Tag: پولیس

  • فیصل آباد میں 2 بہنوں کے قتل کی لرزہ خیزواردات

    فیصل آباد میں 2 بہنوں کے قتل کی لرزہ خیزواردات

    فیصل آباد : صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں دو بہنوں کے قتل کی لرزہ خیزواردات نے علاقے میں خوف وہراس پھیلا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے امین پارک میں دو بہنوں کو تیز دھار آلے سے گلہ کاٹ کرقتل کردیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق صبا اور ثناء نامی دونوں خواتین آپس میں بہنیں تھیں جن کی شادی دو بھائیوں سے ہوئی تھی، مقتولہ بہنوں کے شوہر گھر کو تالا لگا کر کام پرگئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں بہنوں کو ہاتھ پاؤں باند ھ کرتیزدھارآلے سے قتل کیا گیا، دونوں کی لاشیں پہلی اور دوسری منزل سے ملیں۔

    پولیس حکام نے دونوں لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کردیں جبکہ مقتولہ بہنوں کے شوہر سرور اور اکرم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

    لاہور : جائیداد کی لالچ میں بیٹے نے دادی اور باپ کو قتل کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتےلاہور میں ستر سالہ ماں اور پینتالیس سالہ بیٹے کو چھری کے وار سے قتل کردیا گیا تھا، قاتل کوئی اور نہیں بیٹا نکلا تھا، ملزم نے ملازموں کے ساتھ مل کر دادی اور اور باپ کو قتل کیا تھا۔

  • جرمنی: تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ گئی، پانچ افراد زخمی

    جرمنی: تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ گئی، پانچ افراد زخمی

    برلن: جرمنی میں ایک تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جبکہ ڈرائیور کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں قائم ایک کیفے کے قریب تیز رفتار کار نے شہریوں کو روند دیا، جس کے باعث 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حادثے میں کار ڈرائیور شدید زخمی ہوا جس کی وجہ سے اس کی حالت تشویش ناک ہے، دیگر زخمیوں کو بھی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کسی دہشت گرد کارروائی کا نتیجہ نہیں، ڈرائیور ذہنی مریض لگتا ہے، تاہم تحقیقات کر رہے ہیں، جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

    برلن :کرسمس بازار میں ٹرک نےشہریوں کو کچل دیا، 12افرادہلاک

    واقعے کی خبر ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس موقع پر پہنچی، حادثے میں کار بری طرح متاثر ہوئی، تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جارہا ہے۔

    جرمنی میں دہشت گرد کارروائیوں کے پیش نظر حکام نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کررکھی ہے، خیال رہے کہ دسمبر 2016 میں برلن کے کرسمس بازار میں ٹرک نے شہریوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک جبکہ 48 زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں ایک ڈرائیور نے فرانس کے جنوبی شہر نیس میں قومی دن کی تقریبات میں شریک افراد پر ٹرک چڑھادیا تھا،جس کے نتیجے میں 84 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

  • کراچی: واٹر پمپ کے قریب ٹریفک حادثہ‘ خاتون جاں بحق

    کراچی: واٹر پمپ کے قریب ٹریفک حادثہ‘ خاتون جاں بحق

    کراچی : شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں تیز رفتار ٹرالر کی زد میں آکر خاتون جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واٹر پمپ کے قریب تیزرفتار ٹرالر کی زد میں آکر خاتون جان کی بازی ہار گئی۔

    خاتون کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکینوں نے شاہراہ پاکستان بلاک کردی جس سے ٹریفک کی روانہ متاثر ہوئی، پولیس اور انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

    مظاہرین نے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کیا جس کے بعد پولیس نے روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

    کراچی، آئل ٹینکرز اور وین میں تصادم، 2 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں ڈیزل سے بھرے 2 ٹینکر اور وین میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    کراچی میں ٹرک اور پک اپ میں تصادم‘ 6 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں کراچی کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ کے قریب ٹرک اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • جامعہ پشاور کے طلبہ کا احتجاج، لاٹھی چارج اور پتھراؤ

    جامعہ پشاور کے طلبہ کا احتجاج، لاٹھی چارج اور پتھراؤ

    پشاور: جامعہ پشاور کے طلبہ کا فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ متعدد طلبہ کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ پشاور کے طلبہ نے فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج شروع کیا جو جلد ہی ناخوشگوار صورتحال میں تبدیل ہوگیا۔

    پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ متعدد طلبہ کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ طلبہ کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا جس سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ادھر مظاہرین کا مؤقف ہے کہ ہم پرامن احتجاج کر رہے تھے پولیس نے تشدد کیا۔

    دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خود اسٹوڈنٹ لیڈر رہا ہوں، ایسی صورتحال پر افسوس ہے۔

