Tag: پولیس

  • لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق،3 افراد زخمی

    لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق،3 افراد زخمی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے اڑھائی سال کا بچہ جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نادرآباد میں مکان کی چھت گر نے سے اڑھائی سالہ بچہ جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ گلشن کالونی میں نقیب چوک کے قریب پیش آیا جہاں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے اڑھائی سالہ حذیفہ، اس کا والد 22 سالہ سمیع، 50 سالہ سلمی بی بی اور 25 سالہ مقبول ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں جنہوں نے ایک گھنٹے کی کاوشوں کے بعد حذیفہ کو مردہ جبکہ دیگر افراد کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس حکام کے مطابق متوفی بچے کی میت ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

    لاہور میں مکان کی چھت گر گئی، 3 بچے جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے مومن پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر تین بھائی جان کی بازی ہار گئے تھے، حادثے میں 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    شیخوپورہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں سال 17 جولائی کو شیخوپورہ میں کوٹ عبدالمالک کے نزدیک علاقے فضل کالونی میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • کراچی: لیاقت آباد میں ڈمپرکی ٹکرسے 8 سالہ انمول جاں بحق

    کراچی: لیاقت آباد میں ڈمپرکی ٹکرسے 8 سالہ انمول جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آکر آٹھ سالہ بچی انمول جاں بحق ہوگئی، علاقہ مکینوں نے ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے 8 سالہ بچی انمول جان کی بازی ہار گئی، حادثے میں بچی کے والدین محفوظ رہے۔

    حادثے کہ فوری بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے ڈمپر ڈرائیورکو پکڑ کر پولیس کے حوالےکردیا۔ پولیس نے ڈمپرتحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

    کراچی: ڈمپرکی ٹکرسے 10 سال کا بچہ جاں بحق

    اس سے قبل 28 جون کو کراچی کے علاقے لانڈھی چار نمبر میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا، حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے ڈرائیورکوپکڑ کر پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اس کے بعد ڈمپر کو آگ لگا دی تھی۔

    کراچی میں ٹرک اورایمبولینس میں تصادم، 1 شخص جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں سال 22 جون کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا پل کے قریب ٹرک اور ایمبولینس میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • حب میں ٹریفک حادثہ، 3 افراد جاں بحق

    حب میں ٹریفک حادثہ، 3 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر حب میں تیز رفتار اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں حب کے علاقے گڈانی موڑ کے قریب تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

    رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں مسافر کوچ اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ ایک مسافر زخمی ہوگیا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 17 جولائی کو بلوچستان کے ضلع حب میں مسافر کوچ اور ہائی روف کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں سال 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں تصادم کے نتیجے میں تیرہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • کراچی: قائدآباد پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: قائدآباد پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں پولیس نے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد کرلیا۔

    ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ ملزمان مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان عادی مجرم اور متعدد بار گرفتار ہو کرجیل جا چکے ہیں۔

    رینجرز کی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    یاد رہے کہ 2 اگست کو رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ملیر سٹی اورشارع فیصل کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

    ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ محمد عظیم، سید توقیر عباس حسین عرف دانیال،احمد حسین عرف کالا، فیضان بشیر، ذیشان عرف بونا اور محمد عامر عرف لمبا کو گرفتار کیا جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

  • پشاور: بارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے پھٹ گیا، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی

    پشاور: بارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے پھٹ گیا، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے دھماکہ ہوگیا، واقعے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہرہ اضاخیل پایان میں بارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے دھماکہ ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منصور امان کا کہنا ہے کہ واقعے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    ان کے مطابق پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی شو مارکیٹ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    ڈی آئی جی کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خریدار بن کر آئے اور بارودی مواد دکان میں رکھ گئے، دہشت گردوں نے کوئٹہ کے عوام کو نشانہ بنایا ہے۔

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کو ہمسایہ دشمن ملک کی پشت پناہی حاصل ہے، دہشت گردی کی لہر گزشتہ 2 دہائیوں سے چل رہی ہے۔

  • ہانگ کانگ: حکومت مخالف مظاہرے جاری، ہڑتال کے باعث نظام زندگی درہم برہم

    ہانگ کانگ: حکومت مخالف مظاہرے جاری، ہڑتال کے باعث نظام زندگی درہم برہم

    بیجنگ: چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں حکومت مخالف مظاہرے بدستور جاری ہیں، جبکہ ہڑتال کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں گذشتہ روز (پیر) کو مکمل ہڑتال کی گئی، جس کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگیا، مظاہرین نے آئندہ بھی ہڑتال کا عندیہ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے کے مطابق گزشتہ ویک اینڈ پر پرتشدد مظاہروں کے بعد پیر کی ہڑتال نے نظام زندگی کو پوری طرح مفلوج کر دیا، دو سو سے زائد پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

