Tag: پولیس

  • برطانیہ: مساجد میں توڑ پھوڑ کا معاملہ، سیکیورٹی بڑھا دی گئی

    برطانیہ: مساجد میں توڑ پھوڑ کا معاملہ، سیکیورٹی بڑھا دی گئی

    برمنگھم: برطانیہ میں تین مساجد میں توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد حکام نے مسجدوں کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی بڑھانے کے اقدامات برطانوی شہر برمنگھم میں مساجد پر حملوں کے بعد کیے گئے، ویسٹ مڈلینڈپولیس کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی مختلف مساجد میں آج نماز جمعہ ادا کی جائے گی، پولیس نے مساجد کے اطراف دورہ کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ بھی لیا۔

    پولیس نے مشتبہ سرگرمی پر پولیس یا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے کی اپیل کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مساجد میں توڑپھوڑ کے واقعے کو دہشت گردی کے تحت نہیں دیکھ رہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے بعد گذشتہ روز برمنگھم میں تین مساجد پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے ہتھوڑوں سے مساجد کے شیشے توڑ دئیے، واقعات کے بعد مسلم کمیونٹی میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کے بعد برمنگھم میں 3 مساجد پرنامعلوم افراد کا حملہ

    برطانوی میڈٰیا کا کہنا ہے کہ مساجد میں توڑ پھوڑ کے واقعات کے بعد مسلم کمیونٹی میں خوف وہراس پھیل گیا، پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ عوام کواحتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    برمنگھم قونصل آف مساجد نے پولیس سے مزید سیکیورٹی مانگ لی ہے ، مساجد پر حملے اور توڑ پھوڑ میں شدت پسندوں کےملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • آکلینڈ ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع، پولیس نے افواہ قرار دے دیا

    آکلینڈ ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع، پولیس نے افواہ قرار دے دیا

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ شہر آکلینڈ کے ہوائی اڈے پر بم نصب کرنے کی اطلاع جھوٹی نکلی، پولیس نے بم برآمدگی کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ہوائی اڈے پر ایک مسافر کو فون کال کے ذریعے بم نصب کرنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد ایئرپورٹ پر موجود مسافروں و انتظامیہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بم کی اطلاع موصول ہوتے ہی سیکیورٹی فورسز، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں جہاں انہوں نے سرچ آپریشن کے بعد بم کی اطلاع کو افواہ قرار دیا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ بم کی اطلاع درحقیقت غلط فہمی کا نتیجہ تھی، عوام کی جانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ 15 مارچ کی شام نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ریلوے اسٹیشن سے برآمد ہونے والے مشکوک بیگ برآمد ہوئے تھے جسے پولیس نے محدود دھماکوں کے ذریعے ناکارہ بنا دیا تھا۔

    بعد ازاں پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ بیگز مشکوک نہیں تھے بیگز کے اندر عمارتوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والا سامان موجود تھا۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • چنیوٹ میں خاوند نے بیوی بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    چنیوٹ میں خاوند نے بیوی بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    چنیوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں سفاک شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے علاقے رائے چند میں اعجاز نامی شخص نے اپنی بیوی اور بچوں کو گولیاں مارکر خودکشی کرلی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے پیش آیا، مزید تحقیقات کر رہے ہیں، ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں اعجاز کی بیوی ، دو بیٹیاں اور بیٹا شامل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں خاوند نے بیوی، دو بیٹیوں اور بیٹے کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد خود کو کمرے میں بند کر کے آگ لگا کرخودکشی کرلی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 2 بچوں نے بھاگ کر جان بچائی جن کی عمر 7 سے 10 سال کے درمیان تھی۔

    واضح رہے کہ رواں سال 30 جنوری کو کوئٹہ میں محمد عاشق نامی شخص نے گھریلو ناچاقی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اس کی اہلیہ جاں بحق جبکہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھی۔

  • بہادر آباد پولیس نے ٹارگٹ کلر کو گرفتارکرلیا

    بہادر آباد پولیس نے ٹارگٹ کلر کو گرفتارکرلیا

    کراچی : شہر قائد میں بہادرآباد پولیس نے مقابلے بعد ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بہادرآباد پولیس نے مقابلے کے بعد ٹارگٹ کلر ملزم شایان عرف شان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم کے 2 ساتھی پولیس مقابلے کے بعد فرار ہوگئے، گرفتارملزم ڈکیتیوں میں بھی ملوث ہے۔

    غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ملزم فیصل لودھی ڈکیت گروپ کا کارندہ ہے، ملزم ٹارگٹ کلنگ ، ڈکیتیوں میں پہلے بھی گرفتارہوکرجیل کاٹ چکا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم نے 2013 میں تھانہ پی آئی بی کی حدود میں شہری کو قتل کیا، ملزم تاجروں سے بھتہ لینے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔

    کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت عباس عرف چڈا، مسعود عرف ببلو اور شہادت عرف پیرجی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

  • کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    کراچی: سندھ پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا، مسعود عرف ببلو اور شہادت عرف پیرجی کے ناموں سے ہوئی۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کراچی کے علاقے مبینہ ٹاؤن سےمتحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر کو ساتھی  سمیت گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا اور مسعود عرف ببلو کے ناموں سے ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی متعددوارداتوں کااعتراف کیا، عباس یونٹ 99 کا ٹارگٹ کلر تھا جس کی شاندہی پر اُس کے ساتھی مسعود ببلو کو حراست میں لیا گیا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس پی رہنما کے قتل کا معمہ حل، سوتیلی ماں ملوث نکلی، آڈیو میسج کی مدد سے ملزمہ گرفتار

    اُن کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف کی درجنوں گولیاں، ایک دستی بم، غیرقانونی اسلحہ، پرس اور موبائل فون برآمد ہوا جسے فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔

    دوسری جانب سی آئی اے پولیس نے شاہراہ فیصل پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا امجد دین پوری کے قتل میں ملوث شہادت عرف پیرجی کو گرفتار کرلیا۔

    ایس پی فدا حسین کا کہنا تھا کہ ملزم نے شاہراہ فیصل پر مولانا امجد دین پوری ، سولجر بازار میں 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا علاوہ ازیں شہادت عرف پیر جی نے سنی تحریک کے 2 کارکنان کو بھی ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: ٹارگٹ کلنگ اور 170 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ وار کا کارندہ وقاص منجن گرفتار

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نےساتھیوں کے کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں کیں جبکہ سی آئی اے نے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزم آصف کو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔

  • برطانیہ:‌ نوجوان کی گردن پر قینچی مارنے والی دوشیزہ گرفتار

    برطانیہ:‌ نوجوان کی گردن پر قینچی مارنے والی دوشیزہ گرفتار

    لندن : برطانیہ کے علاقے کونٹری میں میں 14 سالہ لڑکی کو قینچی سے زخمی کرنے والی دوشیزہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے علاقے کونٹری میں گزشتہ رات 16 سالہ لڑکی نے کم عمر اسکول گرل کے گلے میں قینچی گھونپ دی تھی جس کے باعث متاثرہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی تھی۔

    متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ’حادثے کے دوران پندرہ لڑکیوں سے میرا سامنا ہوا، جو مجھ پر حملہ کرنا چاہتی تھی‘۔

    واقعے کے عینی شاہد کا کہنا ہے کہ 14 سالہ لڑکی سڑک پر بھاگ رہی تھی اور اس پندرہ لڑکیاں اس کا تعاقب کررہی تھیں اور اس کے گردن اور ایک ہاتھ پر شدید نوعیت کے زخم تھے جن سے بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق علاقہ مکینوں نے ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے کو اطلاع دی جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کیا، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لڑکی کی گردن کی پشت پر دو انچ گہرا زخم تھا تاہم زخم جان لیوا نہیں ہے۔

    برطانوی پولیس نے حملہ آور کی گرفتاری سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’اہلکاروں نے واقعے میں ملوث ہونے کے شعبے میں 16 سالہ لڑکی کو گرفتار کرلیا ہے‘۔

    مزید پڑھیں : لندن میں چاقو زنی کی واردات، دوشیزہ قتل

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جس مقام پر مذکورہ لڑکی کو چاقو زنی کا نشانہ بنایا گیا ہے اسی مقام پر گزشتہ پر 27 سالہ ڈینئل کینّل کو چاقو کے متعدد وار کرکے قتل کیا گیا تھا، عدالت نے ڈینئل کے قتل میں ملوث شخص کو رواں برس جنوری میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ برطانوی دارالحکومت لندن میں 17 سالہ دوشیزہ چاقو کے متعدد وار کے باعث ہلاک ہوگئی تھی۔

  • پولیس مقابلے میں جاں بحق نمرہ کو پولیس کی گولی لگی: رپورٹ

    پولیس مقابلے میں جاں بحق نمرہ کو پولیس کی گولی لگی: رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی میڈیکل کی طالبہ نمرہ بیگ پولیس کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، تحقیقاتی کمیٹی نے مقابلے میں شامل پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے انڈہ موڑ کے قریب پولیس مقابلے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نمرہ کو ممکنہ طور پر پولیس کی گولی لگی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ گولی 50 سے 60 میٹر کی دوری سے لگی، تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ نمرہ کو دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں بڑے ہتھیار کی گولی لگی۔

    رپورٹ میں مقابلے میں شامل پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کو پیش کرے گی۔

    یاد رہے کہ 22 فروری کی رات نارتھ کراچی میں واقع انڈا موڑ کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جس کی زد میں میڈیکل کالج کی طالبہ بھی آگئی تھی، نمرہ کو زخمی ہونے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وینٹی لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    جناح اسپتال منتقل کرنے کے دوران نمرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی جس کے بعد وہاں کی خاتون ایم ایل او (میڈیکل لیگو آفیسر) نے پوسٹ مارٹم کرنے میں تاخیر کی۔

    گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی وسیم قریشی اور پیپلز پارٹی کی رکن ہیرسوہو نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ نمرہ کو طب کی اعزازی ڈگری دی جائے۔ اجلاس میں قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا تھا۔

  • لاہور: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    لاہور: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    آگ لگنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ جائے وقوع پر پہنچا اور دوران آپریشن میاں بیوی کی لاشوں کو نکال کراسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 37 سالہ منظور اور 32 سالہ نازیہ شامل ہیں، فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آگ کی وجہ معلوم ہوگی۔

    جاں بحق افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ میاں بیوی لوگوں کے گھر کام کر کے گزربسرکرتے تھے، 5 بچے دوسرے کمرے میں موجود ہونے کے باعث محفوظ رہے۔

    راولپنڈی : شادی کے گھر میں آتشزدگی: پانچ خواتین جل کرجاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سکستھ روڈ پر واقع گھر میں آگ لگنے سے دلہن سمیت پانچ خواتین جل کر جاں بحق اور تین زخمی ہوگئی تھیں۔

    واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک لڑکی 24 سالہ ثناء طارق بھی شامل تھی، جس کی شادی دو روز بعد ہونا تھی۔

    لاہور: بیکری میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہورمیں برکت مارکیٹ کی بیکری میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر باپ نے چھ سالہ بیٹی کو قتل کردیا

    سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر باپ نے چھ سالہ بیٹی کو قتل کردیا

    کراچی: شہر قائد میں بے رحم باپ نے سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر چھ سال کی بیٹی کو تشدد کرکے قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس نا ک واقعہ شہرِ قائد کے علاقے کورنگی میں پیش آیا، جہاں چھ سالہ بچی مسکان اپنے ہی باپ کے ہاتھوں تشدد سے دم توڑگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان ٹاؤن تھانہ پولیس نے بچی کے قتل کا مقدمہ اس کے والد عبد الحکیم کے خلاف بچی کی والدہ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ مسکان کی سالگرہ تھی اور وہ اپنے والد کا لایا ہوا کیک نہیں کھا رہی تھی، جس پر اس کا والد غصے سے اندھا ہوگیا اور بچی کو تشش کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

    کمسن بچی تشدد برداشت نہ کرسکی اور موت کی آغوش میں چلی گئی ، واقعے کے بعد ملزم اپنے گھر سے فرار ہوگیا۔ پولیس اس کی تلاش کررہی ہے۔

    یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ملزم عبدالحکیم نشے کا عادی ہے اور جرائم میں بھی ملوث رہا ہے۔ اس سے قبل بھی وہ ایک بار جیل جا چکا ہے۔ ملزم کی اپنی بیوی سے اکثر و بیشتر لڑائی ہوا کرتی تھی۔

    یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں پیش آیا تھا جب کراچی کےعلاقے کلفٹن میں اپنی پھول جیسی کمسن ڈھائی سالہ بیٹی انعم کو سمندر میں ڈبو کرقتل کرنے کے بعد ماں نے خود بھی خودکشی کی کوشش کی تھی ، تاہم موقع پر موجود لوگوں نے اسے ڈوبتا دیکھ کر بچا لیا تھا۔ ملزمہ کے اہل ِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ سال دسمبر میں صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک باپ نے اپنی معاشی حالت میں بہتری کے لیے جعلی عامل کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بیٹی مبینہ طور پر قتل کردی تھی ، پولیس نے والد اور عامل دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • کراچی: یوپی موڑ کے قریب گاڑی پرفائرنگ، دو افراد جاں بحق

    کراچی: یوپی موڑ کے قریب گاڑی پرفائرنگ، دو افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے یوپی موڑ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں دو  افراد جاں بحق ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق کراچی فشری سے ہے.

    پولیس کے مطابق یہ افراد یوپی موڑ کے قریب رشتے دار کے ہوٹل پر کھانا کھانے آئے تھے، وہ واپسی کے لئے گاڑی میں بیٹھ رہے تھے، تب ملزمان نے فائرنگ کردی.

    واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیلا گیا، پولیس اوررینجرزکی بھاری نفری جائے وقوع پرپہنچ گئی ، علاقے کو حصار میں لے لیا.

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق فائرنگ موٹرسائیکل سوارملزمان نے کی، فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی،5 خالی خول ملے ہیں.

    ایس ایس پی کے مطابق بظاہر واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، البتہ مختلف خطوط پر تفتیش جاری ہے.

    مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے پی ایس پی رہنما جاں بحق

    یاد رہے کہ 19 فروری 2019 کو شہر قائد کے علاقے سخی حسن چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما عبدالحبیب جاں بحق ہوگئے تھے۔

    سخی حسن چورنگی موبائل مارکیٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے اندھا دھن فائرنگ کی، جس کے باعث رہنما پی ایس پی عبدالحبیب جاں بحق ہوگئے۔