Tag: پولیس

  • بھارت میں خاتون سے زیادتی،ڈاکٹر سمیت 2افراد گرفتار

    بھارت میں خاتون سے زیادتی،ڈاکٹر سمیت 2افراد گرفتار

    نئی دہلی: بھارت کی مغربی ریاست گجرات کےاسپتال میں مبینہ طور پر ایک خاتون کے ساتھ ریپ کے الزام میں ڈاکٹر سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں ڈینگی سے متاثرہ زیر علاج خاتون کو ہفتے میں دو مرتبہ نشہ آور دوا دے کر ریپ کا نشانہ بنانے پر اسپتال کے ڈاکٹر سمیت دو ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گاندھی نگر پولیس کے چیف وریندرا یادیو کا کہنا تھا کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ریپ کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرہ خاتون نے بھی ملزمان کو شناخت کرلیا ہے،ملزمان اس وقت پولیس ریمانڈ میں ہیں۔

    india-post-1

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خون کے نمونے حاصل کر کے فرانزک ٹیسٹ کےلیے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ مذکورہ کیس میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔

    انتظامیہ نے ایک جاری بیان میں کہا کہ اسپتال کے جس شعبے میں واقعہ پیش آیا ہے وہاں دن بھر میں اسٹاف کے 14 افراد کام کرتے ہیں اور ان پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نظر رکھی جاتی ہے۔

    india-post-2

    یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہندوستان کے اسپتال میں کسی خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں زیادتی کا شکارکم عمرلڑکی سے دورانِ علاج پھرزیادتی

    رواں سال فروری میں مشرقی ریاست جار کھنڈ کے اسپتال میں ریپ متاثرہ لڑکی کو جاری علاج کے دوران اسپتال ہی کے گارڈ نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    یاد رہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی ایک حالیہ شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق سال 2015 میں ہندوستان میں ریپ کے 34000 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اصل ریپ کی تعداد مذکورہ رپورٹ ہونے والے واقعات سے بہت زیادہ ہے کیونکہ بیشتر متاثرہ گھرانے رسوائی کے خوف سے اس طرح کے کیسز رپورٹ نہیں کراتے۔

  • اسپین میں ٹرین حادثہ،کم از کم 4افراد ہلاک

    اسپین میں ٹرین حادثہ،کم از کم 4افراد ہلاک

    بارسلونا : اسپین کے جنوب مغربی علاقےمیں او پورینو کے قریب ٹرین پٹری سے اتر جانے سے کم از کم چارافرادجان کی بازی ہارگئے۔

    تفصیلات کےمطابق پرتگالی ٹرین میں 60 مسافر سوار تھے جب وہ جمعے کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجےمقامی ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی۔

    حادثے میں ایک بوگی پٹری سے مکمل طور پر اتر گئی جبکہ دو جزوی طور پر اتریں۔حادثے کی بعد علاقے میں امدادی کارروائیوں کا آغازکردیا گیا۔

    خیال رہے کہ جولائی 2013 میں سپین کے اسی علاقے میں ٹرین کا بدترین حادثہ پیش آیا تھا جب تیز رفتار ٹرین سان تیاگو ڈی کومپوستیلا کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی۔

    اس حادثے میں 79 افراد ہلاک اور 170 کے قریب زخمی ہوئے تھے اور حادثے کی وجہ ایک موڑ سے قبل ڈرائیور کی جانب سے بریک لگانے میں ناکامی بتائی گئی تھی۔

    جمعے کو ہونے والے حادثہ بظاہر ایک موڑ کے دوران ٹرین کے ایک پل کے حصے سے ٹکرانے کے دوران پیش آیا۔ہلاک ہونے والوں میں ٹرین کا پرتگالی ڈرائیور بھی شامل ہے۔

    مزید پڑھیں: اٹلی میں دو مسافر ٹرینیں ٹکرانے سے 23افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں اٹلی کے جنوبی علاقے میں دو مسافر ٹرینوں میں ٹکر کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے،حادثہ کوراٹو اور اینڈریا کے علاقوں کے درمیان پیش آیا تھا۔

    واضح رہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد تاحال واضح نہیں ہے تاہم بہت سارے افراد حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔

