Tag: پولیس

  • بھارت میں اعضا کی خرید و فروخت کرنے والے ڈاکٹرز گرفتار

    بھارت میں اعضا کی خرید و فروخت کرنے والے ڈاکٹرز گرفتار

    ممبئی: بھارتی پولیس نے ممبئی کے ایک اسپتال کے سربراہ اور 4 ڈاکٹرز کو اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت کے جرم میں گرفتار کرلیا۔

    یہ کارروائی ممبئی کے ایل ایچ ہراندانی اسپتال میں کی گئی۔ پولیس کے مطابق انہوں نے گردوں کی پیوند کاری کا ایک آپریشن بھی عین موقع پر رکوا دیا۔ یہ آپریشن جعلی کاغذات کی بنیاد پر کیا جارہا تھا جس میں گردے عطیہ کرنے والی خاتون اور گردہ لگوانے والے شخص کو شادی شدہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق گردہ عطیہ کرنے والی خاتون کو گردہ کا معاوضہ ادا کیا گیا تھا۔

    بھارت میں حاملہ خواتین کے لیے خصوصی بائیک ایمبولینس *

    بھارت میں نقص نمو کے شکار بچوں کی تعداد سب سے زیادہ *

    مودی کی حاملہ خواتین کے مفت علاج کی ہدایت *

    واضح رہے کہ بھارت میں اعضا کی خرید و فروخت جرم ہے اور صرف عزیز و اقارب ہی ایک دوسرے کو اپنے اعضا عطیہ کر سکتے ہیں۔ انجان افراد کو حکومت کی جانب سے قائم ایک خصوصی کمیٹی کی اجازت درکار ہوتی ہے جس کے بعد ہی وہ اپنے اعضا عطیہ کرسکتے ہیں۔

    پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے اسپتال کے چیف ایگزیکٹو اور 4 ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا ہے جو اس جرم میں ملوث تھے۔ یہ لوگ اس سے قبل بھی پیسوں کے عوض کئی افراد سے ان کے گردے خرید چکے ہیں۔

    اس سے قبل بھی بھارتی پولیس نئی دہلی کے ایک اسپتال میں اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کر چکی ہے۔ یہ گروہ ثبوت کے طور پر جعلی کاغذات دکھاتا تھا جس میں اعضا عطیہ کرنے والے اور لینے والے افراد کو رشتہ دار بتایا جاتا تھا۔

  • کراچی میں پولیس کا پہلا کومبنگ آپریشن ، 44 افراد زیر حراست

    کراچی میں پولیس کا پہلا کومبنگ آپریشن ، 44 افراد زیر حراست

    کراچی: سانحہ کوئٹہ سول اسپتال کے بعد کراچی پولیس کا پہلا کومبنگ آپریشن ، 44 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    ایس پی اورنگی علی آصف کے مطابق کومبنگ آپریشن سرجانی خدا کی بستی اور اطراف کے علاقوں میں کیا گیا، جس میں ویسٹ زون پولیس کی بھاری نفری اور ریزرو پولیس کے اہلکاروں کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

    ایس پی اورنگی علی آصف کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش کی جارہی ہے، دوسری جانب غوثیہ کالونی میں رینجرز کا سرچ آپریشن کے دوران تلاشی کا عمل جاری ہے۔

    لیاقت آباد سے بھتہ خور گرفتار

    دوسری جانب رینجرز نے لیاقت آباد سے ایک بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق بھتہ خور کو لیاقت آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم فہیم احمد بھتہ خوری کی مد میں رقم کی فراہمی کے لیے مختلف لوگوں کو دھمکیاں دیتا تھا، شہری کی شکایت پر رینجرز نے کارروائی کی اور بھتہ خور کو گرفتار کیا۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ شہری 1101 پر ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع دے سکتے ہیں جس پر رینجرز فوری کارروائی کرے گی۔

  • بھارتی ریاست راجستھان میں اسکول بس دریا میں جا گری

    بھارتی ریاست راجستھان میں اسکول بس دریا میں جا گری

    نئی دہلی : بھارتی ریاست راجستھان میں اسکول بس پاکلا دریا میں جا گری تاہم مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تمام بچوں کو باحفاظت نکال لیا.

