Tag: پولیو کی خبریں

  • لاہور میں دوبارہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا حکم

    لاہور میں دوبارہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا حکم

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے انسداد پولیو سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لاہور میں دوبارہ مہم شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیر صحت پنجاب کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں یاسمین راشد نے لاہور میں دوبارہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا حکم دیا۔

    پنجاب کی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ لاہور کے وہ علاقے جو پولیو وائرس سے متاثرہ ہیں، ان میں انسداد پولیو مہم رواں ماہ مئی میں دوبارہ شروع کی جائے گی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا، انھوں نے کہا پنجاب بھر میں حالیہ انسداد پولیو مہم میں مثبت نتائج حاصل کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کلیدی کردار ادا کیا، اب لاہور کی متاثرہ یوسیز میں مؤثر انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ 2 مئی کو صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آیا تھا، رواں برس یہ لاہور میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا پولیو کیس تھا جب کہ ملک بھر میں مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 10 ہو چکی ہے۔

    قومی انسداد پولیو پروگرام نے بتایا تھا کہ لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

  • مردان کے گٹر کے پانی میں‌ پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    مردان کے گٹر کے پانی میں‌ پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    مردان: خیبر پختو ن خوا کے سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر 22 اپریل سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

    گزشتہ دن سینئر صوبائی وزیر کے پی کے محمد عاطف خان نے اپنے حجرے مردان ہاؤس میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر 22 اپریل سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

    افتتاح کے بعد سینئر وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم اپنے حجرے سے شروع کیے جانے کا مقصد یہ ہے کہ مردان میں گٹر کے پانی سے جو نمونے ٹیسٹ کیے ہیں ان میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قبائلی ضلع مہمند میں انسداد پولیو ورکر کو قتل کردیا گیا ، ایک ملزم گرفتار

    انھوں نے مردان میں 22 اپریل سے شروع ہونے والی پولیو مہم کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مردان میں 2014 کے بعد پولیو کا کوئی کیس نہیں لیکن ہمیں بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ گٹر کے پانی سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس مثبت آ رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ دس بیماریوں کے خلاف ضروری ٹیکہ جات کو بہتر بنایا جائے، اگر کہیں یہ دس بیماریوں کے ٹیکے نہیں لگائے جا رہے ہیں تو وہاں کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ محکمہ صحت کے اسٹاف سے تعاون کریں۔

    یاد رہے کہ 8 اپریل کو خیبر پختون خوا کے قبائلی علاقے کے ضلع مہمند میں واجد نامی انسداد پولیو ورکر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