  • کچھووں کی اسمگلنگ ناکام،3چینیوں سمیت9 افرادگرفتار

    کچھووں کی اسمگلنگ ناکام،3چینیوں سمیت9 افرادگرفتار

    کراچی :شہر قائد میں محکمہ جنگلی حیات اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں 3چینی شہریوں سمیت 9افراد کو حراست میں لے لیا اور ان سے بڑی تعداد میں نایاب کچھوے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی جمعہ کی شب کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کے علاقے خیابان راحت کے ایک مکان میں کی گئی۔محکمہ جنگلی حیات کے انسپیکٹر عظیم کاچھیلو نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    محکمہ جنگلی حیات کےمطابق برآمد کیے گئے کچھووں کی تعداد 600 سے زائد ہے جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کم از کم 5 کروڑ روپے ہوگی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان چینی شہریوں نے اس بارے میں کوئی بھی موقف دینے سے انکار کیا ہے جبکہ دیگر گرفتار چھ ملزمان کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ جو بنگلے کے بالائی حصے میں رہتے تھے جبکہ زیریں حصہ چینی شہریوں کے زیر استعمال تھا۔

    خیال رہے کہ میٹھے پانی کے کچھووں کا شمار نایاب جانداروں میں ہوتا ہے،جن کے شکار اور فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اس سے قبل بھی سندھ کے دریا، کینالوں اور جھیلوں سے ان کچھووں کو پکڑ کر سمگل کرنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی سے نایاب نسل کے 62 کچھوے برآمد

    یاد رہے کہ دو سال قبل چین کی حکومت نے 200 کے قریب میٹھے پانی کے کچھووں کو پاکستان کے حوالے کیا تھا۔یہ کچھوے صوبہ سندھ سے سمگل کیے گئے تھے،جنہیں بعد میں سکھر کے مقام پر دریا سندھ میں چھوڑا گیا تھا۔

    جنگلی اور آبی حیات بین الاقوامی کنونشن کے مطابق اسمگلنگ کے دوران ضبط کی گئی جنگلی اور آبی حیات کو اپنے ہی علاقوں میں چھوڑنا لازمی ہے جس کے لیے چین کی حکومت نے پاکستان کو آگاہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ میٹھے پانی کے کچھوے ماحولیات کے تحفظ کے عالمی ادارے آئی یو سی این کی ریڈ لسٹ میں شامل ہیں اور سندھ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے تحت اس کے شکار کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

  • کراچی: فیصل واوڈا کی ضمانت منظوری کے بعد رہائی

    کراچی: فیصل واوڈا کی ضمانت منظوری کے بعد رہائی

    کراچی: شاہراہ فیصل پر حکومتی کرپشن کے خلاف دھرنا دینے والے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی ضمانت منظور کرلی گئی جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔

    کراچی میں سیشن عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی ضمانت منظور کرلی جس کے بعد فیصل واوڈا کو رہا کر دیا گیا۔ فیصل واوڈا کو رات کو ان کے ملازم کی شخصی ضمانت کے باوجود پولیس نے انہیں صبح تک رہا نہیں کیا تھا۔ کارکنوں کی بڑی تعداد تھانے کے باہر موجود رہی۔

    فیصل واوڈا کی گرفتاری، تحریک انصاف کی مرکزی اور کراچی قیادت میں اختلاف *

    تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو گزشتہ روز شارع فیصل پر دھرنا دینے پر گرفتار کر کے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فیصل واوڈا نے گذشتہ روز ذاتی حیثیت میں شروع کی گئی مہم کے دوران حکومت کے خلاف شارع فیصل پر دھرنا دیا۔ دھرنے کے باعث ٹریفک جام ہونے پر ایس ایس پی راؤ انوار پولیس نفری کے ساتھ پہنچےاور انہیں گرفتار کر لیا۔

    دھرنے کے باعث شارع فیصل پر 5 گھنٹے تک ٹریفک جام رہا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج بھی کیا۔

    فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس ایس پی راؤ انوار *

    دوسری جانب ایئرپورٹ تھانے پر فیصل واوڈا کی رہائی سے متعلق تفصیلات جاننے کی کوشش کرنے والے صحافیوں پر بھی پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا اور انہیں دھکے دے کر تھانے سے باہر نکال دیا۔

  • سپرہائی وے پر ٹریفک حادثہ،3افراد جھلس کر جاں بحق

    سپرہائی وے پر ٹریفک حادثہ،3افراد جھلس کر جاں بحق

    کراچی: سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب آئل ٹینکر کا ٹائر پھٹنے سے متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ حادثے کے باعث گاڑیوں میں آتشزدگی سے 3افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب آئل ٹینکر کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پیچھے سے آنے والی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

    آئل ٹینکر میں پٹرول ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے دیگر گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا،آتشزدگی کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں گاڑیوں سے لدا ہوا ایک ٹرالر بھی شامل ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث لگنے والی آگ سے متاثرہ ایک گاڑی سے 3افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 4 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    حادثے کے باعث سپر ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے روک دیا گیا ہے جس کے باعث شدید ٹریفک جام ہو گیا ہے۔

