Tag: پولیس

  • خیبرپختونخوا: اغوا برائے تاوان کا ملزم گرفتار، مغوی بازیاب

    خیبرپختونخوا: اغوا برائے تاوان کا ملزم گرفتار، مغوی بازیاب

    پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان کا ملزم گرفتار کرکے مغوی بازیاب کرالیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے یہ کارروائی پشاور میں کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوسری جماعت کے طالب علم کاشان کو گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔

    ملزم حسنین نے 7سالہ بچے کی رہائی کے لیے چچا سے 7لاکھ روپے تاوان بھی مانگا تھا۔

    پولیس نے فون کال ٹریس کرکے کارروائی کی اور بچے کو بازیاب کرا لیا۔ بچے کے اغوا میں ملوث 2مرد اور 4خواتین گرفتار ہوئے، متعلقہ اداروں نے دیگر قانونی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال فروری میں کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمود آباد سے اغوا کیے گئے بچے کو بازیاب کرایا تھا۔ ملک میں بچوں کے اغوا کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

    کراچی: شرافی گوٹھ پولیس نے محمود آباد سے اغوا کیا گیا بچہ بازیاب کرا لیا

    یاد رہے کہ گزشتہ سال سندھ حکومت نے بچوں کے خلاف مختلف جرائم جیسے اغوا، گم شدگی اور زیادتی کے بڑھتے واقعات کے پیشِ نظر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کی، محکمہ سماجی بہبود کے تحت قائم کردہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی جس میں بچوں سے متعلق مختلف شکایات لی جائیں گی، ہیلپ لائن کا مرکزی دفتر کراچی میں ہوگا۔

  • راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا، اسلحے سے بھری گاڑیاں پکڑی گئیں

    راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا، اسلحے سے بھری گاڑیاں پکڑی گئیں

    راولپنڈی: پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی کو بڑی تباہی سے بچا لیا، اسلحے سے بھری دو گاڑیاں پکڑی گئیں، اسلحہ مختلف شہروں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں صدر ڈویژن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحے سے بھری گاڑیاں پکڑ لیں جبکہ چونترہ پولیس نے اسلحے سے بھری دونوں گاڑیاں قبضے میں لے لی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 ملزمان گرفتار بھی ہوئے، گاڑیوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ گاڑیوں سے 36پستول، 3کلاشنکوف اور ایک رائفل برآمد ہوئی۔

    کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

    پولیس نے بتایا کہ گاڑیوں سے بڑی تعداد میں دھماکاخیز مواد اور میگزین بھی شامل ہے، اسلحہ مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ اس اہم کارروائی سے ملک بڑی تباہی سے بچ گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 مطلوب دہشت گرد گرفتار کیے تھے۔

  • سعودی عرب میں 13 پاکستانی کیوں گرفتار ہوئے؟

    سعودی عرب میں 13 پاکستانی کیوں گرفتار ہوئے؟

    ریاض: سعودی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث 13 افراد پر مشتمل پاکستانی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار پاکستانی نقدی، قیمتی اشیاء یا پھر موبائل نہیں بلکہ مبینہ طور پر بھیڑیں چوری کیا کرتے تھے۔ پولیس نے سعودی شہر قصیم میں کارروائی کرتے ہوئے 13 پاکستانیوں کو گرفتار کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق قصیم ریجن کی پولیس املاک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کی تلاش کررہی تھی کہ اسی دوران پتا چلا کہ 13 پاکستانیوں پر مشتمل ایک گروہ بھی چوری میں ملوث ہے، بعد ازاں کامیاب کارروائی میں ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی عمریں تیس سے چالیس کے درمیان ہیں۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران چوروں نے 400 سے زائد بھیڑیں چوری کرنے کا اعتراف کیا۔

    سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    دوسری جانب پولیس نے سعودی شہر مدینہ اور جازان میں غیر اخلاقی لباس پہن کر عوامی مقامات پر گھومنے والے 100 افراد کو گرفتار کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق جازان میلے میں سماجی تہذیب کے منافی غیر اخلاقی لباس پہن کر آنے والے 33 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ زیر حراست نوجوان مختلف اوقات میں عوامی مقامات پر نازیبا لباس پہن کر گھوم رہے تھے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں وژن 2030 تک تحت جہاں مختلف شعبوں میں اصلاحات اور سعودائزیشن کا سلسلہ جاری ہیں وہیں چوری ڈکیٹی سمیت دیگر جرائم کے قوانین بھی سخت کیے جارہے ہیں۔

  • سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں نازیبا لباس پہننے سمیت دیگر غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حکام نے مدینہ اور جازان میں غیر اخلاقی لباس پہن کر عوامی مقامات پر گھومنے والے 100 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق جازان میلے میں سماجی تہذیب کے منافی غیر اخلاقی لباس پہن کر آنے والے 33 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ زیر حراست نوجوان مختلف اوقات میں عوامی مقامات پر نازیبا لباس پہن کر گھوم رہے تھے۔