    تفصیلات کےمطابق بھارتی ریاست راجستھان میں پرائیویٹ اسکول کی بس بچوں کو لےکر اسکول آرہی تھی کہ پاکلا دریا پر پل عبور کرتے ہوئےدریا میں جا گری.

    واقعے کے بعد بس میں موجود18 بچے پھنس گئے تاہم مقامی افراد نے بس کا سامنے والا شیشہ توڑ کر بچوں کو باحفاظت باہر نکال لیا.

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اچاریہ ودیا ساگر سیکنڈری اسکول بس کے ڈرائیور نے دریا پر تعمیر ایک چھوٹے پل سے گاڑی کو گزارنے کی کوشش کی.

    پولیس کے مطابق پل کے گرد جنگلے بھی نہیں لگے تھے اور دریا میں سیلابی صورت حال کی وجہ سے پل پر دو فٹ تک پانی موجود تھا جس وجہ سے ڈرائیور کو پل کے ٹریک کا اندازہ نہیں ہو سکا اور بس دریا میں جا گری.

    حادثے کے بعد بس کا سامنے والا حصہ کسی چیز سے جا ٹکرایا جس وجہ سے بس پوری طرح دریا میں نہیں ڈوبی تاہم دیہاتیوں کے خبردار کرنے کے باوجود غفلت برتنے پر بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا.

  • لاہور کے علاقے بند روڈ سے تیرہ سالہ لڑکا اغوا

    لاہور کے علاقے بند روڈ سے تیرہ سالہ لڑکا اغوا

    لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے بند روڈ کے قریب سے تیرہ سالہ لڑکا لا پتہ ہوگیا،لواحقین نے احتجاجی مظاہرہ کر کے بند روڈ بلاک کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ بند روڈ پر ازان نوید نامی تیرہ سالہ لڑکا گذشتہ رات گھر سے نکلا لیکن واپس نہیں آیا.لواحقین نے بچے کے لا پتہ ہونے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر بند روڈ کو بلاک کر دیا.

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ لاہور میں لا پتہ ہونے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،پولیس ان کے گمشدہ بیٹے کی بازیابی کے لیے کوشش کرے.

    یاد رہے کہ رواں ماہ تین روز قبل لاہور کے علاقےسمن آباد سے تیرہ سالہ بچہ پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیاتھا.اہل خانہ کے مطابق امان موٹر سائیکل پر گھر سےنکلا مگر کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد واپس گھر نہ آیا.

    *لاہور : بچوں کے اغواء کا معاملہ، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں‌ بینچ تشکیل

    گزشتہ ماہ چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کی ہدایت پر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بچوں کے اغوا کیس کی سماعت کے لیے بینچ تشکیل دیا گیا تھا.

    *پنجاب کے مختلف علاقوں سے چھ ماہ میں 652 بچے اغواء سرکاری رپورٹ جاری

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی کے مہینے میں پنچاب پولیس کی جانب سے اغوا کیے گئے بچوں کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ چھ ماہ کے دوران مختلف علاقوں سے 652 بچے اغوا ہوئے۔

     

     

  • بیلجیئم میں پولیس پر حملہ دہشت گردی کا واقعہ ہے،وزیراعظم چارلس مائیکل

    بیلجیئم میں پولیس پر حملہ دہشت گردی کا واقعہ ہے،وزیراعظم چارلس مائیکل

    برسلز: بیلجیئم کے وزیراعظم چارلس مائیکل نےشارلروآ شہر میں مسلح شخص کے پولیس پر حملے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے.

    تفصیلات کےمطابق بیلجیئم کے شہر شارلروآ میں حکام کے مطابق خنجر سے مسلح حملہ آور نے دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا،حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی حالت خطرہ سے باہر ہے.

