Tag: پولیس

  • سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی

    سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی

    لاہور: ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی، دونوں شہروں کے درمیان موٹروے کا سفر 392 کلو میٹر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے نے بتایا کہ سکھر سے لاہور کا فاصلہ بذریعہ موٹروے 700کلو میٹر ہے، اور سکھر سے فیصل آباد 622کلومیٹر جبکہ اسلام آباد 930کلو میٹر ہے۔

    موٹروے پر سکھر سے پشاور کا سفر1085کلو میٹر ہے، سکھر سے ملتان ایم 4 اور ایم 5 پر فیول اسٹیشنز نہیں ہیں، گاڑی کی مکمل فلنگ کراکر سکھر سے ملتان کا سفر کیا جائے، موٹروے پولیس نے سفر سے متعلق خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

    ترجمان موٹروے نے ہدایت کی کہ سکھر سے ملتان کے سفر میں کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ رکھیں، شہری تیز رفتاری سے گریز اور رات کو فیملیز کے ہمراہ سفر نہ کریں، سکھر ملتان موٹروے کے کچھ حصوں پر کام جاری ہے۔

    خیال رہے کہ موجودہ حکومت مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ گزشتہ سال نومبر سے موٹروے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپ کا اجرا کیا جاچکا ہے۔

    موٹر وے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپ کا اجرا

    وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے موٹروے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپلی کیشن ہمسفر کا اجرا کیا، دوران سفر مسافروں کو ہر ممکن سہولت کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔

  • کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گزری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گزری میں نامعلوم کار سوار ملزمان کی فائرنگ سے اسحاق نامی شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق وزخمی کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ سے ہے، لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

    مقتول اسحاق کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایم ایل او ڈاکٹر کے مطابق مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر تیرہ گولیاں ماری گئیں، سر اور چہرے پر لگنے والی گولیاں وجہ موت بنیں۔

    آئی جی سندھ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کردیں۔

    پولیس کے مطابق واردات میں 3 سے 4 اقسام کا اسلحہ استعمال کیا گیا، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ مقتول کی تدفین قلع عبداللہ میں ہوگی۔

    کراچی، شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ، 15 سالہ لڑکا جاں بحق

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے لانڈھی میں شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا جاں بحق اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا تھا۔

  • جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار

    جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار

    مانسہرہ: جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ سے پہلے جے یوآئی(ف)کی پہلی بڑی گرفتاری عمل میں آئی، امیر جمعیت علمائے اسلام ف مانسہرہ مفتی کفایت اللہ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کو صبح ساڑھے 4بجے گرفتار کیا گیا، مانسہرہ اور اسلام آبادپولیس کی مشترکہ کارروائی میں یہ گرفتاری عمل میں آئی۔

    ذرائع کے مطابق مفتی کفایت اللہ کو نفرت انگیزتقریر اور اشتعال پھیلانے پر گرفتار کیا گیا، انہیں سینٹرل جیل ہری پور منتقل کردیا گیا ہے۔

    بھائی حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کو 3ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، وہ اس وقت سینٹرل جیل ہری پور میں موجود ہیں۔

    پیمرا کا سینیٹر حافظ حمداللہ سے متعلق تمام ٹی وی چینلز کو نوٹس

    یاد رہے کہ مفتی کفایت اللہ ستمبر 2015 میں بھی اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب گذشتہ روز نادرا نے جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمداللہ کی شہریت بھی منسوخ کر دی ہے اور پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ حمداللہ غیرملکی ہیں انہیں ٹاک شوز میں نہ بلایا جائے۔

  • آزادی مارچ؛  پولیس کےتمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

    آزادی مارچ؛ پولیس کےتمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

    کراچی: انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کلیم امام نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے تناظر میں سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق جےیوآئی (ف) کےآزادی مارچ کےتناظرمیں آئی جی سندھ کلیم امام نے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ آئی جی نے محکمہ پولیس کے تمام افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