    ہاسٹل پر بااثر طلبہ نے قبضہ کیا ہے

    ترجمان جامعہ پشاور علی عمران کا کہنا ہے کہ جامعہ پشاور خود مختار سرکاری ادارہ ہے، جامعہ کے ہاسٹل پر با اثر طلبہ نے قبضہ کیا ہوا تھا، ہاسٹل سے با اثر طلبہ کو نکال دیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جامعہ پشاور میں دفعہ144 نافذ ہے، طلبہ کو جامعہ میں احتجاج سے روکا گیا تھا لیکن سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جامعہ پشاور کی انتظامیہ اصولی مؤقف پر قائم ہے، بڑی جامعات میں سیاسی پارٹیوں کے پریشر گروپس موجود ہوتے ہیں۔ اس قسم کے پریشر گروپس کے ذریعے صورتحال بگاڑی جاتی ہے اور مطالبات منوائے جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کامیاب آپریشن کر کے ہاسٹل کے 300 کمرے وا گزار کروائے، ہاسٹل کے کمرے وا گزار کروانے کے خلاف ردعمل دیا جا رہا ہے۔ سیاسی مقاصد کے لیے طلبہ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ دفعہ 144 کے باوجود جامعہ میں 5 گھنٹے سے احتجاج جاری تھا، طلبہ کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن حالات اس نہج پر پہنچائے گئے۔ ’لاٹھی چارج کر کے باہر سے آنے والوں کو منتشر کیا جا رہا ہے‘۔

    بلاول بھٹو کی مذمت

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پشاور یونیورسٹی کے طلبہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج طلبہ کا جمہوری حق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ناکامیوں کا بدلہ طلبہ سے نہ لیں، جامعہ پشاور کے طلبہ اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔

  • کراچی اور حیدرآباد میں پولیس کی کارروائیاں‘ 8 ملزمان گرفتار

    کراچی اور حیدرآباد میں پولیس کی کارروائیاں‘ 8 ملزمان گرفتار

    کراچی : شہرقائد اور حیدرآباد میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دوملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ ملزمان سے اسلحہ اورمسروقہ سامان برآمد ہوا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے گرفتارملزمان میں جاوید اخترعرف بابا اور راشد شامل ہیں جبکہ ملزمان کے دو ساتھی موقع سے فرارہو گئے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے لانڈھی نمبرچار میں پولیس مقابلےمیں زخمی ملزم گرفتار ہوا، پولیس نے فیملی کولوٹنے والے تین ڈاکوؤں کو تعاقب کے بعد ملیرسٹی سے حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موٹرسائیکلیں اورچھینا گیا سامان برآمد ہوا ہے۔

    ادھر حیدرآباد کےعلاقے بھٹائی نگرمیں مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت جاوید بروہی اور اکرم خان کے ناموں سے ہوئی، ملزم جاوید بروہی کا تعلق کراچی سے ہے۔

    کراچی میں پولیس مقابلہ‘ 2 ٹارگٹ کلرہلاک

    یاد رہے کہ تین روز قبل کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اسکاؤٹ کالونی کے قریب پولیس مقابلے میں دو ٹارگٹ کلر ہلاک ہوگئے تھے۔

  • کراچی: نارتھ ناظم آباد سے مبینہ طور پردلہن اغوا

    کراچی: نارتھ ناظم آباد سے مبینہ طور پردلہن اغوا

    کراچی : شہرقائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بیوٹی پارلر کے باہر سے دلہن پراسرار طور پرلاپتہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نارتھ ناظم آباد کےعلاقے تیموریہ میں بیوٹی پارلر کے باہر سے دلہن لاپتہ ہوگئی، والدین کا کہنا ہے کہ لڑکی کو اغوا کرنے والا اس کا سابق منگیتر ہے۔

    لڑکی کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کی 30 ستمبرکو شادی تھی اور مایوں کی تیاری کے لیے وہ اپنی بہن کے ساتھ تیموریہ میں واقع ایک بیوٹی پارلرگئی تھی۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طورپر لڑکی نے ہی اپنے سابق منگیترکو پارلر بلایا تھا اور وہ اپنی مرضی سے اس کے ساتھ چلی گئی۔

    ایس ایچ او تیموریہ کے مطابق گمشدگی سے قبل لڑکی کا اس کے سابق منگیتر کے ساتھ فون پررابطہ ہوا تھا۔

    چوہدری طفیل کے مطابق پولیس نے پارلر انتظامیہ سے بھی پوچھ گچھ کی ہے، انہوں نے کہا کہ بہت جلد لڑکی کوبازیاب کرالیا جائے گا۔

    سمن آباد : نوبیاہتا دلہن کا قاتل اسی کا دولہا نکلا

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں لاہور کے علاقے سمن آباد میں دولہا نے شادی کے تیسرے ہی دن اپنی نئی نویلی دلہن کو قتل کردیا تھا۔

  • کراچی: کورنگی میں بچی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام‘ ملزم گرفتار

