Tag: پولیس

  • کندھ کوٹ میں 2 گروپوں میں فائرنگ، 5 افراد جاں بحق

    کندھ کوٹ میں 2 گروپوں میں فائرنگ، 5 افراد جاں بحق

    کندھ کوٹ: صوبہ سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں 2 گروپوں میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ کے نواحی علاقے غوث پور کے کچے کے علاقے میں لولائی اور جاگیرانی قبائل میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    فائرنگ کے واقعے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے موقع واردات پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو جائے وقوعہ سے اسپتال منتقل کیا جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں حرمت خاتون لولائی، بیگی خاتون لولائی، جاگن لولائی، لکہن لولائی اور عبدالقدوس شامل ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کندھ کوٹ کے کچے کےعلاقے میں 2 گروپوں میں تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اورضلعی انتظامیہ کو فوری متحرک ہونے کی ہدایت کر دی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ تصادم میں جانی نقصان کی اطلاع پر افسوس ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اقدام کرے، اسلحہ اٹھا کر خود اپنے جھگڑوں کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی دونوں قبائل کے 7 افراد پہلے بھی دیرینہ دشمنی کے شکار ہوچکے ہیں۔

    ٹھٹھہ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 6 اکتوبر کو صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کی درگاہ ستیوں کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے رکشے پر فائرنگ کر کے 2 افراد نور محمد اور رمضان کو قتل کردیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق مقتولین کا تعلق شہداد کوٹ سے تھا۔

  • ہالینڈ میں چاقو بردار شخص کا حملہ، 3 افراد زخمی

    ہالینڈ میں چاقو بردار شخص کا حملہ، 3 افراد زخمی

    ہیگ: برطانیہ کے بعد ہالینڈ کے شہر ہیگ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، چاقو زنی کا واقعہ شہر کی ایک بڑی مارکیٹ میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کے شہر ہیگ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، حملہ آور نے خریداری کے لیے مشہور شاہراہ پر موجود افراد پر حملہ کیا۔ واقعے کے بعد شہریوں میں افراتفری مچ گئی اور وہ جان بچانے کے لیے ِادھر اُدھر بھاگنے لگے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس کو سرمئی رنگ کے لباس میں ملبوس 45 سے 50 سالہ شخص کی تلاش ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ حملے میں ملوث ہوسکتا ہے، حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین سے واقعے سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔

    لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    اس سے قبل برطانوی دارالحکومت کے علاقے لندن برج کے قریب دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک چاقو بردار شخص نے لوگوں پر حملہ کردیا تاہم پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح شخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے بعد لندن برج اور اطراف کی سڑکوں کو کچھ دیر کے لیے بند کردیا گیا تھا جبکہ برج میٹرو اسٹیشن بھی بند کردیا گیا تھا۔

  • راولپنڈی میں پولیس کی فائرنگ، سابق کونسلر جاں بحق

    راولپنڈی میں پولیس کی فائرنگ، سابق کونسلر جاں بحق

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پولیس کی فائرنگ سے کار میں سوار سابق کونسلر وحید انجم جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں ناکے پر پولیس کی فائرنگ سے کار میں سوار وحید انجم نامی شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق بنک چوک کنوہا میں مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، ڈرائیور نے رکنے کی بجائے رفتار بڑھا کر اہلکار کو ٹکر ماری اور گھسیٹا، ناکے پر موجود اہلکاروں کی فائرنگ سے کار ڈرائیور جاں بحق ہوا۔

    پولیس نے فائرنگ سے جاں بحق سابق کونسلر کے خلاف ہی مقدمہ درج کرلیا۔ ایس پی صدر مظہر اقبال کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے تھانہ کلر سیداں کا گھیراؤ کرلیا، مظاہرین کا موقف ہے کہ کار پر فائرنگ کے نشان تک نہیں ہیں، پولیس نے کار سے نکال کرقتل کیا۔ تھانہ کلر سیداں کے 5 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے 2 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    کراچی پولیس فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے قریب پولیس کی ایک گاڑی پر فائرنگ سے شہری نبیل ہود بائے جاں بحق جب کہ ایک شہری رضا امام زخمی ہو گیا تھا۔