    چھٹیاں منسوخی کے حوالے سے آئی جی سندھ نے باقاعدہ لیٹر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چھٹیوں پرجاے والےافسران واہلکار فوراًواپس رپورٹ کریں۔

    یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی ف ریڈ زون میں آزادی مارچ کو لیجانے کے مطالبے سے دستبردار

    لیٹر کے مطابق کسی بھی افسریااہلکارکی چھٹی کی درخواست ارسال نہ کی جائے اور آئندہ احکامات تک تمام ملازمین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

    واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر سے اسلام آباد کی جانب آزادی مارچ کا آغاز کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔ آزادی مارچ کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔

  • پولیس اہلکاروں سے دوبارہ حلف لینےکا فیصلہ

    پولیس اہلکاروں سے دوبارہ حلف لینےکا فیصلہ

    کراچی: پولیس نے وفاداری کاحلف لےکربھرتی ہونےوالےاہلکاروں سےدوبارہ حلف لینےکافیصلہ کیاہے ۔ اس سلسلے میں مرحلہ وار تمام تھانوں کو حلف نامے جاری کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس افسران کےمنظم جرائم کی سرپرستی میں ملوث ہونےپرنئی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ کراچی پولیس نےتھانیداروں سےحلف نامےلیناشروع کردیے ہیں۔

    پہلےمرحلے میں ایس ایس پی فیصل چاچڑ نےتھانیداروں کوحلف نامےجاری کیے ہیں جن سے گٹکا، منشیات، چائناکٹنگ، زمین پرقبضےمیں ملوث نہ ہونےکاعہدلیاجارہاہے۔

    ایس ایس پی فیصل چاچڑ نے اپنے ماتحت ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ لکھ کردیں کہ کسی غیرقانون کام کا حصہ نہیں ہیں، غیرقانونی کام کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او ذمہ دارہوگا۔

    ایس ایس پی نے متنبہ کیاہے کہ اگر کوئی افسرجرائم میں ملوث پایاگیاتونوکری سےفارغ کردیا جائے گا اور سرکاری ونجی سطح پربیٹررکھنےوالےتھانیداروں کےخلاف بھی کارروائی ہو گی۔

    یہ بھی پڑھیں: نئےکراچی پولیس چیف کا پولیس کی کالی بھیڑوں کیخلاف پہلا حکم

    یاد رہے کہ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے پولیس کی کالی بھیڑوں کی فہرست تیار کرنے کاحکم دیا تھا اور ہدایت کی تھی تمام متعلقہ افسران فوری طور پر فہرست بنا کر ارسال کریں۔

    کراچی پولیس چیف کی جانب سے ایسٹ،ویسٹ اورساؤتھ زون کےڈی آئی جیزکو خط لکھاگیا تھا جبکہ ڈی آئی جی سی آئی اے،ایس ایس پی محافظ فورس کوبھی خط ارسال کیا گیا۔خط میں ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ افسران فوری طورپرفہرست بناکرارسال کریں۔

    واضح رہے کہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر غلام نبی میمن کو کراچی پولیس چیف تعینات کیا گیا تھا۔

  • میکسیکو: منشیات فروشی کے گرد قانون کا گھیرا تنگ، سرغنہ کا بیٹا گرفتار

    میکسیکو: منشیات فروشی کے گرد قانون کا گھیرا تنگ، سرغنہ کا بیٹا گرفتار

    میکسیکوسٹی: میکسیکو میں منشیات فروشی کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے سرغنہ کا بیٹا بھی گرفتار کرلیا جس کے باعث علاقے میں کشیدگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو میں منشیات فروشوں کے گروہ کے سربراہ جوکوئین ال چیپو کے بیٹے کی گرفتاری کے بعد پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان زبردست فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرغنہ کے بیٹے کی گرفتاری کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی ہے، فائرنگ کے دوران متعدد گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو کی سیکورٹی فورسز نے ال چیپو کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے، اوویدیو گزمن کی گرفتاری کے بعد منشیات فروشوں اور سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس کے مطابق شرپسندوں نے بسوں اور ٹرکوں کو بھی آگ لگا دی جسے فائر بریگیڈ نے بعد ازاں بجھا دیا، تاہم پولیس کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہے۔

