Tag: پولیس

  • سعودی عرب: شہریوں کی ناک میں دم کرنے والے لٹیرے گرفتار

    سعودی عرب: شہریوں کی ناک میں دم کرنے والے لٹیرے گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں میں پولیس نے کارروائیاں کر کے شہریوں کو لوٹنے والے اور گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں پولیس نے غیر ملکی ورکرز کو لوٹنے، گھروں میں چوری کی وارداتیں کرنے اور جیب کاٹنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    پولیس کے معاون ترجمان محمد الدریہم کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان مقامی شہری ہیں اور انہوں نے دمام شہر کے مختلف محلوں میں 68 وارداتیں کی تھیں۔

    ترجمان کے مطابق پولیس کو ایک عرصے سے ان کی تلاش تھی، گھروں میں وارداتوں اور غیر ملکی ورکرز کو لوٹنے کے باعث شہر بھر میں بدامنی کا ماحول تھا، پولیس نے تینوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا ہے۔

    ادھر ریاض پولیس نے بھی 3 جرائم میں ملوث 2 ایتھوپین شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے، پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ ایتھوپین سرحدی قانون کی خلاف ورزی کر کے ملک میں داخل ہوئے تھے اور بینکوں سے نکلنے والے افراد کو لوٹ رہے تھے۔

    ملزم اپنی وارداتوں میں اب تک 3 لاکھ ریال جمع کرچکا تھا، ملزمان کو ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

  • کراچی میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں بلدیہ اسپارکو روڈ پر کرنٹ لگنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیہ اسپارکو روڈ پر کمپاؤنڈ سے موٹر لگا کر بورنگ کا پانی نکالنے والے 2 مزدور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کرنٹ لگنے اور دیگرحادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، کرنٹ لگنے کے واقعات گلشن حدید، لانڈھی اور گارڈن میں پیش آئے تھے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر میں سب سے زیادہ بارش گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ میں 78.5 ملی میٹر اور سرجانی میں 68.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی

  • آٹے کی قیمتوں میں اضافہ: سندھ حکومت نے ضلعی حکام اور پولیس سے مدد طلب کر لی

    آٹے کی قیمتوں میں اضافہ: سندھ حکومت نے ضلعی حکام اور پولیس سے مدد طلب کر لی

    کراچی: آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان سندھ حکومت نے ضلعی حکام اور پولیس سے مدد طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی،حیدرآباد،نواب شاہ،سکھر اور لاڑکانہ کے ضلعی حکام اور پولیس کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 22 جولائی کو سندھ کابینہ نے آٹے کے بحران اور قیمتوں سے متعلق اہم فیصلے کیے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈویژنل کمشنر، خصوصاً کمشنر سکھر اور لاڑکانہ بارڈر پار گندم اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کریں،تمام ڈویژنل کمشنر گندم ذخیرہ کرنے اور قیمت بڑھانے والوں کے خلاف مہم چلائیں۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گندم کی نارتھ باؤنڈ آمدورفت پر پابندی لگا دی گئی ہے،گندم کی قیمت برقرار رکھنے کے لیے یومیہ مقامی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات نے تفصیلات جاری کی تھیں جس کے مطابق کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1360 روپے تک پہنچ گئی ہے اور یہ ملک کے سب سے بڑے شہروں میں آٹے کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں کراچی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 120 روپے تک مہنگا ہوا اور گزشتہ تین ہفتوں میں کراچی میں آٹے کا تھیلا 160 روپے تک مہنگا ہوا۔

  • قلفی کی آڑ میں ہیروئن بیچنے والا ملزم گرفتار

    قلفی کی آڑ میں ہیروئن بیچنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پولیس نے قلفی کی آڑ میں ہیروئن بیچنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سائٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قلفی کی آڑ میں ہیروئن بیچنے والے بین الصوبائی منشیات کے ڈیلر کو گرفتار کر کے 3 کلو ہیروئن برآمد کر لی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ہیروئن سپلائی کرتا تھا،ملزم نے اس سے قبل بھی آئس کریم کی آڑ میں ہیروئن فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے برآمد ہونے والی 3 کلو ہیروئن کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں کروڑوں روپے کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ ذون میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 90 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹیکی چرس، تین کلو سے زائد آئس اور 243 گرام ہیروئن برآمد کی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 143 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، 5 دستی بم، 6 آوان بم، آوان بم لانچر اور تین کلو سے زائد بارودی مواد برآمد کیا تھا۔

  • کوہاٹ: پولیس نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    کوہاٹ: پولیس نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    کوہاٹ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پولیس نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انڈس ہائی وے پر گاڑی سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی سے برآمد کیے گئے اسلحے میں 30 کلاشنکوف،2 ایل ایم جی،2 پستول اور 30 چارجر شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق اسلحہ درہ آدم خیل سےوزیرستان منتقل کیا جا رہا تھا، گرفتار ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    اس سے قبل 8 جولائی کو پولیس نے درہ آدم خیل سے اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی سے ایک کلاشنکوف، 9 پستول اور 3 رائفلوں سمیت ڈھائی ہزار سے زائد مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کر لیے گئے۔