    ایس ایس پی جنوبی کا کہنا تھا کہ گذری پولیس کے اہل کار گاڑی کا پیچھا کرتے کینٹ اسٹیشن کے قریب پہنچے اور گاڑی پارک ہونے کے بعد فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں ملوث تین اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

  • معذور خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    معذور خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے نجی اسپتال میں داخل معذور خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے والے وارڈ بوائے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں داخل معذور خاتون کے ساتھ وارڈ بوائے نے زیادتی کی کوشش کی متاثرہ خاتون کے شوہر نے کہا کہ اہلیہ کو گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر داخل کرایا تھا۔

    متاثرہ خاتون کے شوہر نے بتایا کہ صبح اسپتال آنے پر اہلیہ کو روتا پایا تو پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم وارڈ بوائے کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

    کراچی، سرکاری اسپتال میں زیر علاج 26 سالہ مریضہ زیادتی کے بعد قتل

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کےسرکاری اسپتال میں جاں بحق ہونے والی 26 سالہ عصمت نامی خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ اُس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ شواہد سامنے آئے تھے کہ جنسی زیادتی کے بعد مریضہ کو زہر کا ٹیکہ لگایا گیا جو اُس کی موت کا باعث بنا۔

  • سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    چنیوٹ: پنجاب میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سے بارودی مواد برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورسز کی جانب سے یہ اہم کارروائی شہر چنیوٹ کے علاقے جھنگ روڈبائی پاس کے قریب عمل میں آئی، سی ٹی ڈی نے خالد ضیا نامی کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دہشت گرد سے 2دستی بم، بارودی سامان اور ممنوعہ لٹریچر برآمد ہوئے، ساہیوال کا رہائشی خالدضیا لشکرجھنگوی سے تعلق رکھتا ہے، خالدضیا بڑی کارروائی کے لیے یہاں آیا تھا۔

    دہشت گرد کے خلاف دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مچھر کالونی سے گرفتار ہونے والے ملزم طفیل نے گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑنے کا اعتراف کیا تھا، ملزم طفیل کے مطابق اس نے مارچ 2019 میں ساتھیوں کے ہمراہ گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑا، اور کمپلیکس سے 3 ایس ایم جی رائفل لے کر فرار ہوئے۔

    گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑنے والا ملزم سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار

    جبکہ دو روز قبل سی ٹی ڈی اہل کاروں نے ڈیرہ غازی خان میں چھاپا مار کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار کر لیے تھے، چھاپا دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہونے پر مارا گیا تھا، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ ہند سے ہے۔

  • کراچی پولیس فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق، زخمی شہری کا ابتدائی بیان ریکارڈ

    کراچی پولیس فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق، زخمی شہری کا ابتدائی بیان ریکارڈ

    کراچی: شہر قائد میں پولیس کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے، کینٹ اسٹیشن میں ایک گاڑی پر پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے قریب پولیس کی ایک گاڑی پر فائرنگ سے شہری نبیل ہود بائے جاں بحق جب کہ ایک شہری رضا امام زخمی ہو گیا ہے۔