    میکسیکو میں پولیس اور منشیات فروشوں میں جھڑپ، 43 ہلاک

    ال چیپو کو عمر قید سنائی گئی ہے جس کے بعد اس کا بیس سالہ بیٹا، باپ کی جگہ سنبھال رہا تھا، مقامی میڈیا کے مطابق اوویدیو منشیات سے متعلق مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    یاد رہے کہ مئی 2015 میں میکسیکومیں پولیس اور منشیات فروش گروپ کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت تینتالیس افراد مارے گئے تھے۔

  • لیہ میں تیز رفتار پک اپ کو حادثہ، 6 افراد جاں بحق

    لیہ میں تیز رفتار پک اپ کو حادثہ، 6 افراد جاں بحق

    لیہ: صوبہ پنجاب کے علاقے لیہ میں تیز رفتار پک بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں جیسل روڈ کے قریب تیز رفتار پک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی، حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق 15 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لیہ منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    قلات کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    اس سے قبل بلوچستان کے علاقے قلات کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں کمشنر مکران ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ طارق زہری ان کا ڈرائیور اور گن مین بھی شامل ہیں۔

    لیویز ذرائع کے مطابق کمشنر مکران ڈویژن کوئٹہ سے مکران جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی ایرانی اسمگل شدہ پیٹرول سے بھری پک اپ ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

  • امل عمر کیس: نیشنل میڈیکل سینٹر کے خلاف انکوائری کا حکم

    امل عمر کیس: نیشنل میڈیکل سینٹر کے خلاف انکوائری کا حکم

    اسلام آباد: کراچی میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق بچی امل عمر از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت، کراچی پولیس اور ہیلتھ کیئر کمیشن پر سخت برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے نیشنل میڈیکل سینٹر کے خلاف انکوائری اور امل عمر ایکٹ پر فوری عملدر آمد کا بھی حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق بچی امل عمر از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سندھ حکومت اور کراچی پولیس پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات ہوئے؟ ایمرجنسی میں مریض کے لواحقین کو دوائی لینے بھجوا دیا جاتا ہے۔ دوائی کی لائن میں لگے لواحقین کے مریض اللہ کو پیارے ہو جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کا کام ہے خود ادویات مریض کو فراہم کریں۔ کراچی پولیس کی فائرنگ سے پہلے بھی کئی لوگ مارے جا چکے۔ کراچی پولیس نے فائر کہیں اور مارنا ہوتا ہے بندوق کہیں اور ہوتی ہے۔ اسلحہ صرف پولیس افسران کے پاس ہونا چاہیئے نہ کہ اہلکاروں کے پاس۔

    جسٹس گلزار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹریفک سگنل پر رکے لوگ لوٹ لیے جاتے ہیں، پولیس کی ناک کے نیچے منشیات کا دھندا ہوتا ہے۔ امل کو قتل کرنے والے پولیس اہلکاروں کا کیا بنا؟

    امل کے والدین کے وکیل نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل میڈیکل سینٹر کی رجسٹریشن ہی امل ہلاکت کے بعد ہوئی۔

    جسٹس گلزار نے سربراہ ہیلتھ کیئر کمیشن سے سوال کیا آپ نے سندھ کے اسپتال خود دیکھے؟ کیوں نہ غفلت پر ہیلتھ کیئر کمیشن کے خلاف مقدمہ درج کروائی۔ ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2013 میں بنا لیکن عمل 4 سال بعد شروع ہوا۔ 4 سال ایکٹ الماری میں پڑا رہا اس کا ذمہ دار کون ہے؟

