Tag: پولیس

  • مردان میں فائرنگ‘ 5 افراد جاں بحق‘ 5 زخمی

    مردان میں فائرنگ‘ 5 افراد جاں بحق‘ 5 زخمی

    مردان : صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر مردان میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان میں طورو کے علاقے ڈھکی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہیں۔

    فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچے اور علاقے کوگھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ معمولی جھگڑے پرپیش آیا، مرنے والوں میں 2 بھائی ، چچا ، بھتیجا اور ایک راہگیر شامل ہے۔

    بٹگرام میں جرگےکے دوران فائرنگ‘ 5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بٹگرام میں جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل 12 اگست کو خیبرپختونخواہ کے شہرچارسدہ میں دوگروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔

    ٹانک میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں ماہ 2 اگست کو خیبرپختونخواہ کے شہرٹانک میں ٹریفک پوائنٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں‘ 5 ملزمان گرفتار

    کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں‘ 5 ملزمان گرفتار

    کراچی : شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان دہشت گردی، گھروں میں ڈکیتیوں میں ملوث ہیں اور ان کے قبضے سے 7 پستول، ایک نائن ایم ایم اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزمان سے چھینے گئے متعدد موبائل فونز اور دو موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہناہے کہ ملزمان نے فیروزآباد، بہادر آباد،لائنز ایریا، جمشید کوارٹرمیں واردوتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    کراچی: ناظم آباد میں فائرنگ، دوا ساز کمپنی کا مینیجر جاں بحق

    خیال رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع انڈر بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دوا ساز کمپنی کا مینیجراصغر جاں بحق ہوگیا تھا۔

    کراچی:‌ پولیس وردی میں ملبوس ڈاکو 60 لاکھ روپے چھین کر فرار

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے بہادرآباد میں واقع شہید ملت روڈ پر پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکو منی چینجر کی گاڑی سے 60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

  • چارسدہ : دوگروپوں میں مسلح تصادم‘ 6 افراد جاں بحق

    چارسدہ : دوگروپوں میں مسلح تصادم‘ 6 افراد جاں بحق

    چارسدہ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہرچارسدہ میں دوگروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں چارسدہ کے علاقے رجڑ میں دوگروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو افراد زخمی ہیں۔

    پولیس کے مطابق زخمیوں کو پشاور کے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا گیا۔

    لاہور: زمین کے تنازع پرایک ہی خاندان کے5 افراد قتل

    لاہور کے قریب پھلروان میں گزشتہ ہفتے زمین کے تنازعے پر دوگروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے5 افراد قتل ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دونوں گروپوں میں دشمنی کے باعث پہلے ہی 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    ٹانک میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق

    رواں ماہ 2 اگست کو خیبرپختونخواہ کے شہرٹانک میں ٹریفک پوائنٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22 جولائی کو ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی تھی تاہم وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے تھے۔

    اس سے قبل 13 جولائی کو اکرم خان درانی جلسے میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے کہ بنوں کے علاقے حوید میں ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • اسٹیج اداکاراکرم اداس کی گاڑی پرفائرنگ کامقدمہ درج

    اسٹیج اداکاراکرم اداس کی گاڑی پرفائرنگ کامقدمہ درج

    گوجرانوالہ: معروف اسٹیج اداکاراکرم اداس کی گاڑی پر فائرنگ کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز معروف اسٹیج اداکار لاہور سے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل پرسوارملزمان نے ان کی گاڑی پرفائرنگ کی تھی۔

    اسٹیج اداکاراکرم اداس کی گاڑی پرفائرنگ کا مقدمہ گوجرانہ کے تھانہ کینٹ میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں محفل تھیٹرلاہورکے پروڈیسراسحاق کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

    معروف اسٹیج اداکار اکرم اداس کے مطابق پروڈیوسرکے ساتھ کام نہ کرنے پردھمکی آمیزفون آیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات منڈیالہ موڑکے قریب پیش آیا تھا، گاڑی پر6 گولیاں لگیں ،حملے میں اکرم اداس محفوظ رہے۔

    لاہور: اسٹیج اداکاراکرم اداس کی گاڑی پر فائرنگ

    خیال رہے کہ جمعے کو معروف اسٹیج اداکار لاہور سے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل پرسوار نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی پرفائرنگ کی تھی۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو فیصل آباد میں معروف اسٹیج اداکارہ ندا چوہدری کی گاڑی پرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی تھی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہی تھیں۔

