Tag: پولیس

  • کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے اسحاق آباد کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان اور امام مسجد سمیت 15 افراد جان کی بازی ہار گئے، دھماکا مغرب کی نماز کے دوران ہوا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرد یا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    وزیراعظم کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    آرمی چیف کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے انہوں نے ہدایت کی کہ امدادی کاموں میں پولیس، سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کیا جائے۔

    وزیرخارجہ کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کوئٹہ میں دھماکے اور جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہیں امن کا گہوارہ ہیں، نشانہ بنانے والے انسان دشمن ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دیں، کوئٹہ میں دھماکا امن و امان کو تباہ کرنے کی سازش ہے، عدم استحکام کی کوشش کرنے والے عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پوری قوم قانون نافذ کرنے والوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دیرپا امن کے قیام کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔

    کوئٹہ؛ دھماکے میں 2 افراد جاں‌ بحق، متعدد زخمی

    یاد رہے کہ تین روز قبل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں میکانگی روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • حیدرآباد:  گھر میں گیس لیکیج سے 4 افراد جاں بحق

    حیدرآباد: گھر میں گیس لیکیج سے 4 افراد جاں بحق

    حیدرآباد: صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد 12 میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 2 بچے شامل ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق لواحقین نے صبح اہل خانہ کے نہ اٹھنے پر کمرے کا دروازہ توڑا تو کمرے میں دھواں بھرا ہوا تھا، افسوس ناک واقعے میں وقار اور ان کی اہلیہ سمیت 2 بچے جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں کو بھٹائی اسپتال لایا گیا ہے جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔

    کوئٹہ، گھر میں گیس لیکیج سے 5 افراد جاں بحق

    کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر گزشتہ روز گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں کوئٹہ کے علاقے کلی شاہ زمان میں کمرے میں گیس بھرنے سے دم گھٹنے کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • ٹرین سے شیرخوار بچہ اغوا

    ٹرین سے شیرخوار بچہ اغوا

    نئی دہلی: بھارت میں گزشتہ ماہ اغوا کیا جانے والا شیر خوار بچہ پولیس نے بازیاب کرکے خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس نے گزشتہ ماہ اغوا کیے جانے والے کمسن بچے کو بازیاب کرتے ہوئے اغوا کار میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی پولیس نے بتایا کہ خاتون اور اس کے شوہر کو حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا، دونوں گوا جا رہے تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ راجکماری نامی خاتون نے 25 دسمبر کو حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن سے اپنی 4 سالہ بیٹی اور 2 ماہ کے بچے کے ہمراہ مہاکوشل ایکسپریس سے سفر کرنا تھا۔

    پولیس کے مطابق راجکماری نے ٹرین میں سامان رکھنے کے لیے اپنے دو ماہ کے بچے کو کویتا نامی خاتون کو دیا اور جیسے ہی انہوں نے پیچھے دیکھا تو خاتون بچے کو لے کر غائب ہوگئی تھی۔

    بعدازاں ریلوے اسٹیشن پر خاتون کو تلاش کرنے میں ناکامی کے بعد راجکماری حضرت نظام الدین ریلوے پولیس اسٹیشن پہنچی اور بچے کو اغوا کرنے کی ایف آئی آر درج کی۔

    پولیس نے ریلوے اسٹیشن پر لگے کیمرے کی فوٹیج سے خاتون کا پتہ لگایا اور اسے شوہر سمیت گرفتار کرلیا۔

  • راولپنڈی میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید، حملہ آور ہلاک

    راولپنڈی میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید، حملہ آور ہلاک

    راولپنڈی: صدر میٹرو اسٹیشن کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا۔

    پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کینٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ناکہ بندی کے دوران تلاشی کے غرض سے موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس اہلکار پر گولیاں چلادیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے دو اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ گولیاں چلنے کی آواز پر ڈولفن اسکواڈ کے اہلکار بھی پہنچ گئے جنہیں دیکھ پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اور راہ گیر خاتون زخمی ہوگئے۔

    میتوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کردیا گیا جہاں شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل علی اور کانسٹیبل سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

    فائرنگ سے ڈولفن اہلکار حسن زخمی ہوا جب کہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ملزم کی شناخت آفتاب کے نام سےہوئی جو قصورکارہائشی ہے۔