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے شارلروآ کے مرکزی پولیس اسٹیشن کے باہر پولیس اہلکاروں پر خنجر سے حملہ کرتے وقت ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگایا،پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا.

    اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والے دو اہلکاروں میں سے ایک خاتون ہے اور انہیں اپنے ساتھی اہلکار سے زیادہ زخم آئے ہیں.

    پولیس کی جوابی فائرنگ میں زخمی ہونے والے مسلح حملہ آور اسپتال میں دم توڑ گیا.

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ جولائی کی 30 تاریخ کو بیلجیئم میں انسداد دہشت گردی کے ایک آپریشن میں دو بھائیوں کو ملک میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے پرگرفتار کیا گیا تھا.

    واضح رہے کہ بیلجیئم میں مارچ کے ماہ میں ایئرپورٹ اور میٹرو سٹیشن پر ہونے والے حملے میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے تھے،حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی.

  • کوئٹہ: سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن،40افراد گرفتار

    کوئٹہ: سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن،40افراد گرفتار

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 40 افراد کوگرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا.

    تفصیلات کے مطابق ایف سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سی اور پولیس نے کوئٹہ کے علاقوں سریاب اور کلی اسماعیل میں سرچ آپریشن کے دوران 40مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا.

    بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے 14اگست اور 23 مارچ کی مناسبت سے سرکاری سطح پر بڑے پیمانے پر تقاریب کا انعقاد کے قبل سکیورٹی آپریشن کیے جاتے ہیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جاتی ہیں.

    اس سال بھی اگست کے مہینے کے آغاز سے کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے.

    بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے اگست کے مہینے کی جو علامتی اہمیت ہے اس کو ریاست دشمن عناصر سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں.

    انہوں نے کہا کہ ’ہمارے لوگ بلوچستان کے طول عرض میں یوم آزادی کو جوش و خروش سے مناتے ہیں.جب ریاست دشمن عناصر ان کو سبوتاژ کرنے کے لیے اپنی کاروائیوں کی منصوبہ کرتے ہیں تو پھر سیکورٹی فورسز انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن کرتے ہیں۔‘

    *گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی اداروں کومبارکباد

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو پر امن صوبہ بنانے کےلیے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دن رات دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیا ں کررہے ہیں.

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام اپنی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس کی بدولت آج صوبے میں امن وامان قائم ہے.

  • کراچی : نامعلوم افراد کی فائرنگ،ہندو ڈاکٹر ہلاک

    کراچی : نامعلوم افراد کی فائرنگ،ہندو ڈاکٹر ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پاک کالونی میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے 56 سالہ ڈاکٹر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ اختر فاروق کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر پریتم داس،حسرت موہانی کالونی میں اپنے کلینک میں موجود تھے جب ان پر حملہ کیا گیا.

    انہوں نے کہا کہ جس وقت ڈاکٹر پر حملہ کیا گیا،ان کا اٹینڈنٹ اس وقت موبائل کارڈ خریدنے گیا ہوا تھا،جبکہ ڈاکٹر کو سینے میں گولی ماری گئی.

    ان کا کہنا تھا کہ گولی کی آواز سن کر اسسٹنٹ کلینک پہنچا،جہاں اس نے ڈاکٹر کو خون میں لت پت دیکھا جس کے بعد اس نے اپنے دوست کی مدد سے انہیں رکشہ کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا.

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ اطلاع ملنے پر ڈاکٹر کے بیٹے مُکیش کمار اسپتال پہنچے اور انہوں نے اپنے والد کو آغا خان اسپتال منتقل کیا،جہاں ڈاکٹر پریتم داس دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے.

    ان کا کہنا تھا ملزم ڈاکٹر کی کوئی بھی قیمتی اشیا نہیں لے گئے،جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے.