    اسٹیج اداکارہ ندا چوہدری کا کہنا تھا کہ میری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔

    اداکارہ نور کو سابق شوہر نے گھر میں گھس کر قتل کردیا

    واضح رہے کہ رواں سال 19 فروری کو ایبٹ آباد میں مقامی اسٹیج ڈانسر اور اداکارہ نور کو سابق شوہر شازی خان نے گھر میں گھس کر قتل کردیا تھا۔

  • منی لانڈرنگ کیس، گواہان کو ہراساں کرنے کا معاملہ، سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ

    منی لانڈرنگ کیس، گواہان کو ہراساں کرنے کا معاملہ، سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ

    کراچی: انسپیکٹر جنرل سندھ(آئی جی) پولیس منی لانڈرنگ کیس کے گواہان کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس نے عدالت کے حکم پر شہر قائد میں منی لانڈرنگ کیس کے گواہوں کو ہراساں  کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا اور ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کا تبادلہ کردیا۔

    آئی جی نے اعلیٰ عہدے سے لے کر ہیڈ محرر تک کی پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کے تبادلے اور برطرفی کا حکم جاری کیا، جن میں ملیر کے ایس پی انویسٹی گیشن بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں دائر  آصف زرداری فریال تالپور اور دیگر کے اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس کے گواہوں کو پولیس کی جانب سےہراساں کیا جارہا تھا ۔

    مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس ، چیف جسٹس نے 29 جعلی اکاونٹس کی فہرست مانگ لی

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او گلستان جوہر اور ہیڈ محرر پر گواہوں کو ہراساں کرنے کا الزام عائد ہوا جس کی بنیاد پر انہیں معطل کیا گیا جبکہ تفتیشی افسران ابھی اس نتیجے پر نہیں پہنچ سکے کہ اہلکار گواہان کو کس کے حکم پر خوف زدہ کررہے ہیں۔

    ایس ایس پی ساؤتھ نے بھی افسران کی جانب سے غیر جانبدار انکوائری پر عہدہ چھوڑدیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ہونے والی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو دن میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے حکم دیا تھا۔

  • کراچی اور فیصل آباد پولیس کی اہم کارروائیاں، 14 ملزمان گرفتار

    کراچی اور فیصل آباد پولیس کی اہم کارروائیاں، 14 ملزمان گرفتار

    کراچی/فیصل آباد: شہر قائد اور پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس نے اہم کارروائیاں کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے چار ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جن سے اسلحہ برآمد ہوا۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ناگن چورنگی فوڈ اسٹریٹ کے قریب کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 2 ڈاکوؤں کی گرفتاری عمل آئی، ملزمان سے دو پستول اور لوٹا گیا سامان اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مزمان کے دو ساتھی موقع پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے گرفتار ملزمان سے تفیش کے بعد چھاپے مارے جائیں گے۔


    رینجرز کی سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں،7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد


    دوسری جانب شہر قائد کے علاقے منگھو پیر میں بھی لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا، ملزمان سے اسلحہ اور شہری سے چھینا گیا سامان بھی برآمد ہوا۔

    علاوہ ازیں فیصل آباد میں پولیس نے پتنگ اور کیمیکل ڈور بنانے والے کارخانوں پر چھاپہ مارتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کارخانوں کے مالکان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، فیکٹری مالکان نے اہلکاروں سے ہاتھاپائی کرنے کی کوشش کی اور پتھراؤ بھی کیا، مذکورہ کارروائیاں مانانوالہ، مغل محلہ اور چار چک روڈ پرکی گئیں۔

  • پولیس اصلاحات ہمیشہ ہی سے عدلیہ کی خواہش رہی ہیں: چیف جسٹس

    پولیس اصلاحات ہمیشہ ہی سے عدلیہ کی خواہش رہی ہیں: چیف جسٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پولیس اورانتظامیہ کےفیصلے عوام پراثرانداز ہوتے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پولیس اصلاحات سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، معاملات نچلی سطح پرحل نہ ہونےپرسپریم کورٹ تک پہنچتے ہیں.

    انھوں نے کہا کہ پولیس اصلاحات ہمیشہ سے ہی عدلیہ کی خواہش رہی ہے، آئی جی سندھ تقرری کیس میں شعیب سڈل نے توجہ دلائی.