    اس صورت حال پر ہانگ کانگ کی انتظامی لیڈر کیری لائم کا کہنا تھا کہ مظاہروں کا تسلسل حقیقت میں چین کی حاکمیت کے لیے چیلنج بنتا جا رہا ہے اور انتہائی خطرناک صورت حال پیدا ہوتی جا رہی ہے۔

    بیجنگ کی حمایت یافتہ لیڈر نے ان خیالات کا اظہار ہانگ کانگ کی عوام سے ٹیلی وڑن پر نشر کی جانے والی ایک تقریر کے دوران کیا۔ اسی تقریر میں لائم نے اپنے منصب سے مستعفی ہونے کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔

    ہانگ کانگ میں مظاہرین آپے سے باہر، چینی دفتر کی جانب پیش قدمی

    خیال رہے کہ چینی حکومت اور ملکی پالیسی کے خلاف ہانگ کانگ میں جاری مظاہرے تھم نہ سکے، گذشتہ ہفتے مظاہرین کی چینی دفتر کی جانب پیش قدمی پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں ہانگ کانگ میں مجرموں کی حوالگی سے متعلق متنازع بل کے خلاف لاکھوں افراد نے احتجاج کیا تھا جس کے باعث چیف ایگزیکٹو کیری لام نے عوام سے معافی مانگ لی تھی۔

  • کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ایس ڈی پی او کینٹ سرکل ڈی ایس پی یونس رضا کی قیادت میں ایس ایچ او اور دیگر عملے نے ہنہ بائی پاس پر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔

    ڈیس ایس پی یونس رضا کے مطابق کارروائی کے دوران 17موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے جبکہ تین گاڑیوں کے مالکان کو تنبیہ کی گئی۔

    دریں اثنا ڈی ایس پی یونس رضا نے کہا کہ ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانا خود کشی کے مترادف ہے والدین کو بھی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں نہیں دینا چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی کئی بار کارروائیاں کیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا لیکن اس مہم میں اساتذہ والدین کا کردار انتہائی اہم ہے انہوں نے کہا کہ آج کل والدین نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں دے دیتے ہیں جوغیرقانونی عمل ہے۔

  • کراچی: قائد آباد میں پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: قائد آباد میں پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے دوران گشت کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث 2 ملزمان ناصر اور عمران خان عرف احمد کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران قائد آباد کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

    پولیس نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان پہلے بھی کئی مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    رینجرز کی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ روز رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ملیر سٹی اورشارع فیصل کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

    ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق محمد عظیم، سید توقیر عباس حسین عرف دانیال،احمد حسین عرف کالا، فیضان بشیر، ذیشان عرف بونا اور محمد عامر عرف لمبا کو گرفتار کیا جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

  • کراچی: سی ویو کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر، 4 افراد جاں بحق

    کراچی: سی ویو کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر، 4 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں سی ویو کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والے دیگر دو افراد بھی دم توڑ گئے جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ویو کے قریب تیزرفتارگاڑی نے 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر مار دی، حادثے میں موٹرسائیکلوں پر سوار 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 2 افراد دوران علاج اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سولہ سالہ معیز، بیس سالہ صارم، بیس سالہ شاہ زیب ،اور بیس سالہ سمیع شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کورنگی نمبر چار کے رہائشی چاروں نوجوان بائیک رائڈرز تھے اور حادثے کے وقت ریس لگا رہے تھے۔ جناح اسپتال میں چاروں افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے ورثا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاروں نوجوان محنت کش ہیں اور کام سے واپس آکر سی ویو کا کہہ کر گھر سے نکلے تھے۔

    یاد رہے کہ 13 جون کو کراچی کے ساحلی مقام سی ویو پر چلنے والی گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد سی ویو پر چلنے والی گاڑیوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

  • راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی، پانچ رکنی گینگ گرفتار

    راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی، پانچ رکنی گینگ گرفتار

    راولپنڈی: پنڈی پولیس نے جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ رکنی گینگ گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ڈکیتی معہ قتل، قتل اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے مسروقہ رقم 2لاکھ 32ہزار روپے، طلائی زیورات، مسروقہ موٹرسائیکل، اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ 05پستول 30بور معہ 26روند برآمد کرلیے۔

    ایس پی پوٹھوہار سید علی نے خود پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ تھانہ صدر واہ پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 05رکنی عدیل گینگ سرغنہ سمیت گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے مسروقہ رقم 2لاکھ 32ہزار روپے، مسروقہ موٹرسائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ 05پستول 30بور معہ 26روند برآمد کرلیے۔

    تھانہ ٹیکسلا پولیس اغواء برائے تاوان کے ملزم عبدالغفار اور ڈکیتی معہ قتل کے ملزم واجد خان کو گرفتار کرلیا، ملزم واجد خان سے طلائی زیورات 6 عدد چوڑیاں اور 2بالیاں بھی برآمد کی گئی۔

    تھانہ واہ کینٹ پولیس نے سگے بھائی کے قتل میں مطلوب درندہ صفت ملزم بشارت کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

    ایس پی پوٹھوہار ڈویژن نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس عوام الناس کے جان و مال تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