Tag: پولیو مہم

  • ہاتھ پاؤں سے معذور حلیمہ بی بی پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم

    ہاتھ پاؤں سے معذور حلیمہ بی بی پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم

    کوئٹہ: قومی مقصد کے لئےجذبہ سچا ہو تو جسمانی معذوری اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، اور یہ کوئٹہ کی حلیمہ بی بی نے کر دکھایا ہے۔

    کوئٹہ کے علاقے غوث آباد کی رہائشی حلیمہ بی بی تین سال کی عمر میں شدید بیمار ہوئیں، اسی دوران ان پر پولیو نے
    حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کا دائیں ہاتھ اور پاؤں بری طرح متاثر ہوا۔

    والد بھی جلد دنیا سے رخصت ہوگئے، تمام تر تکالیف اور دشواریوں کے باوجود حلیمہ بی بی پچھلے تین سال سے پولیو کی ہر مہم میں رضاکارانہ طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں، پولیو مہم کے دوران وہ اسپتال او مارکیٹوں میں جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلارہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حلمیہ بی بی کا کہنا تھا میری تمام والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، تاکہ وہ میری طرح معذوری کا شکار نہ ہوں۔

    اس موقع پر حلیمہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی کا متاثرہ پاؤں مزید کمزور ہوتا جارہا ہے، پولیو مہم کے دوران معمولی اجرت ملتی ہے، میری حکومت سے گزارش ہے کہ میری بیٹی کا علاج کرایا جائے اور اسے سرکاری نوکری فراہم کی جائے، تاکہ وہ سکون سے اپنا کام سر انجام دے سکیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ میں پولیو کی شکار لڑکی کا کارنامہ

    حلیمہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم تین بہن بھائی ہیں، بھائی کی واحد کمائی سے گھر کے اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں ہے اور مجھ پر پولیو ورکرز کے ادائیگی نہ کرنے کا بھی دباؤ ہے، مگر میں اس مشن سے الگ نہیں ہونا چاہتی ، ملک سے پولیو کا خاتمہ میرا مشن ہے۔

  • ملک بھر میں 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    ملک بھر میں 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد: ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، قومی انسداد پولیو مہم 21 سے 25 ستمبر تک جاری رہے گی، مہم میں 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، قومی انسداد پولیو مہم 21 سے 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ مہم میں 3 روز اور 2 روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیزمیں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہوگی۔

    قومی انسداد پولیو مہم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں ہوگی، مہم میں 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن ہوگی جبکہ مہم میں 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز حصہ لیں گے۔

    ملک بھر میں 26 ہزار 384 ایریا انچارج، 8 ہزار 434 یو سی میڈیکل آفیسرز، 2 لاکھ 17 سو 99 موبائل، 10 ہزار 243 فکس اور 11 ہزار 714 ٹرانزٹ ٹیمز مہم کا حصہ ہوں گی۔

    خیبر پختونخواہ

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 65 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبے میں 28 ہزار 528 ٹیمیں مہم میں حصہ لیں گی۔

    ای او سی حکام نے والدین سے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

    خیبر پختونخواہ پولیو کیسز کی شرح کے حوالے سے پہلے نمبر پر رہا ہے، اب تک صوبے میں 22 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    سندھ

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں رورل ہیلتھ مرکز پر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر، سندھ میں پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا۔ کراچی میں سپر ہائی رسک یو سیز پرخصوصی توجہ دی جائے۔

    صوبہ سندھ میں رواں برس 22 پولیو کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔

    بلوچستان

    صوبہ بلوچستان کے بھی تمام 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    صوبے میں انسداد پولیو مہم میں 10 ہزار 585 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، رواں سال بلوچستان میں پولیو کے 19 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    پنجاب

    پنجاب میں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں 2 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم میں 44 ہزار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

    پنجاب پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں طویل وقفوں سے وائرس بڑے شہروں میں پھیل رہا ہے۔ پنجاب میں رواں سال ریکارڈڈ پولیو کیسز کی تعداد 9 ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں رواں برس پولیو کے 72 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ قومی انسداد پولیو پروگرام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

    5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد ہوگا۔

  • سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی / لاہور: صوبہ سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، دوںوں صوبوں میں مہم کا افتتاح وزرائے اعلیٰ مراد علی شاہ اور عثمان بزدار نے کیا۔