    ایس ایس پی جنوبی کا کہنا ہے کہ گذری پولیس کے اہل کار گاڑی کا پیچھا کرتے کینٹ اسٹیشن کے قریب پہنچے اور گاڑی پارک ہونے کے بعد فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں ملوث تین اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    تفتیشی ٹیم جائے وقوع پر فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے، فائرنگ کی جگہ پر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے، جب کہ اطراف میں موجود چوکیداروں کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں، دوسری طرف فائرنگ کے واقعے میں متاثرہ گاڑی تھانے منتقل کر دی گئی ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے کہا ہے کہ واقعے کی تفتیش کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ رائے اعجاز ٹیم کی سربراہی کریں گے، ایس ایس پی ساؤتھ اور ڈی ایس پی فریئر تفتیشی ٹیم میں شامل ہوں گے، سی سی ٹی وی کیمروں سے ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے، ملوث سب انسپکٹر اور 2 ہیڈ کانسٹیبلز حراست میں ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پولیس کی فائرنگ سے کم سن بچے کی ہلاکت کا معاملہ، آئی جی سندھ نے معافی مانگ لی

    پولیس فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری رضا امام نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا، پولیس کے مطابق جاں بحق شہری رضا امام کا دوست تھا، دونوں نے گزری کھڈا مارکیٹ کے قریب کھانا کھایا، جب یہاں سے روانہ ہوئے تو پولیس نے پیچھا کیا، معلوم نہیں تھا کے پولیس پیچھے ہے۔

    زخمی شہری کے بیان کے مطابق ابھی پتا چلا کہ پولیس راستے میں بھی فائرنگ کر رہی تھی، کینٹ اسٹیشن کے قریب گاڑی روکی تو فائرنگ کر دی گئی، میں اور میرا دوست امپورٹ ایکسپورٹ کا کام کرتے ہیں، پولیس کیوں پیچھے لگی ہمیں نہیں معلوم۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص رضا امام کا بیان لے کر مزید تفتیش کی جاری ہے، زخمی کو دائیں بازو پر گولی لگی، حالت خطرے سے باہر ہے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے، ممکنہ طور پر جاں بحق اور زخمی شخص کو ایک ہی گولی لگی، متاثرہ شہریوں کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا ہے، ان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • مدرسے میں بچے سے زیادتی: تفتیشی افسر معطل، دیگر افسران کو نوٹس جاری

    مدرسے میں بچے سے زیادتی: تفتیشی افسر معطل، دیگر افسران کو نوٹس جاری

    اسلام آباد: بھارہ کہو کے مدرسے میں بچے سے زیادتی کے کیس میں عدالت کی جانب سے اظہار برہمی کے بعد تفتیشی افسر کو معطل جبکہ دیگر پولیس افسران کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارہ کہو میں بچے سے بدفعلی کے واقعے کی ناقص تفتیش پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ آئی جی نے تفتیشی افسر کو معطل کردیا جبکہ تفتیش میں غفلت برتنے پر انکوائری شروع کردی گئی۔

    ناقص تفتیش اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او بھارہ کہو کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا، جبکہ لاپرواہی پر ایس پی سٹی زون اور ایس ڈی پی او بھارہ کہو کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کو ناقص تفتیش پر مذکورہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ زیادتی کے واقعات کی تفتیش کا نیا ایس او پی جاری کر دیا ہے۔ اب ڈی آئی جی آپریشنز زیادتی کیس کی تفتیش کی خود نگرانی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایس پی انویسٹی گیشن مصطفیٰ تنویر کی زیر نگرانی خصوصی تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ٹیم تفتیش کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کرے گی۔

    خیال رہے کہ مذکورہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے درست تفتیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ عدالت نے سوال کیا تو تفتیشی افسر نے کہا مدعی سے پوچھ لیں، مدعی نے ہی بتانا ہے تو پولیس کیا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ تفتیشی افسر کو بچے سے جنسی زیادتی کیس کی دفعات کا علم نہیں۔ عدالت کو بتائیں آپ نے کیا تفتیش کی؟ بچوں کو قرآن کی تعلیم دینے کی جگہ پر ایک بچے کے ساتھ بدفعلی کی گئی۔

    چیف جسٹس نے کہا تھا کہ جس معاشرے میں بچوں کی حفاظت نہ ہوسکے وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے، بچوں کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    عدالت نے مذکورہ کیس میں آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا جن کی جگہ ایڈیشنل آئی جی (اے آئی جی) عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ پولیس اس حساس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھے۔