  • بھارت میں ریلوے ٹریک سے کٹا ہوا سر برآمد

    بھارت میں ریلوے ٹریک سے کٹا ہوا سر برآمد

    ممبئی: ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ مضافاتی علاقے سے عورت کا ڈھر ملنے کے 5 دن بعد ریلوے ٹریک کے قریب سے ایک کٹا ہوا سر برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی کے مضافاتی علاقے سے عورت کی سرکٹی لاش برآمد ہونے کے 5 دن بعد ریلوے ٹریک سے ایک کٹا ہوا سر ملا ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ کٹا ہوا سر عورت کا ہوسکتا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ریلوے ٹریک سے ملنے والے سر کو راجوادی اسپتال میں تفتیش کے لیے بھیج دیا گیا ہے، ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوسکے گا کہ یہ سر اسی خاتون کا ہے کہ نہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ایک مرد اور ایک لڑکی کی لاش بھی پولیس کو ملی تھی۔ پولیس نے ان دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں بھارت کی ریاست اڑیسہ میں ٹرین کے ٹویلٹ سے ایک خاتون کی سرکٹی لاش ملی تھی، خاتون کے شدید زخمی سر کو بھی کچھ فاصلے سے برآمد کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کو بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا، 40 سالہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں بہتری کے اقدامات

    وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں بہتری کے اقدامات

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پولیس اور تھانوں میں بہتری کے لیے پنجاب پولیس نے اقدامات شروع کردیے، صوبے کے تمام تھانوں میں فرنٹ ڈیسکس اور کمپلینٹ سینٹرز قائم کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پولیس اور تھانوں میں بہتری کے لیے پنجاب پولیس نے اقدامات شروع کردیے، صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس کی تعیناتی شروع کردی گئی۔

    عوامی شکایات کے ازالے کے لیے آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 8787 بھی قائم کردیا گیا۔

    پنجاب پولیس کی جانب سے صوبے کے تمام 716 تھانوں میں فرنٹ ڈیسکس بھی قائم کردی گئی ہیں۔ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ایک چھت تلے خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

    وزیر اعظم کی ہدایات کے پیش نظر میڈیکو لیگل سرٹیفیکیٹس کے جلد اجرا کے لیےڈی ایچ کیو اسپتالوں میں خدمت کاؤنٹرز بھی قائم کیے جارہے ہیں۔

    علاوہ ازیں تمام ریجنل پولیس آفیسرز (آر پی اوز) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز) کی جانب سے اوپن ڈور پالیسی کا نفاذ اور کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب میں ڈاکوؤں کا انجام کیا ہوا؟

    سعودی عرب میں ڈاکوؤں کا انجام کیا ہوا؟

    ریاض: سعودی عرب میں ڈاکہ ڈالنا مہنگا پڑگیا، متحرک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان سعودی عرب میں مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں، دونوں گرفتار افراد گھروں کے تالے توڑ کر قیمتی اشیاء، زیورات، اور نقدی لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے 7 وارداتوں کا اعتراف کیا، تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمان درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں بھی ڈکیتیاں کیں۔

    گرفتار افراد نے زیادہ تروارداتیں سعودی دارالحکومت ریاض میں کیں۔ ریاض پولیس کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ملزمان دھر لیے گئے۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر مزید افراد کی فہرست تیار کرلی ہے جو اس قسم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے الاسکان، الوزارات، الصحافہ، الحمراء اور غرناطہ محلوں میں سات وارداتیں کیں ہیں۔ مسروقہ اشیا کی قیمت 9 لاکھ ریال تک ہے۔

    ریاض میں چوری کی وارداتوں سے نمٹنے کے لیے پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے۔

  • نئی نویلی دلہن کی موت کیسے ہوئی؟ بھائی نے بتا دیا

    نئی نویلی دلہن کی موت کیسے ہوئی؟ بھائی نے بتا دیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جاں بحق ہونے والی نئی نویلی دلہن کے بھائی کا کہنا ہے کہ سسرالیوں کے تشدد کی وجہ سے اس کی بہن کی موت واقع ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں دو روز قبل جاں بحق ہونے والی دلہن سویرا کے بھائی سلمان کا کہنا ہے کہ بہن کی موت سسرالیوں کی جانب سے کیے جانے والے تشدد کی وجہ سے ہوئی۔