  • سعودی عرب: لاکھوں کی جعلسازی کرنے والا گروہ گرفتار

    سعودی عرب: لاکھوں کی جعلسازی کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں لاکھوں کی جعلسازی کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان لوگوں کو جھانسہ دے کر روزانہ 20 ہزار ریال کما رہے تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ریاض پولیس نے مختلف جھانسہ دینے والے پیغامات کے ذریعے لوگوں سے رقمیں ہتھیانے والے 8 رکنی ایشیائی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان شاکر التویجری نے بتایا کہ مذکورہ غیر ملکی ملزم اپنے ہم وطنوں اور مختلف ممالک کے شہریوں کو دھوکہ دے کر ان سے رقمیں ہتھیا رہے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ موبائل پر ایس ایم ایس بھیجتے جس میں انعام نکلنے کی خوشخبری دی جاتی یا یہ اطلاع دی جاتی کہ آپ کا بینک اکاؤنٹ بوجوہ منجمد کر دیا گیا ہے۔ اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے اپ ڈیٹ کی کارروائی کروانا ہوگی۔

    اس طرح وہ متعلقہ شخص کی بینک کے حوالے سے خفیہ معلومات حاصل کر لیتے اور ان کے اکاؤنٹس سے یا تو کسی اور اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کردیتے یا اے ٹی ایم سے پیسے نکال لیتے تھے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان ہے، ان کے قبضے سے 37 موبائل سیٹس برآمد ہوئے ہیں جن میں ہزاروں افراد کے نمبر درج تھے۔ موبائل سے دھوکہ دہی والے پیغامات کا ریکارڈ بھی ملا ہے جبکہ 25 ہزار ریال اور کئی اے ٹی ایم کارڈز بھی برآمد ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق جعلسازوں نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس طریقہ کار سے روزانہ 20 ہزار ریال اس طریقہ کار سے کما رہے تھے۔ تمام افراد کو حراست میں لے کر ایف آئی آر درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • مشتعل ہجوم نے نیویارک پولیس کو گھیر لیا، پولیس افسر کو جارج فلائیڈ کی طرح قتل کرنے کی کوشش

    مشتعل ہجوم نے نیویارک پولیس کو گھیر لیا، پولیس افسر کو جارج فلائیڈ کی طرح قتل کرنے کی کوشش

    امریکی شہر نیویارک میں سڑک پر جمع ہوئے مجمع کو منتشر کرنے کی کوشش پولیس کو مہنگی پڑگئی، مجمع میں سے ایک شخص نے پولیس افسر کو گردن سے پکڑ کر اسے ہوش و حواس سے بیگانہ کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیویارک پولیس نے برونکس کی ایک سڑک پر جمع افراد کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو مجمع نے پولیس افسران کو گھیر لیا۔

    اس کے بعد مجمع نے پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔

    پولیس نے اس ہجوم میں سب سے آگے ایک شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ایک اور شخص نے ایک پولیس افسر کو گردن سے پکڑ کر ہیڈ لاک کرلیا۔

    اس دوران ہجوم میں سے کچھ افراد نے بقیہ پولیس والوں کو سڑک پر بے دردی سے گھسیٹا۔

    4 سیکنڈ کے اس ہیڈ لاک کے بعد مذکورہ شخص نے پولیس افسر کو چھوڑا تو وہ زمین پر گر گیا جس سے اس کے سر پر گہری چوٹ آئی، ہجوم میں سے ایک شخص اس سارے منظر کی ویڈیو بھی بناتا رہا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ہیڈ لاک لگانے والا شخص ایک گینگ کا کارندہ تھا جس سے پولیس اچھی طرح واقف ہے۔ مذکورہ ملزم کو اس سے قبل حملوں، ڈاکوں اور اسلحہ رکھنے کے جرم میں 11 بار گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    اب حالیہ حملے کے بعد ایک بار پھر اسے گرفتار کیا گیا تاہم عدم ثبوت کی بنا پر جلد ہی اس کی رہائی عمل میں آگئی۔

    نیویارک پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزم پر فرد جرم عائد نہ کیے جانے اور رہائی سے پولیس ڈپارٹمنٹ بے حد مایوس ہے۔ پولیس پر حملہ ایک سنگین جرم ہے اور جلد اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ اٹارنی سے بات کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ہیڈ لاک وہ عمل ہے جو جلد ہی نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے لیے ممنوع قرار دیا جانے والا ہے۔ امریکی سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں بہیمانہ ہلاکت کے بعد اب تمام ریاستیں پولیس اصلاحات پر کام کر رہی ہیں۔