    سرکاری وکیل نے بتایا کہ سندھ میں نجی اسپتالوں کی رجسٹریشن جاری ہے، رجسٹریشن کے بعد لائسنس جاری کرنے کا مرحلہ آئے گا۔ سندھ میں اس وقت کوئی اسپتال لائسنس یافتہ نہیں۔ اسپتالوں کے حوالے سے امل عمر ایکٹ منظور کر لیا گیا ہے۔ نئے قانون کے تحت نجی اسپتال علاج کرنے کے پابند ہوں گے۔

    جسٹس منیب اختر نے پوچھا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کا سالانہ بجٹ کتنا ہے؟ جس پر سربراہ کمیشن نے بتایا کہ کمیشن کا سالانہ بجٹ 3 کروڑ روپے ہے۔ جسٹس منیب نے کہا کہ اتنی رقم تو تنخواہوں اور دفاتر کے کرائے میں لگ جاتی ہوگی۔ محکمہ صحت کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔

    جسٹس گلزار نے کہا کہ سندھ میں ہیومن ڈویلپمنٹ پر پیسہ لگانا ہوگا۔ تعلیم اور صحت کے شعبے میں پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے پوچھا کہ کیا امل کے والدین کو امدادی پیکج فراہم کیا گیا؟ جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ امل کے والدین نے کبھی امداد نہیں مانگی۔ امل کے والدین کو امداد کی سفارش انکوائری کمیٹی نے کی تھی۔

    عدالت نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو نیشنل میڈیکل سینٹر کے خلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ امل عمر کے واقعے سے متعلق اسپتال کے خلاف انکوائری کی جائے۔ انکوائری مکمل کر کے ایک ماہ میں رپورٹ جمع کروائی جائے۔

    سندھ حکومت سے امل کے والدین کو امدادی رقم نہ دینے پر بھی جواب طلب کرلیا گیا۔ عدالت نے سندھ حکومت کو امل عمر ایکٹ پر فوری عملدر آمد کا بھی حکم دیا۔ کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا تھا، مذکورہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پرموجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی۔

  • سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر دور ہجرہ روڈ پر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر دور ہجرہ روڈ پر بس ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی، افسوس ناک حادثے میں 35 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق افریقی اور ایشیائی ممالک سے بتایا جاتا ہے۔

    سعودی پولیس حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو الحمنہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حادثے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔

    مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    اس سے قبل رواں سال فروری میں سعودی عرب کے شہر ابہا میں ٹریفک حادثے میں دلہا اور دلہن جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    سعودی عرب میں اندوہناک ٹریفک حادثہ، ماں اور چار بچے جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب کے صوبے النوایریا میں اندوہناک کار حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ماں اور چار بجے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اماراتی خاندان دو الگ الگ گاڑیوں میں سوار تھا جن میں سے ایک اُن کا بیٹا اور دوسری والد چلا رہے تھے۔ والد کے ساتھ گاڑی میں دو بھائی اور تین بہنیں جبکہ دوسری میں ماں اور بیٹا بیٹھے تھے۔

  • کراچی پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں پولیس نے کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کا گروپ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا گروہ 6 افراد پر مشتمل ہے، ملزمان کے 4 ساتھی فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ نصرت بھٹو کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص ڈاکو تھا، ملزم عامر ساتھی عدنان کے ساتھ کہیں جا رہا تھا عدنان سے گولی چل گئی، گولی لگنے سےعامر زخمی ہوا۔

    ایس ایس پی عارف اسلم کے مطابق عدنان موقع سے فرار ہوگیا، جس پستول سے گولی چلی وہ زخمی ڈاکو عامر کا ہے، عدنان اپنے ہمراہ پستول بھی لے گیا۔

    کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا کر عوام کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20 ستمبر کو کراچی پولیس نے نیو ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا کر عوام کو لوٹنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس نے جعلی سیکیورٹی کمپنی کے دفتر سے درجنوں موٹر سائیکلیں اور غیرقانونی اسلحہ برآمد کیا تھا، کارروائی کے دوران مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے گئے تھے۔