    سندھ اور پنجاب میں 3 روزہ پولیو مہم جاری رہے گی جبکہ ایک روز کیچ اپ ڈے ہوگا، کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم ہوگی جبکہ 2 دن کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    بلوچستان اور آزاد کشمیر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 17 اگست سے ہوگا، بلوچستان کے 25 اضلاع میں 21 لاکھ بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد ہوگا، انسداد پولیو ٹیموں کو کرونا ایس او پیز سے متعلق تربیت دی جا چکی ہے۔ پولیو ورکرز ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز اور ٹشو کے استعمال سمیت سماجی فاصلے کا خیال رکھیں گے۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، وٹامن اے کے قطرے 6 ماہ سے 6 سال تک کے بچوں کو پلائے جائیں گے۔ وٹامن اے سے بچوں میں وبائی امراض کے خلاف قوت مدافعت بڑھے گی۔

  • خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے 21 اضلاع میں 45 لاکھ 62 ہزار بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلائی جائیں گی۔

    مہم کے لیے 19 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 17859 موبائل اور 1237 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں، واضح رہے کہ کرونا کی وجہ سے 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، 21 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

    وزیراعظم کا بل گیٹس سے رابطہ، کورونا صورتحال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ تمام طبقات کو پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں دونوں رہنماؤں نے کرونا صورت حال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو کی۔ وزیر اعظم نے انسداد پولیو کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • پولیو مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، انسداد پولیو پروگرام

    پولیو مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، انسداد پولیو پروگرام

    اسلام آباد: انسداد پولیو پروگرام کے حکام کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

    انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پولیو مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، مہم میں 94 فیصد بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں،مہم کے دوران سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔

    پولیو مہم کراچی، فیصل آباد، اٹک، جنوبی وزیرستان اور کوئٹہ میں چلائی گئی، پولیو ورکرز کو مہم سے پہلے کرونا سے بچاؤ کے لیے تربیت دی گئی۔

    انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پولیو مہم پرامن طریقے سے مکمل ہوئی، سیکورٹی اداروں نے پرامن انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا،آئندہ بھی اہداف کے حصول میں تعاون کی امید ہے۔

    ترجمان قومی انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ رواں سال اگست اور ستمبر میں بڑے پیمانے پر تیار ی ہو رہی ہے،اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں قومی مہمات شروع ہوں گی۔

  • پولیو مہم: لاہور، فیصل آباد، اٹک اور جنوبی وزیرستان میں 4 لاکھ 36 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے

    پولیو مہم: لاہور، فیصل آباد، اٹک اور جنوبی وزیرستان میں 4 لاکھ 36 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے

    اسلام آباد: ملک بھر میں انسداد پولیو پروگرام جاری ہے، لاہور، فیصل آباد اور اٹک میں پہلے 4 روز کے دوران 3 لاکھ 58 ہزار بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے۔

    ترجمان قومی انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کا دورانیہ بڑھانے کی خبر درست نہیں، خصوصی انسداد پولیو مہم کی مدت 20 سے 25 جولائی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے تحت آج بھی قطرے پلائے جا رہے ہیں، مہم کے دوران اب تک وزیرستان میں 78 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    20 جولائی سے شروع ہونے والی مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیس ورکرز پر مشتمل 609 ٹیموں نے سماجی فاصلہ رکھ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے، ٹیموں کو فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور تمام پی پی ایز بھی فراہم کی گئی تھیں، یہ مہم آج اختتام پذیر ہوگی۔

    ادھر پنجاب کے تین اضلاع میں کیچ اپ کا دوسرا روز ہے، لاہور، فیصل آباد اور اٹک میں پہلے 4 روز کے دوران 3 لاکھ 58 ہزار بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے، فیصل آباد میں 251000 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

    انسداد پولیو پروگرام کے مطابق اٹک میں 55 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، لاہور میں 4 روز کے دوران 53000 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، باقی بچوں کو آج قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

  • تیسرا روز: پولیو ورکرز ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر پہنچنے لگے

    کراچی: ملک کے مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم تیسرے روز بھی جاری ہے، پولیو ورکرز مکمل ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر جا رہے ہیں، اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج ملک کے مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا تیسرا روز ہے، بچوں کو پلائے جانے والے پولیو کے دو بوند نہ صرف اپنے بچوں کی خاطر، اپنے گھر کی خاطر ہیں بلکہ یہ پاکستان کی خاطر ہیں۔

    بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے تربیت یافتہ رضا کار ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر جا رہے ہیں، کراچی میں بلدیہ، اورنگی، نارتھ نآظم آباد اور لیاقت آباد میں 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں جا رہے ہیں۔