    گاڑیوں میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے فائر ٹینڈر کو موقع پر روانہ کردیا گیا ہے تاہم ٹریفک جام کے باعث فائر بریگیڈ حکام کو آگ بجھانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

  • چرچ میں پوکے مون گیم کھلینے پر روسی بلاگر گرفتار

    چرچ میں پوکے مون گیم کھلینے پر روسی بلاگر گرفتار

    ماسکو: روس میں ایک بلاگر کو چرچ میں اپنے سمارٹ فون پر پوکےمون گو گیم کھیلنے کے جرم میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے شہر یکیٹرنبرگ کی مقامی عدالت نے کہا کہ چرچ میں پوکےمون گو گیم کھیلنے والے شخص نے رہائی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

    روسی پولیس نے 21 سالہ روسی بلاگر روسلن سوکولوسکی کو اس وقت گرفتار کیا جب انہوں نے آرتھوڈاکس چرچ میں پوکےمون گیم کھیلتے ہوئے اپنی ویڈیو بنائی۔

    روسلن سوکولوسکی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مذہبی عقائد کا مذاق اڑایا ہے۔

    مزید پڑھیں: مقبول ترین موبائل ویڈیو گیم ’پوکی مون گو‘ کھیلنا حرام قرار

     پوکےمون گو میں لوگ اپنے اسمارٹ فون کی کیمرا ایپ کی مدد سے اصل دنیا میں چھپے پوکیمون کے غیرحقیقی کردار ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں.یہ گیم دنیا بھر میں نے پناہ مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔

    مزید پڑھیں: ایران نے پوکے مون گو گیم کھیلنے پر پابندی لگادی

    تحقیق کارروں اور چرچ اہلکاروں نے کہا ہےکہ روسلن سوکولوسکی کو چرچ میں ویڈیو بنانے پرگرفتار کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ جولائی میں روسی ٹی وی پر پوکےمون گو گیم کھیلنے والوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ چرچ میں گیم کھیلنے کی صورت میں وہ تین سال کے لیے جیل جا سکتے ہیں۔

  • افغانستان میں امدادی ادارے پر حملہ،1شخص جاں بحق

    افغانستان میں امدادی ادارے پر حملہ،1شخص جاں بحق

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک امدادی ادارے پر ہونے والے بم حملے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کابل میں ایک خود کش حملہ آور نے کیئر نامی تنظیم کو نشانہ بنایا جس کے بعد مسلح افراد عمارت میں داخل ہو ئے
    جس پر پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کےنتیجے میں تینوں حملہ آورمارےگئے۔

    اس حملے سمیت گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کابل میں چار بم حملے ہو چکے ہیں اس سے پہلے پیر کو وزارتِ دفاع کے قریب دو دھماکوں میں کم سے کم 24 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی تھے۔

    مزیدپڑھیں: کابل میں دو دھماکے، 24 افراد ہلاک، 93 زخمی

    کابل میں وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ پہلا دھماکہ ہونے کے بعد جب سکیورٹی فورسز اور عام افراد لوگوں کی مدد کے لیے پہنچے تو اُسی وقت دوسرا دھماکہ ہو گیا۔

    وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ اس حملے میں فوج کے جنرل سمیت پولیس کے دو سینیئر افسران بھی مارے گئے تھے۔

    دھماکہ اُس وقت ہوا جب دفتری اوقات ختم ہونے کے بعد ملازمین دفتر سے نکل رہے تھے.ان دھماکوں کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

  • ایس ایچ اوکو قتل کرنے والا اہلکار پولیس فائرنگ سے جاں بحق

    ایس ایچ اوکو قتل کرنے والا اہلکار پولیس فائرنگ سے جاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ اور جوابی فائرنگ میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افرادجاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر میں مغربی بائی پاس کے علاقے نیو انڈسٹریل پولیس اسٹیشن کے پولیس کانسٹیبل نے تھانے کے ایس ایچ او نور بخش مینگل پر تھانے کے اندر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او اور ان کا ایک مہمان جان کی بازی ہارگئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبل نے فائرنگ کے بعد اپنے آپ کو حوالے کرنے کی بجائے تھانے کے باہر مورچہ زن ہوگیا اور وہاں سے فائرنگ کرتا رہا جس پر دوسرے پولیس اہلکاروں نے اسے گولی ماری جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے دیگر ذرائع نے بتایا کہ جس کانسٹیبل نے ایس ایچ او کوقتل کیا اس کو کچھ عرصہ بیشتر ایران سے متصل پنجگور کے علاقے سے کوئٹہ ٹرانسفر کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل پولیس کانسٹیبل اور ایس ایچ او کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان نے آئی جی پولیس کو واقعے کی تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • کراچی: عمران خان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر کا دورہ