    سلمان نے بتایا کہ بارات کے اگلے روز جب ناشتہ لے کر سویرا کے گھر گئے تو سویرا کو اس کے سسرال والے اسپتال لے جا رہے تھے اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے بتایا کہ سویرا جاں بحق ہوچکی ہے۔

    لاہور میں ایک دن کی دلہن کی لاش برآمد

    سویرا کے بھائی سلمان کے مطابق نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے کہا کہ لاش کو لے کر سرکاری اسپتال چلے جائیں، یہ پولیس کیس ہے۔

    سویرا کے لواحقین کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ شوہر اور اس کے سسرالیوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کا شوہر آصف خود بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    دوسری جانب ملزم کے لواحقین نے دعویٰ کیا ہے کہ کمرے میں کوئلے کی انگیٹھی رکھی گئی تھی جو لڑکی کی موت کی وجہ بنی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

  • سال 2019: پختونخواہ میں دہشت گردی اور جرائم میں کمی

    سال 2019: پختونخواہ میں دہشت گردی اور جرائم میں کمی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سال 2019 دہشت گردی کے حوالے سے گزشتہ سالوں کی نسبت بہتر رہا، پولیس حکام کا عزم ہے کہ صوبے میں پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ چھوٹے موٹے جرائم پر بھی قابو پایا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی اور دیگر جرائم کے حوالے سے سال 2019 گزشتہ 10 سالوں کی نسبت بہتر رہا۔

    رواں سال صوبے میں دہشت گردی کے چھوٹے بڑے 79 واقعات رپورٹ ہوئے۔ 28 فروری کو پشاور حیات آباد میں جسٹس ایوب خان کے قافلے کو مسلح دہشت گردوں نے ٹارگٹ کیا گیا جس وہ معمولی زخمی ہوئے۔

    16 اپریل کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں اہم آپریشن کیا گیا جس میں مبینہ 5 دہشت گرد فورسز کے ساتھ براہ راست مقابلے پر رہے، آپریشن 17 گھنٹوں تک جاری رہا جس میں فورسز کو اہم کامیابیاں ملی۔

    16 دسمبر کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر رکشے میں دھماکے سے 11 افراد زخمی ہوئے۔

    صوبے کے جنوبی اضلاع میں جاری دہشت گردی کے پیش نظر پولیس اور انٹیلی جنس کے اہم آپریشنز کیے گئے جس میں ہائی پروفائل دہشتگرد نیٹ ورک کا قلعہ قمع کیا گیا۔

    پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال خیبر پختونخواہ میں قتل کے 2 ہزار 332 جبکہ اغوا برائے تاوان کے 11 واقعات درج ہوئے جو گزشتہ سال کی نسبت انتہائی کم ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی جرائم کے واقعات میں کمی رہی۔

    پولیس فورس نے عوام سے رابطے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے۔ رواں برس پولیس فورس کے لیے اسٹریٹ کرائم اور آئس کا نشہ بھی در سر بنا رہا۔

    پولیس کے مطابق آنے والے سال میں عوام کو بہتر پولیسنگ فراہم کرنے، اور ہر قسم کے جرائم پر قابو پانے کے لیے ڈیجیٹل لاز انفرااسٹرکچر پر کام میں تیزی لائی جارہی ہے۔

  • پی آئی سی واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، راجہ بشارت

    پی آئی سی واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، راجہ بشارت

    لاہور: وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ پی آئی سی واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے پی آئی سی واقعے پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی پر وکلا کے حملے کا نوٹس لے رکھا ہے۔

    راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 4، 4 ممبران پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی، وزیراعلیٰ کی تشکیل کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے سفارشات بنائی ہیں۔

    وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پولیس نے وکلاء کو 7 کلومیٹر تک کیوں نہیں روکا، معاملے کو دیکھ رہے ہیں، غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے، معاملہ ہائی کورٹ میں ہونے کے باعث رپورٹ پبلک نہیں کرسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، واقعے کی تشہیر سے 2 طبقات میں تصادم کو دیکھایا گیا، ہم ڈاکٹراور وکلاء کے درمیان تاثر کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

    وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے ملزمان کے خلاف کارروائی کے ساتھ انتظامیہ کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 11 دسمبر کو لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( پی آئی سی) میں وکلا نے ہنگامہ آرائی کرکے اسپتال کے اندر توڑ پھوڑ کی تھی جس کے باعث طبی امداد نہ ملنے سے تین مریض جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