    لاہور کی 6 یونین کونسلز میں اب تک (دو روز میں) 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، فیصل آباد میں ایک لاکھ 53 ہزار اور اٹک میں 35 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، باقی بچوں کو آج اور آنے والے دنوں میں قطرے پلائے جائیں گے، ڈی ڈی ایچ او راوی ٹاؤن کے مطابق لاہور میں آج 27 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹاسک ہے۔

    پنجاب کے 3 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا روز

    کوئٹہ کی 10 یونین کونسلز میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کی دو بوندیں پلانے کا ہدف ہے، جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا، انگوراڈا سمیت مختلف علاقوں میں بھی انسداد پولیو مہم جاری ہے، پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کرونا کے پیش نظر انسداد پولیو ورکرز ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال کر رہے ہیں، فیلڈ میں جانے سے قبل ورکرز کی اسکریننگ بھی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب میں پولیو مہم کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی علاقے میں پولیو کیس نکلا تو متعلقہ سی ای او ہیلتھ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

  • ظفر مرزا کی صوبوں سے پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل

    ظفر مرزا کی صوبوں سے پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی صوبوں سے پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا نے صوبائی وزرائےصحت کے نام مراسلہ لکھا ہے جس میں انہوں نے صوبوں سے پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔

    صوبائی وزرا کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت انسداد پولیو کے لیے سیاسی اختلافات سے قطع نظر کام کر رہی ہے،صوبائی چیف سیکرٹریز خصوصی انسداد پولیو مہم کی ازخود نگرانی کریں۔

    مراسلے میں ڈاکٹر ظفر مراز نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو پولیو مہم میں خصوصی طور پر شریک کیا جائے،کرونا کے باعث پولیو کے خلاف جاری مؤثر اقدامات متاثر ہوئے۔

    4 ماہ کے وقفے کے بعد ملک میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

    یاد رہے کہ گزشتہ روز 4 ماہ کے وقفے کے بعد ملک میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ، کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد، اٹک اور جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیومہم جاری ہے، مہم میں 8 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

  • ملک میں کل سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، این سی او سی

    ملک میں کل سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، این سی او سی

    اسلام آباد: ملک میں کل سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، انسداد پولیو مہم میں 8 ہزار ہیلتھ ورکرز حصہ لیں گے۔

    این سی او سی کے مطابق ملک میں انسداد پولیو مہم کا از سر نو آغاز ہونے جا رہا ہے، 4ماہ کے وقفے کے بعد کل سے انسداد پولیومہم کا آغاز ہو گا۔ کرونا کے باعث 20 مارچ کو انسداد پولیو مہم معطل ہوئی تھی۔

    کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد، اٹک اور جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیومہم چلے گی، انسداد پولیو مہم میں 8 ہزار ہیلتھ ورکرز حصہ لیں گے۔

    این سی او سی کے مطابق اگست، ستمبر میں بڑے پیمانے پر انسداد پولیو مہم چلے گی، قومی انسداد پولیومہم کا تیسرا مرحلہ سال کی آخری سہ ماہی میں ہو گا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ والدین انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

    این سی او سی نے کہا کہ والدین انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں،گھر گھر مہم پولیو اور کرونا سے شعور اجاگر کرنےمیں مددگار ہوگی۔

  • پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں پولیو مہم جولائی کے وسط سے دوبارہ آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پولیو مہم تمام ایس او پیز پر عمل کرکے دوبارہ شروع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب انتظامیہ نے صوبے میں دوبارہ پولیو مہم کے آغاز کا فیصلہ کرلیا ہے، پولیو مہم کو دوبارہ شروع کرنے کے ایس او پیز کے حوالے سے مشاورت مکمل ہوگئی، مشاورت میں تمام حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پنجاب کے سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن(ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کی وجہ سے پولیو مہم تعطل کا شکارتھی، مہم کے آغاز سے قبل پولیو ورکرز کی ٹریننگ کرائی جائے گی۔

    بلوچستان میں 24 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق

    واضح رہے کہ رواں برس ملک بھر میں اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 51 ہوچکی ہے جن میں سے 20 صوبہ خیبر پختونخواہ، 17 سندھ اور 12 بلوچستان سے سامنے آئے ہیں۔ صوبہ پنجاب سے 2 پولیو کیسز سامنے آئے۔

    پولیو کے حوالے سے سال 2019 پاکستان کے لیے بدترین رہا تھا جب ملک بھر میں 146 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین تھی کیونکہ اس سے قبل 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔

    خیال رہے کہ سنہ 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور سنہ 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