    یاد رہے کہ بھارہ کہو کے مدرسے میں زیادتی کا واقعہ رواں برس 28 اگست کو پیش آیا۔ ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق واقعہ مدرسہ تحفیظ القرآن میں ہوا۔

    ایف آئی آر کے مطابق بچے کے والدین نے فوری طور پر مدرسے کے قاری ارشد کو بتایا لیکن اس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ملزم ذیشان خود بھی مدرسے میں زیر تعلیم ہے اور اس کی عمر 17 سال ہے، ملزم نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

  • پاکپتن میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق

    پاکپتن میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن روڈ پر تیز رفتار ٹرک اور بس میں تصادم ہوا، حادثے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی شکار بس قصور سے ملتان جا رہی تھی۔

    سیالکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئےتھے ، متوفیان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پسرور کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • ہوشیار! عمرے کے نام پر شہریوں سے فراڈ

    ہوشیار! عمرے کے نام پر شہریوں سے فراڈ

    سیالکوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے نام پر شہریوں سے فراڈ میں ملوث گینگ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے نام پر شہریوں سے فراڈ میں ملوث گینگ کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم عدنان عطاری نے سادہ لوح افراد سے عمرہ کے نام پر 63 کروڑ اینٹھے۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ سال ایف آئی نےعمرہ اسکینڈل میں 8 ہزار پاسپورٹ برآمد کیے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم عدنان عطاری گزشتہ سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔

    اسلام آباد: 80 عمرہ زائرین کے ساتھ فراڈ ہوگیا

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ کے لیے جانے والے 80 افراد کے ساتھ فراڈ ہوگیا تھا، ٹریول ایجنٹ نے پیسے لے کر ٹکٹیں جاری کیں لیکن سسٹم میں اندراج نہ کیا، پی آئی اے کا خالی جہاز سعودیہ روانہ ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سے پچھلے سال تقریباََ 15 لاکھ سے زائد لوگ عمرے کے لیے سعودی عرب گئے مگر ان میں سے بڑی تعداد نے ٹریول کمپنیوں کی طرف سے فراڈ اور طے شدہ سے کم سہولیات کی شکایت کی تھی۔

  • سندھ پولیس میں کروڑوں روپے کرپشن کیس، سابق اے آئی جی کی سزا معطل

    سندھ پولیس میں کروڑوں روپے کرپشن کیس، سابق اے آئی جی کی سزا معطل

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں محکمہ پولیس میں کروڑوں روپے فراڈ کے کیس سے متعلق سماعت ہوئی، عدالت نے سابق اے آئی جی تنویراحمدطاہر کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے سابق اے آئی جی تنویراحمدطاہر کی سزا کالعدم قرار دے دی جبکہ سابق اے آئی جی فداشاہ کو بری کرنے کے خلاف چیئرمین نیب کی اپیل مسترد کردی۔

    سندھ ہائیکورٹ میں تنویراحمدطاہر کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے سابق اے آئی جی تنویراحمدطاہر کی سزا کالعدم قرار دے کر بری کرنے کا حکم دے دیا۔

    جبکہ سابق اے آئی جی فداشاہ کو بری کرنے کے خلاف چیئرمین نیب کی اپیل مسترد ہوگئی، عدالت نے فداشاہ سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کو درست قرار دے دیا، خیال رہے کہ احتساب عدالت نے سابق اے آئی جی فداشاہ کو بری کردیا تھا۔

    محکمہ پولیس سندھ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا کیس سامنے آگیا

    احتساب عدالت نے تنویر احمد طاہر کو 10 سال قیدکی سزا سنائی تھی، دونوں افسران پر پیٹرول اور سی این جی کے جعلی بل بنانے کے الزامات تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں محکمہ داخلہ سندھ نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کروائی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سندھ پولیس کے 12 ہزار افسران اور اہلکار جرائم میں ملوث ہیں۔