    نیویارک سٹی کونسل بھی جلد ہی ایک بل منظور کرنے والی ہے جس کے تحت اگر پولیس کسی مشتبہ ملزم کو پکڑتے ہوئے اس طرح سے گرفتار کرے جس سے ملزم کی سانس بند ہوجائے، جیسے کہ گردن، سینے یا پیٹھ پر کھڑا ہونا یا گھٹنہ رکھ دینا، تو اس جرم میں مذکورہ پولیس افسر کو ایک سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    تاہم اب حالیہ واقعے کے بعد اس بل کی مخالفت کی جارہی ہے۔ سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ پولیس کے علاوہ اگر کوئی دوسرا شخص یہ حرکت کرے اور اس کی وجہ سے پولیس افسر کی موت ہوجائے تو ایسے شخص کے لیے کیا سزا ہوگی۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں میں سے ایک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گردن سے پکڑ لینے کے بعد اگر پولیس افسر اپنا ہتھیار کھو دے تو یہ سیدھا سیدھا اس کے لیے موت ہوگی۔

    شہر کے میئر متوقع طور پر اگلے ہفتے اس بل پر دستخط کردیں گے۔

  • کراچی میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی

    کراچی میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی ہوگیا، پویس نے انچارج سمیت 4 کسٹم اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص کو تشویش ناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ زخمی شہری مراد کو کلاشنکوف کی گولی لگی۔

    پولیس کے مطابق چھالیہ اسمگلنگ کرنے والے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیےگئے۔پولیس نے بتایا کہ کسٹم حکام کو لینڈ کروزر میں چھالیہ اسمگلنگ کی اطلاع ملی تھی، کسٹمز عملے نےگاڑی روکنے کی کوشش کی مگر نہ رکی۔کسٹمز اہلکاروں نے گاڑی نہ رکنے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کچھ گولیاں گاڑی پر اور ایک گزرتے راہگیر کو لگی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ انچارج سمیت 4 کسٹم اہلکاروں کو حراست میں لیا ہے، کسٹم حکام کے پاس سرکاری کلاشنکوفیں تھی۔

  • پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے

    شیخوپورہ/ فیصل آباد: پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے آ گئے، جن میں پولیس فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک جب کہ 6 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں کھاریانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جب کہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم ہلاک، 3 فرار ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک ماہ قبل خاتون سمیت 9 افراد کو قتل کیا تھا، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    فیصل آباد کے بٹالہ کالونی میں بھی پولیس مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے شہری سے رقم اور موبائل چھینا، ڈولفن فورس کے تعاقب پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں دونوں ڈاکو مارے گئے، اسلحہ اور چھینا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

    بہاولنگر میں فورٹ عباس کے علاقے تھانہ کھچی والا میں پولیس کی کارروائی میں ڈکیت گینگ کے 5 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے 13 لاکھ مالیت کے چرائے گئے مویشی برآمد کیے گئے، ملزمان کے خلاف تھانہ کھچی والا میں مقدمہ بھی درج تھا۔

    ضلع خانیوال میں جہانیاں کے نواحی علاقے 141 دس آر میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو گرفتار کر لیا گیا جب کہ 3 فرار ہو گئے، پولیس کی فائرنگ سے زخمی ڈاکو 2 ساتھیوں سمیت فرار ہوا، پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کر کے کار قبضے میں لے لی۔

  • کراچی میں اغوا کاری کا نیٹ ورک افغانستان سے چلنے کا انکشاف

    کراچی میں اغوا کاری کا نیٹ ورک افغانستان سے چلنے کا انکشاف

    کراچی : شہر قائد میں اغوا کاری کا نیٹ ورک افغانستان سے چلنے کا انکشاف سامنے آیا، پولیس نے کاررروائی میں مغوی بچہ بازیاب کراکر 3 اغوا کار کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی میں 29 جون کو میٹروول سائٹ سے اغوا ہونے والا بچہ بازیاب کرالیا، جس کے بعد افغانستان سے اغوا کاری کے نیٹ ورک کے چلنے کا انکشاف بھی سامنےآیا ہے۔

    بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں کربلا گراؤنڈ کے قریب پولیس نےکارروائی کرتےہوئے تین اغواکاروں کو ہلاک کردیا، پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان میں دوافغانی نکلے، ایک ملزم کی شناخت کرلی گئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نےایک کڑور تاوان مانگا تھا،ملزمان تاوان کیوں مانگ رہے تھے، اس حوالے سے تفیش کررہے ہیں، ہلاک ملزمان کا نیٹ ورک انتہائی منعظم تھا۔

    یاد رہے چند ماہ قبل ہی شہر قائد میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور اغوا میں ملوث پیٹی بھائی کو گرفتار کرلیا تھا، ملزم سب انسپکٹر پر موٹر سائیکل مکینک کے اغوا اور پانچ ہزار روپے بھتہ لینے کا الزام تھا۔