Tag: پولیس

  • شہری نے اپنے ہی گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی، پولیس کی دوڑیں

    شہری نے اپنے ہی گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی، پولیس کی دوڑیں

    لندن: برطانیہ میں نامعلوم شہری نے اپنے ہی گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی جس کے بعد خطرے کے پیش نظر اطراف میں قائم اسکول کو خالی کرالیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برطانوی شہر والیسی میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم ملزم نے اپنی ہی گھر کو بارودی مواد سے اڑانے کی دھمکی دی جس کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے اطراف میں قائم پرائمری اسکول کے اسٹاف اور بچوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری سمیت دیگر پہلوؤں پر کارروائیاں جاری ہیں۔

    متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم واقعے کے حوالے سے تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئیں۔ پولیس تاحال جائے وقوعہ پر موجود ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے ہرممکن کوششیں کررہی ہے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو بھی سیل کردیا ہے۔ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ملزم نے گھر کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی کس طرح دی، تحریری پیغام تھا کہ پھر فون کال یہ کہنا بھی قبل از وقت ہوگا۔

  • پولیس اہلکاروں کے قاتل کو 6 بار سزائے موت

    پولیس اہلکاروں کے قاتل کو 6 بار سزائے موت

    راولپنڈی :پولیس سب انسپکٹر سمیت 3پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کرنے والے مجرم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 6مرتبہ سزائے موت اورمجموعی طور پر74سزا قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 6 مرتبہ سزائے موت و 74سال قید کی سزا پانے والے مجرم عبدالقدیر نے گزشتہ سال فائرنگ کر کے سب انسپکٹر محمد اکرم،کانسٹیبل محمد زعفران اور ساجد محمود کو شہید کر دیا تھا۔

    شہید ہونے والے پولیس اہلکار صادق آباد کے علاقہ میں پولیس ناکہ پر کھڑے تھے تو اہلکاروں نے مجرم عبد القدیر کو روکا تو اس نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس نے یکسوئی کے ساتھ تفتیش کی اور ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ ملزم کو عدالت میں چالان کیا، پولیس کی مربوط اور مکمل تفتیش و ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے مجرم کو سزا سنا دی۔

  • پنجاب میں جج پر حملہ ہوگیا

    پنجاب میں جج پر حملہ ہوگیا

    شیخوپورہ: پنجاب میں خاتون سول جج سعدیہ اسلم کی گاڑی پر حملہ ہوگیا، بھاری بھرکم پتھر جج کی جانب پھینکے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں دیوڑھی والا پل سے خاتون سول جج کی گاڑی پر پتھر پھینکے گئے، خوش قسمتی سے خاتون سول جج سعدیہ اسلم محفوظ رہیں جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص نے دیوڑھی پل کے اوپر سے جج کی گاڑی پر بھاری پتھر پھینکے، بھاری بھرکم پتھروں کی زد میں آکر 3گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ خاتون سول جج لاہور سے شیخوپورہ آرہی تھیں۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    متعلقہ ادارے کے مطابق یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا ہے یا دہشت گردی کا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ثبوت اکھٹے کیے، جلد گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جاسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں اے ٹی ایم لوٹنے والے ڈاکو سرگرم، پولیس بے بس

    سعودی عرب میں اے ٹی ایم لوٹنے والے ڈاکو سرگرم، پولیس بے بس

    ریاض: سعودی عرب میں ڈاکو سرگرم ہوگئے، مختلف علاقوں میں بینکوں کے اے ٹی ایمز کو لوٹنا شروع کردیا، جبکہ متعلقہ ادارے چوروں کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جازان میں ڈاکوؤں نے کم سے کم 8 اے ٹی ایمز میں توڑ پھوڑ کی جس سے مشین شدید متاثر ہوئی، تاہم وہ رقم لوٹ نہ سکے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں سعودی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں ڈاکو اے ٹی ایم کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے قبل ریاض سے چور لاکھوں ریال لے اڑے تھے۔

    پولیس کی جانب سے واردات کی نوعیت دیکھتے ہوئے متعلقہ ٹیموں کو متحرک کرنے کے بعد تفتیشی ٹیموں نے ملوث افراد کا سراغ لگانے کا کام بھی شروع کردیا ہے۔

    سعودی عرب: ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑا دیا، لاکھوں ریال چوری

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مقامی شہریوں نے ڈاکوؤں کے حملوں کو بے نقاب کیا۔ رہائشیوں نے متعدد اے ٹی ایم کی تصاویر شیئر کیں جن میں مشینیوں کی سکرینیں ٹوٹی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ 15 فروری کو سعودی عرب میں اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے کی انوکھی واردات سامنے آئی تھی، ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑایا اور 14 لاکھ ریال لے کر فرار ہوگئے تھے۔