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کئی انتظامی اقدامات فیصلے کالعدم قراردینے کی وجہ بنتے ہیں، جن غلطیوں کی نشان دہی کی جاتی ہے، وہ دہرائی جاتی ہیں.


    ڈیموں کی تعمیر کے خلاف سازشیں‌ اور کرپشن کا خاتمہ، چیف جسٹس نے اعلانِ جہاد کردیا


    ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے لئے ماہرین پرمشتمل کمیٹی کی تجاویزکا جائزہ لیں گے، جائزہ لیں گے قانون سازی کے لئے معاملہ پارلیمنٹ بھجوانا ہے یا نہیں.

    چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس اورانتظامیہ کے فیصلے اور اقدامات شہریوں پر براہ راست اثراندازہوتے ہیں، ان میں انصاف اور اعتدال ضروری ہے.

    یاد رہے کہ گذشتہ دونوں چیف جسٹس نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں چالیس سال سے ڈیم نہیں بنے ہم نے ڈیمز کی تعمیر کا حکم دیا تو گلگت بلتستان میں سازشیں شروع ہوگئیں، ہمیں تمام سازشوں کو مل کر کچلنا اور معاشرے سے کرپشن کے ناسور کو ختم کرنا ہوگا۔

  • کوہاٹ میں پولیس کی کارروائی‘ کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کوہاٹ میں پولیس کی کارروائی‘ کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کوہاٹ : صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہرکوہاٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر کوگرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقے لاچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا، حکومت نے اس کے سرکی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی۔

    کوئٹہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار، متعدد وارداتوں کا اعتراف

    خیال رہے کہ رواں سال یکم مئی کو بلوچستان پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی فورس (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی کئی وارداتوں اور خودکش حملوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کیا تھا۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ کا کہنا تھا کہ عبدالرحیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ 20 جون کو کوئٹہ کے علاقے تیرامیل میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے علاقے تیرا میل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔

  • چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    گلگت: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں اسکول نذر آتش کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 کوگرفتارکرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دیامرمیں چلاس کے علاقے تانگیر میں پولیس کی جانب سے اسکولوں کو نذر آتش کرنے کے خلاف آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث تھا جبکہ پولیس نے آپریشن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ اسکولزجلانے میں ملوث عناصرنے ماضی میں سیکیورٹی اہلکاروں کوبھی نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی اداروں کے سرچ آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

    ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے خودکش جیکٹ، دستی بم اوراسلحہ برآمد ہوا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ اب تک 30 مشتبہ افراد گرفتارکیے جا چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرے گی، اسکولزجلانے والوں کوکیفردارتک پہنچائیں گے۔

    فیض اللہ فراق کے مطابق بہت جلد اسکولوں پر حملے کے مرکزی کردار کو بے نقاب کریں گے۔

    دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، اہل کار شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے والے دہشت گردوں کے خلاف تانگیر میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہل کار شہید اور تین زخمی ہوگئے تھے۔

    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    واضح رہے کہ دو روز قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم تعلیم دشمن شرپسندوں نے 12 اسکولوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی تھی۔

  • اب وقت آگیا ہے کہ اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں: نگراں وزیر اعلیٰ کے پی

    اب وقت آگیا ہے کہ اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں: نگراں وزیر اعلیٰ کے پی

    پشاور: نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ دوست محمد خان نے کہا ہے کہ اب وہ وقت آگیا جب ہم اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں، پولیس کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کم وسائل میں دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان کی قربانیوں پر ہم فخر کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا، پرائی جنگ میں ہمارے ملک نے بہت نقصان اٹھایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، پولیس اور عوام نے قربانیاں دیں۔

    دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ سفارتکاری کے ساتھ اب اس جنگ سے جان چھڑانی ہے، دوسروں کی جنگ میں ہم نے اپنی قربانیاں دی ہیں۔


    ملک بھرمیں یوم شہدائے پولیس آج منایا جارہا ہے


    خیال رہے کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔

    یوم شہدائے پولیس کے موقع پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شہید پولیس اہلکاروں کے لیے قرآن خوانی اورتقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پرچیف ٹریفک آفیسرلیاقت ملک نے کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین شہید کی قبرپرپھول چڑھائے اور فاتح خوانی کی۔