    کراچی: کورنگی میں بچی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام‘ ملزم گرفتار

    کراچی : شہر قائد کے علاقے کورنگی میں علاقہ مکینوں نے بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں ملزم نے بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کی جس پربچی نے شور مچانا شروع کردیا۔

    شور سن کر موقع پر موجود افراد نے ملزم کو پکڑکراسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق رواں ماہ کراچی میں تقریبا دس بچوں کے اغوا یا لاپتہ ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے جس میں سوائے 8 ماہ کی بچی فائزہ کے تمام بچے اپنے گھروں کو لوٹ آئے۔

    کراچی: نامعلوم خاتون 8 ماہ کی بچی ماں کی گود سے چھین کر فرار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں نامعلوم خاتون ماں سے 8 ماہ کی بچی کو چھین کر فرار ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ 13 ستمبرکو سندھ ہائی کورٹ نے اغوا اور گمشدہ بچوں کی بازیابی کے حوالے سے پیش کی جانے والی پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

  • کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 5 دہشت گرد گرفتار

    کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 5 دہشت گرد گرفتار

    کراچی : شہرقائد میں سی ٹی ڈی نے کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں عصمت، عمران اور واحد شامل ہیں۔ ملزمان زخمی دہشت گردوں کا علاج بھی کرایا کرتے تھے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران بلوچ لبریشن آرمی کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان رشید اور دستگیر ریلوے ٹریفک پر بم دھماکوں میں ملوث ہیں۔

    کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 4 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ رواں سال 5 مئی کو شہرقائد میں محکمہ انسداد دہشت گردی سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان فنڈز جمع کرکے افغانستان بھجواتے تھے، دہشت گردوں نے افغانستان سے ٹریننگ بھی حاصل کررکھی تھی۔

    کراچی: کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ‘ رینجرز اہلکارسمیت خاتون زخمی

    واضح رہے کہ رواں سال 11 مارچ کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے رینجرز اہلکار سمیت خاتون زخمی ہوگئی تھی۔

  • کراچی : اغواء یا کچھ اور؟ آٹھ ماہ کی مغویہ فائزہ کا کیس پولیس کیلئے معمہ بن گیا

    کراچی : اغواء یا کچھ اور؟ آٹھ ماہ کی مغویہ فائزہ کا کیس پولیس کیلئے معمہ بن گیا

    کراچی : اغواء یا پراسرار قوتوں کی کارروائی؟8ماہ کی بچی کے اغواء کا معاملہ پولیس کیلئے معمہ بن گیا، پولیس مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ نیپئر کی حدود سے گزشتہ روز اغواء ہونے والی آٹھ ماہ کی بچی کا واقعہ مشکوک بن گیا، اس حوالے سے مغویہ فائزہ کی والدہ نے پولیس کو پہلے بیان دیا کہ میں چوتھی منزل پر بالکونی میں گھر کے باہر بچی کو گود میں لے کر کھڑی ہوئی تھی کہ اچانک نامعلوم خاتون آئی اور اُس نے علیک سلیک کے بعد یک دم لپک کر بیٹی کو چھین لیا اور فرار ہوگئی۔

    بعد میں اس نے کہا کہ بچی کو جنات اٹھا کر لے گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ کے بیانات میں تضاد ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ دوران تفتیش والدہ نے کہا کہ فائزہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی۔

    مزید پڑھیں: کراچی،  نامعلوم خاتون 8 ماہ کی بچی ماں کی گود سے چھین کر فرار

    انہوں نے کہا کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں، امید ہے بچی کو جلد بازیاب کرلیا جائے گا، یاد رہے کہ فائزہ نامی بچی کو چھیننے کا واقعہ گزشتہ بدھ کی صبح اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیپیئر تھانے کی حدود میں پیش آیا، نیپئر تھانے میں اغواء کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرایا گیا۔

  • راولپنڈی اور بنوں میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی

    راولپنڈی اور بنوں میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی

    راولپنڈی/بنوں: پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور بنوں میں فائرنگ ہوئی جس کے باعث دو افراد جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں آدھے گھنٹے میں فائرنگ کے 2 واقعات پیش آئے، جامعہ مسجد روڈ پر گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    پولیس کے مطابق راولپنڈی میں صدر کے علاقے میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کررہے ہیں۔

    راولپنڈی میں فائرنگ سےایک ہی گھر کے 4 افراد جاں بحق

    دوسری جانب بنوں میں بھی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، جاں بحق شخص سیف اللہ کا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا۔

    بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ‘ جماعت اسلامی کےرہنما جاں بحق

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما ملک طفیل جاں بحق ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ ستمبر 2016 میں راولپنڈی کے علاقے مندرہ میں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں فائرنگ کر کے 4 افراد کو جاں بحق کردیا تھا۔