    ان میں سے بعض دیواروں اور بسوں پر اخلاق سوز جملے تحریر کرتے ہوئے بھی پائے گئے جبکہ کئی نوجوانوں کو پارکوں اور چوراہوں پر الاؤ روشن کرنے اور کئی کو معذوروں اور بوڑھوں کی نشستوں پر بیٹھنے اور معذوروں اور بوڑھوں کو جگہ نہ دینے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    مدینہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں 2 ہفتوں کے دوران سماجی تہذیب کی خلاف ورزیوں پر 67 ا فراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    سعودی پولیس مملکت میں سماجی تہذیب (الذوق العام) کی خلاف ورزیوں پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پبلک مقامات پر بغیر اجازت لٹریچر تقسیم کرنے، آبادی میں اونچی آواز سے موسیقی سننے اور اذان کے وقت گانے سننے پر نوجوانوں کو پکڑا گیا ہے۔

    مذکورہ گرفتاریاں مقامی شہریوں کی شکایات پر کی گئی ہیں۔ پولیس نے شکایت ملنے پر حقیقت حال دریافت کر کے قصور واروں کو مقررہ سزا بھی دلا دی ہے۔

  • 8 سالہ بیٹے کے قتل میں پولیس افسر گرفتار

    8 سالہ بیٹے کے قتل میں پولیس افسر گرفتار

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں ایک پولیس افسر کا 8 سالہ بچہ گھر کے گیراج میں مردہ پایا گیا جس کے بعد پولیس افسر کو گرفتار کرلیا گیا۔

    نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر شہر کی ٹرانزٹ پولیس کا اہلکار ہے اور اسے اس کی منگیتر کے ہمراہ گرفتار کیا گیا ہے، ان پر الزام ہے کہ دونوں نے افسر کے 8 سالہ بیٹے کو قتل کردیا ہے۔

    40 سالہ مائیکل اور 42 سالہ انجیلا نے 8 سالہ تھامس کو رات بھر کے لیے گیراج میں چھوڑ دیا تھا جہاں حرارت کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ صبح مائیکل نے بیٹے کو بے حس و حرکت دیکھا تو پولیس کو مدد کے لیے بلایا، پولیس وہاں پہنچی تو مائیکل بیٹے کو ہوش میں لانے کی کوشش کر رہا تھا۔

    بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچے کے سر اور چہرے پر چوٹ کے نشانات بھی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر جوڑے نے غفلت برتتے ہوئے بچے کو گیراج میں چھوڑا۔ فی الحال دونوں پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تاہم دونوں پولیس کی حراست میں ہیں۔

    دونوں کے وکلا کا کہنا ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا اور اسے بلاوجہ جوڑے کے سر تھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    8 سالہ تھامس کے علاوہ مائیکل کے 2 اور انجیلا کے 2 بچے بھی جوڑے کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تھامس اور اس کا بڑا بھائی کم خوراکی کا شکار تھے اور ممکن ہے کہ تھامس کو سزا کے طور پر گیراج میں بند کیا گیا ہو۔

    واقعے کے بعد دیگر بچوں کو یہاں سے منتقل کردیا گیا ہے۔ جوڑے کے خلاف اس سے پہلے بھی بچوں کے ساتھ غفلت برتنے کی شکایت درج کروائی گئی تھی۔

  • کراچی پولیس کی بڑی کارروائی، اسٹریٹ کرمنل گروہ گرفتار

    کراچی پولیس کی بڑی کارروائی، اسٹریٹ کرمنل گروہ گرفتار

    کراچی: شہرقائد میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث متحرک گروہ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کئی شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور قیمتی اشیاء چھین چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6رکنی اسٹریٹ کرمنل گروہ گرفتار کیا، گرفتار گروہ 50 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کی وارداتوں کی کئی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہیں۔ ملزمان سے اسلحہ، چوری شدہ موبائل فونز اور نقدی سمیت 3 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سلیم، سہیل، علی نواز، شکیل احمد، عظیم اور وسیم شامل ہیں۔ ملزمان گلشن، گلستان جوہر، شارع فیصل، مبینہ ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں وارداتیں کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ شہرقائد میں اسٹریٹ کرمنل سرگرم ہوچکے ہیں، شہری دن دہاڑے اپنی قیمتی اشیاء، نقدی اور موبائل فون سے محروم ہوجاتے ہیں، کئی بار تو ڈاکو موٹر بائیک بھی ساتھ لے جاتے ہیں۔

  • کراچی میں کچرا کنڈی سے بچے کی لاش برآمد

    کراچی میں کچرا کنڈی سے بچے کی لاش برآمد

    کراچی: شہرقائد میں کچرا کنڈی سے بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلوچ ہوٹل کے قریب کچرا کنڈی سے بچے کی لاش ملی ہے، لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا، پولیس نے معاملے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے بچے کی لاش کی شناخت یقینی بنائی جائے گی۔ متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کردی۔ خیال رہے کہ کچرا کنڈی سے نومولود بچوں کی لاشیں ملنا کوئی نئی بات نہیں اس سے قبل بھی متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ کبھی کبھار تو بچے زندہ حالت میں بھی پائے گئے۔