  • پولیس اہلکار کو کس غلطی کی سزا ملی؟

    پولیس اہلکار کو کس غلطی کی سزا ملی؟

    سوشل میڈیا پر ان دنوں ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک پولیس اہلکار کو پارک کی گرِل سے لٹکا دیکھا جاسکتا ہے، اہلکار سوشل میڈیا صارفین کے ہاتھوں مذاق بن گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کی مختلف ویب سائٹ ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک پولیس اہلکار پارک کی باڑ سے لٹکا ہوا ہے اور بڑی کوششوں کے باوجود بھی وہ اپنی ٹانگیں زمین پر نہیں ٹکا پارہا۔

    اس دلچسپ واقعے نے سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار کا مذاق بنا دیا، کئی صارفین نے طنزیہ جملے بھی کسے اور کہا یہ پولیس اہلکار ہے یا بچہ جو کھیلتے ہوئے پارکنگ لوہے میں اٹک گیا، کسی کا کہنا تھا کہ شاید اس کو کسی غلطی کی سزا دی جارہی ہے۔ جبکہ کئی صارفین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ مذکوہ ویڈیو فیک ہے۔

    البتہ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ پولیس اہلکار کس طرح پارک کی باڑ سے اٹکا، تاہم اس نے اپنے پھنسے ہوئے کپڑے کو لوہے سے جدا کرنے کے لیے بڑی کوششیں کیں لیکن ناکام ٹھہرا۔ ابتدائی طور پر کہا جارہا ہے کہ مذکوہ اہلکار نے پارکنگ باڑ سے کود کر باہر آنے کی کوشش کی ہوگی جس کے باعث وہ باڑ میں پھنس گیا۔

  • 15 سالہ لڑکی کی گمشدگی: عدالت کی پنجاب پولیس کو آخری مہلت

    15 سالہ لڑکی کی گمشدگی: عدالت کی پنجاب پولیس کو آخری مہلت

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 15 سالہ لڑکی کی گمشدگی کیس میں پنجاب پولیس کو آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی پیشرفت نہ ہوئی تو آئی جی پنجاب کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ڈیرہ غازی خان کی رہائشی 15 سالہ لڑکی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کو آخری موقع دے دیا۔

    سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت تک پیشرفت نہ ہوئی تو انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب خود پیش ہوں۔ آئی جی پنجاب دیگر صوبوں سے بھی مدد لیں اور لڑکی کی بازیابی یقینی بنائیں۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے، 3 سال گزر گئے تاحال لڑکی بازیاب نہیں ہوسکی۔ پولیس نے کتنے لوگوں کو اس کیس میں گرفتار کیا؟

    ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری نے کہا کہ 11 لوگوں کو گرفتار کیا ان کا چالان بھی جمع کر چکے۔

    لڑکی کے والدین کے وکیل نے عدالت سے ہائی پاور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کی استدعا کی۔ وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ عدالت چاروں صوبوں کے افسران، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی جے آئی ٹی بنائے۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ملٹری خفیہ اداروں کو ملوث نہیں کرنا چاہتے، ڈی پی او صاحب کیا آپ کوئی پیشرفت دکھا سکتے ہیں؟ ڈیرہ غازی خان کے ڈی پی او نے کہا کہ ہر طرح کی کوشش کر چکے لڑکی بازیاب نہیں ہوسکی۔

    ڈی پی او نے کہا کہ لڑکی نے اپنی مرضی سے گھر چھوڑا ہے جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے برہمی سے کہا کہ بھول جائیں اس بات کو۔

    انہوں نے کہا کہ کیا آپ تسلیم کرتے ہیں آپ کے ضلع میں انسانی اسمگلنگ ہو رہی ہے جس پر ڈی پی او نے کہا کہ میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں۔ سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 2 ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

  • مرگی کا دورہ پڑنے پر پولیس نے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا

    مرگی کا دورہ پڑنے پر پولیس نے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس نے مجرمانہ غفلت کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے مرگی کا دورہ پڑنے پر 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا اور زبردستی پولیس اسٹیشن لے جانے کی کوشش کی۔

    کیلی فورنیا کی رہائشی ایک خاتون کا دعویٰ ہے کہ ان کے 16 سالہ آٹزم کا شکار بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا تاہم پولیس نے اس کی مدد کرنے کے بجائے اسے مارا اور ہتھکڑیاں لگا دیں۔

    مذکورہ خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کے بیٹے کو آٹزم اور مرگی ہے، ان کا خاندان ایک ریسٹورنٹ میں لنچ کرنے کے لیے موجود تھا جہاں باتھ روم میں ان کے بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا۔

    خاندان کے دیگر افراد نے باتھ روم کا دروازہ کھولنا چاہا لیکن جب وہ اس میں ناکام رہے تو انہوں نے 911 کو کال کی، گو کہ انہوں نے طبی امداد مانگی تھی لیکن اس کی جگہ 8 لحیم شحیم پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