    کراچی: عمران خان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر کا دورہ

    کراچی: عمران خان نے صدر زینب مارکیٹ میں واقع اے آر وائی نیوز کے دفتر کا دورہ کیا۔ انہوں نے 22 اگست کو اے آر وائی نیوز کے دفتر پر ہونے والے حملہ کی سخت مذمت کی۔ دورے کے دوران انہوں نے دفتر کے عملہ سے ملاقات بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کراچی پہنچے ہیں جہاں آج شام وہ نشتر پارک میں ’پاکستان زندہ باد‘ جلسہ سے خطاب کریں گے۔

    آج صبح عمران خان نے ضلع ساؤتھ کے چیئرمین منصور شیخ کی رہائش گاہ پر پرتکلف ناشتہ کیا۔ ناشتے کی تیاری کے لیے ماہر خانساماں کو خصوصی طور پر لاڑکانہ سے بلایا گیا۔ ناشتہ کے بعد عمران خان پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کریں گے جس کے بعد ایدھی ہوم کلفٹن کا دورہ اور لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کے گھر تعزیت کے لیے بھی جائیں گے۔

    دوسری جانب عمران خان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے 6 بار پنجاب پر حکومت کی، لیکن کیوں وہ پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرنے اور میرٹ پر چلانے میں ناکام رہی، کیا پولیس مسلم لیگ ن کے عسکری ونگ میں تبدیل ہوچکی ہے؟

    اس موقع پر باتھ آئی لینڈ میں عمران خان کی آمد کے وقت کارکنوں میں شدید بدنظمی دیکھی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے عارف علوی اور علی زیدی سمیت متعدد رہنماؤں کو اندر جانے سے روک دیا۔

    بعد ازاں عمران خان اے آر وائی نیوز کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین اے آر وائی گروپ جان محمد، گروپ ڈائریکٹر اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک  محبوب عبدالرؤف، بیورو چیف ایس ایم شکیل اور دیگر عملہ سے ملاقات کی۔ عمران خان کے ساتھ جہانگیر ترین، علی زیدی، عمران اسمعٰیل اور تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

    imran-post-1

    imran-post-2

    imran-post-3

    imran-post-4

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو آگے بڑھانے میں سب سے بڑا ہاتھ میڈیا کا ہاتھ ہے۔ میڈیا تحریک انصاف کے ساتھ بھی کھڑا ہوا، اگر یہ ہمیں کوریج نہ دیتا تو تحریک انصاف کے لیے حالات آج ایسے نہ ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کو روکنے کے 2 طریقہ ہیں۔ یا تو اسے خریدا جائے یا اس پر حملے کروائے جائیں۔ نواز حکومت میڈیا کو خریدنے کی عادی ہے تاکہ اس کی چوریاں اور ڈاکے عوام سے چھپے رہیں۔

    انہوں نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرا قائد ایم کیو ایم کو پیغام ہے کہ ظلم و دہشت کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ عوام مردہ باد کے نعرے لگانے والوں کو مسترد کر چکی ہے۔ سب جانتے ہیں کہ ملک ہوگا تو ہم ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور اے آر وائی نیوز کے عملہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    عمران خان آج شام نشتر پارک میں ’پاکستان زندہ باد‘ جلسہ سے خطاب کریں گے۔

  • خیبر پختونخواہ اور فاٹامیں دہشت گردی کے واقعات،3اہلکار جاں بحق

    خیبر پختونخواہ اور فاٹامیں دہشت گردی کے واقعات،3اہلکار جاں بحق

    پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور قبائلی علاقےفاٹا کی مہمند ایجنسی میں دہشت گردی کے واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے ان واقعات میں بارودی سرنگ کے دھماکوں میں پولیس،خاصہ دار فورس اور بم ڈسپوزل یونٹ کے 3 اہلکار شہید ہوئے.

    پولیس کا کہنا تھا کہ پشاور میں پاجاگی روڈ کے علاقے میں متھرا تھانے کی پولیس وین کے قریب ایک بم دھماکا ہوا۔

    واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن پشاور عباس مجاہد مروت نے بتایا کہ پولیس موبائل روٹین کے گشت پر تھی جب اسے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا،جس کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی جبکہ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا.

    واقعے میں زخمی ہونے والے راہ گیر کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے.

    پولیس کے سینئر افسر کا کہنا تھا کہ بم میں 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی.

    دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں سیکورٹی اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا،جس کے نتیجے میں بی ڈی یو کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

    زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کےلیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا.

    بارودی سرنگ کا دوسرا دھماکہ مہمند ایجنسی کے علاقے چمر کنڈ میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاصہ دار فورس کا اہلکار جان کی بازی ہارگیا.