    گزشتہ سال دسمبر میں سرجانی ٹاؤن سیون بی میدان سے بوری میں بند خاتون کی سر کٹی لاش برآمد ہوئی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ کو کسی اور مقام پر قتل کرنے کے بعد لاش مذکورہ مقام پر پھینکی گئی۔

    کچرا کنڈی سے خاتون کی سر کٹی بوری بند لاش برآمد

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ خاتون کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر شناخت کے لیے اسپتال منتقل کی، پولیس نے بتایا کہ خاتون کا سر کاٹ کر لاش بوری میں بند کر کے پھینکی گئی، قتل کسی اور جگہ کیا گیا۔

  • اسلام آباد پولیس کا شہریوں کے لیے ایک اور تحفہ

    اسلام آباد پولیس کا شہریوں کے لیے ایک اور تحفہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کو شہریوں کی فوری شناخت کے لیے فنگر پرنٹ ٹیکنالوجی فراہم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد عامر ذوالفقار کی خصوصی ہدایت پر پولیس ناکوں کے لیے جدید سافٹ ویئر تیار کرلیا گیا، پولیس اصلاحات کے تحت ناکوں پر فنگر پرنٹ سافٹ ویئر متعارف کروا دیا گیا۔

    عامر ذوالفقار کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک نظام کی مدد سے ہر شہری کا ریکارڈ ناکوں پر میسر ہوگا، پولیس کو تصدیق کے لیے کسی شخص کو تھانے لے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ناکے کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے حال ہی میں یونیفارم پر لگے کیمروں کا استعمال بھی شروع کردیا ہے۔ یہ کیمرے ناکے پر تعینات پولیس اہلکاروں نے مکمل ٹریننگ کے بعد استعمال کرنے شروع کیے ہیں۔

    اہلکاروں کی وردی پر نصب شدہ ویڈیو کیمرے اندھیرے میں بھی ویڈیو بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ یہ کیمرے شہریوں اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والی گفتگو ریکارڈ کریں گے۔

  • کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق

    کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائرنگ کے تین واقعات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، واقعات عائشہ منزل، لانڈھی اور نیوکراچی میں پیش آئے۔

    شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل پر دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوا۔ لانڈھی یونس چورنگی پر فائرنگ سے خاتون سمیت2 افراد جاں بحق ہوئے۔ نیوکراچی لاسی گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    کراچی: قیوم آباد کے قریب فائرنگ، حساس ادارے کا ریٹائرڈ افسر جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں قیوم آباد کے قریب کار میں سوار شخص سڑک کنارے کھڑے ٹھیلے والے سے فروٹ خرید رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مشتاق خان جاں بحق اور فروٹ والا زخمی ہوگئے۔

    ایس اپیس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق کار سوار مشتاق خان ولد گل رحمن ڈیفنس فیز 2 میں ایک نجی اسکول ایچی سن ماڈل اسکول کے مالک تھے۔

  • اے ٹی ایم مشین سے پونے 3 لاکھ روپے چوری

    اے ٹی ایم مشین سے پونے 3 لاکھ روپے چوری

    دنیا بھر میں اب تک اے ٹی ایم مشینوں کو توڑ کر ان سے رقم نکالنے کے واقعات تو سامنے آتے رہے ہیں، تاہم بھارت میں اے ٹی ایم کو کھول کر اندر سے ایک خطیر رقم چرا لی گئی۔

    یہ واقعہ بھارتی شہر پونا میں پیش آیا جہاں ایک اے ٹی ایم مشین سے 2 لاکھ 88 ہزار روپے نکال لیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں انتظامیہ کا ہی کوئی شخص ملوث ہوسکتا ہے کیونکہ اے ٹی ایم کو توڑا نہیں گیا بلکہ 18 ہندسوں کا کوڈ ڈال کر اسے باقاعدہ کھولا گیا ہے۔

    چوری کی یہ واردات اس سامنے آئی جب ایک شخص اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے گیا اور مشین میں نقد رقم نہ پا کر اس نے بینک افسران کو اس کی اطلاع دی۔

    بینک افسران نے اے ٹی ایم کو کھولا تو اس کے اندر کی 3 پلیٹس خالی تھیں، حساب کتاب کے بعد علم ہوا کہ اے ٹی ایم سے پونے 3 لاکھ روپے غائب ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم اور اس کے بعد مشین کی تجوری کو پاسورڈ کے ذریعے کھولا جاسکتا ہے جو اے ٹی ایم کا انتظام سنبھالنے والی ایجنسی کے اہلکاروں کو دیا جاتا ہے، واردات ممکنہ طور پر انہی میں سے کسی نے کی ہے۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے۔