    لڑکے کی بہن کے مطابق ان پولیس والوں نے آتے ہی لڑکے کو مارا، اہلخانہ نے انہیں لڑکے کی طبیعت کے بارے میں بتانے کی کوشش کی لیکن پولیس والے ان سنی کر گئے۔ ان کے خیال میں لڑکا نشے میں دھت ہو کر ایسی حرکتیں کر رہا تھا۔

    سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار لڑکے کو پکڑ کر پولیس کار میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پیچھے سے اس کی ماں چلا رہی ہے کہ وہ بیمار ہے اور اسے اسپتال لے جاؤ۔

    ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکا پولیس کی گاڑی کے قریب گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوا ہے اور اپنی بہن سے کہہ رہا ہے کہ ہتھکڑیاں اسے تکلیف دے رہی ہیں اور انہیں کھولا جائے۔

    واقعے کے بعد محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس پورے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • فیصل آباد میں پولیس کی نفری کی کمی کو پورا کیا جائےگا، عثمان بزدار

    فیصل آباد میں پولیس کی نفری کی کمی کو پورا کیا جائےگا، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فیصل آباد میں پولیس کی نفری کی کمی کو پورا کیا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویژن کے اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا، فیصل آباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے منصوبوں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر گئے اور مصافحہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے مسائل اراکین کی مشاورت سے حل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے عزت و احترام پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، منتخب نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائےگی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں نمائشی منصوبوں کو شروع کر کے قومی خزانہ لٹایا گیا، ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فیصل آباد میں پولیس کی نفری کی کمی کو پورا کیا جائے گا، فیصل آباد ڈویژن میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے، آب پاک اتھارٹی کے لیے8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

  • سعودی عرب: جرائم میں ملوث غیرملکیوں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ

    سعودی عرب: جرائم میں ملوث غیرملکیوں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ

    ریاض: سعودی عرب میں جرائم میں ملوث ملکی اور غیرملکیوں کے خلاف قانون کا گھیرا مزید تنگ ہونے لگا، پولیس کی اہم کارروائی میں افریقی گروہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    عرب خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی پولیس کی جانب سے یہ اہم کارروائی سعودی شہر جازان میں کی گئی، ملزمان نے سنگلاخ کے پہاڑی علاقوں میں شراب کا اڈا بنایا ہوا تھا۔

    تاہم کارروائی کے نتیجے میں دو افریقی باشندے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ابتدائی طور پر کہا جارہا ہے کہ ملزمان پر مشتمل پورا گروہ ہے، جو مملکت کے مختلف شہروں میں شراب سپلائی کرتا ہے۔

    سعودی عرب : ریستورانوں کیخلاف بڑی کارروائی، متعدد غیر ملکی گرفتار

    پولیس نے شراب کے اڈے سے آدھا ٹن نشہ آور مشروب ضبط کیا جسے بعد ازاں اہلکاروں نے ضبط تحریر میں لانے کے بعد وہیں وادی میں ہی ضائع کر دیا ہے، افریقی گروہ نے پہاڑی علاقے میں ایک پرانے کنویں کے پاس اپنا ٹھکانہ بنایا ہوا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ اس قسم کی مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    البتہ پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری جلد عمل میں آئے گی۔

  • لاہور میں پولیس پارٹی پر حملہ ہوگیا، اہلکاروں پر بدترین تشدد

    لاہور میں پولیس پارٹی پر حملہ ہوگیا، اہلکاروں پر بدترین تشدد

    لاہور: پنجاب میں پولیس پارٹی پر حملے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، لاہور کے علاقے کینٹ بھٹہ کوہاڑ میں اہلکاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ تھانہ جنوبی کینٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔ تھانہ ڈیفنس بی پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈیرہ جمیل پر چھاپہ بھی مارا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ڈیرے پر موجود مسلح افراد نے پولیس کو ہی یرغمال بنا لیا، مسلح افراد اہلکاروں کو موبائل وین سمیت ڈیرے میں لے گئے، مسلح افراد نے ڈیرے کا دروازہ بند کرکے اہلکاروں پر تشدد کیا۔

    سندھ کی پولیس پارٹی پر پنجاب میں حملہ

    ایف آئی آر کے مطابق مسلح افراد نے پولیس موبائل وین بھی توڑ دی، پولیس کو مطلوب ملزم یاسین پٹھان اور عاقب کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، مسلح افراد کے ساتھ جھگڑے میں مطلوب دیگر ملزمان فرار ہوگئے۔

    ڈیرہ مالک جمیل عرف جیلا سمیت 16افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ اے ایس آئی اشفاق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ اس سے قبل گزشتہ روز پنجاب میں سندھ پولیس پارٹی پر حملہ ہوا تھا۔ پولیس اہلکار اہم ملزم کی گرفتاری کے لیے پنجاب گئے تھے۔ تاہم یہ معاملہ بھی زیر تفتیش ہے۔