر نامناسب رویے کی دفعہ عائد کی، فی الحال اسے 650 ڈالر کے ضمانتی مچلکے پر رہا کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی۔

  • متحدہ عرب امارات: جاسوس کتے کرونا وائرس کا پتہ لگائیں گے

    متحدہ عرب امارات: جاسوس کتے کرونا وائرس کا پتہ لگائیں گے

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں جاسوس کتوں کو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کا پتہ لگانے کی تربیت دے دی گئی۔ کتے، انسانوں سے براہ راست رابطے میں آئے بغیر پسینے کی بو سے کرونا وائرس کے ہونے یا نہ ہونے کا پتہ لگا سکتے ہیں۔

    اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں نئی کامیابی حاصل کی ہے۔ امارات جاسوس کتوں کے ذریعے کرونا وائرس کا پتہ لگانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    دنیا کے دیگر ممالک میں ابھی تک یہ طریقہ کار تجربے اور تربیت کے مرحلے میں ہے۔

    اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ کتا چند سیکنڈ میں اس بات کا پتہ لگا سکتا ہے کہ کوئی شخص وائرس سے متاثر ہے یا نہیں، اس طریقہ کار کے باعث انٹرنیشنل ایئرپورٹسں پر مسافروں کی حفاظت میں اضافہ ہوجائے گا۔

    یہ تربیت یافتہ جاسوس کتے سونگھنے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ کتے پولیس کے ہیں جو اہم مقامات کی حفاظت، تجارتی مراکز اور غیر معمولی تقریبات کو خطرات سے بچانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

    اب ان جاسوس کتوں کو کرونا وائرس کے متاثرین کا پتہ لگانے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق کسی بھی انسان کے پسینے کا نمونہ لے کر تربیت یافتہ کتے کو سنگھایا جاتا ہے، اس میں کتے کا انسان سے براہ راست واسطہ نہیں پڑتا۔ کتا سونگھتے ہی بتا دیتا ہے کہ متعلقہ شخص کرونا وائرس میں مبتلا ہے یا نہیں۔

    اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاسوس کتوں کی تربیت کے لیے جو قومی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اس میں فرانس کے الفور اسکول کی نمائندگی بھی شامل ہے۔

    یہ اسکول یورپی ممالک میں مویشیوں پر کام کرنے والا سب سے پرانا ادارہ ہے، ٹیم میں وزارت صحت، محکمہ کسٹم اور پولیس کی نمائندگی بھی شامل ہے۔

  • سماجی فاصلہ نہ رکھنے سے پریشان امریکی شخص نے فائر کھول دیا

    سماجی فاصلہ نہ رکھنے سے پریشان امریکی شخص نے فائر کھول دیا

    امریکا میں ایک شخص نے سماجی فاصلہ نہ رکھنے پر پریشان ہو کر ماں اور اس کے بیٹے پر فائرنگ کردی، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    پولیس کے مطابق 47 سالہ ڈگلس مارکز ریاست فلوریڈا کے میامی بیچ ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔ سوموار کی صبح اس کا سامنا ہوٹل کی لابی میں ورونیکا نامی خاتون اور اس کے بیٹے سے ہوا۔

    ورونیکا نیو میکسیکو سے اپنے بیٹے کے ساتھ میامی پہنچی تھیں۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ڈگلس نے ان دونوں کو دیکھ کر کہا آپ سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھ رہے۔

    ڈگلس نے ان سے کہا کہ وہ دونوں فوری طور پر ہوٹل چھوڑ کر چلے جائیں، اس کے بعد اس نے پستول نکال کر لابی میں ادھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

    لابی میں موجود ایک شخص نے تمام واقعے کی ویڈیو بنا لی۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    پولیس کے سامنے ڈگلس نے فائرنگ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اس کی مسلسل نگرانی کر رہا تھا اسی لیے اس نے پریشان ہو کر فائرنگ کی، اس نے استقبالیہ ڈیسک پر جا کر انہیں پولیس کو کال کرنے کا بھی کہا۔

    پولیس نے ڈگلس کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