    پاک کالونی کی پولیس نے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈاکٹر کے بیٹے کی مدعیت میں تحت درج کرلیا.

  • نکوسیا : قبرص میں چھ کروڑ سے زائد مالیت کی کوکین برآمد

    نکوسیا : قبرص میں چھ کروڑ سے زائد مالیت کی کوکین برآمد

    نکوسیا: قبرص کی پولیس نے کارروائی کرکے چھ کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی 156 کلو گرام کوکین برآمد کرکے قبضے میں لے لی.

    تفصیلات کے مطابق اتنی بڑی مقدار میں کوکین ساحلی شہر لیماسول کے قریب ایک ویئر ہاؤس سے برآمد کی گئی،جو وہاں موجود الیکٹرک جنریٹرز کے فیول ٹیکس میں چھپائی گئی تھی.

    لیماسول کے پولیس چیف کا کہنا تھا کہ یہ کوکین جنوبی امریکا،ممکنہ طور پر چلی سے آئی تھی،انہوں نے کہا کہ یہ کوکین نیدرلینڈز سمیت کئی یورپی ممالک سے ہوتی ہوئی قبرص پہنچی،لیکن کسی ملک میں اس کا پتہ نہیں لگایا گیا.

    پولیس چیف نے مزید کہا کہ یہ اب تک ملک میں برآمد کی جانے والی کوکین کی سب سے زیادہ مقدار ہے،مارچ 2015 میں 100 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی تھی.

    اتنی بڑی مقدار میں کوکین برآمد کیے جانے کے بعد ویئرہاؤس کے 53 سالہ مالک کو حراست میں لے لیا گیا،جنریٹرز کا آرڈر دینے والی کمپنی کے ڈائریکٹر کے وارنٹ گرفتاری کردیئے گئے،تاہم ملک سے باہر ہونے کے باعث اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی.

  • بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آوران میں فائرنگ،بچی سمیت دو افراد جاں بحق

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آوران میں فائرنگ،بچی سمیت دو افراد جاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آواران میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں کم از کم ایک بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق مسجد روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے،زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاکر جان کی بازی ہار گیا.

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس دکان پر فائرنگ کی گئی وہ پلاسٹ کی تھیلیاں فروخت کرنے والی دکان تھی لیکن اس وقت اس پر پرچم بھی فروخت کیے جارہے تھے.

    دوسری جانب بلوچستان کے ضلع آواران میں لیویز فورس کے ایک اہلکار کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا،حملے کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوئے.

    یاد رہے کہ آواران کے علاقے مشکے میں گذشتہ روز فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے.

    واضح رہے کہ دو روز قبل بھی اسی ضلع کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات محکمہ تعلیم کا ایک افسر اور ایک ریٹائرڈ ٹیچر جان کی بازی ہار گئے تھے.

  • کوئٹہ دکان پر فائرنگ 1 شخص جاں بحق 3 زخمی

    کوئٹہ دکان پر فائرنگ 1 شخص جاں بحق 3 زخمی

    کوئٹہ : مسجد روڈ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی دکان پر شدید فائرنگ، ایک شخص جاں بحق 3 افراد زخمی اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے دکان کے قریب بیٹھے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کاتاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مسلح افراد دکان پر فائرنگ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہوگئے تاہم سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نور احمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے تینوں افراد کی حالت تشیویشناک ہے۔

    مزید پڑھیں :  بلوچستان سے 6 خطرناک دہشت گرد گرفتار، کوئٹہ دھماکوں کا اعتراف

    وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پولیس حکام کو دہشت گردوں کو ہر صورت گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    واضح رہے گزشتہ روز وزیرداخلہ بلوچستان نے گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے اُن کے اعترافی بیان کو سامنے رکھا تھا، سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ’’دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے کوئٹہ میں دہشت گردی کے لیے رقم مہیا کی گئی تھی، گرفتار ملزمان نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دھماکوں کا بھی اعتراف کیا تھا‘‘۔